Jild Per Umar Raseedgi K Asraat - Skin Care

جلد پر عمر رسیدگی کے اثرات - جلد کی حفاظت

جمعہ دسمبر

Jild Per Umar Raseedgi K Asraat
نسرین شاہین
عمر کا بڑھنا ایک فطری عمل ہے،جسے روکا نہیں جا سکتا،لیکن اس کے باوجود عمر میں اضافہ ہونا ایک ایسی پریشانی ہے،جس میں دنیا کا ہر ایک فرد ضرور مبتلا ہوتاہے اور کیوں نہ ہو،جوانی کسے اچھی نہیں لگتی اور بڑھاپے کوکون خوش دلی سے قبول کرتاہے؟مگر دنیا بھر کے ماہرین صحت کے مطابق عمر رسیدگی سے وابستہ پریشانیوں اور تفکرات سے اپنے ذہن کو قبل ازوقت پریشان کرنا بھی کوئی عقل مندی نہیں ہے۔


عمر کا بڑھنا ایک ایسی حقیقت ہے،جس سے روگردانی ممکن نہیں اور نہ اندیشوں اور تفکرات کو ذہن پر سوار کر لینے سے گزرتے وقت کے ٹھیر نے کی کوئی سبیل ہو سکتی ہے یا گزر جانے والا وقت واپس پلٹ آتاہے،البتہ فضول قسم کے تفکرات خود پہ سوار کر لینے سے یہ نقصان ضرور ہو سکتاہے کہ قبل از وقت بڑھاپا آپ کی دہلیز پر پہنچ جائے ،جو ظاہر ہے کوئی فرد بھی نہیں چائے گا کہ ایسا ہو۔

(جاری ہے)

بڑھتی ہوئی عمر کے اثرات ہماری جلد پر ضرور رونما ہوتے ہیں ،لہٰذا خواتین چاہے وہ کسی بھی عمر کی ہوں ،اس معاملے میں نہایت حساس اور محتاط ہوتی ہیں۔
خواتین کو عمر کے ہر دور میں اپنی جلد کی خوب صورتی و رعنائی اور دلکشی بے حد عزیز ہوتی ہے اور کیوں نہ ہو،جلد ہی وہ آسان ہدف ہوتاہے ،جو عمر رسیدگی کے اثرات کا سب سے پہلے شکار بنتاہے۔ہماری بڑھتی ہوئی عمر،طرز زندگی ،جسم کے ہارمونوں میں خرابی اور غذائی عادات میں بے ترتیبی وہ اسباب ہیں،جن کے اثرات بد براہ راست ہماری جلد پر پڑتے ہیں،جن پر اگر فوری توجہ نہ دی جائے تو ہماری جلد خشک ،پژمردہ ،بے رونق اور روکھی ہو کر ڈھلک سی جاتی ہے۔

اس طرح اس کی تروتازگی وشادابی ہی ماند نہیں پڑتی ہے،بلکہ جلد کا نو عمری کی چمک دکھاتا خوب صورت تناؤ بھی ختم ہو جاتاہے اور رفتہ رفتہ یہ ڈھلکی ہوئی بے رونق جلد جھریوں کی آماج گاہ بن جاتی ہے اور آپ کو آپ کی عمر سے کئی گنا بڑا دکھاتی ہے۔
اگر خواتین یہ چاہتی ہیں کہ قبل ازوقت عمر رسیدگی کا شکار ہونے سے اپنی جلد کو محفوظ رکھ سکیں تو انھیں اپنی جلد کی حفاظت و نگہداشت کے لیے روزانہ کی بنیاد پر کچھ وقت ضرور نکالنا پڑے گا اور یہ کوئی اتنا مشکل مرحلہ ہر گز نہیں ہے،جس کے لیے انھیں کوئی لمبی چوڑی منصوبہ بندی کرنی پڑے،بس صرف اپنے دل ودماغ کو اس بات پر آمادہ کرلیں کہ روزانہ اپنے دن بھر کے مصروف ترین اوقات میں سے صرف چند منٹ اپنی جلد کی حفاظت ونگہداشت کے لیے وقف کردیں۔

اس ضمن میں عملی طور پر کچھ ایسے قدرتی سنگاری نسخوں کا انتخاب و استعمال کریں،جو آپ کی جلد کی قدرتی رونق و رعنائی میں اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ اس کی گہرائی سے صفائی کرنے اور اس کی قدرتی لچک اور خوب صورت تناؤ کو بر قرار رکھنے میں بھی کار گر ثابت ہو۔
یوں تو ہر موسم میں جلد کی نگہداشت وحفاظت کے لیے عملی اقدامات کرنا جلد کو عمر رسیدگی کا آسان ہدف بننے سے محفوظ رکھتاہے،تاہم موسم سرما میں جلد کی حفاظت ونگہداشت کی جانب خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہوتی ہے۔

خواتین یہ بات تو جانتی ہی ہوں گی کہ چکنی جلد کی نسبت خشک جلد پر جھریاں جلدی ظاہر ہوتی ہیں،اس کی وجہ یہ ہوتی ہے کہ چکنی جلد کیل مہاسوں اور داغ دھبوں کا آسانی سے شکار ہوجاتی ہے،مگر چکنی ہونے کی وجہ سے اس پر جھریاں پڑنے کا عمل دیر سے شروع ہو تاہے،تاہم خشک جلد کے مالک افرادیوں تو کیل مہاسوں اور داغ دھبوں کی پریشانی سے زیادہ تر بچے ہی رہتے ہیں،مگر جلد کی خشکی انھیں خارش اور مسامات کے کھلنے کی پریشانی کے ساتھ ساتھ جلد پر قبل از وقت جھریاں پڑنے کی پریشانی میں ضرور مبتلا کر دیتی ہے۔


چونکہ موسم سرما سر دو خشک ہواؤں والا ایسا موسم ہے،جس میں فضا میں نمی کا تناسب بالکل ختم ہو جاتاہے،اس لیے اس موسم میں جلد کی حفاظت ونگہداشت کے حوالے سے خصوصی اقدامات کرنے کی ضرورت ہوتی ہے،خاص طور پر خشک جلد کے حامل افراد کو موسم سرما میں جلد کی گہرائی سے صفائی ستھرائی کرنے کے لیے تیل کے مساج کے ساتھ ساتھ بھاپ لینے کی بھی ضرورت ہوتی ہے،تاکہ خشک وسرد موسم ان کی جلد کی قدرتی دلکشی ورعنائی کو متاثر نہ کرنے پائے۔

جس طرح موسم سرما میں خشک جلد کو خصوصی توجہ ونگہداشت کی ضرورت ہوتی ہے،اسی طرح چکنی جلد والے افراد کو بھی موسم سرما میں خصوصی توجہ اور دیکھ بھال کی ضرورت ہوتی ہے۔
اگر آپ موسم کی تبدیلیوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے اپنی جلد کی حفاظت ونگہداشت کے حوالے سے مناسب اقدامات کرتی رہیں گی تو آپ اپنی جلد کو قبل ازوقت عمر رسیدگی کے اثرات سے بھی محفوظ رکھ سکیں گی اور اس کی تروتازگی وشادابی کو بھی طویل عرصے تک بر قرار رکھنے میں کامیاب ہو سکیں گی۔

سردیوں کے موسم میں جلد کی گہرائی سے صفائی کرنے کی ضرورت ہوتی ہے اور مختلف چکنی کریموں اور مساج تیل کی مدد سے جلد پر کیا جانے والا مساج جلد کی خشکی کا گہرائی سے خاتمہ کرنے میں مدد گار بھی ثابت ہوتاہے۔جلد کی حفاظت ونگہداشت کے حوالے سے اپنا یا جانے والا یہ طرز عمل یقینا جلد کی رعنائی ودلکشی میں اضافے کے لیے بے حد مفید ہے،مگر موسم سرما میں جلد کی حفاظت ونگہداشت کے حوالے سے اس قدر محتاط رویہ اختیار کرنے والی خواتین گرمیوں کے موسم میں جلد کی حفاظت ونگہداشت کے معاملے میں بالکل بے پروائی کا مظاہرہ کرتی نظر آتی ہیں۔

جس طرح سرد موسم میں جلد کو خصوصی توجہ کے ساتھ گہرائی سے صاف کرنا اور اسے نم آلود رکھنا ضروری ہوتی ہے،اسی طرح موسم گرما میں بھی جلد کو آپ کی توجہ کی ضرورت ہوتی ہے۔
سردیوں کے موسم میں جلد کی حفاظت کرنے والی مصنوعات زیادہ تر روغنی ہوتی ہیں،تاکہ جلد کی نمی کو چکنائی کی تہ میں چھپا کر اسے خشک وسرد ہواؤں سے محفوظ رکھا جاسکے اور جلد پر چکنائی کی ایک چمک دار پرت جمائی جا سکے،لیکن گرمیوں کے موسم میں فضا میں نمی کا تناسب بڑھ جا تاہے اور اس موسم میں جلد کے روغنی غدود(SEBACEOUS GLANDS) بھی متحرک ہوکر جلد پر چکنائی خارج کرتے ہیں،جو پسینے کی صورت میں خوش گوار احساس پیدا کرنے کا باعث بنتے ہیں۔


خشک جلد سے عمر رسیدگی کے اثرات زائل کرنے کے لیے روزانہ صرف پانچ دس منٹ تک جلد پر ناریل کے تیل کا مساج کریں تو سردیوں کے موسم میں خشک جلد چمک دار اور دلکش ہو جائے گی،بلکہ جلد پر سے عمر رسیدگی کے اثرات بھی ماند پڑنے لگیں گے۔کوشش کریں کہ ہمیشہ جلد کی حفاظت اور اسے خوب صورت بنانے کے لیے قدرتی اشیاء استعمال کریں،مصنوعی یا کیمیائی اجزاء سے بنی مصنوعات جلد پر لگانے سے گریز کریں،کیونکہ یہ جلد پر اپنے منفی اثرات ضرور چھوڑتی ہیں،جو بعدازاں مسائل کا سبب بنتے ہیں۔

اپنی جلد کے لیے صرف قدرتی اشیاء کا انتخاب کریں،جو جلد دوست ثابت ہوتی ہیں۔گلیسرین اور عرق گلاب یکساں مقدار میں ملا کرمحفوظ کرلیں۔موسم سرما میں اس آمیزے کو اپنے چہرے اور ہاتھوں پر لگائیں ،اس طرح انھیں قدرتی نمی حاصل ہو گی اور وہ نرم وملائم اور دلکش نظر آئیں گے۔
تاریخ اشاعت: 2019-12-20

Your Thoughts and Comments

Special Skin Care article for women, read "Jild Per Umar Raseedgi K Asraat" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.