Herbal Scrub - Ghar Mein Khud Tiyar Kareen - Article No. 2816

Herbal Scrub - Ghar Mein Khud Tiyar Kareen

ہربل اسکرب گھر میں خود تیار کریں - تحریر نمبر 2816

اسکرب کے استعمال سے جلد زیادہ صاف،نرم اور چکنی محسوس ہونے لگتی ہے

ہفتہ 19 فروری 2022

حسن و خوبصورتی کا راز خوبصورت جلد میں پنہاں ہے۔جلد کی مناسب دیکھ بھال اور حفاظت اسے پہلے سے زیادہ خوبصورت بنا دیتی ہے۔ماہرین کے مطابق ہر 27 دن بعد جلد پر پرانے خلیات مردہ ہو کر نئے خلیات جنم لیتے ہیں لیکن مردہ خلیات صحیح طرح ہماری جلد سے نہیں ہٹ پاتے۔یہ مردہ خلیات جلد کو متاثر کرکے اسے بے رونق اور بے جان بنا دیتے ہیں۔اگر ان مردہ خلیات کو صحیح طرح جلد سے نہ ہٹایا جائے تو سر کے بال جھڑنے،جلد کے خشک اور ناہموار ہو جانے اور مسام بند ہو جانے جیسے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔
جلد کو خوب صورت و صحت مند رکھنے اور مردہ خلیوں کو دور کرنے کے لئے ایکس فولی ایٹ Exfoliate کا عمل ضروری ہے۔ایکسفولیٹنگ کا طریقہ یہ ہے کہ جلد کو رگڑ کر مردہ خلیوں کو دور کیا جائے۔یہ مردہ خلیے جلد کے سوراخوں کو بند کرنے کا سبب بنتے ہیں۔

(جاری ہے)

ایکسفولیٹنگ کے لئے مختلف اقسام کے برش،جھانوا پتھر Pumice stone اور اسپنج Sponge استعمال کیے جاتے ہیں۔چونکہ جسم کا ہر حصہ مختلف ہوتا ہے اور اس کی جلد بھی کہیں نازک اور کہیں سخت ہوتی ہے۔

چنانچہ اس عمل کے لئے مختلف اسکرب متعارف کرائے گئے۔
اسکرب
اسکرب کے استعمال سے جلد زیادہ صاف،نرم اور چکنی محسوس ہونے لگتی ہے بلکہ مساموں کے منہ کھل جانے کے باعث اس میں سے غیر ضروری مادے آسانی کے ساتھ خارج ہونے لگتے ہیں۔جلد کے مسام اگر کھلے ہوں تو ان میں سے چکنائی اور پانی خارج ہوتا رہتا ہے۔ اگرچہ جلد مردہ خلیوں سے قدرتی طور پر نجات حاصل کرتی رہتی ہے لیکن عمر رفتہ کے ساتھ ساتھ یہ عمل سست پڑتا جاتا ہے۔
اس لئے یہ ضروری ہے کہ دوسرے طریقوں سے یہ عمل باقاعدگی کے ساتھ انجام دیا جائے تاکہ جلد کی قدرتی چمک دمک کو برقرار رکھا جا سکے۔مردہ خلیوں سے نجات حاصل کرنے کے علاوہ جلد کو رگڑنے کے عمل سے نئے خلیات بنتے ہیں اور گردش خون میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔صاف ستھری اور نرم و گداز جلد میں کھنچاؤ برداشت کرنے کی صلاحیت بھی زیادہ ہوتی ہے،جس کے باعث جلد کے رنگ اور چمک میں توازن محسوس ہوتا ہے۔
آج ہم آپ کو بتائیں گے کہ گھریلو اشیاء استعمال کرکے جسم کی مختلف جلد کے مطابق بہترین اسکرب کیسے بنائیں۔
اسکرب میں مستعمل اشیاء:
جلد کی صفائی کے لئے جھانوں،برش اور لوفا Loofah نامی ایک خاص قسم کی پھلی کے علاوہ پھلوں کے چھلکے،انار کے دانوں،چنے کا آٹا وغیرہ کا استعمال کیا جاتا ہے۔قدرتی اشیاء سے جلد کی صفائی کے لئے گرینی اسکرب Grainy Scrub کا استعمال بھی مفید ہے۔
جاپانیوں نے اس طریقے کو متعارف کروایا۔جاپان میں جسم کا مساج بھورے چاول کی مدد سے کیا جاتا ہے۔پھلوں سے جلد کی صفائی کو عرفِ عام میں فروٹی اسکرب کہتے ہیں۔یہ ناصرف جلد کو صاف کرتے ہیں بلکہ اس کے مردہ خلیوں کو دور کرنے کے لئے مفید سمجھے جاتے ہیں۔جلد کی حفاظت کرنے کے لئے اسکرب کی چند آزمودہ ترکیبیں درج کی جا رہی ہیں:
چاولوں کا اسکرب:
رائس اسکرب کے استعمال سے جلد واضح طور پر چند دنوں میں ہی صاف شفاف اور بے داغ ہو جاتی ہے۔
اس سے چہرے پر قدرتی گورا پن آ جاتا ہے۔چاولوں کا اسکرب بنانے کے لئے کچے چالوں کو پیس لیں،اب دو چائے کے چمچ پسے ہوئے رائس پاؤڈر میں دو چائے کے چمچ شہد مکس کر لیں،اچھے نتائج کے لئے اس اسکرب سے روزانہ 10 سے 15 منٹ ہلکے ہاتھوں سے مساج کیجیے۔شہد کے بجائے اس اسکرب میں ایلو ویرا جیل یا ناریل تیل بھی ملایا جا سکتا ہے۔چار چمچ اُبلے ہوئے چاول لے لیں اور انہیں میش کر لیں،اب اس میں 4 چمچ دہی،1 چمچ آٹا اور 1 چمچ بیسن ملا لیں،آٹا اور بیسن میں سے کوئی ایک بھی استعمال کر سکتے ہیں،اس پیسٹ کو اچھی طرح مکس کرکے یک جان بنا لیں،اب اس میں چند قطرے ناریل تیل کے شامل کر لیں۔
اس اسکرب سے 15 سے 20 منٹ مساج کیا جائے اور صاف پانی سے دھو لیں۔
جو کا اسکرب:
جلد کے مردہ خلیے دور کرنے،جلد کی رنگت صاف کرنے،داغ دھبوں کو دور کرنے اور جلد کو تروتازہ رکھنے کی غرض سے بھنے ہوئے جو کے آٹے کو دودھ،روغن چنبیلی یا روغن بادام میں گوندھ کر اُبٹن کی طرح پورے جسم یا چہرے پر ملیں۔ایک اور طریقہ یہ ہے کہ جو،گندم اور چنوں کو بھون کر آٹا تیار کروا لیا جائے۔
اس میں نصف وزن کے برابر خربوزے کے چھلکے اور چوتھائی وزن کے برابر بالچھڑ،باریک پاؤڈر بنا کر ملائے جائیں۔پھر روغن بادام تلخ تھوڑا شامل کرکے،پانی کی مدد سے آٹے کی طرح گوندھ لیا جائے۔اب اسے جلد پر اچھی طرح ملا جائے ۔نصف گھنٹے بعد غسل کر لیا جائے۔اس طرح جلد نرم و ملائم اور صاف ستھری ہو جاتی ہے اور داغ دھبے بھی دور ہو سکتے ہیں۔
اُبٹن اسکرب:
آدھا کٹوری بیسن،دو چمچ گلیسرین،ایک چمچ چندن کا باریک پسا ہوا، برادہ ایک چمچ پسی ہوئی،ایک چمچ عرق گلاب،آدھا چمچ دودھ اور چھ قطرے لیموں کا رس۔
ان سب کو ملا لیں۔اگر گاڑھا کرنا چاہیں تو بیسن مزید شامل کر دیں اور اگر پتلا کرنا ہو تو گلیسرین کی مقدار بڑھا دیں۔ سردیوں میں تیل ملائیں،گلیسرین نہ ملائیں۔خوشبو کے لئے سردیوں میں کیوڑہ یا حنا کے عطر کی ایک بوند ڈالیں۔گرمیوں یا برسات کے موسم میں گلاب یا خس کے عطر کی ایک بوند ڈالیں۔اس اُبٹن کو اچھی طرح ملیں۔
فیس اسکرب:
اب آتے ہیں فیس اسکرب Face Scrub کی جانب۔
ہفتے میں ایک سے دو دفعہ چہرے پر اسکرب کرنے سے جلد کے مردہ خلیات دور ہو جاتے ہیں۔اس کے علاوہ جلد میں خون کی روانی تیز ہونے سے جلد چمک دار اور پُررونق لگنے لگتی ہے۔بند مسام بھی صاف ہو جاتے ہیں جو کیل مہاسوں کا سب سے بڑا سبب ہیں۔فیس اسکرب استعمال کرنے کا صحیح طریقہ یہ ہے کہ اس کو چہرے پر اُنگلیوں کی پوروں سے پھیلا دیا جائے۔جب یہ ہلکا سا خشک ہونے لگے تو رگڑائی کا عمل شروع کریں۔
اس کے بعد نیم گرم پانی سے چہرہ دھو لیں۔مختلف اقسام کی جلد کے لئے فیس اسکرب تیار کرنے کی ترکیبیں ذیل میں تحریر کی جاری ہیں۔
نارمل جلد کے لئے اورنج فیس اسکرب:
سنگترہ یا مالٹے کا سوکھا چھلکا دو بڑے چمچ،جئی کا آٹا دو چھوٹے چمچ،کولڈ کریم دو بڑے چمچ۔ان اجزاء کو ملا کر پیسٹ بنا لیں اور چہرے پر لگائیں ۔جب یہ ذرا خشک ہونے لگے تو اچھی طرح رگڑ کر صاف کر لیں۔
نیم گرم پانی سے چہرہ دھو لیں۔
چکنی جلد کے لئے چنے کا اسکرب:
دو چمچ چنے،مکئی،جوار یا گیہوں کے آٹے میں چند قطرے لیموں کا رس ایک چٹکی ہلدی شامل کرکے دودھ یا سادے پانی سے لیپ بنا لیں اور چہرے پر ماسک کی طرح پھیلا لیں اور خشک ہونے پر سادے پانی سے دھو لیں۔
خشک جلد کے لئے جئی کا اسکرب:
لسی دو سے تین بڑے چمچ،جئی کا آٹا دو بڑے چمچ۔
ان دونوں اجزاء کو ملا کر چہرہ پر لگائیں۔تھوڑا خشک ہونے کے بعد یہ پیسٹ صاف کرتے ہوئے چہرے کو بعد میں نیم گرم پانی سے دھو لیں۔
بادام کا فیس اسکرب:
روغن بادام ایک بڑا چمچ،نروشنگ کریم دو بڑے چمچ۔ان دونوں اجزاء کو پیسٹ بنانے کے لئے اچھی طرح پھینٹیں۔اس پیسٹ کو خوب اچھی طرح چہرے پر لگائیں۔تھوڑا خشک ہونے پر رگڑائی کا عمل شروع کرتے ہوئے اس کو چہرے پر سے دور کر لیں۔
اس کے بعد چہرے کو نیم گرم پانی سے دھونے کے بعد چہرے کو ٹھنڈے پانی سے دھو لیں
گاجر کا فیس اسکرب:
خمیر ایک بڑا چمچ،دہی ڈیڑھ چھوٹا چمچ،لیموں کا رس ایک چھوٹا چمچ،گاجر کا رس ایک چھوٹا چمچ،زیتون یا بادام کا تیل ایک چھوٹا چمچ۔ان اجزاء کو ملا کر اچھی طرح پھینٹیں۔اس کو چہرے پر 15 منٹ کے لئے لگائیں۔اس کے بعد نیم گرم پانی سے دھو لیں۔اگر جلد بہت چکنی ہو تو اسکرب میں تیل نہ ملائیں اگر خشک ہو تو تھوڑا زیادہ ملا لیں۔اس اسکرب کو مہاسوں والی جلد پر استعمال نہ کیا جائے۔
(جاری ہے)

Browse More Gharelu Totkay

Special Gharelu Totkay article for women, read "Herbal Scrub - Ghar Mein Khud Tiyar Kareen" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.