Baloon Ki Khobsorti K Kuch Raaz - Article No. 2383

Baloon Ki Khobsorti K Kuch Raaz

بالوں کی خوبصورتی کے کچھ راز - تحریر نمبر 2383

زمانہ قدیم میں خوبصورت سیاہ،لمبے اور گھنے بالوں کو بنیادی اہمیت دی جاتی تھی۔

پیر 6 جولائی 2020

زمانہ قدیم میں خوبصورت سیاہ،لمبے اور گھنے بالوں کو بنیادی اہمیت دی جاتی تھی۔وقت کے ساتھ بدلتی روش نے خوبصورتی کے معیار بھی بدل دیے ہیں۔اب بال چاہیں کتنے چھوٹے ہی کیوں نہ ہوں ،رنگت بھی کیسی ہو اور جدید تراش خراش میں ڈھلے ہوئے لیکن گھنے اور مضبوط ہونے چاہئیں۔جدید دور کی مصروفیات میں بالوں کی نگہداشت اور حفاظت کے لئے دیسی ٹوٹکوں کی جگہ شیمپو،کنڈیشزاور ہیئر ٹانک نے لے لی ہے۔
لیکن کیمیائی مادوں سے بنی کئی غیر معیاری مصنوعات رفتہ رفتہ بالوں کو کمزور بے رونق اور ان کی قدرتی خوبصورتی ختم کر دیتی ہیں۔ بالوں کی نگہداشت توجہ مانگتی ہے اس کام کے لئے گھریلو ٹوٹکوں اور بالوں کی صحت کے حوالے سے رائج اصولوں پر بھی عمل کریں۔
ہیئر کیئر
بالوں میں کنگھا انتہائی نرمی اور آہستگی سے کریں خصوصاً گیلے بال بالوں کی حالت سب سے کمزور ترین ہوتی ہے لہٰذا گیلے بالوں میں کنگھا یا برش کرنے سے گریز کریں۔

(جاری ہے)

بالوں کو قدرتی طور سے خشک ہونے دیں۔ہیئر ڈرائیر بھی اس وقت استعمال کیا جائے جب عجلت ہو یا بالوں کو کسی خاص اسٹائل میں لانا ہو۔بال دھونے سے پہلے انہیں اچھی طرح سلجھا لیں پھر خشک ہونے کے بعد کنگھا یا برش پھیریں۔کنگھا یا برش اعلیٰ کوالٹی کا استعمال کیا جائے۔مہینے میں ایک مرتبہ بالوں کی نوکیں تراشنے سے ان کی نشوونما اور صحت پر بہترین اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
جدید تراش خراش والے بالوں کو سنبھالنا ذرا مشکل ہوتا ہے۔گرمیوں کے دنوں میں بالوں کی چٹیا یا جوڑا بنا کر رکھنے سے بال گردوغبار سے محفوظ رہتے ہیں اور ان کے سرے پھٹتے بھی نہیں۔ہفتے میں کم از کم دو مرتبہ سر میں خالص سرسوں یا ناریل کا تیل ضرور لگانا چاہیے۔بال دھونے سے دو گھنٹے پہلے تیل لگانے سے نتائج اچھے ملتے ہیں۔اس عمل سے بالوں کی چمک کے ساتھ اس کے مساج سے دوران خون تیز ہوتا ہے اور نشوونما بتدریج بہتر ہونے لگتی ہے۔
گھر سے باہر نکلتے وقت دھوپ،گردوغبار سے بالوں کو بچانے کے لئے اسکارف لینا چاہیے۔
قدرتی طریقوں سے بالوں کی حفاظت کیجیے
خوبصورت اور صحت مند بال صرف شیمپو کے ذریعے محدود دیکھ بھال سے حاصل نہیں کیے جا سکتے۔بالوں کے عام مسائل خشکی،دو مونہے سرے،بالوں کا جلد سفید ہو جانا یہ تمام بالوں کی مجموعی صحت کی خرابی کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔
بیرونی تدابیر کے ساتھ ساتھ اندرونی صحت بھی بالوں پر اثر انداز ہوتی ہے۔اپنی خوراک میں تازہ سبزیوں اور پھولوں کو شامل کریں۔پانی پینے کی مقدار رفتہ رفتہ بڑھاتے جائیے۔انڈہ،مچھلی،دودھ،پنیر،مکھن اور مناسب مقدار میں گوشت بھی ڈائیٹ کا حصہ ہونا چاہیے۔جسم میں وٹامنز کی کمی کی وجہ سے بالوں کی مجموعی صحت خراب ہوتی ہے ۔ماہرین حسن وصحت بالوں اور جلد کی خوبصورتی کے لئے متوازن خوراک کو فوقیت دیتے ہیں۔
اپنی روز مرہ ڈائیٹ میں ناریل یا براؤن شوگر ضرور شامل کریں۔ہفتے میں ایک مرتبہ بال دھونے سے پہلے کوکونٹ ملک سے سر کی مالش کریں۔یہ بالوں کا بہترین کنڈیشنز ہے۔بالوں کو دھونے سے پہلے تیل کی طرح کم از کم دو گھنٹوں کے لئے گائے کا دودھ بالوں میں لگانے سے بال نرم وملائم چمکدار اورریشم جیسے ہو جاتے ہیں۔میتھی دانے کو پیس کر پاؤڈر بنا لیں۔
عرق گلاب اور دودھ میں گاڑھا پیسٹ بنا کر آدھے گھنٹے بالوں میں لگا رہنے دیں پھر کسی بے بی شیمپو سے سر دھولیجیے۔رات سونے سے پہلے سر کو جھکا کر تیزی سے برش پھیرئیے دوران خون تیز ہوگا نیز بالوں کی چمک بڑھ جائے گی۔ناریل کا پانی جلد،بال اور نظام ہاضمہ کے لئے کرشمانی اثر رکھتا ہے۔ہفتے میں دو مرتبہ اس کا استعمال خوراک کا لازمی حصہ بنالیں۔زیتون کا تیل گرم کریں۔اب اس نیم گرم تیل سے بالوں کی جڑوں سے مساج کریں۔گرم پانی میں تولیہ بھگو کر بالوں پر لپیٹ لیں۔ہفتے میں دو مرتبہ یہ عمل دہرائیں بھاپ کی وجہ سے سر کی جلد کے مسام کھل جاتے ہیں اور تیل ان میں داخل ہو جاتا ہے۔بالوں کے کھلے ہوئے سرے بھی اس ٹریٹمنٹ سے ختم ہونے لگتے ہیں۔

Browse More Hair Care, Hair Color & Hair Styling

Special Hair Care, Hair Color & Hair Styling article for women, read "Baloon Ki Khobsorti K Kuch Raaz" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.