Kaise Kareen Balon Ko Tawana - Hair Care, Hair Color & Hair Styling

کیسے کریں بالوں کو توانا - بالوں کی حفاظت

بدھ 7 جولائی 2021

Kaise Kareen Balon Ko Tawana
جویریہ ملک
بالوں کی نگہداشت کے لئے صرف اچھا شیمپو اور کنڈیشنر استعمال کرنا ہی کافی نہیں ہوتا جس طرح جلد کی دیکھ بھال کے لئے باقاعدہ اسکن کیئر روٹین اپنانا ضروری ہے اسی طرح بالوں کی صحت برقرار رکھنے کے لئے مخصوص ہیئر کیئر مصنوعات کا استعمال ناگزیر ہوتا ہے۔یہ تشکیل کردہ مصنوعات کسی خاص عمر،طبقے یا بالوں کی قسم کے لئے مخصوص نہیں ہوتیں ان کا استعمال مجموعی طور پر صحت مند بالوں کے لئے ہوتا ہے۔

کیونکہ بسا اوقات صحت کی خرابی،ناقص یا غیر متوازن خوراک،بے آرامی اور ذہنی دباؤ کے باعث بھی بال گرنے،کمزور پڑنے،سفید ہو جانے یا دیگر مسائل کا شکار ہو سکتے ہیں۔بالوں کے لئے استعمال کی جانے والی کئی مصنوعات ایسی بھی ہیں جو نہ صرف ہمارے لئے مفید ہیں بلکہ ان میں سے کچھ ہمیں وقت کے ضیاع سے بھی بچاتی ہیں۔

(جاری ہے)

ہم نے ایسی ہی مصنوعات پر مشتمل ایک فہرست ترتیب دی ہے۔

ملاحظہ کیجئے ممکن ہے ان میں سے چند ایک مصنوعات آپ کو بھی اپنے ہیئر کیئر روٹین میں شامل کرنے کی ضرورت ہو۔
تیل
بالوں کی بہترین صحت اور نشوونما کے لئے تیل کا استعمال صدیوں سے چلا آرہا ہے۔یہ برسوں کا آزمودہ،قدرتی اور مفید طریقہ ہے۔ہفتے میں دو سے تین بار بادام،سرسوں یا ناریل کا تیل لگانے سے بہترین نتائج حاصل ہوتے ہیں۔

اگر آپ کو روایتی طرز کے تیل کی خوشبو ناپسند ہو تو بازار میں دستیاب کئی معیاری برانڈ کے خوشگوار مہک والے تیل بھی استعمال کر سکتی ہیں۔یہ بالوں کی خشکی دور کرنے اور ہیئر اسٹائلنگ ٹولز سے پہنچنے والے نقصانات سے بھی محفوظ رکھتا ہے۔یہ کہنا غلط نہیں کہ بالوں کے جملہ مسائل کے حل کے لئے تیل کا استعمال مثالی انتخاب ہے۔کئی اچھے برانڈ اب نامیاتی طریقوں سے تیار کردہ تیل متعارف کرا رہے ہیں اور جڑی بوٹیوں کے ساتھ ساتھ مختلف اقسام کے تیلوں کو باہم ملا کر بھی استعمال کرنے کا رجحان پسند کیا جا رہا ہے۔


Clarifying Shampoo
بلاشبہ آپ بالوں کی صفائی کے لئے بالوں کی قسم اور ساخت سے مطابقت رکھتے شیمپو کا استعمال کرتی ہوں گی تاہم اتنا کرنا کافی نہیں بلکہ ہفتے میں ایک بار Clarifying شیمپو کا استعمال کرنا بھی موٴثر ہو گا۔یہ Clarifying شیمپو عام شیمپو سے قدرے مختلف ہوتا ہے۔جو بالوں کی گہرائی تک صفائی کرنے اور سر کی جلد پر جمع ہو جانے والی غیر ضروری نمی اور اسٹائلنگ مصنوعات کی باقیات اور کلورین کا صفایا کرنے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔

پیٹرولیم،منرل آئل،سلفیٹ اور لپیرابن سے پاک ہونے کے سبب محفوظ اور موٴثر ہے۔البتہ اس کا استعمال محتاط انداز سے کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ ضرورت سے زائد استعمال بالوں کو خشک کرنے کا سبب بن سکتا ہے۔ Clarifying شیمپو کا استعمال بوقت ضرورت کیا جائے تو بہتر ہے ساتھ ہی آخر میں معیاری ہائیڈریٹنگ کنڈیشنر لگانا نہ بھولیں۔
ہیٹ پروٹیکشن اسپرے
اگر آپ کسی بھی ہیئر اسٹائلنگ ٹولز کے استعمال سے قبل ہیٹ پروٹیکشن اسپرے کا استعمال نہیں کرتی ہیں تو یہ آپ کے بالوں کے لئے انتہائی مضر ہو سکتے ہیں۔

یہ بالوں کی حفاظت کے لئے استعمال کی جانے والی مصنوعات میں سرفہرست ہے۔اس میں موجود سیلیکون آپ کے بالوں کی جڑوں سے سروں تک ایک ایسی محفوظ پرت بنا دیتا ہے جو بالوں کو اسٹائلنگ ٹولز کی حرارت سے ہونے والے نقصانات سے محفوظ رکھتا ہے۔علاوہ ازیں یہ بنفشی شعاعوں کے سبب پیدا ہونے والے فری ریڈیکلز کے حملے سے بھی بالوں کی حفاظت کرتا ہے ۔سیلیکون کی یہ پرت بالوں کی نمی کو محفوظ رکھنے میں بھی مددگار ثابت ہوتے ہیں۔

یہ گیلے اور سوکھے دونوں طرح کے بالوں پر لگایا جا سکتا ہے۔یہ گیلے بالوں کو جلد خشک کرنے میں بھی مدد دیتا ہے جس کے سبب ہیئر ڈرائیر کے استعمال کے دورانئے میں بھی کمی آتی ہے۔ہیئر ڈرائیر کبھی کبھار جب آپ عجلت میں تیار ہو رہی ہوں تو استعمال کرنے میں قباحت نہیں یا جب آپ بلو ڈرائی کروا رہی ہوں تب اس کا استعمال کیجئے،عام حالات میں کھلی اور تازہ ہوا ہی میں بالوں کو سوکھنے دینا چاہئے۔


ڈرائی شیمپو
یہ آپ کا وقت بچانے میں معاون ثابت ہونے والی شے ہے۔اگر آپ جلدی میں ہوں اور دعوت میں جانے سے قبل دوبارہ شیمپو کرنا ممکن نہ ہو تو ایسی صورت میں ڈرائی شیمپو موٴثر ثابت ہوتا ہے۔یہ آپ کے بالوں کی جڑوں سے اضافی Sebum اور چکنائی جذب کرکے انہیں تروتازہ کرنے کے ساتھ ساتھ پسینے کی بدبو سے بھی محفوظ رکھتا ہے۔

اس میں متعدد خوشبوئیں بھی شامل کی جاتی ہیں۔علاوہ ازیں ڈرائی شیمپو پاؤڈر کی صورت میں ہوتا ہے جس کے سبب یہ بعض اوقات گہری رنگت کے بالوں والی خواتین کے لئے پریشانی کا باعث بنتا ہے ۔اس پاؤڈر کی باقیات گہرے بالوں پر نہایت بدنما لگتی ہے۔اس مسئلے کے حل کے لئے اب مارکیٹ میں ٹنٹڈ (یعنی رنگت والے) ڈرائی شیمپو بھی دستیاب ہیں۔یہ بالوں کو Volume دینے کا آسان اور محفوظ طریقہ ہے۔


Leave-in-Conditioner
یہ عام کنڈیشنر کے مقابلے میں قدرے مختلف ہے۔اس کنڈیشنر کو لگانے کے بعد بال دھونے کی ہر گز ضرورت نہیں بلکہ اسے جذب کیا جاتا ہے۔یہ بالوں کو اضافی کنڈیشننگ پہنچانے کے ساتھ ساتھ نمی مہیا کرنے اور نرم و ملائم بنانے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔یہ مائع کریم اور اسپرے کی تینوں شکلوں میں دستیاب ہے۔یہ خشک اور بے جان بالوں کو نم کرکے انہیں پُررونق بنانے میں مدد دیتا ہے۔

یہ بالوں کو سلجھانے اور کھارے پانی کے سبب بالوں کو پہنچنے والے نقصانات سے بھی محفوظ رکھتا ہے۔آپ اسے ہیٹ پروٹیکشن اسپرے کے متبادل کے طور پر بھی استعمال کر سکتی ہیں۔گھنگھریالے بالوں والی خواتین کے لئے یہ ایک مثالی چیز ہے۔اسے لگانے کا طریقہ اتنا ہی آسان ہے۔شیمپو کرنے کے بعد اس کنڈیشنر کو بالوں میں لگا لیں۔آپ چاہیں تو ہلکے فارمولے سے تیار کردہ کنڈیشنر خشک بالوں میں بھی استعمال کر سکتی ہیں۔

اوپر بیان کردہ تمام مصنوعات میں سے اپنی ضرورت کے مطابق اشیاء کو اپنی ہیئر کیئر روٹین کا حصہ بنائیں۔اب آپ کو بالوں کے دو مونہے، کھردرے ہونے یا ٹوٹنے جیسے مسائل سے نجات ملے اور بالوں کی صحت متاثر نہ ہونے پائے۔یہ تمام مصنوعات آپ کسی بھی بڑے سپر اسٹور یا جنرل اسٹور سے مل سکتی ہیں۔
تاریخ اشاعت: 2021-07-07

Your Thoughts and Comments

Special Hair Care, Hair Color & Hair Styling article for women, read "Kaise Kareen Balon Ko Tawana" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.