Cleanser Aur Skin Tonic - Article No. 2843

Cleanser Aur Skin Tonic

کلینزر اور اسکن ٹانک - تحریر نمبر 2843

جلد کی رعنائی و دلکشی میں اضافے کے لئے بھرپور نیند‘صحت بخش غذاؤں کا استعمال اور جلد کی صفائی ستھرائی کا باقاعدہ خصوصی اہتمام کرنا نہایت ضروری ہے

جمعہ 1 اپریل 2022

افشین حسین
حُسن و دلکشی کا تعلق محض گوری رنگت یا گلنار رخساروں میں ہی پنہاں نہیں ہے بلکہ صاف‘ستھری چمکتی دمکتی جلد کے حصول میں پوشیدہ ہے۔ چاہے وہ کسی بھی رنگ کی حامل کیوں نہ ہو‘گرد و غبار میل کچیل سے پاک خوبصورت جلد ہمیشہ ستائشی نظروں کی گرفت میں ہی رہتی ہے۔ ہمارے یہاں حسین نظر آنے کے لئے خواتین (زیادہ تر تقریبات کے مواقعوں پر) مہنگے سے مہنگے بیوٹی پارلرز کا رُخ کرتی یا بازار سے مہنگے ترین کاسمیٹکس (چاہے وہ ان کی جلد کی ساخت یا جلد کی رنگت سے میل کھاتے ہوں یا نہ ہوں) خریدتی نظر آتی ہیں تاکہ وہ تقریب میں اپنی تمام تر حشر سامانیوں کے ساتھ جلوہ گر ہو کر جان محفل بن جائیں اور تقریب میں ہر طرف اُن کے ہی حُسن کے چرچے ہوں۔
لیکن بدقسمتی سے ہوتا کچھ یوں ہے کہ تقریب میں دیگر خواتین بھی انہی ”نیک عزائم“ کو پیش نظر رکھتے ہوئے شریک ہوتی ہیں یہ صورتحال‘حسین دکھائی دینے کی ”انفرادی ناؤ“ کو اجتماعیت کے دریا میں غوطہ زن کر دیتی ہے۔

(جاری ہے)

اس پر مزید ستم آگ برساتی گرمی اور بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ڈھاتی ہے کہ گرمی‘حبس اور بے تحاشہ بہنے والے پسینے سے اِن تمام ”حسین خواتین“ کا سنگھاری ملبہ اُن کے چہروں سے بہہ بہہ کر اُن کی اچھی خاصی شکلوں کا حُلیہ بگاڑ کر رکھ دیتا ہے۔

بلکہ بعض اوقات تو صورتحال اتنی پریشان کُن (یہاں مضحکہ خیز کہنا زیادہ بہتر ہو گا) ہو سکتی ہے کہ اُن خواتین کے عزیز بگڑے ہوئے میک اپ کی دبیز تہہ کے پیچھے چھپے چہرے کو شناخت کرنے سے قاصر رہتے ہیں اور تب محترمہ کی آواز سے اُن کی پہچان ہوتی ہے۔
اسی لئے میک اپ یا مصنوعی پُرکاری سے اپنے آپ کو حسین بنانے کے بجائے اگر ایسی خواتین اپنی جلد کو صاف ستھرا‘صحت مند‘دلکش و حسین بنانے پر توجہ دیں تو یقینا انہیں کچھ عرصے بعد مصنوعی سہاروں (میک اپ وغیرہ) سے حسین (کم اور مضحکہ خیز زیادہ) بننے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
جلد کی رعنائی و دلکشی میں اضافے کیلئے بھرپور نیند‘صحت بخش غذاؤں کا استعمال‘ڈھیر سارا پانی پینا اور جلد کی صفائی ستھرائی کا باقاعدہ خصوصی اہتمام کرنا نہایت ضروری ہے۔
جلد کی صفائی ستھرائی کے لئے بازار میں بے شمار اقسام کے کلینزر اور اسکن ٹانک دستیاب ہیں۔انہیں خریدتے وقت ہمیشہ اس بات کا خیال رکھیں کہ یہ کلینزر اور ٹانک وغیرہ مستند و معیاری کمپنیوں کے تیار کردہ ہوں اور آپ کی جلد کی ساخت سے میل کھاتے ہوئے ہوں ورنہ دوسری صورت میں یہ آپ کو فائدہ پہنچانے کے بجائے بدترین نقصانات سے بھی دوچار کر سکتے ہیں۔
اعلیٰ معیار کی مستند اسکن پروڈکٹس کی خریداری آپ کی جلد کے لئے تو سود مند رہے گی ہی لیکن آپ کی جیب پر ضرور گراں گزرے گی۔یہ بھی ممکن ہے کہ ان مہنگی پروڈکٹس (جو بے شک کثیر کیمیائی اجزاء سے بھرپور ہوتی ہیں) سے آپ کو خاطر خواہ نتائج حاصل نہ ہوں یا آپ کو خدانخواستہ کسی قسم کی اسکن الرجی کی شکایت ہو جائے۔تو ایسی صورت میں کیا یہ بہتر نہیں ہو گا کہ ”نہ ہینگ لگے نہ پھٹکری اور رنگ آئے چوکھا“ کے مصداق کوئی ایسی تدبیر ڈھونڈ لی جائے جس میں آپ کے زیادہ پیسے بھی خرچ نہ ہوں‘جلد کی صفائی ستھرائی و اس کی نگہداشت بھی بہتر طریقے سے ہو اور نقصان کا احتمال بھی کم سے کم رہے۔
تو ان مقاصد کے حصول کے لئے‘یعنی اپنی جلد کی کلینزنگ کرنے اور اس کی چمک میں اضافے کے لئے ‘قدرتی اجزاء پر مشتمل سنگھاری اشیاء (Beauty Products) کو گھر پر ہی تیار کرنا بہترین حکمت عملی ہو گی تاکہ نقصانات (طبی و معاشی) کا احتمال کم سے کم ہو۔لہٰذا خواتین کی سہولت کے لئے ایسے کلینزر (Cleanser) اور اسکن ٹانک (Skin Tonic) کی تراکیب شائع کی جا رہی ہیں جنہیں آپ نہ صرف باآسانی تیار کر سکتی ہیں بلکہ ان سے بہترین نتائج بھی حاصل کر سکتی ہیں۔
ان کلینزر اور اسکن ٹانک کو شیشے یا پلاسٹک کی خوبصورت بوتلوں یا جار میں بھر کر ڈریسنگ ٹیبل کو رونق بھی بخشی جا سکتی ہے۔
روغن بادام کلینزر
اس ملیح کلینزر کا استعمال آپ کی جلد کو نرم و نازک و لطیف تاثر فراہم کرے گا۔
اصلی موم (چھتے والا) 4 کھانے کے چمچے
روغن بادام 1 کپ
عرق گلاب 1/2 کپ
سہاگہ (Borax) 1/2 چائے کا چمچہ
ایک ہیٹ پروف پیالے میں اصلی موم (چھتے والا) ڈالیں۔
پتیلی میں پانی گرم کریں پانی جب کھولنے لگے تو آنچ دھیمی کرکے موم والا پیالہ اس پانی کے اوپر رکھ کر موم کو پگھلا لیں۔موم کے پگھلنے کے بعد اس میں روغن بادام ڈالیں۔عرق گلاب کو تھوڑا سا گرم کرکے اس میں سہاگہ ڈال کر حل کریں اور عرق گلاب کو موم والے مکسچر میں ڈال کر خوب اچھی طرح مکس کر لیں۔پیالے کو گرم پانی سے ہٹا کر مکسچر کو ٹھنڈا ہونے تک مسلسل پھینٹتے رہیں (اگر آمیزہ زیادہ گاڑھا ہو گیا ہے تو اس میں تھوڑا عرق گلاب اور شامل کیا جا سکتا ہے) آمیزے کو شیشے کی کھلے منہ والی بوتل میں نکال کر ڈھک کر رکھ لیں رات کو سونے سے پہلے‘چہرہ دھونے کے بعد اس مکسچر سے ملاحت سے اپنے چہرے پر مساج کریں اور نم روئی کے پھائے سے اپنے چہرے کو صاف کرکے اسکن ٹانک لگا کر (یا بناء اسکن ٹانک لگائے) سو جائیں۔

موسمبی اور جئی (Oatmeal) کا فیس واش
اگر آپ روزانہ کلینزنگ کرنے کی روٹین اپنانے میں اُکتاہٹ محسوس کرتی ہیں تو اس سلسلے میں جلد کی سطح پر جمنے والے مردہ خلیات کی صفائی (Exfoliation) کیلئے مندرجہ ذیل مکسچر کو ہفتے میں صرف ایک مرتبہ اپنی جلد پر مل کر‘غسل کر لینے سے بھی آپ کو مطلوبہ سنگھاری نتائج حاصل ہو سکیں گے۔
جئی کا آٹا 2 کھانے کے چمچے
موسمبی کے چھلکوں کا آٹا 1 کھانے کا چمچہ
ان دونوں پاؤڈر کو مکس کرکے خشک حالت میں ہی ایک شیشے یا مٹی کے مرتبان میں رکھیے۔
اپنی جلد کی صفائی کے لئے اس پاؤڈر کو تھوڑے سے پانی میں حل کرکے گاڑھا پیسٹ بنا کر اپنی جلد پر ملیئے۔یہ خشک ہونے لگے تو غسل کرکے اسے جلد پر سے صاف کر دیجئے۔آپ کی جلد اس عمل کے بعد پھول کی پنکھڑی کی طرح صاف ستھری و نکھری نکھری سی ہو جائے گی۔
اسکن ٹانک
مختلف اقسام کے اسکن ٹانک جلد کو تسکین بخشنے و اسے صحت بخش تحریک دینے کے لئے استعمال کئے جاتے ہیں۔
نارمل یا بہت زیادہ خشک جلد کو جڑی بوٹیوں سے تیار کئے گئے یا پھولوں کے عرقیات سے تحفظ دیا جاتا ہے۔جبکہ کھلے یا بڑھے ہوئے مساموں والی (Large-Pores) یا روغنی جلد کو ہیزل (امریکی اخروٹ (Hazel) سے تیار کئے گئے ٹانک سے سکون فراہم کیا جا تا ہے۔اسکن ٹانک کی تیاری کا طریقہ نہایت آسان ہے۔مطلوبہ شے‘(جس کا آپ ٹانک تیار کرنا چاہ رہی ہیں) کو شیشے کی بوتل میں عرق گلاب کے ساتھ ڈال کر ڈھکن ڈھک کر بوتل کو خوب اچھی طرح ہلا کر اسکن ٹانک تیار کر لیا جاتا ہے۔
اس کے استعمال کا طریقہ کچھ یوں ہے کہ تیار شدہ اسکن ٹانک کے چند قطرے روئی کے پھائے میں ٹپکا کر یا روئی کے پھائے کو اسکن ٹانک سے تر کرکے اپنی جلد پر اس پھائے کو ہلکے دباتے ہوئے پوری جلد کو تر کر لیں۔مختلف اسکن ٹانک تیار کرنے کی ترکیب اور اس کے استعمال کا طریقہ بھی ایک ہی ہے۔لیکن کچھ خاص قسم کے اسکن ٹانک تیار کرنے کے اجزائے ترکیبی و طریقے مندرجہ ذیل ہیں۔

موسمبی کے پھول کا اسکن ٹانک (Orange Flower Skin Tonic)
موسمبی کے پھولوں کا عرق 5 کھانے کے چمچے
عرق گلاب 1 کھانے کا چمچہ
موسمبی کے پھول کا عرق اور عرق گلاب ایک بوتل میں ڈال کر اور ڈھکن لگا کر اچھی طرح مکس کرکے رکھ لیں۔یہ ٹانک ڈرائی اسکن (Dry Skin) کے لئے موزوں ہے۔
کارن فلور (CornFlower) اسکن ٹانک
مکئی کے پھول (CornFlower) 4 عدد
عرق گلاب 1/2 کپ
مکئی کے پھولوں کو ایک پیالے میں ڈال کر اس پر 1 کپ گرم پانی ڈال کر اسے ڈھک کر رکھ دیں۔
ٹھنڈا ہونے کے بعد نکال لیں اور چھان کر عرق گلاب میں مکس کر دیں۔یہ اسکن ٹانک نارمل جلد (Normal Skin) کے لئے موزوں ہے۔
لیونڈر اسکن ٹانک
لیونڈر کے پھول 4 عدد
عرق گلاب 1/2 کپ
لیونڈر کے پھولوں کو ایک پیالے میں ڈال کر اس میں 1 کپ گرم پانی ڈال کر اسے ڈھک کر رکھ دیں ٹھنڈا ہونے کے بعد چھان کر عرق گلاب میں مکس کر دیں۔یہ اسکن ٹانک روغنی جلد (Oily Skin) کے لئے موزوں ہے۔

Browse More Skin Care

Special Skin Care article for women, read "Cleanser Aur Skin Tonic" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.