Barsat Ka Mausam Masail Ka Mausam - Article No. 2937

Barsat Ka Mausam Masail Ka Mausam

برسات کا موسم مسائل کا موسم - تحریر نمبر 2937

رکھیں جلد اور بالوں کا خیال

جمعہ 29 جولائی 2022

راحیلہ مغل
بارش کا خوبصورت موسم ہر کسی کو پسند ہے،سورج کا بادلوں کے ساتھ آنکھ مچولی کھیلنا کبھی دھوپ کبھی چھاؤں،قوس و قزح کے رنگوں کا افق پہ بکھرنا کبھی نرم نرم بوندوں کا مٹی کو مہکانا تو کبھی موسلا دھار بارش کا دن رات برسنا،کبھی بادلوں کا گرجنا اور کبھی بجلی کا چمکنا۔بارش کا موسم کتنا حسین خوشگوار،دلکش اور سہانا ہوتا ہے جب ہر چیز نکھری نکھری اور دھلی دھلی نظر آتی ہے اور سبز و آنکھوں کو ٹھنڈک بخشتا ہے۔
لیکن اس موسم کو مسائل کا موسم بھی کہا جاتا ہے کیونکہ اس موسم میں جلد کے مسائل،بالوں کے مسائل خواتین کو پریشان کر دیتے ہیں لہٰذا اس آرٹیکل میں موسم کی مناسبت سے خواتین کے جلد اور بالوں کے مسائل کے بارے میں بات کریں گے اور ان کا حل بھی بتائیں گے۔

(جاری ہے)


بارش کا موسم خواتین کو پسند تو ہوتا ہے لیکن اس موسم میں کچھ مسائل بھی درپیش ہوتے ہیں جن سے وہ متاثر ہوتی ہیں مگر خود کو تروتازہ اور پُرسکون رکھنے کے لئے مزید دیکھ بھال کی طرف توجہ دیتی ہیں۔

بارش کے دنوں میں جلد کے حوالے سے جو سب سے بڑی پریشانی ہوتی ہے وہ ہے فنگس انفیکشن یہ عموماً گیلی جلد پر اپنا وار کرتا ہے۔گیلی جلد بھیگ بھیگ کر یا مسلسل بھیگنے سے نرم ہو جاتی ہے اور ایسے میں فنگس کا آسان ہدف بن جاتی ہے۔بارش کے دنوں میں اگر جلد خشک ہونے لگے تو عرق گلاب اور گلیسرین کا مکسچر رات کو سونے سے قبل چہرے پر لگائیں یا بادام اور شہد کا پیسٹ بھی بنا سکتی ہیں اسے بیس منٹ تک چہرے پر لگا رہنے دیں۔

اس سے چہرے کی جلد نرم ہو جائے گی۔بارش کے موسم میں زیادہ متاثر چکنی جلد ہوتی ہے۔واٹر بیسڈ موئسچرائزر کا استعمال مناسب ہوتا ہے۔دن میں تین بار اپنے چہرے کو دھوئیں۔بیسن کو عرق گلاب یا دودھ میں ملا کر چہرے پر لگائیں۔اس سے آپ کی جلد کی صفائی بھی ہو گی اور زائد تیل کا خاتمہ بھی ہو گا۔جلد کی چپچپاہٹ کا احساس ہو تو اس سے بچنے کے لئے ایک کھانے کا چمچہ صندل کی لکڑی کے پاؤڈر کو عرق گلاب میں مکس کریں اور اسے چہرے‘ہاتھوں‘بازوؤں اور پاؤں پر لگائیں۔

چکنی جلد کو موئسچرائزر کرنے کے لئے 2 چائے کے چمچے عرق گلاب‘چار قطرے اسٹرابیری آئل اور چار قطرے اورنج آئل اسینشل آپس میں مکس کر لیں۔اسے چہرے پر‘ہاتھوں اور پیروں پر لگائیں اور 15 منٹ کے بعد دھو لیں اور پھر کمال دیکھیں‘آپ کی جلد دمک اُٹھے گی۔کھیرا کچل کر اس میں صندل کی لکڑی کا پاؤڈر مکس کر لیں اور پورے جسم پر لگائیں۔اس سے جلد کو تازگی اور خوشبو ملے گی۔

بارش کے موسم میں نمی کی زیادتی بالوں کی سب سے بڑی دشمن ہے۔یہ اس وقت بھی آپ کے بالوں کو متاثر کرتی ہے۔جب آپ سارا دن گھر میں رہتی ہیں۔ایسا اُن دنوں میں زیادہ ہوتا ہے جب ہوا میں نمی کا تناسب بڑھ جاتا ہے۔آپ کے بال اُلجھاؤ کا شکار ہوتے ہیں یا پھیکے پھیکے نظر آتے ہیں۔اس کا انحصار آپ کے بالوں کی قسم پر ہے۔باریک اور موٹے بال بے رونق ہو جاتے ہیں‘جبکہ لہریئے دار اور گھنگھریالے بال اُلجھاؤ کا شکار ہو جاتے ہیں۔
اس کا بہترین حل یہ ہے کہ بالوں کو انداز یا اسٹائل دینے کے لئے اسٹائلنگ جل کا استعمال کیا جائے۔اس جل کی وجہ سے بالوں کے اوپر ایک باریک سی تہہ جم جاتی ہے جس سے بالوں کی نمی سے تحفظ ملتا ہے۔مزید تحفظ کے لئے آپ ایسا ہیئر اسپرے استعمال کر سکتی ہیں۔بارش میں بھیگنے کے بعد اس سے اچھی اور کوئی بات نہیں ہو سکتی ہے کہ آپ ایک بھرپور شاور لے لیں۔

بارش اور نمی سے بوجھل دنوں میں اپنے بالوں کو زبردستی وہ اسٹائل دینے کی کوشش نہ کریں جس میں آپ خود کو درست نہ محسوس کرتی ہوں۔مثال کے طور پر بال اگر گھنگھریالے ہیں تو پھر ان کو سیدھا نہ کریں اور اگر سیدھے ہیں تو گھنگھریالے نہ کریں۔ایسا اس لئے کہا جا رہا ہے کہ بال اگر نمی کی تھوڑی سی مقدار بھی اپنے اندر جذب کر لیں گے تو بال واپس اپنی قدرتی حالت میں آ جائیں گے اور آپ کی کوشش رائیگاں چلی جائے گی۔
اس کے بجائے بالوں کو ان کی قدرتی حالت میں رہنے دیں اور ایسا ہیئر اسٹائل اپنائیں جو آپ پر سوٹ کرتا ہو۔باریک اور سیدھے بالوں کے لئے بالوں کو پیچھے کی طرف کھینچ کر پونی نیل بنا لیں یا پھر بالوں کو سیٹ کر جوڑا بنا لیں۔
چونکہ بارشوں کے دوران ہوا میں نمی کی زیادتی ہوتی ہے۔اس لئے اس موسم میں بال ایکسٹرا یا زیادہ توجہ مانگتے ہیں نمی کی زیادتی کی وجہ سے بال چکنے اور پھیکے پھیکے لگنے لگتے ہیں اور بالوں کی ساخت متاثر ہو کر بے جان ہو جاتی ہے۔
کھوپڑی پر مسلسل پسینہ آتا رہتا ہے جس کی وجہ سے سر میں کھجلی ہوتی ہے‘بے چینی ہوتی ہے اور بال گرنے بھی لگتے ہیں۔موسم کی سختی کی وجہ سے جو بال گرتے ہیں۔موس جل اور کنڈیشنر سے جس قدر ممکن ہو دور رہا جائے۔اس کے علاوہ اس موسم کے دوران بالوں میں کوئی کیمیاوی ٹریٹمنٹ نہ کروائیں۔مثلاً بالوں کو رنگوانا گھنگھریالے بنوانا یا گھنگھریالے بالوں کو سیدھا کروانا۔بالوں میں آئرننگ تو بالکل نہ کروائیں کیونکہ اس سے بالوں پر مسلسل گرم ہوا پڑتی ہے،جس سے بال کمزور ہو کر ٹوٹنے لگتے ہیں اور دو منہ والے بن جاتے ہیں۔بالوں میں موجود تیل کی زیادتی موئسچرائزر کو ختم کرنے کا بہترین طریقہ مہندی کا استعمال ہے۔

Browse More Skin Care

Special Skin Care article for women, read "Barsat Ka Mausam Masail Ka Mausam" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.