Serum - Shampoo Or Conditioner Se Hat Kar - Article No. 2415

Serum - Shampoo Or Conditioner Se Hat Kar

سیرم ․․․ شیمپو اور کنڈیشنر سے ہٹ کر - تحریر نمبر 2415

بالوں کو سنوارنے کا کیمیائی انداز

جمعہ 4 ستمبر 2020

جویریہ ملک
ہم میں سے کئی خواتین روکھے،بے جان اور گھنگریالے بالوں سے پریشان نظر آتی ہیں ہزاروں روپے لگا کر بالوں کو سیلون ٹریٹمینٹس کے ذریعے نرم و ملائم اور چمکدار بنانا ہر کسی کے لئے ممکن نہیں۔ایسے میں بالوں کے لئے مخصوص سیرم خواتین کے لئے کسی نعمت سے کم نہیں۔کئی لوگوں کا خیال ہے کہ سیرم اور تیل ایک ہی طرز کی مصنوعات ہیں جبکہ ایسا ہر گز نہیں۔
ہر پراڈکٹ کسی مخصوص مقصد کے لئے بنائی جاتی ہے۔ جو کام شیمپو کر سکتا ہے وہ کنڈیشنر نہیں۔اسی طرح جو فوائد سیرم سے حاصل کئے جاتے ہیں ان کا حصول تیل کے ذریعے ممکن نہیں۔
سیرم بنیادی طور پر موٴثر ترین کیمیائی جزو سیلیکون سے تیار کی جانے والی پراڈکٹ ہے جوبے جان ،روکھے اور گھنگریالے بالوں کو نم رکھنے اور چمکدار بنانے میں اہم کردار ادا کرتاہے۔

(جاری ہے)

دن بھر کی دھول مٹی،آلودگی،سورج کی بنفشی شعاعوں اور موسم کی تبدیلی کے سبب ہمارے بال مختلف مسائل کا شکار ہو جاتے ہیں۔سیرم ہمارے بالوں کے لئے حفاظتی پرت کا کام سر انجام دیتا ہے جو انہیں مختلف نقصانات سے محفوظ رکھنے میں موٴثر ثابت ہوتا ہے۔
ایسی خواتین جن کے قدرتی طور پر سیدھے،ریشمی اور چمکدار بال ہیں ان کے لئے بھی سیرم کا استعمال مفید ہے۔
کیونکہ ماحولیاتی آلودگی اور موسم کی تبدیلی کے علاوہ بالوں کی دیکھ بھال کی دیگر مصنوعات میں موجود کیمیائی اجزاء اور بالوں کو سنوارنے کے لئے استعمال کئے جانے والے آلات مثلاً Straightenerاور Hair Dryerکی حرارت سے بھی بال متاثر ہوتے ہیں۔
تاہم وہ خواتین جن کے گھنگریالے بال ہیں ان کے لئے سیرم انتہائی موٴثر ہے۔یہ بالوں کا گھنگریالا پن دور کرکے انہیں الجھنے سے بھی بچاتا ہے۔
بالوں کا روکھا پن ختم کرکے اور ان میں نئی چمک پیدا کرنے میں بھی یہ موٴثر ثابت ہوتا ہے۔یہ بالوں کو مضبوط اور صحت مند بنانے میں مدد دیتا ہے۔اگر آپ کسی دعوت وغیرہ میں جارہی ہیں اور ہیئر اسٹائل بنانے کا وقت نہ ہوتو صرف سیرم کا استعمال کرکے بھی آپ بالوں کی خوبصورتی میں اضافہ کر سکتی ہیں۔بار بار بلو ڈرائی اور اسٹریٹنر کے استعمال سے بال کمزور ہونے کے سبب ٹوٹنے لگتے ہیں۔
ایسے میں اگر بال سیدھے کرنے سے پہلے سیرم کا استعمال کر لیا جائے تو بال ٹوٹنے سے محفوظ رہتے ہیں۔
طریقہ استعمال
بالوں کو شیمپو کرنے کے بعد کنڈیشنر کا استعمال کریں پانچ سات منٹ کے بعد انگلیوں کی مدد سے الجھے بال سنوارتی جائیں اور اچھی طرح دھو کر صاف کرلیں۔اب سیرم کی تھوڑی سی مقدار لے کر اسے ہتھیلی پر پھیلا لیں اور نیچے سے اوپر کی جانب بالوں پر لگائیں۔
اسے بالوں پر براہ راست اسپرے کرنے کی غلطی ہر گز نہ کریں۔نہ ہی اسے تیل کی مانند چندیا میں لگانا درست ہے۔سیرم کا استعمال ہلکے گیلے بالوں میں زیادہ موٴثر ثابت ہوتا ہے۔تاہم اگر آپ بال سنوارنے سے پہلے خشک بالوں میں سیرم لگانا چاہتی ہیں تو اسے کم سے کم مقدار میں استعمال کریں کیونکہ ممکن ہے کہ ضرورت سے زیادہ استعمال آپ کے بالوں کو چکنا کر دے۔

احتیاطی تدابیر
سیرم ہمیشہ ماہر حسن کے مشور ے سے استعمال کرنا بہتر ہے۔ممکن ہو تو شیمپو،کنڈیشنر اور سیرم ایک ہی کمپنی کا استعمال کریں تاکہ زیادہ بہتر نتائج حاصل ہوں۔
اگر سیرم کے استعمال کے دوران آپ کو اپنے بال ضرورت سے زیادہ خشک محسوس ہوں تو اپنے سیرم کا برانڈ تبدیل کرلیں اور اپنے بالوں کی ساخت اور قسم کے مطابق سیرم کا انتخاب کریں۔

سیرم زیادہ لمبے عرصے تک استعمال کرنا صحت بخش نہیں کیونکہ اس میں موجود سیلیکون بالوں اور ذہنی صحت کے لئے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔اس لئے بہتر ہے کہ اس کا استعمال وقفے کے ساتھ بوقت ضرورت ہی کیا جائے۔
سیرم لگاتے وقت خیال رہے کہ یہ سر کی جلد پر نہ لگنے پائے کیونکہ اس کے سبب سوزش ہونے کا خدشہ رہتا ہے۔اسی لئے استعمال کے دوران ہمیشہ اسے براہ راست بالوں پر لگانے سے گریز کریں۔

Browse More Hair Care, Hair Color & Hair Styling

Special Hair Care, Hair Color & Hair Styling article for women, read "Serum - Shampoo Or Conditioner Se Hat Kar" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.