Wall Clock - Home Interior & Decoration - Ghar Ki Aaraish

وال کلاک - گھر کی آرائش

پیر 23 اگست 2021

Wall Clock
آمنہ ماہم
گھر کی آرائش میں آئینہ کے بعد شاید وال کلاک ہی وہ چیز ہے جسے آپ بار بار دیکھتے ہیں اور یہی اندازہ لگاتے ہیں کہ آپ کو فلاں کام میں کتنی دیر ہو چکی ہے،بہرحال شاید کوئی ایسا گھر ہو جہاں وال کلاک موجود نہ ہو۔پہلے زمانہ میں لکڑی کی بڑی گھڑیاں دیواروں پر ٹانگی جاتی تھی جس سے وقت دیکھنے میں آسانی ہوتی تھی بلکہ ان سے گھر کی آرائش اور خوبصورتی میں اضافہ بھی ہوتا تھا۔

گزرتے وقت کے ساتھ ساتھ وال کلاک کے ڈیزائن بھی تبدیل ہوتے گئے۔جدید طرز کے وال کلاک،خواتین کی توجہ کے مرکز بن جاتے ہیں اکثر خواتین،اپنے آشیانے کے دیوان خانہ یا پھر دالان کی دیوار پر بڑی گھڑی لگانے کو ترجیح دیتی ہیں۔
پہلے،وال کلاک ٹانگنے کا رواج عام تھا مگر اس کے بعد بڑی گھڑیوں کی جگہ ٹیبل کلاکس نے لے لی تھی اور اب دوبارہ بڑی وال کلاک کے چلن کا فیشن عام ہوتا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

بڑی سائز کی وال کلاک کا ماضی میں نہ صرف مشرق بلکہ مغربی ممالک میں کثرت سے استعمال کیا جاتا تھا بلکہ یہ کلاک مشرقی تہذیب کا حصہ بھی بن چکی تھی۔ان وال کلاک کے گھنٹہ کی آوازیں دور دور تک سنی جاتی تھیں۔آج وال کلاک کو عظیم اثاثہ تصور کیا جا رہا ہے۔چوبینہ سے بنے یہ وال کلاک عوام کے تمام طبقات میں یکساں پسند کئے جاتے ہیں۔
لکڑی کے بجائے دیگر اشیاء سے بنی وال کلاکس،اب گھروں کی زینت بنی ہوئی ہیں۔

شیشے سے بنی وال کلاکس بھی ان دنوں کافی پسند کی جا رہی ہیں۔وال کلاک خریدتے وقت اس بات کو مدنظر رکھنا ضروری ہو جاتا ہے کہ اس گھڑی کو ایسے مقام پر ٹانگا جائے جہاں سے بچہ اور بڑا، آسانی سے ٹائم دیکھ سکے۔ٹی وی رومس اور لاؤنج میں ایسی وال کلاک لگائیں جس کے ہندسے آسانی کے ساتھ دکھائی دیں۔جدید آرٹ ورک،مصوری اور جدید آرٹ کی وال کلاکس کے نمونے آج کل گھروں کی دیواروں پر آویزاں کئے جا رہے ہیں۔

یہ نہ صرف فیشن کا حصہ بن گئے ہیں بلکہ جمالیاتی ذوق کی تسکین کا ذریعہ بھی بن گئے ہیں۔
قد آدم گھڑیال بھی چند گھروں میں پائے جاتے ہیں جن میں لٹکتا بڑا سا پنڈولم گھڑیال کی بڑی سوئیوں کو چلاتا ہے۔عمارتوں میں بڑی بڑی گھڑیاں،یا گھنٹہ گھر انگریز دور میں وجود میں آئے۔آج بھی اس کے بہت سے ٹرینڈز اور اسٹائلز مارکیٹ میں موجود ہیں۔آج کے دور کے نئے ٹرینڈز کچھ یوں ہیں۔


ٹرسٹی برشد کاپر وال کلاک
ابھرے ہوئے نمبروں اور اس کو کنٹراسٹ کرتی ہوئی سوئیاں،ایک کلاسک لُک دیتی ہیں۔کاپر کے دلدادہ لوگوں کو ضرور اپنے گھر کی دیوار پر اسے لگانا چاہئے۔
سن برسٹ ملٹی وال کلاک
خوبصورت رنگوں سے مزین اس میں نمبروں کے بجائے دلکش ایرے ہیں،ایسا لگتا ہے کہ سورج نے اپنی کرنیں پھیلائی ہوئی ہیں۔


اسٹریسک بلیک وال کلاک
یہ لکڑی اور میٹل کے حسین امتزاج سے بنا ایک شاہکار ہے اور منفرد ڈیزائن کا حامل وال کلاک ہے۔دیکھنے میں آنکھوں کو بھلا لگتا ہے اور ڈرائنگ روم کی خوبصورتی میں اضافہ کرتا ہے۔
پلوٹو وال کلاک
یہ اس صدی کے وسطی دور کی یاد دلاتا ہے،لکڑی کی بنی شعاعیں اور درمیان میں براس کا مرکزی حصہ بہت دلکش دکھائی دیتا ہے اور ماضی کے جھروکوں میں لے جاتا ہے۔


انگرنیگ میٹل انڈسٹریل کلاک
اپنے گھر میں انڈسٹریل احساس کو اجاگر کرنے کیلئے یہ ایک بہترین ڈیزائن ہے جس میں پرانی مشینوں کے کوگ وھیلز لگے ہوئے ہیں۔ اب ہم کچھ گھڑیالوں یعنی پینڈولم کلاکس کی بات کرتے ہیں۔جس کا ذوق رکھنے والے کم لوگ ہوتے ہیں لیکن اگر آپ کے گھر میں پینڈولم کلاک ہے تو یہ آپ کے گھر کی دلکشی میں اضافے کا باعث ہوتا ہے۔


انٹیک پینڈولم کلاک
یہ وکٹوریہ کے زمانے کی یاد دلاتا ہے۔یہ بہت پیچیدہ نہیں لیکن اس میں بھاری اور موٹی لکڑی استعمال کی گئی ہے۔رومن اعداد اور پنڈولم کی لمبائی اس کی خوبصورتی میں اضافہ کرتے ہیں۔
وُڈ پینڈولم وال کلاک
یہ بہت کُول ڈیزائن ہے جو بچوں کے کمرے کیلئے بہت عمدہ آئیڈیا ہے۔لکڑی سے بنے اس کلاک میں پینڈولم سے بنے جھولے پر جھولتی لکڑی بہت دلچسپ معلوم ہوتی ہے۔


لارج پینڈولم وال کلاک
یہ ایک باکس میں آتا ہے اور اس میں دونوں یعنی کلاک اور پینڈولم ایک باکس میں رہتے ہیں۔روایتی رہن سہن کیلئے یہ اچھا ڈیزائن ہے۔
سلور پینڈولم وال کلاک
یہ بھی ایک شاندار ڈیزائن ہے جو اٹالین سلور سے بنایا گیا ہے۔نئے دور کے ڈیزائنز میں سے ایک یہ پینڈولم کلاک جدت کا شاہکار ہے۔
اوک پینڈولم وال کلاک
اسٹائلش پیتل کی خوبصورتی کو سامنے لاتا ہوا یہ پینڈولم کسی بھی کمرے کی شان بڑھا سکتا ہے،یہ گزشتہ صدی کی بھی یاد دلاتا ہے جب ایسے پینڈولم عام تھے۔یہ منفرد ٹائم پیس روایات کا امین ہے۔
تاریخ اشاعت: 2021-08-23

Your Thoughts and Comments

Special Home Interior & Decoration - Ghar Ki Aaraish article for women, read "Wall Clock" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.