Sar K Baal Jharna - Article No. 2340

Sar K Baal Jharna

سر کے بال جھڑنا - تحریر نمبر 2340

بال روزانہ جھڑتے بھی ہیں اور نئے پیدا بھی ہوتے ہیں ۔ہر بال کی اپنی ایک الگ زندگی ہوتی ہے ۔

جمعہ 24 اپریل 2020

نادیہ عامر
بال روزانہ جھڑتے بھی ہیں اور نئے پیدا بھی ہوتے ہیں ۔ہر بال کی اپنی ایک الگ زندگی ہوتی ہے ۔ایک بال عموماً چھ سال تک نشوونما پاتا ہے اور اس کے بعد تین ماہ کے مختصر عرصے میں کسی بھی وقت کھوپڑی سے الگ ہوجاتاہے ۔اس کی جگہ دوسرا نیا بال جنم لیتاہے اور زندگی اور موت کا یہ سلسلہ چلتا رہتاہے ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ ہمارے سر پر جتنے بال موجود ہیں اس کا پچاس فیصد نشوونما کے دور سے گزر رہا ہوتاہے جبکہ بقیہ پندرہ فیصد کھوپڑی سے الگ ہونے کے لئے پرتول رہا ہوتاہے ۔
یہ پندرہ فیصد سر دھوتے وقت ،بال سنوارتے وقت یا سوتے وقت جھڑ جاتے ہیں ۔نئے پیدا ہونے والے بال ،گرنے والے بالوں سے زیادہ ہوتے ہیں مگر کسی وجہ سے اگر یہ عمل برعکس ہو جائے تو پھر چند یا چمکنے لگتی ہے۔

(جاری ہے)


ایک عورت کی عمر جیسے جیسے بڑھتی ہے اس کے سر پر بالوں کی تعداد کم ہوتی چلی جاتی ہے ۔یہ نارمل سی بات ہے کیونکہ بالوں کے پیدا ہونے کی رفتار کم ہو جاتی ہے ۔

اس کا یہ مطلب ہر گز نہیں کہ ایسا کسی بیماری کی وجہ سے ہوتاہے ۔یہ عین فطرت کے مطابق اور ناگزیر ہے ۔بالوں کے گرنے اور کم ہونے کی کیا وجہ موروثی بھی ہو سکتی ہے ۔اگر پیدائش کے وقت ہی آپ کے خون میں موروثی جراثیم شامل ہو گئے تو اس سے بچنا مشکل ہوتاہے ۔ویسے آپ کے اطمینان کے لئے یہ بتادیں کہ عورتوں میں یہ بات تقریباً نہ ہونے کے برابر ہے ۔مردوں میں البتہ زیادہ ہے اس لئے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔

گنجے پن کی ایک قسم اپلو پیسیا(Alopecia) ہے ۔اس وجہ کی واضح تشریح تو ممکن نہیں ہو سکی ہے ،البتہ آسٹریلین کا لج آف ڈرما لوجسٹ (سڈنی)کے ایک ترجمان کے مطابق انسانی جسم کچھ ایسے اجزاء پیدا کرتاہے جو خود انسانی جسم کے لئے نقصان دہ ہوتے ہیں اور ان اجزاء کا آسان شکار انسانی بال ہوتے ہیں ۔مگر یہ بھی قدرت کا احسان ہوتاہے کہ اس حملے کی شدت جیسے جیسے کم ہوتی ہے ،نئے بال دوبار ہ آنے لگتے ہیں ۔
ایلو پیسیا کے حملے سے سر کی جلد اور بالوں کی بناوٹ ،ساخت متاثر ہوتی ہے ۔جب یہ محسوس کریں کہ آپ کے بالوں کی نشوونما میں خلل واقع ہو رہا ہے تو فوراً ڈاکٹر سے رجوع کریں۔
بال جھڑنے کی ایک اور وجہ سسٹم (نظام)میں رخنہ پڑنا یا سسٹم کا بگڑ جانا ہے ۔جس کی وجہ سے نشوونما پانے والے بال وقت سے پہلے ہی ریٹائرمنٹ کی طرف مائل ہونے لگتے ہیں ۔ایسا عموماً سخت بیماری کے دوران ہو جاتاہے ۔
بیماری سے نجات پانے کے بعد بالوں کا سارا سسٹم نارمل ہو جاتاہے اور چند ماہ میں بال اپنی نشوونما پر آجاتے ہیں ۔ایک اور وجہ ہے بال جھڑنے کی ،جسے ٹریکسن ایلو پیسیا کہتے ہیں ۔اس میں جان بوجھ کر بالوں کیساتھ زیادتی کی جاتی ہے خوب کھینچ کر باندھا جاتاہے ۔پونی ٹیل اس کی ایک مثال ہے ۔اس کھنچاؤ سے بالوں کی جڑیں بتدریج کمزور ہو جاتی ہیں اور بالوں کی ساخت متاثر ہوتی ہے ۔
اس اکھاڑ پچھاڑ میں بہت سارے بال ٹوٹ جاتے ہیں ۔دوبارہ اگنے کا عمل اس وقت ہوتاہے جب ان پر کھنچاؤ کم ہوجاتاہے ۔کھنچاؤ کا یہ عمل جاری رہے تو بال جھڑنے سے روکنا مشکل ہو جائے گا۔
حمل کے دوران بھی بال تیزی سے جھڑنے لگتے ہیں اور اس کی وجہ حمل کے دوران اور بعد میں آپ کے جسم میں رونما ہونے والی تبدیلیاں ہیں۔ جیسے ہی آپ کا جسم نارمل ہوتاہے بالوں کی نشوونما جبھی نارمل ہو جاتی ہے ۔
بالوں کیساتھ محبت کا برتاؤ کریں ۔کنگھار کریں یا شیمپو یا برش،نرمی سے ہاتھ چلائیں ۔معیاری شیمپو استعمال کریں اور بالوں کو تھپکی دے کر خشک کریں ۔ڈرائیر کا استعمال بحالت مجبور کریں ۔بال اگر زیادہ گریں یا مردار سے لگیں تو سمجھ لیجئے کہ آپ کے جسم میں خون کی کمی ہے ۔اپنی غذا میں ایسی اشیاء کا اضافہ کریں جو خون بنانے میں معاون ثابت ہوتی ہیں ۔
مثلاً گاجر اور پالک وغیرہ۔
سخت بیماری سے بھی بال متاثر ہوتے ہیں ۔تیز بخار، ضرورت سے زیادہ وزن کا کم ہوجانا سر کا بار بار ایکسرے لیا جانا اور بعض دوائیں ۔یہ سب بالوں کونقصان پہنچاتے ہیں ۔
بالوں کو بھی غذا کی ضرورت ہوتی ہے انہیں صحت مند اور جوان رکھنے کے لئے معدنیات اور حیاتین کا استعمال زیادہ کریں ۔اسنیک فوڈ سے پرہیز کریں ۔
بالوں کو پروٹین(مچھلی ،مرغی، گاجر،اناج چاول ،دلیہ اور آٹا) اور تازہ سبزیاں ،سلاد اور تازہ پھل کی اشد ضرورت ہوتی ہے ۔وٹامن بی جس قدر استعمال کریں اتنا ہی فائدہ مند ہے ۔یہ بالوں کو بڑھنے ،مضبوط بنانے اور خوبصورت بنانے میں مددگارثابت ہوتی ہے ۔بالوں کو جھڑنے سے روکنے کا ایک سب سے سستا اور آسان نسخہ سرکی چمپی یعنی مالش ہے ۔خون میں وٹامن اور معدنیات ہوتی ہے ۔
یہ اشیاء سر کی کھال تک بھی پہنچتی چاہیں اور انہیں وہاں تک پہنچانے کا آسان طریقہ یہ ہے کہ سرکی مالش کی جائے ۔بالوں کے ماہرین کا کہنا ہے کہ بال جھڑنے کی نوے فیصد شکایت صرف سر کی مالش سے جاتی ہیں مالش سے بالوں کی نشوونما میں اضافہ ہوتاہے اور سب سے بڑا بونس یہ ملتاہے کہ اس عمل میں نہ تو پیسہ خرچ ہوتاہے اور نہ ہی زیادہ وقت صرف ہوتاہے ۔مالش کرنے کے لئے انگلیوں کے پوروں کو استعمال کریں ۔
(ناخن ہر گز نہ استعمال کریں )اپنی انگلیوں اور انگوٹھوں کو پورے سر پر ہولے ہوئے تھپتھپائیں ۔چمپی کرتی جائیں اور اس میں بتدریج تیزی پیدا کرتی جائیں ۔اس دوران سر کو بھی جنبش دیتی رہیں بہتر نتیجہ حاصل کرنے کے لئے سر میں تیل لگالیں ۔اس سے بالوں میں تیل جذب ہو جائے گااور کھوپڑی کے اندر بھی تیل چلا جائے گا۔ دونوں صورتوں میں آپ کو فائدہ ہے ۔مالش کرنے کے بعد بالوں کو اسی حالت میں جتنی دیر تک رکھ سکتی ہیں رکھیں ۔بعد میں دھولیں اور تھپتھپا کر خشک کریں۔

Browse More Hair Care, Hair Color & Hair Styling

Special Hair Care, Hair Color & Hair Styling article for women, read "Sar K Baal Jharna" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.