Siyah Ghaneeri Zulfoon K Peech O Kham - Article No. 2378

Siyah Ghaneeri Zulfoon K Peech O Kham

سیاہ گھنیری زلفوں کے پیچ وخم - تحریر نمبر 2378

چینی کا کم استعمال بالوں کو سفید ہونے سے روک سکتا ہے

جمعہ 26 جون 2020

راحیلہ مغل
کوئی خاتون جتنی بھی حسین ہو ،جلد بے داغ ہو یا ہاتھ پیر خوب صورت ہوں،لیکن اگر اس کے بال روکھے اور بے جان ہوں تو اس کا حُسن نا مکمل لگتا ہے۔گھنے سیاہ اور ریشم جیسے ملائم بال نہ صرف خواتین کے حُسن میں چار چاند لگا دیتے ہیں،بلکہ ان کی شخصیت کو بھی باوقار بناتے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ خصوصی طور پر مشرقی خواتین اپنے بالوں کے حوالے سے بہت حساس ہوتی ہیں اور وہ اپنے بالوں کو خوب صورت اور جاذب نظر بنانے کے لئے آئے دن بیوٹی پارلروں میں جاکر کوئی نہ کوئی ٹریٹمنٹ کرواتی رہتی ہیں۔
لیکن ٹریٹمنٹ سے وقتی طور پر تو بال خوب صورت اور چمک دار دکھائی دیتے ہیں،لیکن کچھ ہی دنوں بعد کیمیکل کے استعمال کی وجہ سے وہ پہلے سے بھی زیادہ بے رونق اور بے جان ہو جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

بالوں کی نشوونما بڑھانے اور انہیں صحت مند ،سیاہ اور چمک دار بنانے کے لئے سب سے پہلے خوراک پر توجہ دینے کی ضرورت ہے،کیونکہ ہماری غذا ہی دراصل ہماری جلد اور بالوں پر اثر انداز ہوتی ہے،لیکن عام طور پر لڑکیاں اور خواتین انڈہ بالوں میں تو ہر ہفتے لگا لیں گی،لیکن اپنی غذا میں شامل کرنے سے گریز کریں گی اور یہی بنیادی غلطی ہے،کیونکہ جب تک خواتین اپنی غذا میں پروٹین والی خوراک جیسے مچھلی،دودھ اور انڈہ شامل نہیں کریں گی،تب تک ان کے گھنے سیاہ اور ریشم جیسے بالوں کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا۔


اکثر خواتین کے بال گھنے ہوتے ہیں،لیکن لمبے نہیں ہوتے،اس لئے وٹامن سی کا استعمال بہت مفید ہوتا ہے،جوبالوں کو تیزی سے بڑھنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔کچھ خواتین کے بال لمبے تو ہوتے ہیں،لیکن بہت پتلے اور کمزور ہوتے ہیں،جس کی وجہ سے کوئی بھی ہیئر اسٹائل سر پر اچھا نہیں لگتا۔اس کا آسان حل یہ ہے کہ ایسی خواتین اپنی خوراک میں بادام اخروٹ اور السی کے بیج شامل کریں ،ان میں شامل اجزاء بالوں کی نشوونما کے لئے انتہائی مفید ہیں۔
یہ کمزور اور پتلے بالوں کو مضبوط اور گھنا کرنے میں مفید ثابت ہوتے ہیں۔ہمارے سر اور بال ایک پودے کی طرح ہیں،جس طرح اگر کسی پودے کا خیال نہ رکھا جائے،اسے بروقت پانی نہ دیا جائے ،تو وہ کچھ دنوں کے بعد کھلا جاتا ہے۔
اسی طرح اگر بالوں کا خیال نہ رکھا جائے تو وہ بھی روکھے اور بے جان ہو جاتے ہیں۔غذائی احتیاط کے علاوہ بھی کچھ احتیاطیں ہیں، جس کی مدد سے بالوں کی حفاظت کی جا سکتی ہے۔
ماہرین صحت کے مطابق چینی،نمک اور مشروبات کا بہت زیادہ استعمال قبل ازوقت بالوں میں سفیدی کا باعث بنتا ہے،ماہرین صحت کے مطابق وٹامن ای صحت مند بالوں کے لئے بہت ضروری ہے مگر چینی اس وٹامن کے جذب ہونے کے عمل کو روک دیتی ہے ،اس لئے بال سفید ہونا شروع ہو جاتے ہیں،چینی کا کم استعمال بالوں کو سفید ہونے سے روک سکتا ہے۔
دراصل حسین نظر آنے کے لئے بالوں کی خوبصورتی بہت اہمیت رکھتی ہے،جس کا خیال ہر ایک کو ہونا ہے۔
مرد اور خواتین دونوں ہی اپنے بال خوبصورت دیکھنا چاہتے ہیں کیونکہ گھنے اور لمبے بال ہمیشہ سے ہی مرد اور عورت کی کمزوری رہے ہیں۔تاہم لمبے اور گھنے بال ایک دن میں حاصل نہیں کیے جا سکتے،اس کے لئے آپ کو کافی محنت کرنا پڑتی ہے۔بس آپ کو بنیادی معلومات اور طریقے آنے چاہئیں،جس کے ذریعے آپ اپنا یہ خواب پورا کر سکیں۔اس سلسلے میں آپ کو غذائی اور غیر غذائی دونوں طریقوں پر کام کرنا ہو گا۔

بالوں کو تراشنا
بالوں کو جلدی لمبا کرنے اور صحت مند بنانے کے لئے ضروری ہے کہ بالوں کی باقاعدگی سے قلم سازی کی جائے،یعنی بالوں کو آدھے سے ایک انچ تک ترشوایا جائے۔اس طرح کرنے سے بالوں کی صحت اچھی ہو تی ہے اور وہ تیزی سے بڑھتے ہیں۔
بالوں کا مساج
ہفتے میں ایک سے دو بار نیم گرم تیل سے بالوں کا مساج کرنے سے نہ صرف خشکی دور ہو جاتی ہے،بلکہ بال بھی مضبوط ہوتے ہیں ۔
آج کل مردوں کے ساتھ خواتین بھی ’گنج پن‘کی وجہ سے بے حد پریشان ہیں۔یہاں تک کہ کچھ لوگ اسی وجہ سے بالوں کی پیوندکاری وغیرہ جیسے طریقوں سے رجوع کرنے پر مجبور ہو جاتے ہیں،لیکن اگر بال گرنے کی ابتدا میں کچھ تدابیر کی جائیں تو گنج پن سے محفوظ رہا جا سکتا ہے، جیسا کہ خشک بالوں میں نہانے سے پہلے سرسوں کے تیل کی ہلکی مالش کریں یا رات کو سر پر تیل لگالیں اور صبح سر دھولیں،اس سے بھی بال گرنا بند ہو جاتے ہیں۔
اس کے علاوہ اگر میتھی کے بیج کے دو بڑے چمچے رات بھر پانی میں بھگو دیں اور صبح اس کا لیپ بنا کر پورے سر میں لگائیں ایک یا ڈیڑھ گھنٹے بعد ریٹھا اور سکا کائی کے محلول سے دھولیں۔ ٹھنڈے پانی سے سر دھو کر پانچ سے 10منٹ تک انگلیوں کی پوروں سے مساج کریں،یہ گنج پن کا بہترین علاج ہے۔تیل کا استعمال بھی بال لمبے اور گھنے کرنے میں مدد کرتا ہے۔شیمپو کرنے سے دو گھنٹے پہلے تیل کا استعمال ضروری ہے۔
اس کے لئے بادام کا تیل،زیتون کا تیل ،کھوپرے کا تیل اور سرسوں کا تیل بہترین ہیں،جو بالوں کی نشوونما میں مدد کرتے ہیں۔تیل کو بالوں میں اچھی طرح جذب کرنے کے دو آسان طریقے ہیں۔پہلا یہ کہ تیل کو نیم گرم کرکے رات کو سونے سے پہلے لگا لیا جائے اور صبح اُٹھ کر شیمپو کر لیا جائے۔دوسرا یہ کہ شیمپو کرنے سے دو گھنٹے پہلے تیل لگا کر سر کو نیم گرم پانی میں ہلکے بھیگے تولیے سے لپیٹ لیا جائے۔
اس سے بالوں کے مسامات کھل جائیں گے اور تیل جذب ہو جائے گا۔
شیمپو اور کنڈیشنر کا کم استعمال
اکثر لوگ روزانہ بالوں کو شیمپو سے دھوتے ہیں کیونکہ ان کا خیال ہے کہ سر میں روزانہ مٹی اور گندگی آجاتی ہے جبکہ ماہرین کے مطابق روزانہ بالوں کو شیمپو سے دھونا ایک اچھا عمل نہیں اور یہ کہ شیمپو کا استعمال کم ازکم دو دن کے وقفے سے کرنا چاہیے۔
شیمپو میں موجود سلفیٹ اور دیگر کیمیکل بالوں کو نقصان پہنچاتے ہیں جس سے وہ روکھے،بے جان اور باریک ہونا شروع ہو جاتے ہیں۔لہٰذا ضروری ہے کہ آپ شیمپو کا استعمال کم سے کم کریں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ آپ صرف پانی سے بالوں کو اچھی طرح دھولیں کیونکہ اس طرح بال نرم اور خشکی سے پاک ہو جائیں گے جبکہ بالوں میں موجود مٹی بھی صاف ہو جائے گی۔
غذا کا خیال
یہ بات یاد رکھیں کہ آپ جو کھاتی ہیں دہی آپ کے بالوں اور جلد پر اثر کرتا ہے ۔
اگر آپ لمبے بال چاہتی ہیں تو آپ اپنی غذا میں پروٹین کی مقدار بڑھا دیں ،ایسی غذا جس میں معدنیات جیسے کاپر ،رُنک ،تینیشیم وغیرہ شامل ہو،وہ بھی بال لمبے کرنے میں مدد کرتی ہے۔بالوں کی بنیادی ضرورت پروٹین ہے،جس پر ان کی خوبصورتی کا انحصار ہوتاہے۔پروٹین کے لئے ضروری ہے کہ انڈے کو اپنی غذا میں شامل کریں کیونکہ انڈہ کھانے سے جسم میں پروٹین کی مقدار بڑھتی ہے جو کہ خالص اور قدرتی طور پر پروٹین سے بھر پور ہوتا ہے ۔
جس سے بال لمبے اور گھنے ہوتے ہیں۔روزانہ ایک لیموں وٹامن سی حاصل کرنے کے لئے مفید ہے۔ایک گلاس لیموں کا پانی پینے سے وٹامن سی کی فراہمی وافر مقدار میں ہوتی ہے،جو دماغ کی باریک شریانوں کو بالوں سے جوڑتی ہے اور بالوں کو تیزی سے بڑھنے میں مدد فراہم کرتی ہیں۔نارنجی میں بھی وٹامن سی کی بھر پور مقدار پائی جاتی ہے۔بادام،اخروٹ اور السی کے بیج میں اومیگا 3فیٹی ایسڈ پایا جاتاہے،جو بالوں کی نشوونما کے لئے انتہائی مفید ہے۔
یہ کمزور اور پتیلے بالوں کو مضبوط اور گھنا کرنے میں آسانی پیدا کرتاہے۔گندم میں وافر مقدار میں بائیوٹن پایا جاتا ہے۔اس سے آئرن ،زنک اور وٹامن بی بھی حاصل ہوتا ہے۔بائیوٹن کی ضرورت خلیوں کو پھیلانے کے لئے درکار ہوتی ہے جو کہ امینو ایسڈ کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرتاہے،جس کے تحت بالوں کی نشوونما حاصل ہوتی ہے۔گاجر کا جوس تیزی سے بالوں کی قوت مدافعت کو بڑھا کر انہیں لمبا ہونے میں مدد دیتا ہے۔اس کی وجہ سے جسم میں ٹشوز تیزی سے بڑھتے ہیں۔جسم میں وٹامن اے کی مقدار کو بڑھنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔

Browse More Hair Care, Hair Color & Hair Styling

Special Hair Care, Hair Color & Hair Styling article for women, read "Siyah Ghaneeri Zulfoon K Peech O Kham" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.