Jild Or Chehre Ki Khobsorti - Article No. 2244

Jild Or Chehre Ki Khobsorti

جلد اور چہرے کی خوبصورتی - تحریر نمبر 2244

جلد جسم کا اہم حصہ ہے۔صحت مند جلد آپ کو جاذب نظر اور پرکشش بناتی ہے۔

بدھ 25 دسمبر 2019

جلد جسم کا اہم حصہ ہے۔صحت مند جلد آپ کو جاذب نظر اور پرکشش بناتی ہے۔جلد کی مثال پلاستر سے دی جاسکتی ہے۔گھر چاہے اندر سے کتنا ہی خوب صورت ہو،لیکن اگر اس پر اوپر سے پلاستر نفاست سے نہ کیا گیا ہو تو ایک راہ گیر اس کو دیکھ کر اچھا تاثر نہیں لے گا۔یہی حالت آپ کی جلد کی بھی ہے۔اگر آپ کی جلد صاف ستھری ہو گی تو ہر شخص خود بخود آپ کی طرف کھنچا چلا آئے گا۔

ہمارے ملک کی بیشتر خواتین اپنی صحت اور خوبصورتی بر قرار رکھنے اور اس میں اضافہ کرنے کے لیے کوئی خاص محنت اور توجہ صرف نہیں کرتیں۔اگر چہ نوجوانی میں لڑکیاں اپنے حسن کے نکھار کے لیے بڑے جتن کرتی ہیں ،لیکن دیکھا یہ گیا ہے کہ شادی کے بعد جب بچے پیدا ہوجاتے ہیں تو پھر وہ اپنی صحت اور خوبصورتی کی طرف کوئی توجہ نہیں دیتیں اور یہ سمجھتی ہیں کہ ماں بن جانے کے بعد انہیں اپنی صحت کی زیادہ پروا نہیں کرنی چاہیے اور بس گھر کے کام کاج کرنے چاہئیں۔

(جاری ہے)


کاہلی ،بے کاری اور سستی ایسی چیزیں ہیں جو انسان کو ناکارہ کر دیتی ہیں۔ہمارے ہاں مردوں کے مقابلے میں عورتیں کاہلی کا زیادہ شکار ہیں۔یہی وجہ ہے کہ ان کی جوانی تیس برس کے اندر اندر ختم ہو جاتی ہے اور چند بچوں کی ماں بننے کے بعد ان کے چہرے اور جسم پر بڑھاپا مسلط ہو جاتاہے۔کیا آپ اس کی وجہ جانتے ہیں؟بظاہر تو اس کی وجہ حد سے زیادہ آرام طلبی،غیر متوازن غذا اور حفظ صحت کے اصولوں سے بے تو جہی ہے،لیکن اگر غور کیا جائے تو اس کی کچھ معاشرتی اور نفسیاتی وجوہ بھی سامنے آئیں گی۔
سب سے پہلی تو یہ کہ شادی کے بعد دو ایک بچوں کو جنم دینے کے بعد عورت مطمئن ہو جاتی ہے کہ اسے مستقل تحفظ حاصل ہو گیا ہے اور وہ چاہے کسی بھی حالت میں رہے اس کے شوہر کو اس سے تمام عمر نباہ کرنا ہے۔گویا جس اور جسم کی حفاظت اور نگہداشت صرف شادی سے پہلے ضروری تھی۔جب شادی ہو گئی،بال بچے گھر میں کھیلنے لگے تو عورت آرائش جمال اور حفظ صحت کو بے کار چیز سمجھنے لگی۔
حالانکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔مرد کی چاہت،محبت اور فریفتگی اسی صورت میں بر قرار رہ سکتی ہے جب اُسے اپنی رفیقہ حیات میں ہمیشہ حسن،کشش ،صحت اور صفائی دکھائی دیتی رہے۔بصورت دیگر وہ اپنی رفیقہ حیات سے لا پروائی برتنا شروع کر دے گا۔بیوی کی روکھی پھیکی اور باسی شخصیت اس کے اندر ایک چور کو جنم دے گی اور وہ گھر کی چار دیواری سے باہر ان چیزوں کا متلاشی ہو گا جن کی آرزو اور تمنا وہ گھر میں اپنی رفیقہ حیات سے کر سکتاہے۔
یہ مرد کا جائز حق اور اپنی رفیقہ حیات سے بڑا معقول مطالبہ ہے جو عورتیں ان باتوں کا خیال نہیں رکھتیں اور اپنے خاوند کی نظر میں زیادہ سے زیادہ پرکشش اور حسین بننے کی کوشش نہیں کرتیں ان کی زندگی تلخیوں اور پریشانیوں کی آماج گاہ بن جاتی ہے۔
حسن اور دل کشی میں اضافے کے لیے یہ بہت ضروری ہے کہ آپ اپنی غذا کا جائزہ لیں اور ان میں مناسب ترامیم کریں۔
یاد رکھیں کہ غذا کا حسن اور صحت سے بڑا گہرا تعلق ہے۔ہلکی پھلکی ورزش کے ساتھ اپنی غذا پر بھی توجہ دیں۔زیادہ مرچ مسالے والے کھانے آپ کی صحت کے لیے نقصان دہ ہوتے ہیں۔ہلکی مرچ اور ہلکے نمک والے کھانے کھائیں۔گوشت زیادہ مقدار میں استعمال نہ کریں۔مچھلی ،مرغی،انڈے وغیرہ کے زیادہ استعمال سے خون میں فاسد مادے بڑھ جاتے ہیں جو جلد پر دانوں کی صورت میں اُبھرتے ہیں۔
سبزیوں کا استعمال آپ کی صحت اور حسن کے لیے بالکل مناسب ہے۔جلد کی خوبصورتی کے لیے اور چہرے کا رنگ نکھارنے کے لیے پھلوں کے رس اور سبزیوں کا سوپ پینا بہت مفید ہے۔موسم کے مطابق کوئی بھی سبزی لیں اور اسے چھیل کر کاٹ لیں۔اس میں تھوڑا مکھن ڈال کر ہلکی آنچ پر دس منٹ تک پکائیں۔پکنے کے دوران اس میں پانی بھی ڈال دیں اور نمک،پسی ہوئی سیاہ مرچ اور تھوڑی سی شکر میں بھی شامل کردیں۔
جب یہ آمیزہ ابل جائے تو اُتار کر نیم گرم پئیں۔
ٹماٹر بھوک لگانے اور کھانا ہضم کرنے کے علاوہ خون بھی صاف کرتاہے اور جلد کو صاف ستھرا کر دیتاہے۔ٹماٹر میں حیاتین الف،ب اور ج پائے جاتے ہیں جس کی وجہ سے جسم میں خوب خون پیدا ہوتاہے اور چہرے اور آنکھیں چمک دار ہو جاتی ہیں۔ٹماٹر جس طرح خود سرخ ہے وہ اپنے کھانے والے کو بھی اسی طرح سرخ بنا دیتاہے۔
ذیل میں چند مفید مشورے درج کیے جارہے ہیں جن پر عمل کرنے سے آپ کی جلد اور چہرے میں کشش پیداہو جائے گا۔
بیوٹی لوشن
چہرے کی رنگت نکھارنے کے لیے مندرجہ ذیل طریقے سے بیوٹی لوشن تیار کریں۔یہ بیوٹی لوشن چہرے کے داغ،مہاسے اور کیل وغیرہ کے خاتمے کے لیے بے حد مفید ہے۔لیموں کارس باریک کپڑے سے چھان کر 50گرام حاصل کریں۔
اب اس میں 50گرام عرق گلاب سہ آتشہ اور50گرام گلیسرین اچھی طرح ملابوتل میں بھرلیں۔یہ لوشن رات کے وقت چہرے پر لگا کر سوجائیں اور صبح پانی سے دھولیں۔اس کے استعمال سے چہرے کی رنگت نکھرآتی ہے اور جلدریشم کی مانند ملائم ہو جاتی ہے۔
جلد کی خوبصورتی
جلد کی خوبصورتی کے لیے حیاتین ب اور ج والی غذائیں استعمال کریں مثلاً پالک،پھول گوبھی ،آلو ،شلجم ،چقندر ٹماٹر،شکر قندی،سیب سنگترہ،گریپ فروٹ،تمام دالیں اور ہرے پتوں والی سبزیاں وغیرہ۔

خشک جلد
اگر جلد خشک ہوتو سبزیوں کے رس ،دودھ ،دہی،مکھن،مٹر ،کچی سبزیاں اور تازہ پھل استعمال کریں۔حیاتین الف والی غذائیں خشک جلد کے لیے مفید ثابت ہوتی ہیں ۔مثلاً ہری پیاز،شلجم،پالک،گاجر ،خوبانی،آڑو وغیرہ۔
چکنی جلد
اگر جلد بہت چکنی ہوتو مرغن غذائیں کم سے کم کھائیں۔مٹھائیاں بالکل استعمال نہ کریں۔
مٹھائیوں کے بجائے پھلوں کے رس استعمال کریں۔سنگترے کارس جلد کے رنگ کو نکھارنے کے لیے خاص طور پر موثر ہے۔چکنی جلد والی خواتین کو بے چھنے آٹے کی روٹی استعمال کرنی چاہیے اور ہر کھانے کے ساتھ کچی سبزیاں کی سلاد استعمال کرنی چاہیے۔
زرد جلد
زرد جلد خون کی کمی کی علامت ہوتی ہے۔جسم میں خون کی کمی پوری کرنے کے لیے ایسی غذائیں استعمال کریں جن میں فولاد زیادہ ہو مثلاً پا لک،شلجم،کلیجی،انڈے کی زردی اور سیب وغیرہ۔
فولاد خون کا اہم جز ہے۔یہ جلد میں سرخی اور بدن میں چستی پیدا کرتاہے۔ خوبانی،انجیر،بادام،کھجور اور اکثر پھلوں میں فولاد پایا جاتاہے۔
گندھک والی غذائیں
اگر آپ کی خواہش ہے کہ آپ کی جلد خوبصورت اور چمک دار ہوجائے تو گندھک والی غذائیں استعمال کریں مثلاً مولی،پیاز،پھول گوبھی،ٹماٹر اور سلاد خوب کھائیں اور سنگترے ،مالٹے ،موسمی اور کنوکا جوس پئیں۔

پوٹاسیئم والی غذائیں
اگر آپ کی خواہش ہے کہ آپ کے چہرے کی جلد ملائم ہو جائے تو اس کے لیے فولاد اور پوٹاسیئم والی غذائیں استعمال کریں۔ان غذاؤں کے استعمال سے جسم میں خون کی گردش باقاعدہ ہوجاتی ہے اور قبض کی شکایت ختم ہوجاتی ہے مثلاً منقا،خشک انجیر ،خشک آلو بخارا،مٹر،گاجر ،پیاز،بیروغیرہ۔
فیس ماسک
چہرے کی حفاظت اور چہرے کی جلد کو تازگی اور نکھاربخشنے کے لیے فیس ماسک سے بہتر اور آسان کوئی دوسرا طریقہ نہیں،لیکن فیس ماسک لگانے سے پہلے اپنے چہرے کی جلد کے متعلق جانچ وغیرہ ضرور کر لیجیے۔
کہیں آپ خشک جلد کے لیے ایسا ماسک استعمال کرلیں۔جس سے آپ کی جلد مزید خشک ہو جائے۔آپ کی جلد خواہ چکنی ہو یا خشک ،انڈے کاماسک عام طور پر ہر جلد کے لیے مفید ہوتاہے۔اس کے تیار کرنے کا طریقہ مندرجہ ذیل ہے:
ایک انڈے کی سفیدی میں چند قطرے لیموں کا رس اور آدھا چمچہ شہد ملا کر اچھی طرح پھینٹ لیں اور چہرے پر اس کا لیپ بیس منٹ تک لگا رہنے دیں۔
بیس منٹ کے بعد تھوڑی دیر روئی گرم پانی میں بھگو کر چہرے سے آہستہ آہستہ ماسک اُتار دیں۔یہ لیپ خشک جلد کو ملائم کرتاہے۔
چمک دار اور نرم ملائم جلد کے لیے
ایک اور فیس ماسک جس سے جلد چمک دار اور ملائم ہو جاتی ہے شہد کی مدد سے تیار کیا جاتاہے۔ایک چمچے میں تھوڑا سا شہد لے کر اس میں چند قطرے لیموں کا عرق ڈال دیں اور اچھی طرح ملا دیں۔
اس شہد کو چہرے پر اچھی طرح لیپ کردیں۔بیس منٹ بعد تھوڑی سی روئی کو گرم پانی میں بھگو کر چہرے پر لگا ہوا شہد آہستہ آہستہ اُتار دیں۔ہر ماسک اسی طرح اتارنا چاہیے۔یہ کبھی نہ کریں کہ ماسک اتارنے کے لیے منہ پر پانی کے چھپکے ماریں۔
خشک جلد کے لیے ماسک
خشک جلد کے لیے انڈے کی زردی اور تیل کا ماسک بہت مفید رہتاہے۔ایک انڈے کی زردی میں بادام کا تیل یا روغن زیتون ڈال کر اچھی طرح پھینٹ لیں اور چہرے پر لگالیں۔
بیس منٹ کے بعد اُتارلیں ۔اسی طرح چکنی جلد کے لیے انڈے کی زردی میں چند قطرے لیموں یا سنگترے کا رس ڈال کر ماسک تیار کیا جا سکتاہے۔
چند آخری باتیں
جلد کی خوبصورتی کا تعلق آپ کی صحت سے ہے۔اگر آپ چاہتی ہیں کہ آپ کی جلد خوبصورت اور ملائم رہے تو سب سے پہلے اپنی صحت پر توجہ دیجئے۔محض بیرونی طور پر کریم اور ماسک لگانے سے جلد خوبصورت نہیں ہوتی۔
بعض نسوانی شکایات کی وجہ سے بھی جلد متاثر ہوتی ہے۔ہاضمے کی خرابیوں اور غذائی بے اعتدالیوں کے باعث بھی جلد کی ساخت متاثر ہو سکتی ہے۔اس لیے اپنی غذا کا بھی خیال رکھیے،روزانہ ورزش کیجئے اور صبح ہی صبح اٹھ کر تازہ ہوا میں گہری گہری سانسیں لیں،اس ترکیب سے آپ کا خون صاف رہے گا۔اگر آپ کسی نسوانی شکایت میں مبتلا ہیں تو مستند طیبہ سے رجوع کریں۔

Browse More Skin Care

Special Skin Care article for women, read "Jild Or Chehre Ki Khobsorti" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.