Balon Ki Hifazat Ka Andaaz Badlain - Article No. 2751

Balon Ki Hifazat Ka Andaaz Badlain

بالوں کی حفاظت کا انداز بدلیں - تحریر نمبر 2751

سردیاں آگئی ہیں

جمعہ 3 دسمبر 2021

ہماء غفار
موسم سرما کو شادیوں کا سیزن (فیسٹو سیزن) بھی کہا جاتا ہے لیکن سردیاں شروع ہوتے ہی بالوں کے مسائل میں اضافہ ہو جاتا ہے۔گھنے سے گھنے بال بھی گرنے،کمزور پڑ جانے اور خشکی جیسے مسائل کا شکار ہو جاتے ہیں۔اسی لئے ضرورت اس بات کی ہے کہ سرد موسم شروع ہوتے ہی نہ صرف آپ اپنی جلد کی حفاظت کی روٹین میں تبدیلی لانے پر توجہ دیں بلکہ بالوں کی حفاظت کے انداز بھی بدل ڈالیں تاکہ شادی کے سیزن میں آپ کے خوبصورت بالوں کی چمک اور دلکشی ماند نہ پڑے۔
یہ تبدیلی کیسی ہونی چاہیے اس بارے میں بات کرتے ہیں۔
اگر آپ سرد موسم میں بالوں کی نگہداشت کے لئے تیل استعمال نہیں کرتیں تو جان لیجیے کہ آپ اپنے بالوں کی سب سے بڑی دشمن ہیں۔تیل ہر موسم میں بالوں کو غذائیت فراہم کرتا ہے۔

(جاری ہے)

اس لئے بالوں کی حفاظت اور خوبصورتی کے لئے زیتون،کھوپرے،بادام یا کسی بھی تیل کا استعمال باقاعدگی سے کریں کیونکہ باقاعدگی سے تیل لگانا بالوں کے مختلف مسائل کا حل ثابت ہوتا ہے۔

ہفتے میں کم از کم دو بار بالوں میں تیل ضرور لگائیں۔سرد موسم میں بالوں کی چمک اور حفاظت کے لئے سرسوں یا زیتون کا تیل دو چمچ ہلکا گرم کرکے آہستہ آہستہ سر کا مساج کریں۔سر میں نیم گرم تیل کا مساج کریں کیونکہ جلد میں موجود سیبم بالوں میں نمی کو برقرار رکھتا ہے۔
سردیوں میں بالوں کی خشکی کا بڑھ جانا بھی ایک عام مسئلہ ہے۔اس سے نجات حاصل کرنے کے لئے جہاں بالوں میں تیل لگانا اہم ہے، وہیں مساج کرنا بھی سر کی خشکی سے نجات کے لئے ایک بہترین حل ہے۔
مساج کے لئے مختلف طریقے اختیار کیے جا سکتے ہیں:
ایلو ویرا کے بے شمار فوائد سے سب ہی آگاہ ہیں لیکن کیا آپ جانتی ہیں کہ خشکی دور کرنے کے لئے بھی ایلو ویرا جیل کی مالش کی جاتی ہے؟ شیمپو کرنے سے پہلے ایلو ویرا کے تیل یا جیل کی مالش کریں۔ایلو ویرا میں ٹھنڈک کا عنصر خارش سے نجات دلانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
اپنی غذا میں سیب کے سرکے کا استعمال کریں۔
سیب کا سرکہ جہاں کئی فوائد کا حامل ہے،وہیں اس سرکے میں موجود پی ایچ خشکی کے لئے بہت مفید ہے،جو اسے پیدا ہونے سے بالکل روک دیتی ہے۔
ناریل کا تیل خشکی ہی نہیں بلکہ بالوں کے لئے بھی بے حد مفید ہے۔غسل سے قبل تین سے پانچ چائے کے چمچ ناریل کے تیل سے اپنے سر کی مالش کریں اور کم از کم ایک سے دو گھنٹے تک اسے لگا رہنے دیں،پھر سر دھو لیں۔
سردیاں شروع ہونے کا مطلب ہر گز یہ نہیں کہ بالوں کو ہفتے میں صرف ایک بار دھوئیں۔
آپ کا بال کم دھونا بھی بال گرنے کا سبب بن سکتا ہے۔کولمبیا یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق تین دن میں ایک بار بال دھونا بالوں کی اچھی صحت کے لئے فائدہ مند ہو سکتا ہے۔
سردیوں میں عام طور پر نئے بالوں کی افزائش کم ہو جاتی ہے،تاہم اگر آپ گرتے بالوں کو روکنا یا کمزور بالوں کو گھنا کرنا چاہتی ہیں تو پیاز یا آلو کا عرق استعمال کریں۔پیاز میں بڑی مقدار میں موجود سلفر،کولیجن کی پیداوار میں براہ راست اضافے کا باعث ہوتا ہے۔
اس مقصد کے لئے دو سے تین لال پیازوں کا عرق استعمال کیا جا سکتا ہے جبکہ آلو وٹامن اے،بی اور کے کا حامل ہونے کے سبب بالوں کو گھنا کرنے کیلئے بہترین تسلیم کیا جاتا ہے۔
اگر آپ بال ٹوٹنے اور گرنے کے مسائل سے نجات چاہتی ہیں تو بہتر یہی ہے کہ بالوں کو بڑے دندانوں والے کنگھے سے سنواریں اور بہتر یہی ہے کہ کنگھا لکڑی کا ہو۔برش یا چھوٹے دندانوں والے کنگھے سے بالوں کے ٹوٹنے کا امکان بڑھ جاتا ہے۔
اُلجھے بکھرے بالوں میں کنگھا کرتے وقت ہیئر اسپرے کا استعمال ضروری ہے۔یہ اسپرے آپ کے بالوں کو ٹوٹنے سے بچائے گا،وہیں بالوں کو سلجھانے میں بھی آسانی ہو گی۔
بالوں کی افزائش کے لئے ضروری ہے کہ غیر ضروری بالوں کی کاٹ چھانٹ باقاعدگی سے کی جائے۔اگر آپ کے دو منہ کے بال ہیں تو بالوں کے مسائل سے بچنے کے لئے ان کی ٹریمنگ کرنا اشد ضروری ہے۔جب بھی آپ دو منہ کے بال دیکھیں تو قینچی لیں اور ان کو 2 انچ کاٹ دیں،یہ آپ کے بالوں کو صحت مند رکھنے کے لئے صحت مند سرگرمی ہے۔

Browse More Hair Care, Hair Color & Hair Styling

Special Hair Care, Hair Color & Hair Styling article for women, read "Balon Ki Hifazat Ka Andaaz Badlain" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.