Arq E Gulab Aap Ke Husn Ka Muhafiz - Article No. 3089

Arq E Gulab Aap Ke Husn Ka Muhafiz

عرقِ گلاب آپ کے حُسن کا محافظ - تحریر نمبر 3089

جلد کی حفاظت کے لئے عرقِ گلاب کے مفید نسخے

بدھ 8 مارچ 2023

خشک موسم میں انسانی جلد خشک ہو جاتی ہے۔اس سے چہرے کے خدوخال میں کھنچاؤ کی سی کیفیت پیدا ہو جاتی ہے اور جلد پھٹنے لگتی ہے۔خشکی سے چہرے کے علاوہ ہاتھوں کی جلد بھی بری طرح متاثر ہوتی ہے۔بعض اوقات پورے بدن پر جلدی بیماریاں ظاہر ہونے لگتی ہیں۔جن سے بچاؤ کے لئے مختلف قسم کے طریقہ علاج آزمائے جاتے ہیں۔معالجین جلدی بیماریوں میں عرقِ گلاب استعمال کرنے کا مشورہ بھی دیتے ہیں۔
عرقِ گلاب جلدی امراض کے علاوہ بھی کئی امراض میں مفید تصور کیا جاتا ہے۔سردیوں کے دوران انسانی جلد بالخصوص عورتوں اور بچوں کی جلد کو جو عوارض لاحق ہوتے ہیں،عرقِ گلاب ان کے لئے بہت مفید ہے۔یہاں ہم جلد کی حفاظت کے لئے عرقِ گلاب کے کئی فائدوں میں سے چند تحریر کر رہے ہیں۔
عرق گلاب جلد کی قوت بڑھاتا ہے۔

(جاری ہے)

یہ جلد میں پانی کی صحیح مقدار قائم رکھنے میں مددگار ہے،اس سے جلد ملائم،چمکدار اور ہموار رہتی ہے۔


عرق گلاب،جلد سے پانی کے ضرورت سے زیادہ اخراج کو روکتا ہے۔ایسے مرد و خواتین جنہیں زیادہ پسینہ آتا ہے،انہیں عرق گلاب استعمال کرنا چاہیے۔
سردیوں میں ہماری جلد بہت زیادہ خشک ہو جاتی ہے۔اس کی وجہ سے جلدی امراض مثلاً ایگزیما لاحق ہو جاتا ہے،عرق گلاب اس بیماری سے بچاتا ہے۔
سردیوں میں بچوں کے چہرے پر سفید اور کھردرے نشان بن جاتے ہیں۔
یہ نشان اکثر جلدی بیماری کے سبب ظاہر ہوتے ہیں۔بہت سے ڈاکٹر عرقِ گلاب اور گلیسرین ملا کر بچوں کے چہرے اور جسم پر لگانے کی ہدایت کرتے ہیں۔
فیکٹریوں میں کام کرنے والے مزدور،مستری،وغیرہ ایسے لوگ ہیں جنہیں سیمنٹ اور کیمیکلز سے الرجی ہو جاتی ہے۔ان کی جلد سرخ اور سخت ہو کر پھٹنے لگتی ہے جبکہ ہاتھ پاؤں بھی پھٹ جاتے ہیں،جس کی وجہ سے وہ کام نہیں کر سکتے۔
اس کے لئے عرق گلاب میں گلیسرین کی آمیزش کر کے استعمال کرایا جاتا ہے۔
جھائیوں سے نجات اور جلد کی رنگت میں نکھار کے لئے جلدی امراض کے بعض ماہر عرق گلاب کو ترجیح دیتے ہیں۔چہرے کی خشکی اور جھریوں سے بچنے اور رنگت گوری کرنے کے لئے عرق گلاب میں گلیسرین ملا کر استعمال کی جائے تو مطلوبہ نتائج برآمد ہوں گے۔
گھریلو خواتین جن کے ہاتھوں کی انگلیاں کپڑے اور برتن دھونے والے صابن سے کھردری ہو کر پھٹ جاتی ہیں۔
ایسی خواتین گلیسرین اور عرق گلاب روزانہ تین چار مرتبہ استعمال کر لیں تو اس مسئلے سے بچا جا سکتا ہے۔
سردیوں میں اکثر مرد و خواتین کی ایڑیاں پھٹنے لگتی ہیں،اگر وہ عرق گلاب اور گلیسرین کا مکسچر لگائیں تو ان کا یہ مسئلہ حل ہو جائے گا۔
عرق گلاب،زیتون اور شہد کے ساتھ مل کر جلد اور معدہ کی حفاظت کرتا ہے۔اس سے قبض دور ہو جاتا ہے اور انتڑیاں جراثیم سے پاک و صاف ہو جاتی ہیں۔

عرق گلاب جلدی امراض کے علاوہ بھی کئی عارضوں میں مفید ہے۔برصغیر کے طبی ماہرین صدیوں سے عرق گلاب کو آنکھوں کے لئے مفید بتاتے آئے ہیں۔آج ماحولیاتی آلودگی کے دور میں اس کا استعمال ناگزیر محسوس ہوتا ہے۔گرد و غبار اور دھوئیں کے مضر اثرات سے بچنے کے لئے آنکھوں میں خالص عرق گلاب کے چند قطرے ڈال لینے سے آنکھوں کی صفائی ہو جاتی ہے۔عرق گلاب آنکھوں کو صاف ستھرا رکھ کر جراثیم سے محفوظ کر دیتا ہے۔
آشوب چشم میں عرق گلاب کے چند قطرے بہت موٴثر ہوتے ہیں۔عرق گلاب آنکھوں کا ایک ایسا محافظ ہے جس سے ناصرف بصارت تیز ہوتی ہے بلکہ آنکھوں میں چمک بھی پیدا ہوتی ہے اور آنکھوں کا گدلا پن دور ہو جاتا ہے۔کمپیوٹر پر کام کرنے والے افراد روزانہ خالص عرق گلاب کے چند قطرے آنکھوں میں ڈال لیا کریں تو ان کی آنکھیں مضر اثرات سے بچ سکتی ہیں۔
عرق گلاب جلد کی قوت مدافعت میں اضافہ کرتا ہے اور جلد کی نچلی تہوں میں پانی کی مقدار قائم رکھنے کے لئے بھی مددگار ہے۔
عرق گلاب سے روزانہ چہرہ دھویا جائے تو جلد ملائم،چمکدار اور صحت مند رہتی ہے۔نہانے کے پانی میں چند قطرے عرق گلاب کے شامل کر لیے جائیں تو ان سے جلد معطر ہو جاتی ہے۔
عرق گلاب دل اور دماغ کے لئے ایک مقوی اور راحت آمیز دوا ہے۔یہ کمزور دل اور دماغ کو توانا اور چست کر دیتا ہے۔ڈپریشن اور اعصابی دباؤ کی وجہ سے اکثر لوگ سکون آور ادویات کا استعمال کر رہے ہیں۔
اگر عرق گلاب،شہد اور اسپغول کو اپنی خوراک کا حصہ بنا لیا جائے تو ان عوارض سے حفاظت ہو سکتی ہے۔ذہنی و اعصابی دباؤ میں مبتلا لوگوں کے لئے یہ قدرتی اشیاء ایک مفید نسخہ ہیں۔یہ اعصاب کو مضبوط اور ذہن کو توانا بنا دیتی ہیں۔
چالیس پچاس سال پہلے جب مصنوعی اور کیمیاوی کاسمیٹکس کا رجحان نہیں تھا،تو خواتین اپنے چہرے کی دلکشی کے لئے قدرتی اجزاء سے تیار کی ہوئی اشیاء ہی استعمال کرتی تھیں،اس سے ان کی صحت و تندرستی اور حسن و شادابی نوجوانوں کی طرح برقرار رہتی تھی۔
قدرتی اشیاء اور جڑی بوٹیوں کے استعمال سے ان کا چہرہ شفاف اور تروتازہ رہتا تھا۔ایسی خواتین حسن زیبائش کے لئے اور خصوصاً جلدی امراض سے بچنے کے لئے گلاب کا عرق اور لیموں کا رس استعمال کیا کرتی تھیں۔آج جدید طب نے بھی ان دونوں چیزوں کو دلکشی اور جلد کی صحت کا محافظ قرار دیا۔
جدید سائنس کا ماننا ہے کہ خوشبو سے علاج کے ضمن میں عرق گلاب اثر انگیزی میں سب سے نمایاں ہے۔
اس کے سونگھنے سے گرمی کا سر درد لمحوں میں رفع ہو جاتا ہے اور دماغی تھکان سے نجات مل جاتی ہے۔گلاب یا عرق گلاب سونگھنے سے دماغ اور دل کو تقویت ملتی ہے۔بعض اطباء کا تو یہ خیال ہے کہ جس انسان کا دماغ کمزور اور مزاج گرم ہو تو وہ بطور علاج عرق گلاب سونگھا کریں۔یہ سستی دور کر کے بدن میں چستی بھی پیدا کر دیتا ہے۔
سخت گرمیوں میں دو چمچ شہد ایک گلاس پانی میں گھول کر اس میں چند قطرے عرق گلاب کے ملا لیے جائیں تو یہ فرحت بخش مشروب بن جاتا ہے۔
اس سے بدن کی گرمی دور ہو جاتی ہے اور یہ گرمی کی شدت سے بھی بچاتا ہے۔عرق گلاب کے چند قطرے مشروبات میں ملانے سے فرحت اور تازگی کا احساس ہوتا ہے۔جب اسے میٹھے کھانوں خصوصاً کیک،پڈنگ،فرنی وغیرہ میں استعمال کیا جائے تو اس کا ذائقہ ایک نئی لذت کا سبب بن جاتا ہے۔
ہمارے ہاں اکثر لوگوں کو مسوڑھوں کی بیماریاں لاحق ہو جاتی ہیں۔عرق گلاب دانتوں اور منہ کی بیماریوں کے لئے سستی اور پر اثر دوا ہے۔

عرق گلاب کی یہ خصوصیت ہے کہ اگر اسے پیا جائے تو یہ معدہ کے تعفن اور قبض کو دور کرتا ہے۔طبیعت کے بھاری پن اور بدہضمی کو ختم کر دیتا ہے۔اس کے استعمال سے منہ میں پانی آنا بھی بند ہو جاتا ہے۔عرق گلاب کو دانتوں اور مسوڑھوں کے امراض کے لئے استعمال کرنا مفید پایا گیا ہے۔عرق گلاب چند قطرے پانی میں ڈال کر کلیاں کی جائیں تو مسوڑھوں سے خون آنا بند ہو جاتا ہے۔

ایسے لوگ جنہیں زیادہ بولنا پڑتا ہے،عرق گلاب اور شہد استعمال کرنا چاہئے۔اس سے آواز صاف ہوتی ہے۔جدید ریسرچ کے مطابق شہد اور عرق گلاب کو چاٹ لینے سے حلق کی خشکی دور ہو جاتی ہے۔عرق گلاب کی ایک خوبی یہ بھی ہے کہ اگر منہ میں چھالے پڑ جائیں تو عرق گلاب نیم گرم کر کے کلیاں کرنے سے منہ کے چھالے بھی ختم ہو جاتے ہیں۔

Browse More Skin Care

Special Skin Care article for women, read "Arq E Gulab Aap Ke Husn Ka Muhafiz" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.