Oven Ka Durust Istemaal - Article No. 1980

Oven Ka Durust Istemaal

اوون کا درست استعمال - تحریر نمبر 1980

بیکنگ میں مہارت حاصل کرنے کے لیے اوون کی پوزیشن یا سطح کو سمجھنا بہت ضروری ہے ۔اوون میں ٹرے رکھنے کی جگہیں مختلف ہوتی ہیں ،

ہفتہ 9 فروری 2019

نسرین شاہین
بیکنگ(BAKING)کی شوقین خواتین کے لیے اوون (OVEN) کے درست استعمال کو سیکھنا بہت ضروری ہے ۔اکثر بیکنگ شروع کرنے والی خواتین اس کے کئی کورسز کرلیتی ہیں اور ان کے پاس مختلف پکوان بنانے کی کئی تراکیب بھی ہوتی ہیں ،لیکن وہ اپنا مطلوبہ نتیجہ حاصل نہیں کر پاتیں یاچیزیں اس طرح بیک ہو کر تیار نہیں ہوتیں ،جیسا کہ ہونی چاہییں ۔

کیک، بسکٹ اور نان خطائیاں درست طریقے سے بیک نہیں ہوتیں ،کبھی جل جاتی ہیں ،کبھی ان کا رنگ بہت گہرا ہو جاتا ہے اور کبھی بہت سخت بن جاتی ہیں ۔اسی طرح دیگر چیزوں کے ساتھ بھی یہی ہوتا ہے ۔
اس کی بنیادی وجہ اجزائے ترکیبی کی مناسب مقدار نہ ہونے کے علاوہ اوون درست طریقے سے استعمال نہ ہونا بھی ہو سکتا ہے ،لہٰذا مذکورہ بالا اشیا بنانے کی تراکیب کے ساتھ اپنے اوون کو بھی جاننے کی ضرورت ہے ،اس لیے اس کی طرف توجہ دیں ۔

(جاری ہے)

مختلف اشیا کو مخصوص درجہ حرارت پر خاص وقت تک بیک کرنا ضروری ہوتا ہے ۔اوون کے درست استعمال سے خواتین زیادہ بہتر طور پر بیکنگ کر سکتی ہیں۔
بیکنگ میں مہارت حاصل کرنے کے لیے اوون کی پوزیشن یا سطح کو سمجھنا بہت ضروری ہے ۔اوون میں ٹرے رکھنے کی جگہیں مختلف ہوتی ہیں ،جو بیکنگ کے لیے اوون کی سطحوں کو ظاہر کرتی ہیں ،مثلاً بلند سطح ،درمیانی اور نچلی سطح ۔
اوون کے بنیادی درجہ حرارت کو سمجھیں ۔یہ بیکنگ کے لیے بہت مددگار ثابت ہو سکتا ہے ۔جتنا زیادہ آپ اوون کی حرارت سے واقف ہوں گی،آپ کی بیکنگ کا نتیجہ اتنا ہی اچھا آئے گا۔
یاد رکھیں کسی بھی شے کی تیاری کی ترکیب میں جب کسی مخصوص درجہ حرارت پر بیکنگ کی ہدایت کی جاتی ہے تو اس میں دیے گئے وقت کے مطابق عمل کرنا ضروری ہوتا ہے ۔دوسری صورت میں آپ کی بیک کی ہوئی شے اس طرح تیار نہیں ہوگی ،جیسا کہ اسے ہونا چاہیے۔

جب آپ کوئی چیز تیار کررہی ہوں تو یہ بہت اہم ہے کہ آپ بیکنگ سے کم از کم 20منٹ پہلے اوون کو کھول (آن) دیں ،تاکہ وہ خوب گرم ہو جائے ۔آپ اپنی ترکیب کے مطابق دیے گئے درجہ حرارت پر اوون گرم کریں ۔پھر مطلوبہ درجہ حرارت سیٹ کرکے بیکنگ شروع کریں ۔اسی طرح جس ٹرے میں آپ کھانا تیار کریں گی ،اسے پہلے سے چکنا کرکے رکھیں ۔
کیک وغیرہ کا آمیزہ تیار ہوتے ہی اُسے بیک کرنے کو رکھ دینا چاہیے،کیوں کہ اگر اسے اوون میں رکھنے میں دیر ہو گئی تو ہو سکتا ہے کہ کیک کی صورت صحیح نہ بن سکے ۔
ہمیشہ اس بات کا خیال رکھیں کہ اوون کو گرم کرنے کے بعد بیکنگ شروع کریں ۔
کسی بھی چیز کو بہتر طور پر پکانے کے لیے اوون کو صحیح درجہ حرارت پر گرم ہونے کی ضرورت ہوتی ہے ۔
گرمی کو پورے اوون میں پھیلنے کے لیے کچھ وقت درکار ہوتا ہے ۔سب سے مناسب طریقہ یہ ہے کہ جب بیکنگ کے لیے چیز یں تیار کرنا شروع کریں تو ساتھ ہی اوون بھی کھول دیں ۔اس طرح جب تک چیزوں کی تیاری مکمل ہو گی،اوون خوب گرم ہو جائے گا۔

اس بات کو بیکنگ سے پہلے یقینی بنائیں کہ اوون میں کوئی دوسری یا اضافی بیکنگ ٹرے موجود نہ ہو۔اوون کے خانے اچھی طرح چیک کرلیں اور انھیں پوزیشن پر لے آئیں ۔
جدید طرز کے اوون میں اگر درجہ حرارت کا بٹن کھول دیں تو وہ خوب گرم ہونے کے بعد الارم دینا شروع کردیتا ہے یا اس میں موجود لائٹ کھلنے اور بند ہونے لگتی ہے ،لیکن اگر آپ کے اوون میں یہ سہولت نہیں ہے تو اسے مطلوبہ درجہ حرارت پر کھولنے کے تقریباً 15منٹ بعد بیکنگ ٹرے اندر رکھیں ،اتنا وقت اوون کومکمل طور پر گرم ہونے کے لیے ضروردیں ۔
ذیل میں بیکنگ کے بنیادی اصول درج کیے جارہے ہیں ،
انھیں یاد رکھیں ۔
بیکنگ کی تراکیب کے مطابق آپ جو بھی چیز بنا رہی ہوں ،اس کے مکمل اجزاء ایک جگہ پر جمع کرلیں اور ساتھ ہی ان کے بیک کرنے کے طریقے کو بھی اچھی طرح سمجھ لیں ۔
بیکنگ میں توجہ اور مہارت کی بہت ضرورت ہوتی ہے ۔اس میں اپنی مرضی سے چیزوں یا ان کی مقدار میں کمی بیشی بالکل نہیں کی جاسکتی ،خصوصاً اس وقت جب آپ کو بیکنگ شروع کیے زیادہ عرصہ نہ ہوا ہو اور آپ ابھی سیکھنے کے مراحل میں ہوں ۔
آ پ کے لیے بیکنگ کی ترکیب پرمکمل توجہ کے ساتھ عمل کرنا نہایت ضروری ہے ۔
بیکنگ کے دوران دوسری چیزوں کی جانب متوجہ نہ ہوں ،جب بیکنگ کریں تو کبھی بھی ساتھ میں کوئی دوسری ڈش تیار کرنا شروع نہ کریں ،اس طرح آپ بیکنگ کی ترکیب میں کوئی غلطی کر سکتی ہیں ،اس لیے بہتر یہی ہے کہ ایک وقت میں صرف ایک کام کیا جائے،خاص طور پر بیکنگ کرتے ہوئے۔

بیکنگ کے دوران جو بھی آلات استعمال کریں ،ان کا درست حالت میں ہونا ضروری ہے ۔بیکنگ کے لیے مکسر ،بلینڈر اور دیگر فوڈ پر وسیسر کے استعمال سے نہ صرف آپ کو بخوبی واقف ہونا چاہیے ،بلکہ ان کے کام کا نتیجہ بھی صحیح طور پر ہونا لازمی ہے ۔بیکنگ کا بہتر نتیجہ حاصل کرنے کے لیے اشیا کے ناپ کے لیے کپ یاچمچہ استعمال کریں ،اس طرح آپ مقدار کا زیادہ درست تناسب رکھ سکیں گی۔

اپنی ترکیب کے مطابق بیکنگ پین (برتین )کا انتخاب کریں ۔آپ نے جو چیز بیکنگ کے لیے تیار کی ہے ،اس کے سائز یا مقدار کے لحاظ سے ایسا برتن منتخب کریں ،جس میں بہ آسانی بیکنگ ہو سکے ،مثلاً کیک کا آمیزہ وغیرہ ۔اگر آپ اس کے آمیزے کو مقدار سے زیاد ہ بڑے برتن میں ڈالیں گی تو کیک ،برتن کی شکل میں بنے گا اور اس میں نرمی بھی صحیح طور پر نہیں ہو گی ،چاہے آپ نے تمام اشیا کا تناسب بالکل صحیح کیوں نہ لیا ہو۔

اسی طرح اگر برتن اس لحاظ سے چھوٹا ہو گا تو آمیزہ بیکنگ کے دوران جب اوپر اٹھے گا تو برتن سے باہر گرنے لگے گا،لہٰذا ایسے برتن کا انتخاب کریں ،جو آمیزے کی مقدار سے اونچائی میں کم از کم 34۔انچ بڑا ہو۔
جس برتن کا بھی انتخاب کریں ،اسے تیاری کے دوران ہی ترکیب کے مطابق رکھیں ۔برتن گیلا بالکل نہیں ہونا چاہیے ،اسی طرح کوشش کریں کہ وہ اوون سے قریب ہی رکھا ہو ۔ان چند اصولوں کو مِد نظر رکھتے ہوئے بیکنگ کریں گی تو نتیجہ اچھا نکلے گا۔

Browse More Gharelu Totkay

Special Gharelu Totkay article for women, read "Oven Ka Durust Istemaal" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.