Jild Ko Narm O Mulaim Rakhne Wali Gazain - Article No. 2448

Jild Ko Narm O Mulaim Rakhne Wali Gazain

جلد کو نرم و ملائم رکھنے والی غذائیں - تحریر نمبر 2448

جلد کی حفاظت کے لئے چاہے کتنی ہی چیزیں چہرے پر کیوں نہ مل لیں،جب تک آپ کی غذا درست نہ ہو،جلد دلکش اور نرم و ملائم نہیں ہو سکتی

منگل 20 اکتوبر 2020

اپنی جلد کو نرم و ملائم رکھنے کے لئے مرد و خواتین ہزاروں روپے کی کریمیں اور لوشن استعمال کرتے ہیں،اس کے باوجود مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہو پاتے۔ایسی کون سی چیز ہے،جس سے جلد تروتازہ دکھائی دے اور نوجوانوں کی طرح سے آپ دلکش لگیں۔چہرے سے جھریاں بھی ختم ہو جائیں،کیونکہ ان کی وجہ سے آپ عمر رسیدہ نظر آتے ہیں۔
صحت سے متعلق رسائل شائع کرنے والے مدیران اور لیبارٹریوں میں کیمیائی اجزاء پر کام کرنے والے ماہرین اس بات پر متفق ہیں کہ آپ اپنی جلد کی حفاظت کے لئے چاہے کتنی ہی چیزیں چہرے پر کیوں نہ مل لیں،جب تک آپ کی غذا درست نہ ہو،جلد دلکش اور نرم و ملائم نہیں ہو سکتی۔
لیبارٹری میں کی گئی تحقیقی سے معلوم ہوا ہے کہ اگر آپ کی غذا میں پھل،سبزیاں،بغیر چھنے آٹے کی روٹی،پھلیاں اور شحمی تیزاب اومیگا۔

(جاری ہے)

3شامل ہوں گے تو آپ کی جلد پر خوش گوار اثر پڑے گا۔یہ چیزیں بازار میں تلاش کرنے کے لئے جدوجہد نہیں کرنی پڑتی ہے،بلکہ یہ سہولت سے مل جاتی ہیں۔جلد کی ماہر سمانتھاہیلر کہتی ہیں کہ جلد پر ایسی چیزیں زیادہ اثر انداز ہوتی اور خوش گوار نتائج پیدا کرتی ہیں،جن میں لائکوپین (Lycopene) شامل ہوتا ہے۔


بہت سی سبزیوں اور پھلوں میں جو سرخ رنگ ہوتا ہے،وہ لائکوپین ہی ہے۔یہ مانع تکسید جزو ہے اور مانع تکسید اس بنا پر اہم ہوتا ہے کہ اس سے کئی اقسام کے سرطان کم ہو جاتے ہیں اور یہ آزاد اصلیوں (Free Radicals) کا خاتمہ بھی کر دیتا ہے۔آزاد اصلیے ہمارے جسم کو نقصان پہنچاتے ہیں۔بیٹا کیروٹین (Beta Carotene) گہری پیلی، نارنجی اور سرخ غذاؤں میں ہوتی ہے،مثلاً گاجر،شکر قندی، پالک ،آم اور خوبانی وغیرہ۔
یہ غذائیں کھانے سے بھی جلد پر اچھے اثرات پڑتے ہیں۔حیاتین ب(وٹامن بی)کو بھی اپنی غذاؤں میں لازماً شامل کر لیں،ورنہ آپ کی جلد خشک ہو جائے گی اور ہونٹ پھٹنے لگیں گے۔ حیاتین ب بغیر چکنائی والے دودھ،پنیر،دہی،کیلے،پستے اور مسور کی دال میں ہوتی ہے۔پانی زیادہ سے زیادہ پئیں۔پانی آپ کی جلد کو صاف و شفاف رکھتا ہے۔پانی نابیدگی(ڈی ہائیڈریشن)کو ختم کرتا اور جلد میں تازگی پیدا کرتا ہے۔

Browse More Skin Care

Special Skin Care article for women, read "Jild Ko Narm O Mulaim Rakhne Wali Gazain" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.