Surkh Umangain Jagaata Rang - Home Interior & Decoration - Ghar Ki Aaraish

سرخ اُمنگیں جگاتا رنگ - گھر کی آرائش

بدھ 24 نومبر 2021

Surkh Umangain Jagaata Rang
دلوں کو گرما دینے والا بڑا ہی مقناطیسی اور پُرکشش رنگ جب ڈیزائن اسٹیٹمنٹ کے ساتھ کمروں کے فرنیچر کی زینت بنتا ہے تو اچھا لگتا ہے۔اس رنگ کے متعدد شیڈز قرمزی سے لے کر زردی مائل سرخ ٹماٹر کے رنگ تک ہمیں اس رنگ کی خاصی ورائٹی نظر آتی ہے۔دنیا کے کئی عمارت کار سرمئی،نیلگوں،بادامی اور سیاہ رنگ میں سرخ رنگ کی آمیزش کرکے آرائش کا ایک مختلف زاویہ متعارف کراتے ہیں۔


سرخ رنگ ولولہ انگیزی پیدا کرتا ہے۔نگاہوں کو حرارت آمیز تاثر بھی دیتا ہے۔کچھ لوگ گھر کی ایک دیوار کو فوکل پوائنٹ مان کر اسے سرخ رنگ میں رنگواتے ہیں۔اگر آپ دیوار کا رنگ سرخ نہیں رکھنا چاہتے تو بے شک ایسا نہ کریں۔آپ کے پاس کرسیوں کے فیبرک کے لئے اس رنگ کے استعمال کی گنجائش موجود ہے۔

(جاری ہے)

کمرے میں سرخ رنگ کے تازہ گلابوں کے گلدستے رکھنے سے آرائش کا ایک پہلو نمایاں ہو سکتا ہے جس سے جھلکتی ہے جوش اور ولولے کی ایک اُمنگ۔


دنیا میں ایسے تخلیق کاروں کی کمی نہیں جو قرمزی یا روشن سرخ رنگ جابجا استعمال کرتے ہیں۔آرائشی فرنیچر میں تخلیق کا ایک اچھوتا زاویہ پیش نظر رکھتے ہوئے دنیا کی مختلف تہذیبوں اور ثقافتوں سے پیوند کاری کرتے ہیں اور جگہ کا استعمال نہایت مہارت سے کرتے ہیں۔
برصغیر پاک و ہند کے مشرقی گھرانوں اور خاص کر اپنی ثقافت سے میل کھانے والی آرائش کا ایک زاویہ دولہا دلہن کا کمرہ سجانے کا ہے۔

جسے اکثر قرمزی یا چمکدار سرخ رنگ کی چادر یا ریشمی جھالر دار پردوں سے سجایا جاتا ہے۔سرخ رنگ رومان کی ایک سحر انگیز کیفیت کو بھی ظاہر کرتا ہے۔
ویلنٹائنز ڈے کی ایک سجاوٹ کا منظر پیش کرتا یہ گھر دیکھئے جس کے مکینوں نے حتیٰ الامکان حد تک اپنی گھریلو آرائش میں سرخ رنگ کا استعمال کیا ہے۔اگر آپ اپنے کمروں کی دیواروں کو سفید یا دودھیا رنگوں میں رنگیں اور دیگر آرائش کی اشیاء میں سرخ رنگ کی آمیزش بڑھا دیں تو وہ بھی نگاہوں کو بھلی لگے گی۔

یہ متضاد رنگوں کی آرائش کرتے وقت آپ قومی ثقافت اور اپنے رسم و رواج سے میل کھاتی چیزیں رکھ سکتی ہیں مثلاً آف وائٹ پردوں کے مقابل کسی نیوٹرل رنگ کے صوفے اور نگینہ جڑے کشنز کا کور قرمزی ہو یا کھلتا ہوا سرخ دونوں ہی اچھے لگتے ہیں۔
اگر گھر کا ماحول بدلنے کے لئے اندرونی آرائش کا سہارا لیا جا سکے تو ضرور لیجئے کیونکہ خاتون خانہ اپنے گردونواح کے ماحول کی دلکشی و جاذبیت بڑھا کر اپنے ہنر کا ثبوت دے سکتی ہے۔

اپنی شخصیت کے میک اوور کے ساتھ رہن سہن کے معمولات اور اندرونی آرائش کو بہتر بنا کر ذہنی دباؤ دور کیا جا سکتا ہے۔یہی وقت ہے اپنے آپ کو تلاش کرنے کا،انفرادیت کو اسیر کرنے اور دلوں کو جیتنے کی بے مثال قوت پیدا کرنے کا ،آگے بڑھئے اور بدل ڈالئے ہر وہ چیز جس سے مایوسی یا افسردگی کا تاثر ملتا ہے۔
تاریخ اشاعت: 2021-11-24

Your Thoughts and Comments

Special Home Interior & Decoration - Ghar Ki Aaraish article for women, read "Surkh Umangain Jagaata Rang" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.