Herbal Facial Ghar Par Khud BaAsani Tiyar Kijye - Article No. 2687

Herbal Facial Ghar Par Khud BaAsani Tiyar Kijye

ہربل فیشل گھر پر خود باآسانی تیار کیجیے - تحریر نمبر 2687

جلدی ماہرین کے مطابق فیشل اعصابی تناؤ کے لئے بہت مفید ہے

جمعہ 17 ستمبر 2021

عارفہ خان
حقیقت یہ ہے کہ قدرتی حسن عطیہ خداوندی ہے جسے کسی بھی کیمیائی شئے سے حاصل نہیں کیا جا سکتا۔حسن و دلکشی کا تعلق آپ کے اندرونی احساسات پر بھی ہوتا ہے۔ہر خاتون کے دل میں یہ خواہش رہتی ہے کہ اس کا چہرہ خوبصورت اور بے داغ ہو،مگر حسن تمام عمر ایک سا نہیں رہتا،زمانے کے تغیر و تبدل اور مختلف تبدیلیوں سے گزر کر جلد خشک،چکنی،ملی جلی،نارمل اور حساس نوعیت اختیار کر لیتی ہے۔
بے احتیاطی اور غیر معیاری غذاؤں سے جلد پر داغ دھبے،کیل مہاسے،جھائیاں،جھریاں اور چہرے پر بال جیسے مسائل کا گھر بن جاتی ہے۔جلد کی حفاظت اور چہرے کو پُرکشش اور داغ دھبوں سے پاک بنانے کے لئے ایک کم خرچ،سہل اور آسان طریقہ ابٹن،فیشل اور ماسک ہے۔فیشل چہرے کو کسی کلینر سے اچھی طرح صاف کرنے کا عمل ہے جس سے جلد میں ایک نئی قوتِ حیات پیدا ہو جاتی ہے۔

(جاری ہے)

مستقل میک اپ استعمال کرتے رہنے کے بعد ضروری ہوتا ہے کہ چہرے کی جلد کو کچھ دیر آرام بھی دیا جائے۔اس مقصد کے لئے جلد کو فیشل کے ذریعے وقتاً فوقتاً صاف کیا جاتا ہے۔
ابٹن دیسی فیشل
چہرے پر دلکشی لانے والی اشیاء میں فیشل اور ماسک سے بھی پہلے ابٹن کا استعمال صدیوں سے چلا آرہا ہے۔خوبصورتی،جلد کی چمک کو بڑھانے اور کیل،مہاسے،داغ،چھائیوں کے خاتمے کے لئے ابٹن کے مفید اثرات سامنے آتے ہیں۔
دیسی ابٹن کا مسلسل استعمال وقت سے پہلے جلد پر بڑھاپے کے اثرات کو روکتا ہے۔ابٹن نرم پیسٹ کی مانند ایسا آمیزہ ہوتا ہے گری دار میوہ،پھولوں،تیل،صندل،بیسن، ہلدی اور کئی قدرتی اشیاء کی آمیزش سے تیار کیا جاتا ہے۔ہمارے ملک میں شادی بیاہ کے موقع پر باقاعدہ ابٹن کی رسوم ہوتی ہیں جس میں دلہن کو ابٹن لگایا جاتا ہے۔کچھ عرصہ پہلے تک صرف دلہنیں ہی شادی سے مہینہ بھر پہلے اپنی خوبصورتی کو دو آتشہ کرنے کے لئے ابٹن کا مساج کرتی تھیں لیکن اب روزمرہ زندگی میں حسن کی حفاظت کے لئے اس کے استعمال کا مشورہ دیا جاتا ہے۔
ابٹن کی خاص بات یہ ہے کہ اسے ہر طرح کی اسکن پر لگایا جا سکتا ہے۔ماہرین کے مطابق ابٹن جلد کی صفائی و نگہداشت اور کھلے مسامات کے لئے بہترین ہے۔ابٹن جلد سے مردہ خلیات کو ختم کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔خون کی گردش کو بڑھاتا ہے جس سے نئے خلیات بن کر جلد کو تروتازہ کرتے ہیں۔ جلد میں کھنچاؤ پیدا کرتا ہے جس سے جلد ڈھلکتی نہیں۔ابٹن جلد کے ساتھ جمی گرد کو صاف کرتا ہے جو عام صابن سے صاف نہیں ہوتی،خاص طور پر بازو اور ٹانگوں کے جوڑوں سے سیاہی کی تہہ ہٹاتا ہے۔
ابٹن کے استعمال سے جلد کے روئیں کمزور ہو کر آہستہ آہستہ جھڑنے لگ جاتے ہیں۔
ابٹن لگانے کا طریقہ
خشک جلد پر ابٹن لگانے سے پہلے کسی تیل سے مساج کر لیں اور پھر ابٹن لگائیں۔یاد رہے کہ موسم سرما میں ابٹن میں تیل یا چکنے اجزاء کی آمیزش زیادہ کریں اور موسم گرما میں کم۔ابٹن کا آمیزہ نہ زیادہ سخت اور نہ پتلا بلکہ ہموار پیسٹ ہو جو آسانی سے لگ جائے اور اُتر جائے۔
ابٹن پیسٹ کو مساج کے بعد نیم گرم یا ٹھنڈے پانی سے صاف کیا جاتا ہے۔ابٹن کا استعمال نہانے سے پہلے کرنا زیادہ بہتر ہے۔ابٹن کی کئی اقسام ہیں جن کو اپنی ضرورت کے مطابق استعمال کرکے اپنی جلد کے مسائل حل کیے جا سکتے ہیں۔
فیشل ابٹن فارمولا
ایک کھانے کا چمچ بادام کا پیسٹ،ایک کھانے کا چمچ کاجو کا پیسٹ،ڈیڑھ چائے کا چمچ پستہ کا پیسٹ،ایک کھانے کا چمچ بالائی،ایک کھانے کا چمچ سرسوں یا بادام کا تیل،ایک کھانے کا چمچ عرق گلاب،ایک چوتھائی کپ سرخ مسور کی دال کا پیسٹ،ان سب کو مکس کرکے چہرے اور گردن پر لگائیں جب تھوڑا سا گیلا ہو تو رگڑ کر اتار دیں۔
(بادام،کاجو،پستہ اور دال مسور کا پیسٹ بنانے کے لئے ان کو پیس کر پانی کے ساتھ مکس کریں)۔
بادام کا ابٹن
ابٹن اگر بادام کا بنایا جائے تو اس سے جلد نکھر جاتی ہے۔بادام کا ابٹن بنانے کے لئے بادام کو لیموں کے رس میں باریک پیس لیں پھر اس میں انڈے کی سفیدی پھینٹ کر ملا لیں اور اتنا بیسن شامل کریں کہ پیسٹ سا بن جائے۔
اس پیسٹ کو چہرے،بازو اور گردن پر ملیں۔پندرہ منٹ بعد یا خشک ہو جائے تو نیم گرم پانی سے دھو لیں۔اس ابٹن کو ہفتہ میں دو مرتبہ استعمال کرنا چاہیے اور ہر مرتبہ تازہ بنائیں۔
چہرے کے بال کم کرنے اور جلد کی صفائی کے لئے
ایک کپ چنبیلی کی کلی میں ایک کپ بیسن،دو کھانے کے چمچ ہلدی،اس پاؤڈر کا ایک بڑا چمچ لیں اور اس میں چند قطرے لیموں کا رس اور پانی ملا کر استعمال کریں۔
اس کے چند دن استعمال سے چہرے کی رنگت صاف ہو جاتی ہے اور چہرے کے روئیں بھی کم ہو جاتے ہیں۔
مردہ خلیات ختم کرنے اور نرم و ملائم جلد کے لئے
تین چائے کے چمچ دال مونگ،ایک چائے کا چمچ سوکھی میتھی،ایک چائے کا چمچ مالٹے کی خشک چھال،ایک چائے کا چمچ نیم پاؤڈر،ان سب کو پیس کر روغن زیتون،روغن بادام یا عرق گلاب کے ساتھ ملا کر پیسٹ بنا لیں اور اس ابٹن کو چہرے،بازو اور گردن پر دس منٹ لگا رہنے دیں ۔
یہ ابٹن جلد سے مردہ خلیات ختم کرکے نرم و ملائم بنانے میں مدد کرتا ہے۔
کیل مہاسوں سے نجات
جلد پر کیل،مہاسے اور دانوں کا مسئلہ ہو تو ابٹن سے آرام آسکتا ہے۔تین چائے کے چمچ بیسن،ایک چوتھائی چائے کا چمچ ہلدی،دو چائے کے چمچ صندل پاؤڈر،ایک چائے کا چمچ نیم پاؤڈر،دو چائے کے چمچ کدوکش کیا ہوا کھیرا۔ان سب اجزاء کو مکس کرکے چہرے پر دس سے پندرہ منٹ لگائیں اور کچھ دیر گولائی میں مساج کریں۔
اس سے جلد کو سکون ملتا اور آہستہ آہستہ چہرے سے کیل،مہاسے اور دانے ختم ہو جاتے ہیں۔اسے ہفتہ میں دو مرتبہ لگانا چاہیے۔
موئسچرائزنگ ابٹن
خشک جلد کو موئسچرائز کرنے کے لئے یہ ابٹن مفید ہے۔چھ عدد بادام کی گریاں رات بھر آدھا کپ کریم میں بھگو کر رکھ دیں اور صبح چوپر مشین میں پیس لیں،اس پیسٹ میں دو چائے کے چمچ تل کا تیل اور ایک چائے کا چمچ تلسی پاؤڈر مکس کرکے چہرے پر دس منٹ لگا کر گولائی میں مساج کریں۔
ٹھنڈے پانی سے دھو لیں۔
رنگت نکھارنے کے لئے ابٹن
گیہوں کا آٹا 120 گرام،ہلدی 12 گرام،سنگترے کے خشک چھلکے 50 گرام،صندل سفید 12 گرام۔تمام اشیاء کو باریک پیس کر گیہوں کے آٹے میں ملا لیں اور کھلے منہ کی شیشی میں رکھ لیں۔استعمال کے موقع پر اس میں حسب ضرورت دودھ ملا لیں اور چکنائی کے لئے سرسوں کا تیل یا بالائی ڈال کر پیسٹ بنا لیں۔یہ ابٹن جلد پر ملنے سے چند ہفتے کے اندر ہی جلد کی رنگت میں حیرت انگیز تبدیلی آجاتی ہے۔

Browse More Gharelu Totkay

Special Gharelu Totkay article for women, read "Herbal Facial Ghar Par Khud BaAsani Tiyar Kijye" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.