Baloon K Girne Ka Ghareelo Elaaj - Article No. 2289

Baloon K Girne Ka Ghareelo Elaaj

بالوں کے گرنے کا گھریلو علاج - تحریر نمبر 2289

انسانی شخصیت کی خوبصورتی میں بال اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

پیر 17 فروری 2020

انسانی شخصیت کی خوبصورتی میں بال اہم کردار ادا کرتے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ خواتین ہی نہیں مرد حضرات بھی اپنے بالوں کی حفاظت کرتے ہیں اور ان کے مسائل کو ہر صورت میں حل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔بالوں کا ایک اہم مسئلہ بالوں کا گرنا بھی ہے۔یہ دنیا کی ایک تہائی آبادی کا سب سے عام مسئلہ ہے ۔اصل میں بالوں کا گرنا غذائیت کی کمی‘تناؤ یا دباؤ‘ہارمونل تبدیلیاں یا جینیاتی ہو سکتاہے ۔
سائنسی اصطلاحات میں بالوں کے جھڑنے کو ایلوپیسیا کہا جاتاہے ۔ایلوپیسیا بالوں کے گرنے کے لئے عمومی اصطلاح ہے لیکن بالوں کے جھڑنے کی کسی خاص حالت کے لئے شرائط مختلف ہیں۔بہر حال بالوں کا گرنا ہمارے معاشرے میں ایک بڑھتی ہوئی پریشانی ہے۔
بالوں کے گرنے کا علاج بیوٹی سیلون میں بھی کیا جاتاہے جو نہ صرف کافی مہنگا ہوتاہے بلکہ ان مصنوعات میں کیمیکل بھی استعمال ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

جو خاص طور پر آپ کے بالوں کو کھوپڑی اور جڑوں کو متاثر کرتے ہیں۔ان کیمیائی مصنوعات کے بہت سے ضمنی اثرات بھی ہوتے ہیں۔جہاں بال گرنے کے بہت سے کیمیکل سے تیار کردہ مصنوعات کا علاج موجود ہے تو وہیں بہت سے گھریلو علاج بھی ہیں۔جن کا سب سے بڑا فائدہ تو یہ ہے کہ ان گھریلو نسخوں کا کوئی نقصان بالوں کو نہیں ہوتا اور ان کے استعمال سے بالوں‘کھوپڑی اور جڑوں کو تحفظ ملتا ہے ۔
اگر بال گر رہے ہیں تو مندرجہ ذیل گھریلو نسخے آزما کر دیکھیں فائدہ ہو گا۔
ایک کپ اُبلے ہوئے پانی میں ایک چمچہ سرسوں کے بیج ملا کر پانچ منٹ ہلائیں پھر ان حل شدہ سرسوں کے بیجوں کا مرکب پی لیں۔اس سے بہت سارے وٹامنز کی کمی کو دور کرنے میں مدد ملے گی۔وٹامنز کی کمی بھی بالوں کے جھڑنے کا سبب بنتی ہے ۔دہی کا زیادہ استعمال کریں کیونکہ دہی میں وہ تمام غذائیت ہوتی ہے جو بالوں کے جھڑنے کو روکتی ہے اور بالوں کو بھی صحتمند اور چمکدار بناتی ہے۔

بادام کا تیل اور سرسوں کا تیل برابر تناسب میں لے کر ملالیں۔اب اس مرکب سے اپنے بالوں کی خوب اچھی طرح مالش کریں اور پھر اسے 45منٹ کے لئے چھوڑ دیں۔اس کے بعد اپنے بالوں کو کسی اچھے شیمپو سے صاف کرلیں۔یہ عمل ہفتے میں دوبار کریں۔
ایک انڈے کی سفیدی اور ایک چمچہ زیتون کا تیل لے کر ملالیں۔اس محلول کو اپنے بالوں پر 45منٹ تک لگائیں پھر انہیں شیمپو کرلیں۔

ایک کھانے کا چمچہ دار چینی پاؤڈر لیں اور اس میں روغن زیتون ملا کر پیسٹ بنالیں اور پھر اس پیسٹ کو اپنے بالوں کی جڑوں اور کھوپڑی (Scalps)پر 30منٹ تک لگائیں۔روز میری کے پتوں کو پانی میں اُبالیں اور اس پانی سے اپنے بالوں کو دھولیں۔اس سے آپ کے بالوں کی جڑوں اور کھوپڑی کو نشوونما میں مدد ملے گی ۔آپ صرف دار چینی کے پاؤڈر کا پیسٹ بھی بنا کر اسے اپنی کھوپڑی پر لگا سکتی ہیں اور پھر اپنے بالوں کو دھولیں۔

سونے سے پہلے ارنڈی کا تیل بالوں کی جڑوں میں لگائیں اور پھر صبح اپنے بال دھولیں۔ہفتے میں کم از کم ایک بار اس پر عمل کریں اگر آپ کو بالوں کے گرنے کی سنگین پریشانی کا سامنا ہے تو اس فارمولے کو زیادہ سے زیادہ استعمال کریں۔یہ بہت اچھا ہے بالوں کے لئے۔
تین چمچ گرم پانی میں ایک چمچ تازہ سیب کا جوس ملا کر کھوپڑی پر مساج کریں یہ عمل ہفتے میں تین بار کریں۔
اس سے بھی آپ کے بالوں کو مضبوطی ملے گی۔
بالوں کے گرنے کے حوالے سے علاج کے ساتھ ساتھ ذہنی وجسمانی صحت بھی بہت اہم اور ضروری ہے ۔اپنے آپ کو تناؤ یاد باؤ سے آزاد رکھیں غصہ نہ کریں۔نیند پوری لیں۔متوازن غذا کھائیں اور پانی زیادہ پئیں۔یاد رکھیں !صحت مند ذہن ہی ہمارے تمام جسمانی اعضاء کو صحیح طریقے سے کام کرنے میں مدد فراہم کرتاہے ۔اس مقصد کے لئے چہل قدمی ‘ہلکی پھلکی ورزش اور یوگا بھی اہم کردار ادا کرتاہے۔اپنے گرتے بالوں پر توجہ دیں تاکہ آپ بر وقت اپنے بالوں کو بچا سکیں۔

Browse More Hair Care, Hair Color & Hair Styling

Special Hair Care, Hair Color & Hair Styling article for women, read "Baloon K Girne Ka Ghareelo Elaaj" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.