Chehre Ki Jild Dilkash Banain ! - Article No. 2137

Chehre Ki Jild Dilkash Banain !

چہرے کی جلد دلکش بنائیے! - تحریر نمبر 2137

مختلف ماسک بنائیے اور چہرے کو خوبصورت بنائیے!

جمعرات 8 اگست 2019

گرمیوں کا موسم اپنے ساتھ کئی مشکلات بھی لاتا ہے،دھوپ سے کملائے ہوئے چہرے بے رونق ہی نہیں لگتے بلکہ بعض اوقات انہیں دیکھ کر اکتا ہٹ بھی ہوتی ہے ۔آپ چاہتی ہیں کہ موسم گرما میں چہرہ تروتازہ اور شاداب نظر آئے تو اس کے لیے مختلف ماسک بنانا سیکھ لیں ان ماسک کی مدد سے جلد اور چہرہ خوبصورت دکھائی دینے لگے گا۔خاص طور پر موسم گرما میں!
اگر چہرے کی جلد صاف اور شگفتہ ہے تو یقینا چہرہ پر کشش دکھائی دے گا۔
بہت سی خواتین دلکش ناک نقشے کی مالک ہوتی ہیں پھر بھی محسوس ہوتا ہے کہ اٹریکشن یا جاذبیت کی ان میں کمی ہے۔اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ ایک اہم نعمت سے ناواقف ہیں۔یہ نعمت نرم ونازک جلد کی صورت میں خدا نے سب ہی کو عطا کی ہے۔
عمر کا کوئی بھی حصہ ہوا گر جلد کا خیال رکھا جائے تو جلد تروتازہ دکھائی دے گی،یہی احساس موڈ کو بھی اچھا رکھنے میں مدد گار ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

اچھے موڈ سے تو یوں بھی چہرے پر رونق آہی جاتی ہے۔گرمیوں کے موسم میں جلد کو زیادہ نقصان سورج کی تمازت سے ہوتا ہے!سردیوں میں یہی دھوپ جلد کی بہترین دوست بن جاتی ہے۔گرمیوں میں رنگت کی حفاظت کے لیے جلد کے عین مطابق ماسک استعمال کیجیے تاکہ چہرے کی صفائی بھی ہو سکے اور جلد جھریوں سے بھی محفوظ رہے۔
ماسک کی تیاری میں استعمال ہونے والی کئی اشیاء کچن میں با آسانی مل سکتی ہیں تو پھر آئیے ماسک تیار کرتے ہیں۔

انڈے کا ماسک
انڈے کا ماسک زیادہ تر جلدوں کے لیے مفید سمجھا جاتا ہے ۔اس کے تیار کرنے کا طریقہ کچھ یوں ہے۔ایک انڈے کی سفیدی لے کر اس میں چند قطرے لیموں کا رس اور آدھا چمچ شہد ملا کر اچھی طرح یکجا کر لیں،چہرے پر اس کا لیپ کریں،بیس منٹ بعد گرم پانی میں روئی بھگو کر چہرہ صاف کرلیں جلد کو ملائم بنانے کے لیے مفید ہے۔

خشک جلد کے لیے بہترین ماسک کچھ اس طرح تیار کیا جا سکتا ہے کہ ایک انڈے کی زردی لے کر اس میں ذرا سا بادام یا زیتون کا خالص تیل ملائیں،اچھی طرح پھینٹ کر چہرہ پر لگالیں بیس منٹ بعد روئی اور گرم پانی سے چہرہ صاف کرلیں۔اگر جلد روغنی ہے تو اس کے لیے بھی انڈا مفید ہے وہ اس طرح کہ انڈے کی زردی میں چند قطرے لیموں یا سنگترے کے شامل کرلیں۔
بیس منٹ تک یہ ماسک چہرے پر لگا رہنے دیں پھر صاف کرلیں۔
شہد کاماسک
چمکیلی اور نرم جلد کے لیے شہد کا ماسک مفید ہے،ایک چمچ شہد لے کر اس میں چند قطرے لیموں کا رس ملالیں۔اس مرکب کو بطور ماسک استعمال کریں۔خیال رہے کہ ماسک کو گرم پانی اور روئی کی مدد سے صاف کرنا ضروری ہے۔اگر جلد چکنی ہے تو شہد لے کر اس میں گندم کا آٹا ملا کرماسک بنالیں۔
اس کے علاوہ آٹے میں پانی یا دودھ ملا کر بھی ماسک تیار کیا جا سکتاہے۔
مولی کا ماسک
مولی کے بیج پنساریوں کے پاس با آسانی مل سکتے ہیں ۔کھانے کا ایک چمچ بیج لے کر باریک پیس لیں،پھر دہی میں ملا کر بطور ماسک استعمال کریں۔اس کے استعمال سے چہرہ نکھرا ہوا اور تروتازہ ہو جاتاہے۔
کھیرے کا ماسک
کھیرا چھیل کر باریک پیس لیں اور چہرے پر اس کا لیپ کرلیں۔
اس ماسک سے چہرے کے عضلات کا ڈھیلا پن ٹھیک ہوتاہے۔
گریپ فروٹ کا ماسک
گریپ فروٹ چھیل لیں۔چھلکے کے زرد حصے کو باریک پیس لیں۔اب اس میں کھانے کا ایک چمچ جو کا آٹا اور دہی شامل کرکے لیپ بنا لیں۔یہ لیپ کرنے کے آدھے گھنٹے بعد نیم گرم پانی سے چہرہ صاف کرلیں۔اب ٹھنڈے پانی کے چھینٹے چہرے پر ماریں۔اس سے چہرہ دلکش اور خوبصورت دکھائی دیتا ہے۔

آلو کاماسک
چکنی جلد کے لیے آلو اُبال کر باریک پیس لیں ذرا سا دودھ آلوؤں میں ملا کر چہرے پر لیپ کریں۔
بیسن کا ماسک
کھانے کا ایک چمچ بیسن لے کر مولی کا رس اس میں ملا لیں۔مولی کا رس لینڈر کے ذریعے نکالا جا سکتا ہے،جب ماسک خشک ہو جائے تو نیم گرم پانی سے چہرہ صاف کرلیں،چہرے پرپانی کے چھینٹے ماریں۔
چہرہ دمک اُٹھے گا۔
جو کا ماسک
جو کا آٹا(پسا ہوا)دو کھانے کے چمچ،لیموں کا رس چار قطرے ،شہد ایک چوتھائی چائے کا چمچ،عرق گلاب حسب ضرورت ،بادام (پسے ہوئے )تین عدد۔جن خواتین کے چہرے پر رواں موجود ہو انہیں ہفتے میں ایک بار جو کے آٹے کا ماسک چہرے پر لگانا چاہیے ،جو چہرے پر اگنے والے بالوں کی نشوونما کو بڑھنے سے روکتا ہے اور آہستہ آہستہ رواں ختم ہو جاتاہے۔
گلاب کے عرق میں تمام اجزاء شامل کرکے گاڑھا پیسٹ بنا لیں،چہرے پر لگائیں،خشک ہو جائے تو اتار دیں،چہرہ دھونے کے بعد آئل فری کولڈکریم لگا لیں۔
پھلو ں کا ماسک
اسٹرابیری دو عدد،کیلا آدھا ،بیسن ایک کھانے کا چمچ،دو دھ تین کھانے کے چمچ۔پھلوں کا ماسک ہر قسم کی جلد کی حامل خواتین کے لیے مفید ہے ۔اسٹرابیری اورکیلے کو چمچ سے کچل لیں۔
بیسن اور دودھ میں شامل کرکے چہرے پر اچھی طرح لگائیں،آنکھوں کو سکون دینے کے لیے ان پر کھیرے کے قتلے یا گلاب کے عرق میں بھیگی روئی رکھ دیں۔روپ نکھر آئے گا۔
آڑو کا ماسک
آڑو آدھا ،ٹماٹر آدھا،انڈے کی سفیدی ایک،جو کا آٹا تین کھانے کے چمچ۔جن خواتین کی جلد چکنی ہو ان کے لیے یہ ماسک زیادہ مفید ہے۔
آڑو کو کدو کش کرکے کچل لیں،ٹماٹر کاچھلکا اتار کر اسے بھی کچل لیں،کسی برتن میں تمام اجزاء ملالیں،آڑو اور ٹماٹر دو چائے کے چمچ استعمال کریں ،چہرے پر لگائیں جب خشک ہو جائے تو بھیگی ہوئی روئی سے ماسک اتار دیں،گھلے ہوئے مسام بند ہو جائیں گے اور میل کچیل صاف ہو جائے گا۔

Browse More Skin Care

Special Skin Care article for women, read "Chehre Ki Jild Dilkash Banain !" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.