Khobsorat Jild Shadab Chehra - Article No. 2649

Khobsorat Jild Shadab Chehra

خوبصورت جلد،شاداب چہرہ - تحریر نمبر 2649

جلد کی تروتازگی حُسن کی بنیاد

جمعرات 29 جولائی 2021

دانیہ بٹ
چہرے کی خوبصورتی میں جو چیز سب سے زیادہ اہم کردار ادا کرتی ہے وہ ہے ہماری جلد جسے کبھی بھی نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔اکثر خواتین یہ سمجھتی ہیں کہ جلد کیسی ہی کیوں نہ ہو اس پر اچھا میک کر لیں گی تو سب کچھ ٹھیک ہو جائے گا۔یاد رہے کہ یہ خیال بالکل غلط ہے۔اگر ہماری جلد تروتازہ نہیں ہو گی اس پر کبھی اچھا میک اپ نہیں ہو گا۔
جلد کی تروتازگی حُسن کی بنیاد ہے جلد اگر نرم صاف ستھری اور چمکدار ہے تو کافی عرصے تک اس پر جھریاں نمودار نہیں ہوں گی۔چہرے کی جلد اس لحاظ سے بھی اہم ہے کہ وہ ہماری عمر چھپا بھی سکتی ہیں اور بڑھا بھی سکتی ہے جلد کی رنگت چاہے کیسی بھی ہو اصل چیز چہرے کی شادابی ہے۔
صاف ستھری جلد کے حصول کے لئے سب سے پہلے تو یہ ضروری ہے کہ آپ پُرسکون رہیں۔

(جاری ہے)

سوچ مثبت رکھیں کافی نیند لیں اور اپنی غذا کو متوازن رکھیں۔اس کے بعد بیرونی طور پر اپنی جلد کی حفاظت کریں۔جلد کی بیرونی حفاظت کے لئے ٹماٹر بہت اہم کردار ادا کرتا ہے۔ٹماٹر کی ٹھنڈک اور سکڑنے والی خوبیوں کی وجہ سے بہت اہم تصور کیا جاتا ہے۔دراصل ٹماٹر وٹامن سی سے بھرپور ہوتا ہے جو کیل مہاسوں کے علاوہ بے رونق جلد کو چمکدار اور پُرکشش بناتی ہے۔
ہماری جلد کو صحت مند اور شاداب رہنے کے لئے وٹامن اے کی بھی ضرورت ہوتی ہے۔ ٹماٹر میں یہ وٹامن بھی وافر مقدار میں پایا جاتا ہے۔ٹماٹر میں شامل نمکیات جلد کو متوازن رکھنے میں اور جلد سے چکناہٹ کم کرنے میں مدد دیتے ہیں۔اس کے علاوہ ٹماٹر میں شامل اینٹی آکسیڈینٹس جلد کے خلاف کام کرنے والے جراثیم سے مقابلہ کرتے ہیں۔ذیل میں ٹماٹر کے چند استعمالات میں جن کے ذریعے خواتین اپنی جلد کو نہ صرف خوبصورت بنا سکتی ہیں بلکہ اس میں مزید رونق اور دلکشی لا سکتی ہیں۔

تازہ سرخ ٹماٹر کا رس ایک چمچ اور اس میں دو چار لیموں کے قطرے شامل کر لیں۔پھر اس آمیزے کو روئی کی مدد سے چہرے پر لگائیں۔ پندرہ منٹ تک اس کو جلد پر لگا رہنے دیں۔پھر ٹھنڈے پانی سے دھو لیں۔آخر میں کوئی موئسچرائزر استعمال کریں۔آپ کی جلد شاداب ہو جائے گی۔
جلد کو کیل مہاسوں سے پاک کرنے کے لئے ایک تازہ ٹماٹر کا گودا نکال لیں پھر اس گودے کو چہرے پر لگائیں یہ گودا چہرے پر ایک گھنٹہ تک لگا رہنے دیں۔
پھر نیم گرم پانی سے چہرہ دھو لیں۔ایک ہفتے کے مسلسل استعمال سے بہتر نتائج سامنے آنے لگیں گے۔
ٹماٹر سے ایک بہترین ماسک بھی تیار کیا جا سکتا ہے جسے ٹماٹر اور ایواکاڈو کلیزنگ ماسک کہتے ہیں۔
ایواکاڈو میں جلد کو سکڑنے اور مرمت کرنے کی صلاحیت ہوتی ہے۔ایواکاڈو میں وٹامن اے بی 12،سی اور وٹامن ڈی پایا جاتا ہے۔جو صحت کے لئے اور جسمانی سکون کے لئے بہت مفید ہوتے ہیں۔

ماسک کو بنانے کے لئے ایک چھوٹا ٹماٹر اور ایک ایواکاڈو کا گودا لیں۔دونوں کو اچھی طرح ملا لیں۔اور اُس آمیزے کو چہرے پر لگائیں۔ 20-30 منٹ لگا رہنے دیں اور پھر نیم گرم پانی سے دھو لیں۔آپ سکون اور تازگی محسوس کریں گی۔
ٹماٹر چہرے کی جلد پر اپنی قدرتی جادوگری دکھاتا ہے۔چاہے وہ ماسک کی شکل میں لگایا جائے یا فیشل کے طور پر استعمال کیا جائے۔ٹماٹر کا گودا بہت کارآمد صرف گودا ہی اگر روزانہ ایک گھنٹہ چہرے پر لگا کر نیم گرم پانی سے دھو لیا جائے تو چہرے کا رنگ نکھر آتا ہے۔ٹماٹر صحت کا ہی نہیں بلکہ حسن کا بھی محافظ ہے۔

Browse More Skin Care

Special Skin Care article for women, read "Khobsorat Jild Shadab Chehra" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.