Sardiyon Mein Balon Ki Hifazat Kaise - Article No. 3022

Sardiyon Mein Balon Ki Hifazat Kaise

سردیوں میں بالوں کی حفاظت،کیسے - تحریر نمبر 3022

بہت سی خواتین اس کی روک تھام مختلف شیمپوز،تیل اور دواؤں کے ذریعے کرتی ہیں

ہفتہ 3 دسمبر 2022

آمنہ ماہم
سردیوں میں بالوں کے مسائل میں اضافہ ہو جاتا ہے اور عام طور پر بال خشک اور بے رونق بھی ہونے لگتے ہیں۔بہت سی خواتین اس کی روک تھام مختلف شیمپوز،تیل اور دواؤں کے ذریعے کرتی ہیں۔دوسری جانب قدرت نے ہمیں بے شمار سبزیوں،پھلوں اور غذائی اجناس سے نوازا ہے کہ ہم اپنے جسم کو توانائی دینے کے ساتھ ساتھ بالوں کے مسائل پر بھی آسانی سے قابو پا سکتے ہیں،کیونکہ ہم جو کچھ کھاتے ہیں اس کا براہ راست اثر ہمارے بالوں پر بھی پڑتا ہے۔
آپ کو آج ہم ایسی چیزوں کے بارے میں بتاتے ہیں جنہیں آپ اپنی روزمرہ خوراک میں شامل کرکے خاص طور پر سردیوں میں بالوں کے مسائل سے چھٹکارا حاصل کر سکتی ہیں۔
وٹامن سی غدود کی رطوبت میں اضافے کا باعث ہیں جو بالوں کو قدرتی طور پر مضبوط بناتی ہیں۔

(جاری ہے)

وٹامن سی کے حصول کے لئے پالک،پپیتا،شملہ مرچ،اسٹرابیری،انناس اور مالٹے کا استعمال زیادہ کریں۔

شملہ مرچیں،سرخ سبز اور پیلے رنگ کی ہوتی ہیں جو وٹامن سی کا بہترین ذریعہ ہیں اور بالوں کی صحت کے لئے انتہائی ضروری ہیں۔وٹامن سی دراصل اس بات کی یقین دہانی کرواتا ہے کہ خون میں سرخ ذرات کافی مقدار میں موجود ہیں جو آکسیجن کی مطلوبہ مقدار بالوں کی جڑوں تک پہنچاتے ہیں۔وٹامن سی کی کمی سے ہی بال خشک ہو کر پھٹ جاتے ہیں اور خشکی کے باعث کمزور ہو کر گرنے لگتے ہیں۔
خوراک کے ذریعے وٹامن سی کی کمی کو دور کرکے بالوں کے مسائل سے باآسانی نمٹا جا سکتا ہے۔
جن غذاؤں میں زنک پایا جاتا ہے سردیوں میں ان کا استعمال بھی بڑھا دیں کیونکہ زنک مختلف ہارمونز میں باقاعدگی لا کر بالوں کو گرنے سے روکتا ہے۔پالک،مچھلی،اناج،کدو،سرسوں کا ساگ،مرغی کا گوشت اور خشک میوہ جات زنک کے حصول کا بہترین ذریعہ ہیں۔سردیوں کے موسم میں گاجر کی فراوانی ہوتی ہے،جگہ جگہ گاجریں سستے داموں دستیاب ہیں۔
ایسے میں ان سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں اور گاجر کا استعمال کریں۔اس میں بیٹاکیروٹین ہوتا ہے جس سے وٹامن اے بنتا ہے۔اگر آپ کے اندر وٹامن اے کی کمی واقع ہو جائے تب بھی بال پتلے اور بے جان ہونے لگتے ہیں۔لہٰذا اس مسئلے سے نجات کے لئے گاجر کا استعمال زیادہ کریں،اس کا جوس آپ کے بالوں کو مضبوط اور توانا کرے گا۔
بالوں کو مضبوط کرنے اور ان کی نشوونما کے لئے پروٹین کا حصول بھی ضروری ہے۔
دودھ،مسور کی دال،مچھلی،سفید گوشت،دہی،پنیر،لوبیا،انڈا اور سویابین پروٹین کے حصول کا بہترین ذریعہ ہیں۔ان کے استعمال سے گرتے ہوئے بالوں کو روکنے میں مدد ملتی ہے۔انڈے کی زردی،سرخ گوشت،پتوں والی سبزیاں،خشک میوہ جات،لوبیا،مسور کی دال اور سویابین کا استعمال بھی ان سردیوں میں یقینی بنائیں۔ان میں آئرن زیادہ پایا جاتا ہے جو بالوں کی بہترین نشوونما کے لئے نہایت ضروری ہے۔
اس کے علاوہ مسور کی دال بھی آئرن اور پروٹین کا بہترین ذریعہ ہے جو خلیوں کی نشوونما کے لئے اہم ہے،ان میں بالوں کے خلیے بھی شامل ہیں۔
ماہرین کے مطابق اپنی خوراک میں ایسی غذا کا استعمال کریں جس میں اومیگا تھری فیٹی ایسڈ پایا جاتا ہو،کیونکہ یہ باآسانی سر کی جلد تک پہنچ کر بالوں کی جڑوں کو مضبوط بناتا ہے۔یاد رکھیں کہ مچھلی اور خشک میوہ جات اومیگا تھری فیٹی ایسڈ کے حصول کے بہترین ذریعہ ہیں۔
بالوں کے مسائل سے نجات حاصل کرنے کے لئے فولک ایسڈ کا حصول بھی بے حد ضروری ہے۔پالک،آئرن اور فولک ایسڈ کا بہترین ذریعہ ہے،لہٰذا یہ پتوں والی پالک بالوں کی نشوونما اور انہیں مضبوط بنانے کے لئے انتہائی مفید ہے۔فولک ایسڈ خون کے سرخ ذرات کو پیدا کرتا ہے جو بالوں کی جڑوں تک آکسیجن کی فراہمی کو ممکن بناتا ہے،پالک کو باقاعدگی سے اپنے سلاد کا حصہ بنائیں۔

Browse More Hair Care, Hair Color & Hair Styling

Special Hair Care, Hair Color & Hair Styling article for women, read "Sardiyon Mein Balon Ki Hifazat Kaise" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.