Kapron Peh Lage Daagh Mitayen Kaise - Article No. 3124

Kapron Peh Lage Daagh Mitayen Kaise

کپڑوں پہ لگے داغ مٹائیں کیسے - تحریر نمبر 3124

چند آزمودہ ٹوٹکے بتاتے ہیں اس کا حل

پیر 1 مئی 2023

شاعر نے صرف ایک چنری کے داغ پر خوبصورت گیت تخلیق کیا جس میں کلاسیکی گائیکی اور موسیقی کی بندش نے اسے مقبولیت بخش دی۔اس سے ہٹ کر دیکھا جائے تو ہمیں آئے دن مختلف قسموں کے داغوں سے پالا پڑتا ہے۔کپڑے نئے ہوں یا پرانے،اگر ان پر داغ لگ جائیں تو وہ اچھے نہیں لگتے۔خاص طور پر چھوٹے بچوں والے گھروں میں یہ مسئلہ عام ہے۔خاتون خانہ اب آپ پریشان نہ ہوں۔
ذیل میں ہم آپ کو ایسے ہی چند ضدی داغوں کو صاف کرنے کے طریقے بتا رہے ہیں۔
تیل یا چکنائی کے داغ
پان والا چونا اور سفید چاک کا پاؤڈر ہم وزن لے کر گاڑھا پیسٹ بنا لیں۔برش کے ساتھ داغ پر موٹا موٹا لیپ کر دیں اور سوکھنے پر دھو لیں یا ٹیلکم پاؤڈر،میدہ یا آٹا ڈال کر تھوڑی دیر کپڑا رکھے رہنے دیں۔

(جاری ہے)

تھوڑی دیر بعد دوسرا کپڑا یا بٹر پیپر اسی داغ پر رکھ کر استری کر لیں۔

داغ پر براہ راست استری سے گریز کریں ورنہ داغ پکا ہو جائے گا۔
چائے کے داغ
چائے کے داغ پر نمک لگا کر فوراً دھو لینا صحیح ہے مگر نمک جذب کرنے کا انتظار ضرور کیجئے۔اگر ہو سکے تو فوراً سہاگہ مل دیں اور دس منٹ بعد نیم گرم پانی سے دھو لیں۔
پین کی سیاہی کے داغ
پین کے داغ دور کرنے کے لئے اس پر ہیئر اسپرے کریں اس کے بعد دھو لیں۔

مہندی کے داغ
پان والے چونے کا پیسٹ بنا کر مہندی کے داغ پر لگائیں اور جب سوکھ جائے تو برش سے رگڑ کر دھو لیں۔کپڑے کا رنگ نہ خراب ہوتا ہو تو لیموں اور سرکہ میں تھوڑا سا پانی ملا کر داغ پر لگائیں اور تیز دھوپ میں کپڑا رکھیں۔داغ مٹ جائے گا۔
پان کے داغ
پنساریوں کی دکان سے رنگ کاٹ لے کر اس سے داغ والی جگہ دھونے سے رنگ کٹ سکتا ہے مگر اس کی مقدار معمولی ہو تو بہتر ہے اور بڑی احتیاط کی ضرورت ہے۔
اگر لیموں کا رس ملا جائے تو داغ ہلکا ہو جائے گا۔اگر کوئی ایسا کپڑا ہے جو آپ کے لئے بڑی اہمیت رکھتا ہے تو پھر مرغی یا کبوتر کی بیت برش کی مدد سے لگا کر سکھانے کے بعد دھونے سے پان کا داغ فوراً غائب ہو سکتا ہے۔
کاسمیٹکس کے داغ
ایسے داغ گلیسرین سے صاف ہو سکتے ہیں۔لپ اسٹک کے داغ ٹوتھ پیسٹ ملنے سے صاف ہو جاتے ہیں۔
رنگ کے داغ
دہی کی چھاچھ میں رنگ والا حصہ ڈبو دیں۔تھوڑی دیر بعد دھو لیں یا ایگزالک ایسڈ سے صاف کیا جا سکتا ہے۔

Browse More Gharelu Totkay

Special Gharelu Totkay article for women, read "Kapron Peh Lage Daagh Mitayen Kaise" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.