Gharelu Khawateen Ke Liye Mufeed Mashware - Article No. 3012

Gharelu Khawateen Ke Liye Mufeed Mashware

گھریلو خواتین کیلئے مفید مشورے - تحریر نمبر 3012

سلیقہ مندی کسی بھی عورت کا وہ جوہر ہے جو اس کے گھر کو جنت بناتا ہے

ہفتہ 19 نومبر 2022

سلیقہ مند خاتون کے گھر میں داخل ہوتے ہی اس بات کا احساس ہوتا ہے کہ اس گھر میں ایک ترتیب،نظم اور خوب صورتی موجود ہے،اشیاء بکھری ہوئی نہیں پڑیں،بچوں کی چیزیں ایک خاص تربیت سے مخصوص جگہوں پر رکھی نظر آتی ہیں،کچن کے برتن اور سامان ہو یا پھر شوہر سے متعلق اشیاء۔سب چیزوں اور کاموں میں ایک ترتیب اور سلیقہ نظر آتا ہے۔سلیقہ مندی کسی بھی عورت کا وہ جوہر ہے جو اس کے گھر کو جنت بناتا ہے۔
سلیقہ مندی کا تعلق امیری یا غریبی سے نہیں۔سلیقہ مندی کا تعلق اعلیٰ ذوق،کام کو مہارت سے انجام دینے کی صلاحیت اور جمالیاتی ذوق سے ہے۔آج کے مہنگائی کے دور میں گھر چلانا کوئی بچوں کا کھیل نہیں۔سلیقہ مند خواتین لگی بندھی آمدنی میں گھر چلانے کے لئے کئی نسخے اور ٹوٹکے اپناتی ہیں جو کم خرچ بھی ہوتے ہیں اور سود مند بھی۔

(جاری ہے)

آئیے نظر ڈالتے ہیں ایسی ہی سلیقہ شعار خواتین کے چند آزمودہ ٹوٹکوں پر:
کرسٹل گلدان کی صفائی
سجاوٹ کی نازک اشیاء جب میلی دکھائی دینے لگیں تو ان کی صفائی کا مرحلہ بھی بہت احتیاط طلب ہوتا ہے۔

کرسٹل کے گلدان چمکانے کے لئے بہترین نسخہ یہ ہے کہ گلدان ہلکا سا نم کرکے اس پر چاک مل دیں چند منٹ بعد سوتی نم کپڑے سے رگڑ کر صاف کر لیں گلدان چمک اٹھے گا۔
دیواروں کے داغ دھبے دور کرنا
گھر کی صفائی ستھرائی کے لئے دیواروں کے داغ دھبے دور کرنا سب سے دشوار کام ثابت ہوتا ہے۔دیواروں کے دھبے دور کرنے کے لئے کسی کپڑے کو ٹھنڈے پانی میں بھگو کر دیوار پر لگے داغ دھبوں پر رگڑیں پھر کپڑے کو نچوڑ دیں اور داغ پر بورک ایسڈ ڈال کر متاثرہ حصے کو دوبارہ رگڑیں۔

کیتلی صاف کرنا
چائے کی کیتلی کے زیادہ استعمال سے اندرونی حصہ بے رنگ ہو جاتا ہے آپ اس کیتلی میں پانی اور آدھا چائے کا چمچہ میٹھا سوڈا ڈال کر تین منٹ تک اُبالیں اس کے بعد اچھی طرح سے دھو لیں،کیتلی نئی لگنے لگے گی۔
ٹوتھ برش صاف کرنا
دانتوں کے میلے برش کو صاف کرنا ہو تو کھولتے پانی میں دو تین چائے کے چمچے نمک ڈال دیں اور برش کو اس میں چھوڑ دیں کچھ دیر بعد برش دھو لیں۔

قالین کی صفائی
اخبار کے کاغذ کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کرکے ایک پانی کی بالٹی میں ڈبوئیں،نرم پڑنے پر ان کو نچوڑ کر قالین پر بکھیر دیں پھر ان کو قالین پر رگڑتے ہوئے برش لگائیں ان کے ٹکڑوں کے ساتھ تمام گرد بالکل صاف ہو جائے گی۔
ٹیوب لائٹس اور پنکھوں کی صفائی
سرکہ،کپڑے دھونے والا سوڈا اور کوئی بھی واشنگ پاؤڈر تیز گرم پانی میں ڈالیں اس میں اسفنج بھگو کر پنکھے،ٹیوب لائٹس کی صفائی کریں بہت جلد صاف ہو جائیں گے۔

اوون کی بو دور کریں
اگر مائیکرو ویو اوون میں سے ناگوار بو آنے لگے تو ایک پیالے پانی میں تھوڑا سا لیموں نچوڑ کر اوون میں رکھ کر یہ پانی اُبالنے سے بو ختم ہو جائے گی۔
چائے والی چھلنی کی صفائی
جب کبھی چائے چھاننے والی چھلنی کے کناروں میں چائے پھنس جائے تو جس وقت آپ کپڑے دھونے کے لئے صابن پکانے لگیں تو اس میں تمام چھلنیاں ڈال کر پکائیں،چار پانچ اُبال آنے پر چھلنیاں نکال کر برش کی مدد سے ہلکا سا رگڑ کر کھنگال لیں۔
چھلنی چمک اُٹھے گی اور صابن بھی خراب نہیں ہو گا۔
زنگ آلود چھری تیز کریں
زنگ آلود چھری تیز کرنے کے لئے ایک چمچ ریت لے کر اس میں سرکہ کے چند قطرے ملا لیں،ایک منٹ بعد چھری کو دونوں طرف سے اچھی طرح ریت پر رگڑ لیں ناصرف چھری تیز ہو جائے گی بلکہ بالکل نئی محسوس ہو گی۔
ہلدی کے نشانات چھڑائیں
کھانا پکاتے وقت اکثر ہلدی کے نشانات پریشانی کا سبب بن جاتے ہیں،ہلدی کے نشانات پڑ جائیں تو انہیں فوراً صابن سے دھو لیں اور داغوں پر لیموں کا رس ملیں۔آلو کے ٹکڑے ملنے سے بھی نشانات زائل ہو جاتے ہیں۔

Browse More Gharelu Totkay

Special Gharelu Totkay article for women, read "Gharelu Khawateen Ke Liye Mufeed Mashware" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.