Khushk Aur Sard Mausam Main Rahiye Tarotaza - Article No. 2511

Khushk Aur Sard Mausam Main Rahiye Tarotaza

خشک اور سرد موسم میں رہیے تروتازہ - تحریر نمبر 2511

دودھ،عرق گلاب،سنگترے اور ہلدی سے خود کو نکھاریے․․․

ہفتہ 16 جنوری 2021

صدف قمر
موسم کی تبدیلی انسانی صحت کے ساتھ جلد پر بھی اثرات مرتب کرتی ہے۔جلد کو انسانی جسم کا سب سے حساس عضو کہا جاتا ہے۔چہرے کی جلد موسم کے تغیرات کا براہ راست نشانہ بنتی ہے۔اگر موسم سرما میں خوبصورت،صحت مند اور دلکش جلد کی خواہش ہو تو اس کے لئے یخ بستہ ہواؤں کے چلنے سے پہلے ہی جلد کی مناسب دیکھ بھال کا آغاز کر دیجیے۔
معیاری اور آزمودہ کولڈ کریم رات سونے سے قبل لگائیں۔منہ دھونے کے لئے موئسچر بیس صابن یا فیس واش استعمال کریں۔دن میں دو بار اور رات سونے سے قبل صابن یا فیس واش سے چہرہ صاف کریں۔چکنی اور دانوں والی جلد کے لئے کولڈ کریم موزوں نہیں رہتی ایسی جلد کو قدرتی طریقوں سے موئسچرائزر کیا جا سکتا ہے۔
دودھ،عرق گلاب اور لیموں
دودھ سے کلینزنگ کرنے سے جلد کی شادابی لوٹ آتی ہے۔

(جاری ہے)

رنگت بھی نکھر جاتی ہے۔عرق گلاب،لیموں کا عرق،گلیسرین ہم وزن ملا کر کسی پلاسٹک کی ایئر ٹائٹ بوتل میں رکھ لیں جب بھی چہرہ دھوئیں یا گھر سے باہر جائیں تو یہ لوشن لگا لیں۔ دہی میں سٹرک ایسڈ کی وجہ سے دانوں کو ختم کرنے کی صلاحیت پائی جاتی ہے۔روزانہ ایک کھانے کا چمچ دہی میں ایک چائے کا چمچ بیسن ملا کر چہرے پر لگانے سے چکنی جلد کی اضافی چکنائی اور دانوں پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

بالائی،شہد،زعفران
سرد ہوائیں خشک جلد کو مزید خشک کر دیتی ہیں۔خشک اور نارمل جلد والوں کے لئے موسم سرما خوش گوار ہونے کے بجائے تکلیف دہ تاثر قائم کرتا ہے لیکن لوگوں کی اکثریت جلد کی طرف اس وقت متوجہ ہوتی ہے جب جلد شادابی کھونے لگتی ہے۔سرد ہوائیں جلد کو خشک کرکے اسے بے رونق بنا دیں تو جلد کو دوبارہ نارمل حالت میں لانے کے لئے کافی وقت درکار ہوتا ہے۔
مناسب یہی ہے کہ پہلے سے ہی جلد کا خیال رکھا جائے۔رات سونے سے قبل یا دن میں کسی بھی وقت ایک کھانے کا چمچ بالائی لیں۔اس میں ایک چائے کا چمچ شہد اور چٹکی بھر زعفران اچھی طرح ملا کر پندرہ منٹ کے لئے چھوڑ دیں۔اس آمیزے سے چہرے کا ہلکے ہاتھوں سے مساج تقریباً دس منٹ تک کریں۔بیس منٹ بعد چہرہ صاف پانی سے دھو لیجیے۔یہ عمل پندرہ دن تک ہر دوسرے دن دہرائیں۔
موسم سرما میں جلد کی شادابی کے لئے یہ نسخہ مفید بتایا جاتا ہے۔
سنگترے کے چھلکے اور ہلدی
سنگترے میں وٹامن سی ہوتا ہے۔سرد موسم میں کثرت سے اس کا استعمال کیجیے۔یہ جلد کی شادابی کے ساتھ جسم کی قوت مدافعت بھی بڑھاتا ہے۔سنگترہ چھیل کر کھائیں یا جوس کی شکل میں دونوں صورتوں میں سنگترے کے چھلکے محفوظ کر لیں۔چھلکے دھوپ میں سکھا کر پاؤڈر کی شکل میں پیس کر ایئر ٹائٹ جار میں رکھیں۔
دن میں ایک مرتبہ اس کے چھلکوں کا ابٹن چہرے،ہاتھوں اور پاؤں پر لگائیں۔ابٹن بنانے کے لئے دو کھانے کے چمچ سنگترے کے چھلکوں کا پاؤڈر تھوڑے سے دودھ میں ملا کر کھلی جگہ پر رکھ دیں چٹکی بھر ہلدی ملانے سے اس میں اینٹی سپٹک خصوصیات بھی شامل ہو جائیں گی۔جب گاڑھا سا ابٹن کی شکل کا آمیزہ بن جائے تو چہرے اور دیگر حصوں پر لگا کر پانچ منٹ تک ملیں پھر لگا رہنے دیں۔جب خشک ہو جائے تو رگڑ کر ابٹن کی طرح مل کر اتار لیں۔یہ گھریلو تراکیب جلد کے بہت سے مسائل کا سدباب کرتی ہیں اور خشک ہواؤں کے مضر اثرات کو زائل کرنے میں مدد کر سکتی ہیں۔

Browse More Skin Care

Special Skin Care article for women, read "Khushk Aur Sard Mausam Main Rahiye Tarotaza" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.