Keel Mahasay - Article No. 2551

Keel Mahasay

کیل مہاسے - تحریر نمبر 2551

کیل مہاسوں سے چھٹکارا سستے ٹوٹکوں کے ذریعے

جمعرات 18 مارچ 2021

چہرے پر کیل مہاسے حسن و خوبصورتی کو شدید متاثر کرتے ہیں۔کیل مہاسوں سے نجات کے لئے کئی گھریلو نسخے بھی موثر ہیں۔ماہرین جلدی امراض کے مطابق چہرے کی جلد کے نیچے ایک گلینڈ موجود ہوتا ہے جو جلد میں اضافی چکناہٹ پیدا کرنے کا سبب بنتا ہے،چہرے پر آئل زیادہ آنے لگے تو چہرے کے مسام بند ہو جاتے ہیں اور دانے بننے کا عمل شروع ہوتا ہے،جلد کی صفائی رکھنے اور غذا میں کم سے کم آئل کے استعمال سے ایسے دانوں سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔
مندرجہ ذیل گھریلو ٹوٹکوں پر عمل کرکے کیل مہاسوں سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔
سیب کے سرکے کا استعمال
سیب کے سرکے کو معجزاتی محلول بھی کہا جاتا ہے،نہار منہ اس کے استعمال سے وزن میں واضح کمی آتی ہے۔سیب کا سرکہ ایکنی کے لئے بھی مفید ہے۔

(جاری ہے)

سیب کے سرکے کا ایک حصہ پانی کے تین حصوں میں ملائیں اور اسے ایکنی سے متاثرہ جلد پر لگائیں،20 سیکنڈ تک لگا رہنے دیں ،اس کے بعد چہرہ صاف اور ٹھنڈے پانی سے دھو لیں۔

سیب کے سرکے میں سوسینکس ایسڈ (Succinic Acid) پایا جاتا ہے جو سوجن میں آرام دیتا ہے جبکہ لیکٹیک ایسڈ (Lactic Acid) کیل مہاسوں سے چہرے پر پڑنے والے داغ دھبوں کو کم کرتا ہے،سیب کا سرکہ آئلی اسکن کے لئے مفید ہے۔
سبز چائے کے بیگز
سبز چائے کے بیگز کپ سے نکالنے کے بعد پھینکیں نہیں،یہ ایکنی سے محفوظ رکھ سکتے ہیں،گرین ٹی میں موجود اینٹی آکسیڈنٹ جز کی وجہ سے اس کے بیگز کو چہرے پر پانچ سے سات منٹ رکھنا مفید ہے،سبز چائے سے اضافی چکناہٹ ختم ہونے سمیت چہرے پر تازگی بھی آتی ہے۔

چینی اور دہی کا اسکرب
ہر گھر کے کچن میں چینی اور دہی تو ہوتے ہی ہیں،کیل مہاسوں سے نجات کے لئے ایک کھانے کا چمچ چینی اور دو کھانے کے چمچ دہی ملا لیں، اس اسکرب کو چہرے پر تین سے چار منٹ لگائیں اور بعد میں نرم ہاتھوں سے مساج کرکے کسی اچھے فیس واش سے دھو لیں۔اس اسکرب سے چہرے کے مردہ خلیات ”ڈیڈ اسکن“ کے خاتمے سمیت کثافت اور اضافی آئل بھی صاف ہو جائے گا۔

ایلو ویرا(کوار گندل،گھیکوار)
ایلو ویرا ایک مفید پودا ہے۔اس کے کئی فوائد ہیں۔ایلو ویرا تازہ توڑ کر اس کا سخت چھلکا اتار کر اس کے اندر موجود سفید جیل سے چہرے پر مساج کریں۔ایلو ویرا میں سیلیسائیلک ایسڈ (Salicylic Acid) سلفر پایا جاتا ہے جو ایکنی کے خاتمے کے لئے مفید ہیں،ایلو ویرا کے استعمال سے جلد نرم و ملائم،صاف شفاف ہو جائے گی۔
ایلو ویرا کے استعمال سے چہرے کی جلد موئسچرائز بھی ہو جائے گی۔
سیٹرک ماسک کا استعمال
ایکنی کے خاتمے کے لئے سیٹرس ماسک کار آمد ہے،اس کے بہتر نتائج کے لئے ہفتے میں دو بار لگائیں۔وٹامن سی سے بھرپور پھل لیموں اور کینو کے رس کو ہم وزن ملائیں۔اس محلول کو ایکنی سے متاثرہ اسکن پر لگائیں،دس سے پندرہ منٹ لگا رہنے دیں۔
اس کے بعد چہرہ ٹھنڈے پانی سے دھو لیں۔
شہد
شہد کی جراثیم کش خوبیاں بھی کیل مہاسوں سے محفوظ رکھنے میں مفید ہیں۔ایک چائے کے چمچ شہد کو متاثرہ جگہوں پر لگائیں یا آدھے کپ شہد کو ایک کپ دلیے میں مکس کرکے ماسک بنائیں اور آدھے گھنٹے تک چہرہ پر لگا رہنے دیں۔
پودینہ
پودینہ چہرے کے مساموں پر اکٹھا ہو جانے والے تیل کو ہٹانے میں مفید ہے۔
دو چائے کے چمچ باریک کٹے تازہ پودینے کو دو چائے کے چمچ دہی اور جو کے دلیے(جسے پیس کر سفوف کی شکل دے دیں)میں ملا لیں۔اس مکسچر کو چہرے پر دس منٹ تک لگا رہنے دیں اور پھر پانی سے دھو لیں۔
لیموں
لیموں نئے کیل مہاسوں کی روک تھام کرنے کے ساتھ ساتھ جلد کی شفافیت کے لئے مفید ہے۔لیموں کے رس میں روئی کو ڈبوئیں اور کیل مہاسوں پر دبا کر رکھ لیں اور کچھ دیر بعد اسے ٹھنڈے پانی سے دھو لیں۔

مالٹا یا سرکہ
ترش پھل یا سرکہ بھی اس حوالے سے فائدہ مند ہے۔ترش پھلوں کے عرق یا سرکے کی کچھ مقدار کو روئی پر ڈالیں اور نرمی سے متاثرہ جگہ کی صفائی کریں۔
اومیگا تھری فیٹی ایسڈز
اومیگا تھری فیٹی ایسڈز میں سوجن کش خوبیاں ہوتی ہیں جو کیل مہاسوں کو کم کرتی ہیں۔تخم بالنگوہ اخروٹ وغیرہ کو اپنی غذا کا حصہ بنا کر آپ یہ فائدہ حاصل کر سکتے ہیں۔

Browse More Skin Care

Special Skin Care article for women, read "Keel Mahasay" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.