Aap Ke Baal Kiyon Girne Lage - Hair Care, Hair Color & Hair Styling

آپ کے بال کیوں گرنے لگے - بالوں کی حفاظت

بدھ 5 جنوری 2022

Aap Ke Baal Kiyon Girne Lage
گھنے لمبے اور خوبصورت بال کس خاتون کا خواب نہ ہوں گے۔سردیوں کے موسم میں بالوں کی نگہداشت اور بھی اہمیت اختیار کر جاتی ہے۔ اگر آپ سستی سے کام لے کر ہفتے میں صرف ایک بار بال دھوئیں گی تو یہ اپنے ساتھ زیادتی کریں گی۔آپ کو ہفتے میں کم از کم دو بار کبھی آملہ اور کبھی سرسوں اور کبھی روغنِ بادام مساج کے طور پر استعمال کرنا ضروری ہے۔


ماہرین حسن کہتے ہیں کہ Oils کی یہ تبدیلی جڑوں میں نقصان پہنچانے والے اجزاء کا خاتمہ کرتی ہے۔ہر ایک تیل اپنی الگ خاصیت رکھتا ہے اور اولیو آئل بھی مساج کے لئے استعمال کیا جاتا ہے تاکہ خشکی کوئی اور مسئلہ یا بالوں کے گرنے کی شکایت جاتی رہے اور آپ کے بال لمبے،چمکدار اور گھنے رہیں۔
بالوں کی نشوونما کا انحصار آپ کی عمومی صحت اور ہارمونز پر بھی ہوتا ہے۔

(جاری ہے)


جب انسانی بالوں کے خلیات گھٹنا شروع ہوتے ہیں اسی وقت ان کے گرنے کا عمل بھی شروع ہو جاتا ہے۔اگر ہارمون کی سطح بڑھنے لگے تو انسانی جسم میں سوجن شروع ہوتی ہے۔یہ بالوں کی نشوونما کو متاثر کرتی ہے۔بالوں کی نشوونما میں وٹامن D بہت اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اس وٹامن کی کمی سے بال مضبوط نہیں ہوتے۔گرنے لگتے ہیں اور نئے نہیں اُگتے۔تھائی رائیڈ کے مریضوں کے بال تیزی سے گرتے ہیں اس کی وجہ اسٹریس ہارمونز (کروٹیسول اور ایڈرنالین) اگر تھائی رائیڈ میں ہارمونز بننے کے عمل کو متاثر کریں تو بھی بال تیزی سے گرتے ہیں ۔

اگر اچھا Fat اور وٹامنز کے ساتھ ساتھ متوازن غذا لی جاتی رہے تو یہ مسائل کم ہونے لگتے ہیں۔
آج کل پاکستان میں کیمیائی اجزاء سے پاک شیمپوز مارکیٹ میں دستیاب ہونے لگے ہیں۔کوشش کی جانی چاہئے کہ اپنے بالوں کی قسم کو جان کر ویسا ہی شیمپو استعمال کیا جائے۔
بالوں کو برش کیسے کیا جائے؟
سب سے پہلے اہم نکتہ برش کا انتخاب کرنا ہے۔

ایسا برش جس کا ہینڈل ہلکے ربڑ یا لکڑی سے بنا ہو تاکہ آسانی سے پکڑا جا سکے۔برش کے سرے گول ہوں تاکہ جڑوں تک پہنچیں اور رگڑ کر سر کی جلد کو بھی زخمی نہ کریں۔
اگر آپ کو نائیلون برسٹلز والے برش بھاتے بھی ہیں تو نہ خریدیں یہ عموماً بالوں کے لئے نقصان دہ ہی ہوتے ہیں کیونکہ ان کے سرے ہموار نہیں ہوتے۔یہ بالوں میں الجھتے ہیں۔برسٹلز کے سرے ہموار طریقے سے ربڑ کوٹڈ ہونے چاہئیں۔


ہیئر برش کا صحیح استعمال کیسے ہو؟
برش ہمیشہ جڑوں سے بالوں کے آخری سرے تک جانا چاہئے تاکہ سر (کھوپڑی) میں خون کی گردش ہو۔یہ حرکت ایک انداز سے بالوں کی ورزش ہے۔پھر سر کے ہر حصے میں یکساں انداز سے برش کیا جانا چاہئے۔اس طرح دھول مٹی ہٹ جاتی ہے اور بالوں میں قدرتی چمک آجاتی ہے۔اگر آپ کے بال لمبے ہیں تو برش کرنے سے پہلے بالوں کے دو حصے برابر کر لیں اب ایک ہاتھ سے بال پکڑ کر دوسرے ہاتھ سے برش کریں۔

کبھی لمبے بالوں میں ایک ہی اسٹروک میں برش کرکے بالوں کو نہ توڑیں۔آہستہ آہستہ برش کریں۔
برش کی صفائی لازمی ہے
نیم گرم پانی میں صابن یا شیمپو ملا کر برش کو کچھ دیر بھگو دیں۔کسی بھی اچھی جراثیم کش دوا کے چند قطرے ڈال کر برش کو بھیگنے دیں پھر کاٹن (سوتی) کے کپڑے سے برش کو سکھا لیا جائے۔کوشش کریں کہ آپ کسی بڑے انفیکشن میں مبتلا نہ ہوں۔

اس لئے بہتر ہے کہ اپنا ہیئر برش آپ کسی سے شیئر نہ کریں۔گیلے بالوں میں تیل لگانا یا برش کرنا بھی صحیح نہیں ہوتا۔اگر بالوں کو سلجھانا ہے تو انگلیوں کی مدد سے سلجھایا جا سکتا ہے۔بال دھوپ میں سکھانے سے انہیں قدرتی طور پر وٹامن D مل سکتا ہے مگر کوشش یہی ہونی چاہئے کہ دھوپ قدرے ہلکی ہو مگر بالوں کے لئے یہ ہلکی دھوپ بھی کسی ٹانک سے کم تو نہیں۔
تاریخ اشاعت: 2022-01-05

Your Thoughts and Comments

Special Hair Care, Hair Color & Hair Styling article for women, read "Aap Ke Baal Kiyon Girne Lage" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.