Lambe Ghane Baal Ab Khawab Nahi - Article No. 2740

Lambe Ghane Baal Ab Khawab Nahi

لمبے گھنے بال اب خواب نہیں - تحریر نمبر 2740

مرد اور خواتین دونوں ہی اپنے بال خوبصورت دیکھنا چاہتے ہیں کیونکہ گھنے اور لمبے بال ہمیشہ سے ہی مرد اور عورت کی کمزوری رہے ہیں

ہفتہ 20 نومبر 2021

ہماء غفار
حسین نظر آنے کے لئے بالوں کی خوبصورتی بہت اہمیت رکھتی ہے،جس کا خیال ہر ایک کو ہوتا ہے۔مرد اور خواتین دونوں ہی اپنے بال خوبصورت دیکھنا چاہتے ہیں کیونکہ گھنے اور لمبے بال ہمیشہ سے ہی مرد اور عورت کی کمزوری رہے ہیں۔تاہم لمبے اور گھنے بال ایک دن میں حاصل نہیں کیے جا سکتے،اس کے لئے آپ کو کافی محنت کرنا پڑتی ہے۔
بس آپ کو بنیادی معلومات اور طریقے آنے چاہئیں،جس کے ذریعے آپ اپنا یہ خواب پورا کر سکیں۔اس سلسلے میں آپ کو غذائی اور غیر غذائی دونوں طریقوں پر کام کرنا ہو گا۔سب سے پہلے غیر غذائی طریقوں کی بات کر لیتے ہیں،جن پر عمل کرکے آپ اپنے بالوں کو لمبا اور گھنا بنانے کے عمل کا آغاز کر سکتی ہیں۔
بالوں کو تراشنا
بالوں کو جلدی لمبا کرنے اور صحت مند بنانے کے لئے ضروری ہے کہ بالوں کی باقاعدگی سے قلم سازی کی جائے،یعنی بالوں کو آدھے سے ایک انچ تک ترشوایا جائے۔

(جاری ہے)

اس طرح کرنے سے بالوں کی صحت اچھی ہوتی ہے اور وہ تیزی سے بڑھتے ہیں۔
تیل کا استعمال
تیل کا استعمال بھی بال لمبے اور گھنے کرنے میں مدد کرتا ہے۔شیمپو کرنے سے دو گھنٹے پہلے تیل کا استعمال ضروری ہے۔اس کے لئے بادام کا تیل،زیتون کا تیل،کھوپرے کا تیل اور سرسوں کا تیل بہترین ہیں،جو بالوں کی نشوونما میں مدد کرتے ہیں۔
تیل کو بالوں میں اچھی طرح جذب کرنے کے دو آسان طریقے ہیں۔پہلا یہ کہ تیل کو نیم گرم کرکے رات کو سونے سے پہلے لگا لیا جائے اور صبح اُٹھ کر شیمپو کر لیا جائے۔دوسرا یہ کہ شیمپو کرنے سے دو گھنٹے پہلے تیل لگا کر سر کو نیم گرم پانی میں ہلکے بھیگے تولیے سے لپیٹ لیا جائے۔اس سے بالوں کے مسامات کھل جائیں گے اور تیل جذب ہو جائے گا۔
شیمپو اور کنڈیشنر کا کم استعمال
اکثر لوگ روزانہ بالوں کو شیمپو سے دھوتے ہیں کیونکہ ان کا خیال ہے کہ سر میں روزانہ مٹی اور گندگی آ جاتی ہے جبکہ ماہرین کے مطابق روزانہ بالوں کو شیمپو سے دھونا ایک اچھا عمل نہیں اور یہ کہ شیمپو کا استعمال کم از کم دو دن کے وقفے سے کرنا چاہیے۔
شیمپو میں موجود سلفیٹ اور دیگر کیمیکل بالوں کو نقصان پہنچاتے ہیں جس سے وہ روکھے،بے جان اور باریک ہونا شروع ہو جاتے ہیں۔لہٰذا ضروری ہے کہ آپ شیمپو کا استعمال کم سے کم کریں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ آپ صرف پانی سے بالوں کو اچھی طرح دھو لیں کیونکہ اس طرح بال نرم اور خشکی سے پاک ہو جائیں گے جبکہ بالوں میں موجود مٹی بھی صاف ہو جائے گی۔
بالوں کا مساج کرنا
ماہرین کے مطابق بالوں کا مساج کرنے سے سر کے خون کی روانی میں اضافہ ہوتا ہے،مساج کرنے سے بالوں کی جڑیں مضبوط ہوتی ہیں۔
مساج کا طریقہ کار یہ ہے کہ انگلیوں کی مدد سے تین سے پانچ منٹ تک مساج کیا جائے۔
غذا کا خیال
یہ بات یاد رکھیں کہ آپ جو کھاتی ہیں وہی آپ کے بالوں اور جلد پر اثر کرتا ہے۔اگر آپ لمبے بال چاہتی ہیں تو آپ اپنی غذا میں پروٹین کی مقدار بڑھا دیں،ایسی غذا جس میں معدنیات جیسے کاپر،زنک،میگنیشیم وغیرہ شامل ہو،وہ بھی بال لمبے کرنے میں مدد کرتی ہے۔

انڈا
بالوں کی بنیادی ضرورت پروٹین ہے،جس پر ان کی خوبصورتی کا انحصار ہوتا ہے۔پروٹین کے لئے ضروری ہے کہ انڈے کو اپنی غذا میں شامل کریں کیونکہ انڈا کھانے سے جسم میں پروٹین کی مقدار بڑھتی ہے جو کہ خالص اور قدرتی طور پر پروٹین سے بھرپور ہوتا ہے،جس سے بال لمبے اور گھنے ہوتے ہیں۔
لیموں کا رس
روزانہ ایک لیموں وٹامن سی حاصل کرنے کے لئے مفید ہے۔
ایک گلاس لیموں کا پانی پینے سے وٹامن سی کی فراہمی وافر مقدار میں ہوتی ہے،جو دماغ کی باریک شریانوں کو بالوں سے جوڑتی ہے اور بالوں کو تیزی سے بڑھنے میں مدد فراہم کرتی ہیں۔نارنجی میں بھی وٹامن سی کی بھرپور مقدار پائی جاتی ہے۔
بادام،اخروٹ اور السی کا بیج
بادام،اخروٹ اور السی کے بیج میں اومیگا 3 فیٹی ایسڈ پایا جاتا ہے،جو بالوں کی نشوونما کے لئے انتہائی مفید ہے۔
یہ کمزور اور پتلے بالوں کو مضبوط اور گھنا کرنے میں آسانی پیدا کرتا ہے۔
گندم
گندم میں وافر مقدار میں بائیوٹن پایا جاتا ہے۔اس سے آئرن،زنک اور وٹامن بی بھی حاصل ہوتا ہے۔بائیوٹن کی ضرورت خلیوں کو پھیلانے کے لئے درکار ہوتی ہے جو کہ امینو ایسڈ کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرتا ہے،جس کے تحت بالوں کی نشوونما حاصل ہوتی ہے۔
گاجر کا جوس
گاجر کا جوس تیزی سے بالوں کی قوت مدافعت کو بڑھا کر انہیں لمبا ہونے میں مدد دیتا ہے۔اس کی وجہ سے جسم میں ٹشوز تیزی سے بڑھتے ہیں۔جسم میں وٹامن اے کی مقدار سیلز کو بڑھنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔

Browse More Hair Care, Hair Color & Hair Styling

Special Hair Care, Hair Color & Hair Styling article for women, read "Lambe Ghane Baal Ab Khawab Nahi" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.