Jild Ki Shadabi Aur Nikhar Ke Liye Dahi Ke Nuskhe - Article No. 3005

Jild Ki Shadabi Aur Nikhar Ke Liye Dahi Ke Nuskhe

جلد کی شادابی اور نکھار کے لئے دہی کے نسخے - تحریر نمبر 3005

یہ چہرے اور سر کی جلد کو صحت مند رکھنے میں مدد دیتا ہے،کیل مہاسوں اور داغ دھبوں سے متاثرہ جلد کے لئے دہی ایک اچھا ٹانک ہے

بدھ 9 نومبر 2022

عارفہ خان
ماہرین جلد کا کہنا ہے کہ دہی کے اندر قدرتی حسن کو برقرار رکھنے کی کئی خصوصیات ہیں۔اس میں موجود لیکٹک ایسڈ جلد کو بلیچ کرنے میں مددگار ہوتا ہے۔یہ چہرے اور سر کی جلد کو صحت مند رکھنے میں مدد دیتا ہے،کیل مہاسوں اور داغ دھبوں سے متاثرہ جلد کے لئے دہی ایک اچھا ٹانک ہے۔یہ کلینزر کا کام بھی کرتا ہے اور جلد کو نکھرا نکھرا بنا دیتا ہے۔

دمکتی جلد کا راز
چمک دار جلد کے لئے روزانہ جلد پر دہی لگانا مفید بتایا جاتا ہے،اس سے جلد کی قدرتی چمک بحال ہوتی ہے اور چند ہی دنوں میں چہرہ دمکنے لگتا ہے۔
کیل مہاسوں سے چھٹکارا
چہرے کو کیل مہاسوں اور داغ دھبوں سے محفوظ کرنے کے لئے دو چمچ دہی میں ایک چوتھائی چمچ ہلدی ملا کر پندرہ سے بیس منٹ کے لئے چہرے پر لگانا مفید ہے۔

(جاری ہے)


نائٹ کریم
دہی کو نائٹ کریم کے طور پر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔اس مقصد کے لئے ایک چمچ دہی میں چند قطرے لیموں کا رس ملا کر رات کی کریم کے طور پر چہرے پر لگائیں اور ہلکے ہاتھ سے مساج کرکے چھوڑ دیں۔صبح اچھے صابن سے منہ دھو لیں۔
جھریوں کا خاتمہ
دو چمچ دہی میں آدھا چمچ کینو کا رس شامل کرکے چہرے پر دس منٹ کے لئے لگائیں،پھر نیم گرم پانی سے چہرہ دھو لیں۔
جھریوں کو ختم کرنے کے لئے دو چمچ دہی میں ایک چمچ جئی کو ملا کر پیسٹ بنائیں اور چہرے پر لگا کر ہلکے ہاتھ سے مساج کریں پھر پندرہ منٹ کے لئے چہرے پر لگا رہنے دیں اور ٹھنڈے پانی سے دھو لیں۔
چھائیوں سے پاک جلد
چہرے کی چھائیاں ختم کرنے کے لئے دہی موثر ہے۔اس مقصد کے لئے ایک چمچ دہی میں ایک چمچ شہد اور ایک چمچ انڈے کی سفیدی اچھی طرح ملا کر چہرے پر لگائیں،فرق چند دنوں میں واضح ہو جائے گا۔

چکنی جلد کا ماسک
دہی میں ایک انڈے کی سفیدی اور چند قطرے لیموں کا رس شامل کرکے چہرے پر لگائیں اور خشک ہونے پر ٹھنڈے پانی سے دھو لیں۔چکنی جلد والوں کے لئے یہ ایک مفید ماسک ہے۔
رنگ گورا کرنے کے لئے
پکے ہوئے پپیتے میں دہی اور لیموں کا رس ملا کر چہرے پر لگائیں،یہ ماسک رنگ گورا کرکے خوبصورتی میں اضافہ کرتا ہے۔

آنکھوں کے حلقے
نیند کی کمی سے پڑنے والے آنکھوں کے گرد سیاہ حلقوں کو ختم کرنے کے لئے دہی فائدہ مند ہے۔روئی کو دہی میں ڈبو کر دس منٹ کے لئے حلقوں پر رکھیں۔
سر کی خشکی
سردیوں میں بالوں میں خشکی ایک عام مسئلہ ہے۔اس کے لئے دہی مفید بتایا جاتا ہے۔خشکی دور کرنے کے لئے دہی میں ایک انڈا ملا کر بالوں پر لگائیں۔
اس کے بعد ایک تولیہ سے سر کو ڈھانپ لیں اور ایک گھنٹہ بعد سر دھو لیں۔اس سے نہ صرف خشکی کا خاتمہ ہوتا بلکہ خارش کی شکایت بھی دور ہوتی ہے۔
نرم و ملائم جلد
جلد کو نرم و ملائم بنانے کے لئے چار بڑے چمچ دہی میں ایک چھوٹا چمچ کوکو پاؤڈر اور ایک چھوٹا چمچ شہد شامل کریں۔اب اس ماسک کو چہرے پر بیس منٹ کے لئے لگا لیں۔پھر نیم گرم پانی سے چہرہ دھو لیں۔
دہی میں مسور کی دال کا پاؤڈر اور نارنجی کے چھلکوں کا مکسچر ہم وزن ملا کر لگایا جا سکتا ہے۔اسے پندرہ منٹ کے لئے لگا رہنے دیں۔اگر جلد زیادہ خشک ہو تو تھوڑا شہد بھی شامل کر لیں۔جلد نرم ہونے کے ساتھ ساتھ چمک دار بھی ہو جائے گی۔دہی سے ایک اچھا اسکرب تیار کیا جا سکتا ہے۔دہی میں موجود اسکربنگ خصوصیات کی وجہ سے اس کا مساج کرنے سے جلد کے مردہ خلیات صاف ہو جاتے ہیں۔
دہی میں چاول کا پاؤڈر ملا کر گاڑھا سا پیسٹ بنا لیں۔اس سے چہرے پر گولائی میں مساج کریں۔تھوڑی دیر مساج کرنے کے بعد ٹھنڈے پانی سے دھو لیں۔چاول کی جگہ جو کا آٹا بھی شامل کیا جا سکتا ہے۔
گرتے بالوں کے لئے
آدھا کپ دہی میں دو چمچ میتھی پاؤڈر مکس کریں اور برش کی مدد سے بالوں کی جڑوں میں لگائیں۔ایک گھنٹہ بعد کسی اچھے شیمپو سے سر دھو لیں۔
زیادہ بہتر نتائج کے لئے ہفتہ میں دو بار لگائیں۔
نرم و ملائم ہاتھ اور پاؤں
ہاتھوں اور پاؤں کو نرم و ملائم رکھنے کے لئے دہی میں بیسن ہلدی اور نمک ملا کر ایک ابٹن سا بنا لیں،اس ابٹن سے مساج کریں۔یہ ہاتھوں اور پاؤں کی میل دور کرکے انہیں شفاف نرم و ملائم بناتا ہے۔اسکن وائٹننگ کے طور پر دہی کو استعمال کرنے کے لئے ایک سے دو چھوٹے چمچ دہی میں چند قطرے لیموں یا نارنجی کے جوس کے شامل کر دیں۔
لیموں یا نارنجی کے رس میں موجود سٹرک ایسڈ جلد کو قدرتی رعنائی مہیا کرتا ہے۔
چمک دار اور ریشمی بال
چمک دار اور سلکی بالوں کا بہترین ذریعہ گھر میں موجود ہی ہے۔دہی میں لیموں کا رس ملا کر بالوں پر لگانے سے بال چمک دار ریشمی اور مضبوط ہوتے ہیں۔بالوں کو خوبصورت اور ریشم جیسا بنانے کے لئے قدرتی کنڈیشنر گھر پر تیار کیا جا سکتا ہے۔اس کے لئے چار چمچ دہی میں دو چمچ ایلو ویرا جیل اور دو چمچ کھوپرے کا تیل ملا کر بالوں پر لگائیں اور دو گھنٹے بعد کسی اچھے شیمپو سے سر دھو لیں۔

Browse More Gharelu Totkay

Special Gharelu Totkay article for women, read "Jild Ki Shadabi Aur Nikhar Ke Liye Dahi Ke Nuskhe" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.