Cooking Aur Ghar Daari Ke Rehnuma Usool

کوکنگ اور گھر داری کے رہنماء اصول

Cooking Aur Ghar Daari Ke Rehnuma Usool

آمنہ اشفاق ․․․کوٹری
آپ کے سوال سے اندازہ لگانا مشکل ہے کہ کس قسم کی ہیک ہے لہٰذا سب سے پہلے وجہ معلوم کیجئے کہ کوئی چیز بہت عرصہ سے رکھی ہوئی ہے جس کی ہیک فریج میں بس رہی ہے اگر ایسا ہے تو اسے فریج سے فوراً نکال دیں ۔زیادہ بہتر یہ ہو گا کہ تھوڑا سا وقت نکال کر پورا فریج خالی کرلیں اس طرح آپ کو یہ بھی معلوم ہو جائے گا کہ فریج میں کیا کیا موجود ہے اور اگر کوئی چیز ضرورت سے زائد عرصہ سے فریج میں رکھی ہوئی ہے اور اب استعمال کے قابل نہیں رہی تو اسے ضائع کردیں ۔


یہ سب کرنے سے قبل فریج کو بند کر دیں یعنی بجلی کا سوئچ بند کرنے کے بعد فریج کا پلگ سوکٹ سے بالکل علیحدہ کردیں ۔ایک ایک کرکے فریج کی جالیاں یعنی ریک ،پھر درازیں اور دروازوں میں لگے ہوئے شیلف وغیرہ یعنی جو چیزیں الگ کی جاسکتی ہیں انہیں لیکوئیڈ ڈش واش اور اسفنج کی مدد سے دھونے کے بعد نرم کپڑے سے پونچھ کر خشک کرلیں ۔

(جاری ہے)


اسی طرح فریج کا تمام اندرونی حصہ بھی صاف کرنا ہو گا اس کے لئے اسفنج اور لیکوئیڈ ڈش واش ہی استعمال کریں لیکن چونکہ فریج کو کھلے پانی سے نہیں دھویا جاتا لہٰذا چھوٹا تولیہ صاف پانی میں بھگو کر نچوڑ لیں اور اس سے ڈش واش کو پونچھ پونچھ کر صاف کریں یہ عمل اتنی مرتبہ دہرائیں کہ آپ کو یقین ہو جائے کہ ڈش واش مکمل طور پر صاف ہو گیا ہے ۔

خشک تو لئے کی مدد سے اچھی طرح پونچھنے کے بعد ایک چھوٹی پلیٹ میں میٹھا سوڈا پھیلا دیں اور یہ پلیٹ فریج کے درمیانے یا نچلے ریک میں رکھ دیں ۔فریج کو پلگ لگا کر آن کر دیں اور معمول کے مطابق استعمال کریں ۔میٹھے سوڈے والی پلیٹ کو اس وقت تک فریج میں رہنے دیں جب تک تمام ہیک ختم نہیں ہو جاتی ۔اور چاہیں تو مستقل طور پر اسے فریج میں رکھیں ہفتہ یا پندرہ روز بعد میٹھا سوڈا تبدیل کردیں تو زیادہ بہتر ہے ۔


کیک بنانے کے لئے جو انڈے استعمال کئے جاتے ہیں ان کی ہیک کیک کے بیک ہوجانے کے بعد بھی محسوس ہوتی ہے اسے کیسے دور کیا جا سکتا ہے کیا کیک بنانے کے لئے انڈے ضروری ہیں۔
صائمہ غیاث․․․․حیدر آباد
بہت زیادہ پرانے انڈے استعمال کئے جائیں تو ایسی صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔اگر چہ یہ تصور عام ہے کہ پرانے انڈوں سے کیک اچھا بنتا ہے لیکن اس کا مطلب یہ بھی نہیں کہ خراب یا خراب ہونے کے قریب انڈے استعمال کئے جائیں اور ویسے بھی یہ باتیں خود بہت پرانی ہو چکی ہیں آج کل بیشتر گھروں میں خصوصاً جو خواتین بیکنگ کرتی ہیں ان کے ہاں الیکٹرک بیٹر موجود ہوتے ہیں جو کہ زیادہ مہنگے نہیں ہوتے ان کی مدد سے محض چند سکینڈ میں کیک کا عمدہ آمیزہ تیار ہو جاتا ہے اور اگر آپ پونڈ کیک بنائیں توا س میں میدے ،مکھن اور انڈوں کی مقدار برابر ہوتی ہے اور اس آمیزے کو تیار کرنے کے لئے تو بیٹر کی بھی ضرورت نہیں پڑتی لہٰذا حفظان صحت کا تقاضہ بھی یہی ہے کہ تازہ انڈوں ہی سے کیک بنائیں اور پھر بھی انڈوں کی ہیک دور کرنے کے لئے ونیلا ایسنس استعما ل کریں جو کہ معیاری ہو یا پھر شہد استعمال کریں ۔

چھ عددانڈوں سے تیار کئے گئے آمیزے میں ایک چائے کا چمچ شہد شامل کریں اور اگر زردی سفیدی علیحدہ کرکے آمیزہ بناتی ہیں تو سفیدیاں پھینٹتے وقت ایک چوتھائی چائے کے چمچ کی مقدار کے برابر سفید سرکہ شامل کرلیا کریں سفید یاں زیادہ جھاگ دار ہو جائیں گی اور انڈوں کی ہیک بھی دور ہو جائے گی۔
پہلے جو زردہ کھاتے تھے اس میں ایک خاص مہک ہوا کرتی تھی جو کہ آج کل نہیں ہوتی بس یوں معلوم ہوتا ہے کہ جیسے میٹھے چاول ہیں زردے میں روایتی ذائقہ اور خوشبو کیسے لایا جا سکتا ہے ۔


دردانہ ایوب ․․․سکھر
آپ کے توجہ دلانے پر احساس ہوا کہ واقعی زردے کا معیار کسی قدر تبدیل ہوتا جارہا ہے ۔سوائے بعض مخصوص جگہوں کے عموماً زردہ محض میٹھے چاولوں کا نام رہ گیا ہے بہر حال آپ تھوڑی سی کوشش کریں تو روایتی ذائقہ اور خوشبو کا حامل زردہ تیار کر سکتی ہیں اس کے اعلیٰ معیار کے اصلی سیلا چاولوں کا انتخاب کریں اور پکانے سے قبل کم از کم دو گھنٹہ کے لئے سادہ پانی میں بھگو دیا کریں اور زردہ تیار ہونے کے بعد جب اسے دم پر رکھیں تو ایک کلو چاولوں کے لئے آدھا کپ دودھ میں لیموں یا کینوکا رس دو دو کھانے کے چمچوں کے برابر مقدار میں ملا لیں اور اوپر سے کیوڑہ شامل کردیں تینوں اشیاء کو اچھی طرح گھول کر زردے کی اوپری سطح پر چھڑک دیں اور دم پر رکھ دیں ۔

پھر دیکھئے زردے کی خوشبو اور ذائقہ کیسے نکھر جاتے ہیں ۔دیگر لوازمات میں کھویا،رنگین مربع ،ککر وندے کا مربہ ،بادام ،پستہ ،کشمش اور ناریل ہیں جو حسب پسند شامل کئے جاسکتے ہیں لیکن اگر سادہ زردہ بھی بنائیں تو اوپر بتائی گئی ترکیب سے بہت عمدہ بنے گا۔
ہمارے بھائی جینزپہنتے ہیں اور میں انہیں واشنگ مشین میں دھوتی ہوں اکثر یہ ہوتا ہے کہ جینز صاف نہیں ہو پاتیں اور مجھے شرمندگی کا سامنا کرنا پڑتا ہے ڈٹرجنٹ بھی تبدیل کرکے دیکھا لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا۔


ملیحہ شمس․․․ٹنڈوالہٰیار
جینز دھونے سے قبل سادہ پانی میں بھگو دیا کریں آدھے گھنٹے بھگونے کے بعد پانی سے نکال کر نچوڑیں اور پھر واشنگ مشین میں ڈالیں پانی اور ڈٹرجنٹ کے علاوہ واشنگ مشین میں ایک عدد ڈسپرین کی گولی بھی شامل کردیں اور معمول کے مطابق جینز دھو کر کھنگالیں اور خشک کرلیں جینز کے ریشوں میں جمی ہوئی تمام گرد اور میل کچیل سب صاف ہو جائے گا اور آپ کو اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی اضافی محنت نہیں کرنا پڑے گی اور نہ ہی کسی قسم کی شرمندگی اٹھانی پڑے گی یہ ترکیب صرف جینز کے لئے ہی نہیں ہے بلکہ موٹی چادروں ،کھیس اور مشین میں دھلنے والے پائیدانوں کی دھلائی کے لئے بھی بہت آزمودہ ہے ۔


میں نے گھر پر ہلدی اگائی تھی تقریباً سال بھربعد تھوڑی بہت ہلدی حاصل ہوہی گئی یہ بتائیں اس کا پاؤڈر کیسے بناؤں۔
مدیحہ بخاری ․․․ملتان
تازہ ہلدی کو دھو کر خشک کرلیں پھر چھیل کر سلائس کاٹ لیں اور انہیں خشک کرلیں اچھی طرح سوکھ جائیں تو گرائنڈ کرلیں یہ پاؤڈر بہت باریک تو نہیں ہو گا لیکن سالن وغیرہ میں شامل کرنے کے لئے ہلدی مل جائے گی ۔

گھریلو سطح پر تھوڑی مقدار میں تازہ ہلدی کا پاؤڈر اسی طرح بنانا بہتر رہتا ہے کیونکہ اس میں وقت بھی بہت کم لگتا ہے اور محنت بھی نہیں کرنی پڑتی۔
میں تو لئے گھر پر واشنگ مشین میں دھو لیتی ہوں بعض مرتبہ یہ ہوتا ہے کہ تولئے خشک ہونے کے بعد سخت ہو جاتے ہیں امید ہے کہ ہمیشہ کی طرح کو ئی آسان اور باکفایت طریقہ بتادیں گی۔
عائشہ تبسم․․․ساہیوال
عزت افزائی کے لئے آپ کا بہت بہت شکریہ ،آپ کے سوال کے سلسلہ میں عرض یہ ہے کہ تو لئے ہوں یا دیگر کوئی کپڑے انہیں گرم پانی میں دھونے سے گریز کیجئے بلکہ سادہ پانی میں دھوئیں اور انہیں کھنگالنے کے لئے بھی گرم پانی کے بجائے سادہ پانی استعمال کیجئے ٹھنڈے یا جسے سادہ پانی بھی کہتے ہیں میں کپڑے دھونے کے کئی فوائد ہیں سب بڑھ کر یہ کہ کپڑوں کے داغ دھبے زیادہ اچھی طرح صاف ہو جاتے ہیں اور کپڑوں کی عمر بھی بڑھتی ہے مقصد یہ کہ کپڑے جلدی گل کر خراب نہیں ہوتے کپڑوں میں نرمی بحال کرنے کے لئے نہایت باکفایت چیز ہے سفید سرکہ جو کہ ہر گھر میں موجود ہوتا ہے اور اگر نہیں تو موجود ہونا بہت ضروری ہے ۔

دھلے ہوئے کپڑوں کو کھنگالنے کے بعد خشک کرنے سے قبل ایک درمیانے سائز کی بالٹی میں ایک کھانے کے چمچ کی مقدار کے برابر سفید سرکہ پانی میں گھول دیں اب دھلے ہوئے کپڑے سرکہ ملے پانی میں کم از کم دس پندرہ منٹ بھگو کررکھیں پھر نرمی کے ساتھ نچوڑ کر خشک کرلیں تو لیہ ہو یا دیگر کپڑے نرم وملائم ہو جائیں گے ۔
مائیکر وویواوون کو بیرونی جانب سے تو صاف کرہی لیتی ہوں لیکن اندر کی طرف جہاں کھانا وغیرہ رکھ کر گرم کرتے ہیں وہ حصہ اچھی طرح صاف نہیں ہو پارہا وہاں ڈش واش یا کوئی ڈٹر جنٹ تو لگا نہیں سکتی کیا کروں پریشان ہوں۔


ہما محبوب ․․․․لاہور
اس سلسلے میں پریشان ہو نے کی کوئی ضرورت نہیں کیونکہ مائیکروویواوون کے اس حصہ کی صفائی جہاں کھانے پینے کی چیزیں گرم کی جاتی ہیں اتنی زیادہ مشکل نہیں جتنی کہ محسوس ہوتی ہے صفائی سے قبل اس کا رابطہ بجلی سے منقطع کردیں یعنی پلگ کو سوکٹ سے نکال دیں اور معمول کے مطابق بیرونی حصہ صاف کر دیں جیسا کہ آپ نے فرمایا کہ آپ باآسانی کر لیتی ہیں پلگ دو بارہ سوکٹ میں لگا دیں اور مائیکروویواوون کی پلیٹ پر ایک درمیانے سائز کے ایسے پیالے میں جو کہ اشیائے خوردونوش گرم کرنے کے لئے استعمال کیا جا سکتا ہو لے کر اس میں آدھ کپ پانی اور آدھ کپ سفید سرکہ ملا کر دس سے پندرہ سیکنڈ تک درمیانی اسپیڈ پر مائیکروویو چلادیں مقررہ وقت پورا ہونے کے بعد فوراً اوون کا دروازہ مت کھولیں بلکہ پانچ دس سیکنڈ کے توقف کے بعد کھولیں سوئچ بند کرکے پلک نکال دیں اور پھرایک چھوٹے صاف کپڑے کی مدد سے اوون صاف کرلیں اگر ضرورت پڑے تو ایک مرتبہ اوپر دےئے گئے طریقے کو دہرائیں اوون بالکل صاف ہو جائے گا۔


سوجی میں بہت جلدی کیڑے پڑ جاتے ہیں ان سے کیسے بچا جائے۔
ماہم طارق ․․․راولپنڈی
سوجی کو موٹے گیج کی پتیلی یا کڑا ہی میں ہلکی آنچ پر بھون لیں جب سوجی کی مہک پھیلنے لگے تو فوراً چولہا بند کردیں اور بھنی ہوئی سوجی کو کسی ٹرے یا پھیلے ہوئے برتن میں انڈیل دیں ایسا اس لئے کہا جاتا ہے کہ جس برتن میں سوجی کو بھونا گیا تھا وہ جتنی دیر گرم رہے گا سوجی درجہ حرار ت بڑھتا رہے گااور سوجی جل جائے گی ۔ٹرے یا تھالی میں انڈیلنے کے بعد اسے ٹھنڈا ہونے دیں اور پھر کسی اےئر ٹائٹ جار میں محفوظ کرلیں اور فریج میں رکھیں۔

تاریخ اشاعت: 2019-03-26

Your Thoughts and Comments

Special Gharelu Totkay article for women, read "Cooking Aur Ghar Daari Ke Rehnuma Usool" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.