Dou Mounhey Baaloon Ko Kaheen Bye Bye - Article No. 2572

Dou Mounhey Baaloon Ko Kaheen Bye Bye

دو مونہے بالوں کو کہیں بائے بائے - تحریر نمبر 2572

خصوصی نگہداشت اور احتیاطی تدابیر کریں مشکل آسان

منگل 13 اپریل 2021

ہم اکثر بالوں کو اسٹریٹ یا کرل کرنے سے قبل انہیں مصنوعی حرارت سے پہنچنے والے نقصانات سے بچانے کے لئے استعمال کی جانے والی مصنوعات اور کنڈیشنر کا باکثرت استعمال کرتے ہیں تاکہ بالوں کی بہتر صحت کو یقینی بنایا جا سکے۔ پر ہم کتنی ہی جدوجہد کیوں نا کر لیں۔دو مونہے (Split Ends) بالوں سے بچنا اکثر خاصا مشکل ہو جاتا ہے۔اگر آپ اس وجہ سے فکر مند ہیں کہ آپ کی قیمتی مصنوعات بھی اس مسئلے کے حل میں کارگر ثابت نہیں ہو رہی تو آپ کو اپنے سوچنے کا انداز بدلنے کی ضرورت ہے۔
اس معاملے میں اپنے طرز عمل میں لائی گئی ذرا سی تبدیلی آپ کے لئے کافی سود مند ثابت ہو سکتی ہے،مکمل طور پر مصنوعات پہ منحصر کرنے سے بہتر ہے کہ آپ ذیل میں بیان کردہ ان چھوٹی چھوٹی غلطیوں پر نظرثانی کرکے اس مسئلے کا حل نکال لیں۔

(جاری ہے)


روزانہ سر دھونا لازم نہیں
صبح صبح آفس یا یونیورسٹی جاتے وقت اگر دیر ہو رہی ہو اور آپ سوچ میں ہوں کہ شاور لینے کے بعد بال سکھانے کا وقت نہیں مل پائے گا تو ایسے میں بالوں کو جوڑے کی شکل دیجئے اور شاور کیپ پہن کر نہا لیجئے۔

یہ طرز عمل آپ کے بالوں کے لئے خاصا صحت بخش ہے روزانہ بال دھونے اور شیمپو کرنے سے بالوں سے قدرتی نمی یا تیل ضائع ہو جاتا ہے جس کے سبب بال روکھے اور بے جان ہو جاتے ہیں۔ایک دن کے وقفے سے بال دھونا آپ کے بالوں کے لئے بہترین فیصلہ ہے۔اس کے باعث آپ کا جسم بالوں کو صحت مند نشوونما کے لئے انہیں قدرتی تیل فراہم کرتا ہے جو بالوں کو ریشمی،نرم و ملائم اور صحت مند رکھنے میں مدد دیتا ہے۔
آپ کو یہ جان کر خاصی حیرت ہو گی کہ چند ایسے ہیئر اسٹائلز ہیں جنہیں دو یا تین دن پہلے دھلے بالوں میں بنانا زیادہ آسان ہوتا ہے۔
بالوں کو برش کریں،مگر احتیاط سے
برش کا انتخاب کرتے وقت سمجھداری سے کام لیں۔کوشش کریں کہ روزمرہ استعمال کے لئے ایسے برش کا انتخاب کریں جس کا Paddle نرم ہو اور اس کے Bristles لچکدار ہوں۔اس طرح کے برشز سے بالوں کی گرہیں سلجھانا زیادہ آسان ہوتا ہے۔
صرف صحیح برش کا انتخاب کرنا ہی کافی نہیں ہوتا بلکہ اس کا صحیح طریقے سے استعمال کرنا بھی نہایت ضروری ہے۔بالوں کو سلجھاتے وقت جڑوں سے سروں تک کنگھا کرنا غلط طریقہ ہے۔یہ طریقہ بالوں کو کمزور کر دیتا ہے اس لئے اگلی مرتبہ بال سلجھاتے وقت شروعات سروں سے کیجئے گا۔جب نیچے کی گرہیں کھل جائیں تب آہستہ آہستہ اوپر کی جانب آتی جائیں اور پھر آخر میں جڑوں سے سروں تک بے فکری کے ساتھ کنگھا یا برش کریں۔
پچھلے وقتوں کی خواتین سر دھونے کے بعد نازک انگلیوں کی مدد سے بالوں کی الجھنیں سنوارا کرتی تھیں۔یوں ایک ایک گرہ آرام سے کھلتی جاتی ہے۔آپ بھی یہ طریقہ سہل جانتی ہیں تو اسی طرح کیجئے۔
شیمپو صرف جڑوں میں لگائیں
خوب سارا شیمپو سر پر انڈیل کر اسے پورے بالوں میں ملنا آپ کے بالوں کی صحت کو متاثر کرتا ہے۔مصنوعی انداز سے بالوں کو موڑ توڑ کرنے اور رگڑنے سے دو مونہے بالوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا ہے۔
نہاتے وقت بالوں کو گیلا کیجئے اور شیمپو کا جھاگ بنا کر صرف جڑوں میں لگایئے۔اچھی طرح ہلکے ہاتھوں سے ملنے کے بعد بالوں کو دھو لیجئے۔بالوں کی جڑوں سے بہہ کر سروں تک آنے والا جھاگ ہی ان کی بہتر صفائی کے لئے کافی ہے۔بلا ضرورت بالوں کو رگڑنا ان کی کمزوری کا باعث بنتا ہے۔اس لئے نہانے کے بعد بھی بالوں کو رگڑ کر خشک کرنے کے بجائے تولئے کو سر پر لپیٹ کر مختلف حصوں کو ہلکے ہاتھوں سے دبا کر خشک کیجئے۔
اگر آپ کنڈیشنر کا استعمال ناگزیر سمجھتے ہیں تو اس کا کچھ حصہ بالوں میں لگا رہنے دیں اور تولیہ لپیٹ کر کم از کم 10 منٹ تک بالوں کو لپیٹے رکھئے۔اس قدرتی حرات سے بالوں کی نمی اور Scbum ضائع نہیں ہوتا۔
گیلے بالوں میں موٹے دندانوں والا کنگھا استعمال کریں
گیلے بالوں میں عام کنگھا کرنا انہیں مختلف مسائل سے دو چار کر سکتا ہے۔
اس سوچ کے ساتھ گیلے بالوں میں کنگھا کرنا کہ انہیں نم حالت میں ہی سنوار لیا جائے۔مہنگے مہنگے اور اسٹائلش برشز کے بجائے موٹے دندانوں والے کنگھے کا انتخاب بالوں کے لئے مفید ہو گا۔
سٹریٹنر
بالوں کو سیدھا Straight کرتے وقت ہمیشہ برش یا کنگھے کا استعمال ضرور کریں۔اس مقصد کے لئے بالوں کو مختلف حصوں میں تقسیم کریں۔
اب آپ جس حصے کو اسٹریٹ کرنا چاہ رہی ہیں اس میں کنگھا یا برش پھیریں اور بالکل اس کے پیچھے اسی ا نداز میں سٹریٹنر پھیریں۔اس طرح بال ایک ہی سیدھ میں رہیں گے اور غلطی سے مڑے ہوئے بالوں کو اسٹریٹ کرنے کے امکانات بھی کم ہو جاتے ہیں۔اگر بال اسٹریٹ کرتے وقت اس بات کا دھیان نہ رکھا جائے تو نتیجتاً بال مونہے اور کمزور ہو کر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو جاتے ہیں۔

کرلنگ
بالوں کو کرل کرتے وقت دھیان رہے کہ شروعات سروں سے نہیں بلکہ جڑوں سے کی جائے۔سروں سے آغاز کرنے کی صورت میں سروں کو ضروت سے زائد عرصہ Heat برداشت کرنی پڑتی ہے۔تاہم جڑوں سے شروعات کرنے سے بالوں کی جڑوں اور سروں کو براہ راست Heat سے بچایا جا سکتا ہے۔اس طرح سروں کو اتنی مائش یا حرارت ملتی ہے جتنی ہیئر اسٹائل بنانے کے لئے درکار ہوتی ہے۔

بالوں کو تراشنا
دو مونہے بالوں سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لئے ضروری ہے کہ بالوں کو کچھ عرصہ بعد تراشا جائے۔اگر احتیاط کو ملحوظ خاطر رکھا جائے تو اس کی ضرورت بھی شاذو نادر پڑتی ہے۔بالوں کی صحیح انداز سے نگہداشت کرنے سے آپ کو ہر ہفتے بال تراشنے کی غرض سے پارلروں کا رخ نہیں کرنا پڑتا اب آپ چھ سے آٹھ ہفتوں بعد بھی پارلر جا سکتی ہیں۔اگر آپ کو سروں کی طرف کہیں کوئی دو مونہا بال نظر آئے تو احتیاط کے ساتھ قینچی سے اس کو کاٹ دیجئے ورنہ یہ آپ کی جڑوں کو بھی نقصان پہنچا سکتا ہے۔اوپر بیان کردہ طریقوں کو اپنا کر دو مونہے بالوں سے نجات حاصل کرنا کچھ خاص مشکل یا ناممکن امر نہیں ضرورت ہے تو بس احتیاط اور صحیح انداز سے ان کی نگہداشت کرنے کی۔

Browse More Hair Care, Hair Color & Hair Styling

Special Hair Care, Hair Color & Hair Styling article for women, read "Dou Mounhey Baaloon Ko Kaheen Bye Bye" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.