Jawan Tarotazza Or Lachakdar Jild K Liye

جواں، تروتازہ اور لچکدار جلد کے لئے

جمعہ فروری

Jawan Tarotazza Or Lachakdar Jild K Liye
بڑھتی ہوئی عمر کے ساتھ جلد پر جھریاں اور جھائیاں نمایاں ہونا قدرتی عمل ہے ۔اس عمل کو مکمل طور پر روکنا کسی صورت ممکن نہیں تاہم مناسب نگہداشت کے ذریعے اس کے دورانئے میں کمی ضرور لائی جا سکتی ہے ۔حسن کی نگہداشت اور اس ضمن میں تیار کی جانے والی مصنوعات کے ساتھ ساتھ ماہرین حسن کی کوششوں سے اس مسئلے کے لئے اب تک لا تعداد مصنوعات متعارف کروائی جا چکی ہیں تاہم ان مہنگی مصنوعات کو خریدنے سے قبل بہتر ہے کہ ایک بار گھریلو ٹوٹکے بھی آزما کر دیکھ لئے جائیں ۔

آپ کے کچن میں ایسی لا تعداد اشیاء موجود ہیں جن کے ذریعے آپ با آسانی بڑھتی عمر کے سبب بے جان اور لچک کی کمی کا شکار جیسے مسئلے پر قابو پا سکتی ہیں ۔ذیل میں ایسی ہی چند اشیاء کا ذکر پیش خدمت ہے :
کھیرا
کھیرا 95فیصد پانی پر مشتمل ہے ۔

(جاری ہے)

یہی وجہ ہے کہ یہ تروتازہ جلد کے حصول میں کارگر ثابت ہوتاہے ۔اس کا رس جلد کو جواں رکھنے میں اہم کردار ادا کرتاہے ۔

یہ جلد میں ہونے والی پانی کی کمی کو پوری کرنے اور نمی بر قرار رکھنے کی خصوصیات سے بھر پور ہے ۔جواں جلد کے حصول کے لئے کھیرے کے کتلے کاٹ کر انہیں چہرے پر لگائیں ۔دائرے کی شکل میں اوپر کی جانب دس منٹ تک مساج کریں اور آخر میں چہرہ دھولیں ۔کھیرے کا روزانہ استعمال جھریوں اور سیاہ حلقوں کا خاتمہ کرنے اور جلد کی رنگت نکھارنے میں موٴثر ثابت ہوتاہے۔


کیسٹر آئل
بڑھتی ہوئی عمر کے اثرات زائل کرنے میں کیسٹر آئل کا استعمال انتہائی مددگار ثابت ہوتا ہے۔ یہ تیل جلد کی لچک بر قرار رکھنے اور رعنائی بحال کرنے میں معاون کردار ادا کرتاہے ۔روزانہ رات کو سونے سے قبل چہرے پر تیل کا مساج کرنا سود مند ثابت ہوتاہے ۔آپ چاہیں تو اس کے ساتھ دیگر ایزنشئل آئلز مثلاً لیونڈر آئل شامل کرکے بھی استعمال کر سکتی ہیں ۔

جلد کی لچک بحال کرنے میں آئل کا مساج مفید ثابت ہوتاہے۔
سبز چائے
سبز چائے کا شمار صحت بخش مشروبات میں کیا جاتاہے ۔یہ جسم کو موٹاپے سے بچانے کے ساتھ ساتھ جلد سے مضر صحت مادوں کا خاتمہ کرنے میں بھی کارگر ثابت ہوتی ہے ۔اس میں وٹامن B2اور وٹامن Eکی خاص مقدار پائی جاتی ہے ۔وٹامن B2جلد کی لچک کو بر قرار اور تروتازہ رکھنے میں معاون ثابت ہوتاہے جبکہ وٹامن Eجلد میں نئے خلیات کی پیداوار بڑھاتے ہوئے اسے نرم وملائم بنانے میں اہم کردار ادا کرتاہے ۔

اس میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس قدرتی طور پر جلد میں کولاجن کی پیدا وار بڑھانے اور اسے جھریوں سے پاک بنانے میں موٴثر کردار ادا کرتے ہیں۔
کیلا
غذائیت سے بھر پور کیلے میں آئرن کے خاص ذخائر پائے جاتے ہیں جو نہ صرف خوراک کی صورت میں بلکہ اس کا جلد پر استعمال بھی کئی مسائل کے حل میں معاون ثابت ہوتاہے ۔ایک کیلا چھیل کر میش کرلیں اور اسے چہرے اور گردن پر اچھی طرح لگا لیں۔

چاہیں تو اس میں چند قطرے لیموں کے رس کے بھی شامل کر لیں اور پندرہ منٹ بعد چہرہ دھولیں۔ بہترین نتائج کے لئے یہ فیس پیک ہفتے میں دوبار استعمال کریں۔
بند گوبھی
بند گوبھی میں وٹامن A،B،Cاور Kجیسے کئی اجزاء پائے جاتے ہیں ۔اسے وٹامن کا پاور ہاؤس کہا جائے تو غلط نہیں ہو گا۔بند گوبھی کا فیس ماسک گھر پر با آسانی تیار کیا جا سکتاہے ۔

اس کے لئے آپ دو کھانے کے چمچ باریک کٹی ہوئی بندگوبھی میں ایک انڈے کی سفیدی اور دو کھانے کے چمچ شہد شامل کریں ۔اب یہ ماسک چہرے اور گردن پہ اچھی طرح لگائیں اور بیس منٹ بعد دھولیں ۔غذائیت سے بھرپور یہ ماسک جلد کی لچک بر قرار رکھنے میں موٴثر کردار ادا کرتاہے۔
انڈے کی سفیدی
پروٹین سے بھر پور انڈے کی سفیدی جلد کی لچک میں حیرت انگیز حد تک بہتری لاتی ہے ۔

ایک انڈے کی سفیدی میں دو کھانے کے چمچ شہد شامل کریں۔یہ ماسک چہرے اور گردن پر متوازن انداز سے لگا کر پندرہ منٹ بعد دھولیں ۔جلد کی لچک بحال رکھنے کے لئے یہ ماسک مہینے میں تین بار استعمال کریں۔
دہی
بے جان اور بے رونق جلد کے خاتمے کے سلسلے میں دہی کا استعمال صدیوں سے ہوتا آرہا ہے ۔دو کھانے کے چمچ دہی میں چند قطرے لیموں کا رس شامل کرکے ایک پیسٹ تیار کرلیں ۔

اب اس پیسٹ کی مدد سے چہرے پر دس منٹ تک مساج کریں اور اگلے پانچ منٹ کے لئے اسے چہرے پر لگا رہنے دیں ۔آخر میں سادے پانی سے دھولیں ۔جواں اور نکھری جلد کے حصول کے لئے یہ جیب دوست ماسک روزانہ استعمال کریں۔
بادام کا تیل
بادام کا تیل جلد کے کئی جملہ مسائل کے حل میں معاون ثابت ہوتاہے وٹامن Eکی خوبیوں سے بھر پور یہ تیل جلد کو نرم وملائم رکھنے اور جلد پر نمی بر قرار رکھنے میں معاون ثابت ہوتاہے ۔

نہانے سے قبل جلد اور چہرے پر اس کا استعمال انتہائی موٴثر ثابت ہے۔یہ حیرت انگیز طور پر لچک کی کمی کا شکار جلد کے مسائل حل کرکے اس عمل کے دورانئے میں کمی لاتاہے۔
پپیتا
پپیتے میں Papainجیسے صحت بخش انزائمز پائے جاتے ہیں جو جلد کی لچک برقرار رکھنے میں معاون ثابت ہوتے ہیں ۔پپیتے کو چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹ کر بلینڈر میں بلینڈ کرلیں ۔

اور اس میں چاول کا آٹا شامل کرکے اچھی طرح مکس کر لیں۔ اب یہ مکسچر چہرے پر لگا کر ہلکے ہاتھوں سے اسے دائرے کی شکل میں نیچے سے اوپر کی جانب ملیں ۔اس مساج کو پندرہ منٹ تک جاری رکھیں ۔آخر میں سادے پانی سے چہرے دھولیں ۔مطلوبہ نتائج کے لئے یہ اسکرب ہفتے میں دوبار استعمال کریں ۔ان چٹکلوں کی مدد سے چہرے اور جسم کے بظاہر نظر آنے والے حصوں پر نکھار بھی آئے گا اور ڈھلکتی ہوئی جلد بہت حد تک Tightبھی ہوگی ۔جلد کو قدرتی غذاؤں سے نمی اور توانائی بھی ملتی رہے گی جو جلد کی تروتازگی اور دلکشی بر قرار رکھنے کے لئے لازمی جزو ہے۔
تاریخ اشاعت: 2020-02-28

Your Thoughts and Comments

Special Skin Care article for women, read "Jawan Tarotazza Or Lachakdar Jild K Liye" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.