Balon Ki Dilkashi Ke Liye Hair Conditioning - Article No. 2951

Balon Ki Dilkashi Ke Liye Hair Conditioning

بالوں کی دلکشی کے لئے ہیئر کنڈیشننگ - تحریر نمبر 2951

یہ خشکی کے خلاف مزاحمت کرتا اور بالوں کو چمک اور خوش نمائی عطا کرتا ہے

بدھ 17 اگست 2022

صحت مند بالوں کی ایک پہچان ان کی چمک اور مضبوطی بھی ہے،نیز وہ خشک بھی نہ ہوں۔خشک بال اُڑے اُڑے نظر آتے ہیں اور دو منہ بھی ایسے ہی بالوں کے بنتے ہیں۔زیادہ خشک ہو جانے پر بال بد رنگ اور کھردرے دکھائی دیتے ہیں۔صحت مند بالوں کی ساخت ہموار ہوتی ہے۔پرمنگ،ڈائنگ،سخت شیمپو اور دیگر ٹریٹمنٹس سر کی جلد پر موجود تیزابیت کی تہہ کو ختم کر دیتے ہیں۔
کنڈیشننگ بالوں کو غذائیت فراہم کرنے کا مفید طریقہ ہے۔یہ خشکی کے خلاف مزاحمت کرتا اور بالوں کو چمک اور خوش نمائی عطا کرتا ہے۔ہربل کنڈیشننگ کا طریقہ قدیم ہے مگر آج بھی اس کی افادیت تسلیم کی جاتی ہے،مثلاً چائے بالوں کو حسن بخشتی ہے۔استعمال شدہ چائے کی پتی پانی میں کچھ دیر کے لئے دوبارہ اُبالیں اور چھان کر ٹھنڈا کر لیں۔

(جاری ہے)

شیمپو استعمال کرنے کے بعد اس پانی سے سر دھو لیں یا کبھی کبھی ایک مگ میں پانی بھر کر لیموں کا رس ملا لیں اور سر دھونے کے بعد اسے بالوں پر انڈیل لیں۔

بالوں کی قدرتی چمک لوٹ آئے گی۔
بالوں کے لئے ایک مفید لوشن:
تقریباً 300 گرام تیل میں چالیس سے پچاس قطرے شہد ملا لیں،یہ لوشن تیار ہو جائے گا۔اسے نرم ہاتھوں سے بالوں کی جڑوں میں لگائیں،چند گھنٹوں بعد کسی ہلکے شیمپو سے دھو لیں۔ہمارے ملک میں مہندی کا استعمال خوب ہوتا ہے۔یہ بھی بہترین کنڈیشنر ہے،حنا کے پیسٹ میں لیموں،دہی،انڈا اور کافی ملا کر مختلف وقتوں میں لگا کر دیکھیں۔
اپنے ہی بال پہچانے نہیں جائیں گے۔اگر بالوں میں خشکی کی شکایت ہے تو حنا میں ایک چائے کا چمچ خالص ناریل یا زیتون کا تیل ملا کر لگائیں۔کم از کم پینتالیس منٹ سوا گھنٹے بعد بال دھو لیں۔حنا سر کی جلد کی کلینزنگ بھی کرتی ہے۔یہ فاسد مادوں کا خاتمہ کرکے سر کی جلد کے خلیات میں گویا نیا خون دوڑاتی ہے اس سے بال مضبوط ہوتے ہیں۔پتلے بالوں والی خواتین یہ ٹوٹکا آزمائیں۔
ان کے بالوں کی ساخت ہموار ریشمی اور چمکدار ہو جائے گی،بال بھی گھنے نظر آئیں گے۔خواتین کو کھلے بالوں کے ساتھ باہر نہیں گھومنا چاہیے۔اس سے غدودوں سے خارج ہونے والے فاسد مادوں اور بیرونی آلودگی کے مضر اثرات بالوں کے لئے سخت نقصان دہ ہیں۔گرد آلود ہوا،گاڑیوں کا دھواں اور گندگی سے بچانے کے لئے بالوں کو موٹے اسکارف یا دوپٹے سے لپیٹ کر گھر سے نکلیں،آپ خود فرق محسوس کریں گی۔

نباتاتی غذاؤں سے بالوں کی حفاظت کیسے ممکن ہے․․․؟
نباتاتی غذاؤں سے نباتاتی کاسمیٹکس تک فطرت کی جانب سفر جاری ہے۔گوکہ جدید صنعتی معاشروں نے کیمیائی عناصر سے کاسمیٹکس کی تیاری کرنا شروع کر دی تھی اور حسن کے نکھار کے لئے Synthetic اشیاء بھی تیار کیں،اکثر پراڈکٹس کے کئی مضر اثرات بھی رونما ہو رہے ہیں مثلاً جلد پر سوزش،خشکی اور سکری پیدا ہونا مگر رفتہ رفتہ دنیا فطرت کی طرف دوبارہ لوٹ رہی ہے۔
اب ہر دوسرے بیوٹی پارلر میں ہربل ٹریٹمنٹ دی جا رہی ہے اور کاسمیٹکس میں بھی جڑی بوٹیوں کی افادیت کو محسوس کیا جانے لگا ہے۔بالوں کو رنگنے والی جڑی بوٹیوں کی مصنوعات پرانے وقتوں سے استعمال کی جاتی ہیں،مگر اب باقاعدہ فیشن بن گئی ہیں۔اب ڈائز میں حنا،اخروٹ کا چھلکا اور زیتون کے تیل جیسی نباتاتی اشیاء کو شامل کرنے کا رجحان بڑھ رہا ہے اور قدرتی ذرائع سے حسن کے تحفظ کا شعور بڑھنے لگا ہے۔اخروٹ کا چھلکا بالوں کو براؤن کر دیتا ہے۔اب کی مرتبہ ڈائز خریدتے وقت فطری عناصر سے تیار کردہ اشیاء خریدیں۔آملہ،ریٹھا اور سکاکائی استعمال کیجیے،یہ چیزیں پنساری کی دکانوں سے مل جاتی ہیں۔انہیں کچھ دیر بھگونے کے بعد استعمال سے دیرپا حسن اور تروتازگی حاصل ہوتی ہے۔

Browse More Hair Care, Hair Color & Hair Styling

Special Hair Care, Hair Color & Hair Styling article for women, read "Balon Ki Dilkashi Ke Liye Hair Conditioning" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.