Lemon - Article No. 2654

Lemon

لیموں - تحریر نمبر 2654

لیموں میں اینٹی آکسائیڈنٹس بھی ہوتے ہیں جو جلد کو ہموار،سرخی مائل اور لچک دار رکھنے کے لئے مفید ہیں

جمعرات 5 اگست 2021

لیموں ہر گھر اور کچن میں موجود ہوتا ہے۔یہ وٹامن سی کا خزانہ ہے۔اسکن کیئر کی اکثر مصنوعات پر وٹامن سی کا ذکر ضرور ہوتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ یہ وٹامن ایک ہارمون کولیگن کی پیداوار کے لئے اہم مانا جاتا ہے۔یہ ہارمون جلد کی مضبوطی اور لچک کے لئے اہم ہے۔لیموں میں اینٹی آکسائیڈنٹس بھی ہوتے ہیں جو جلد کو ہموار،سرخی مائل اور لچک دار رکھنے کے لئے مفید ہیں۔
اس کے علاوہ لیموں میں وٹامن بی، کیلشیم،فاسفورس اور پوٹاشیم بھی مختلف مقدار میں پائے جاتے ہیں۔لیموں صرف ذائقے اور ہضم کی صلاحیت کو ہی بیدار نہیں کرتا بلکہ جلد کے لئے ایک مفید ٹانک بھی ہے۔
نوجوان لڑکے اور لڑکیاں اپنے چہرے سے داغ دھبوں کو دور کرنے کے لئے طرح طرح کی کریمیں استعمال کرتے ہیں قدرت نے اس چھوٹے سے پھل لیموں میں رنگ کاٹنے،دھبے مٹانے،جلد نکھارنے کے لئے شفائی اثرات رکھے ہیں۔

(جاری ہے)

لیموں مصفی خون ہے اور فساد خون کے نتیجے میں ہونے والے عوارض،خارش،پھوڑے،پھنسیاں اور داغ دھبوں میں ایک بہترین قدرتی تدبیر ہے۔لیموں خوبصورتی کے حصول کا بھی ایک بہترین ذریعہ ہے۔لیموں کا عرق بیرونی طور پر جلد کو نکھارتا ہے۔لیموں دھوپ میں جھلسی ہوئی جلد کو نیا نکھار دیتا ہے۔ چہرے پر تروتازگی بخشنے کے لئے لیموں ایک بہترین پھل ہے۔جلد پر ہونے والے دھوپ کے اثرات سے نجات کے لئے لیموں کے رس میں روئی بھگو کر اسے ان دھبوں اور جھریوں پر جذب کیجئے۔

عرق گلاب،لیموں کا عرق،گلیسرین ہم وزن ملا کر کسی پلاسٹک کی ایئر ٹائٹ بوتل میں رکھ لیں جب بھی چہرہ دھوئیں یا گھر سے باہر جائیں تو یہ لوشن لگا لیں۔نصف لیموں دو چائے کے چمچ روغن بادام اور شہد ایک اونس میں ملا کر چہرے پر خوب ملیں پھر بیس منٹ بعد نیم گرم پانی سے منہ دھو لیں۔رنگت صاف ہو جائے گی۔لیموں کے رس سے جلد کا میل کچیل صاف ہوتا ہے۔
چہرے کی حفاظت و خوبصورتی کے لئے لیموں کا چھلکا بھی مفید ہے۔
چکنی جلد کی حامل خواتین گوری رنگت کے حصول کے لئے لیموں کے ٹکڑے آہستہ آہستہ جلد پر ملیں۔اس سے جلد پر جمی ہوئی یا ہر وقت پھیلی رہنے والی چکنائی کا خاتمہ ہو گا۔لیموں ملنے کے پندرہ منٹ بعد ٹھنڈے پانی سے چہرہ دھوئیں۔شاداب و جواں جلد کے لئے آدھا چائے کا چمچ دودھ میں آدھا چائے کا چمچ گاجر کا رس یا کھیرے کا رس اور چند قطرے لیموں ملا کر پھینٹ لیں۔
روئی کے پھائے کی مدد سے جلد پر لگائیں پندرہ سے بیس منٹ تک لگا رہنے دیں۔اس کے بعد ٹھنڈے پانی سے چہرہ دھو کر صاف کر لیں۔
اگر جلد سانولی،ناہموار،جھائیوں یا داغ دھبوں والی ہو تو اس پر گھر میں تیار کردہ ماسک کا استعمال کریں۔اس کے لئے ٹماٹر کا گودا دو کھانے کے چمچ لے کر اس میں بادام کا پاؤڈر اور ایک چٹکی ہلدی کا پاؤڈر ملا لیں۔اس میں آدھا چائے کا چمچ لیموں کا رس شامل کر لیں۔
ان تمام اشیاء کا پیسٹ بنا کر اس کو جلد پر لگا کر آدھے گھنٹے کے لئے چھوڑ دیں۔اگر جلد خشک اور حساس ہے تو لیموں کا رس نہ ملائیں۔
ہلدی سے تیار کی جانے والی کریم میں جراثیم کو مارنے اور بال صاف کرنے کی صلاحیت بھی موجود ہے۔لیموں کے ساتھ استعمال کرنے سے یہ جلد کی بہت موٴثر طریقے سے کلینزنگ کرتی ہے۔غسل سے پہلے ہلدی کے مرکب کا استعمال جسم کو بہت فائدہ پہنچاتا ہے۔
عرق گلاب کو بھی باڈی پیک کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔علاوہ ازیں یہ بیمار بالوں کا بہترین معالج بھی ہے۔
گاڑھا نشاستہ لے کر اس میں ایک چٹکی ہلدی اور دو قطرے لیموں کے رس ملا دیں۔اب اس پیسٹ کو جلد پر لگا کر آدھے گھنٹے کے لئے چھوڑ دیں۔اب ٹھنڈے پانی سے دھو ڈالیں۔ایسی جلد جس پر دانے یا دھبے ہوں،اس کو چند دنوں تک روزانہ اس عمل سے گزارنا چاہیے۔
کھلے ہوئے مساموں کے لئے ماسک تیار کرنے کیلئے ایک کھانے کا چمچ ٹماٹر کا رس،آدھا چائے کا چمچ چھاچھ اور ایک چوتھائی چائے کا چمچ لیموں کا رس ملا لیں۔اس کو جلد پر تھپتھپا کر لگا لیں اور بیس منٹ لگا کر چھوڑ دیں تاکہ خشک ہو جائے۔اگر جلد خشک ہو تو لیموں کا رس نہ ملائیں ۔بہت زیادہ چکنی جلد کے لئے لیموں کا رس پانی میں ملا کر چہرہ پر اس کے چھپکے ماریں اور بیس منٹ تک اس کو خشک ہونے کیلئے چھوڑ دیں۔
اب سادہ پانی سے چہرہ دھو ڈالیں۔
مغربی ممالک میں دہی میں لیموں یا سنگترہ کا رس شامل کرکے چہرے کو صاف کرنے کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔دہی میں انڈے کی سفیدی ،لیموں کا رس اور چمچہ بھر شہد ملا کر ماسک بھی بنایا جا سکتا ہے۔چار کھانے کے چمچ دہی میں،ایک کھانے کا چمچہ شہد اور چند قطرے لیموں کا رس شامل کریں۔اس آمیزے کو بالوں کی جڑوں میں لگائیں اور ایک ڈیڑھ گھنٹے بعد شیمپو کر لیں۔
یہ ماسک خشک بالوں کے لئے مفید ہے،اس سے خشکی و سکری سے نجات حاصل ہوتی ہے اور بال نرم و ملائم ہو جاتے ہیں۔
اگر سورج کی تمازت سے جلد کی رنگت سیاہی مائل ہو گئی ہے تو ملائی والے دودھ میں لیموں کا رس ملا کر پھینٹ لیں۔دو کپ گاڑھے ملائی دار دودھ میں دو لیموں کا رس ملائیں اور جلد پر خوب اچھی طرح لگا کر آدھا گھنٹہ تک ٹھنڈی جگہ پر لیٹ جائیں۔
اس کے بعد سادے پانی سے جلد دھو کر صاف کر لیں۔
بالوں کی صحت،مضبوطی و بہترین نشوونما کے لئے آملے کے تیل میں لیموں کا رس ملا کر رات میں مساج کریں۔چند روز اس طرح کرنے سے ناصرف بال جھڑنا رک جاتے ہیں بلکہ ان کی سیاہی و چمک میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔
بالوں کی غیر ضروری چکنائی دور کرنے،ناخنوں کو خوبصورت بنانے میں بھی لیموں فائدہ مند ہے۔
بالوں کو خوبصورت اور چمکدار بنانے کے لئے لیموں کا رس استعمال کرنا مفید ہے۔تیل میں لیموں کا رس ملا کر لگانے سے بال تیزی سے بڑھتے ہیں۔سر میں خشکی کی حالت میں لیموں کا رس ہم وزن نیم گرم پانی میں ملا کر بالوں کی جڑوں میں لگائیں۔بال لمبے اور چمکیلے کرنے کے لئے لیموں کے رس میں سفوف آملہ ملا کر بالوں کی جڑوں میں لگانے سے بال مضبوط اور چمکیلے ہو جاتے ہیں۔

بالوں میں خشکی ہو تو ایک اونس لیموں میں دو چائے کے چمچ شکر ملا کر بالوں کی جڑوں میں لگائیں جب بالوں کو صابن اور شیمپو سے دھویا جائے تو اس کے بعد ایک عدد لیموں ایک مگ پانی میں نچوڑ کر اس سے بالوں کو اچھی طرح دھو لیں پھر صاف پانی سے بال دھو لیں اس عمل سے بالوں میں قدرتی چمک آجاتی ہے۔لیموں کے رس میں ہم وزن کھیرے کا رس ملا کر چہرے پر لگانے سے جلد کی چکنائی ختم ہوتی اور رنگت نکھر آتی ہے۔

دو چمچ لیموں کا رس دو چمچ میدے میں ملائیں ایک چمچ دودھ ڈال کر پیسٹ بنا لیں۔یہ پیسٹ اپنے چہرے پر لگا کر آدھ گھنٹہ سوکھنے دیں پھر نیم گرم پانی سے دھو لیں۔یہ عمل چند روز کرنے سے جھریاں بننے کا عمل کم ہو جاتا ہے۔
چہرے کی خشکی،ہاتھوں اور پاؤں کا کھردرا پن دور کرنے کے لئے لیموں کا رس گلیسرین اور عرق گلاب میں ملا کر سونے سے پہلے چہرے اور ہاتھ پاؤں پر لگائیں۔
دودھ میں لیموں کا رس ملا کر لگانے سے چہرے پر نکھار آسکتا ہے۔
کہنیوں،گھٹنوں اور ٹخنوں پر پڑنے والی سیاہی لیموں کا رس یا چھلکا ملنے پر دور ہو سکتی ہے۔
نہار منہ لیموں کا رس قہوے میں ملا کر پینے سے موٹاپا کم ہو سکتا ہے۔
چہرے کی رنگت صاف کرنے،چکنائی کی زیادتی کم کرنے اور جلد کو چمک دار بنانے کے لئے لیموں بہترین ہے۔
رنگ گورا کرنے کے لئے ایک کپ دہی میں لیموں کا رس ایک ٹیبل اسپون،ملا کر چہرے اور گردن پر لگا کر پندرہ منٹ بعد ایک ملائم ٹشو سے صاف کر لیجیے۔

جلد کو چمک دار بنانے کے لئے لیموں کا رس دو ٹیبل اسپون،گلیسرین دو ٹیبل اسپون عرق گلاب ایک پیالی میں ملا کر رکھ لیں۔رات سونے سے پہلے منہ ہاتھ دھو کر یہ آمیزہ چہرے اور گردن پر لگا لیں۔صبح صاف پانی سے چہرہ اور گردن دھو لیں۔یہ عمل سات روز تک جاری رکھیں۔
اس سے چہرے کی جلد نرم و ملائم اور چمک دار ہو جاتی ہے۔اگر آپ کے چہرے کی جلد میں چکنائی زیادہ ہے تو لیموں کے چھلکے کو نرمی سے چہرے پر ملیے۔

لیموں کی حسن افزاء خصوصیات
پکے ہوئے کیلے کو میش کرکے اس میں آدھے لیموں کا رس نچوڑ لیں اس مکسچر کو کھردری و خشک جلد کو نرم و ملائم بنانے کے لئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
چہرے پر مردہ خلیات کی پرتوں کو صاف کرنے کے لئے شکر میں لیموں کے رس کو نچوڑ کر اس مکسچر سے جلد پر نرمی سے مساج کرنے سے نہ صرف جلد پر سے مردہ خلیات کی پرتیں صاف ہو جاتی ہیں بلکہ جلد کی رنگت بھی(کچھ دنوں کے استعمال سے) نکھری نکھری محسوس ہونے لگے گی۔

لیموں کے رس میں شہد ملا کر ایک بہترین ہوم میڈ نیچرل موئسچرائزر تیار کیا جا سکتا ہے۔
کہنیوں اور گٹوں و گھٹنوں کی سیاہی دور کرنے کے لئے رس نچڑے ہوئے لیموں کے خالی چھلکوں کو ان سیاہی مائل حصوں پر پانچ سے دس منٹ تک رگڑیں۔اس کے بعد سادے پانی سے جلد دھو کر صاف کر لیں۔چند روز اس عمل کو دہراتے رہنے سے ان حصوں کی جلد صاف ہو جاتی ہے۔

بالوں کے مسلسل جھڑنے سے پریشان افراد کے لئے لیموں کے رس میں آملہ پاؤڈر مکس کرکے اسے بالوں میں لگانے اور بیس پچیس منٹ کے بعد سر دھونے سے بالوں کا جھڑنا رک جاتا ہے۔
لیموں کے رس میں ایک انڈے کی سفیدی ملا کر پھینٹیں اور اسے سر کی جلد پر لگا کر پچیس سے تیس منٹ تک چھوڑ دیں۔اس کے بعد نارمل پانی سے سر دھو لیں۔خارش اور خشکی کے لئے یہ نسخہ مفید ہے۔

اگر شیمپو کے بعد چائے اور لیموں کے رس کے مکسچر کو بالوں پر سے گزار دیا جائے تو بالوں کی لچک اور چمک میں اضافہ ہو جاتا ہے۔
لیموں کے رس،بالائی اور شہد کے گاڑھے مکسچر سے پھٹے ہونٹوں کو دلکش اور نرم و ملائم بنایا جا سکتا ہے۔
لیموں کا رس،بادام کے پاؤڈر اور شہد کا مکسچر جلد کے لئے بہترین اسکرب ہے اور جلد کو جھریوں زدہ ہونے سے محفوظ رکھتا ہے۔

ایک کھانے کا چمچ لیموں کا رس ایک کھانے کا چمچ ٹماٹر کا رس اور ایک کھانے کا چمچ دودھ میں مکس کرکے اسے چہرے گردن اور ہاتھوں پیروں پر لگائیں یہ ایک قدرتی بلیچ کا کام کرے گا۔
کیل مہاسوں اور داغ دھبوں کے علاوہ سورج کی تمازت سے جھلس جانے والی جلد کے لئے لیموں کے رس کو ایک کپ دودھ میں مکس کریں ۔اس میں ایک چائے کا چمچ گلیسرین مکس کرکے اسے جلد پر لگائیں۔
عمر رسیدگی کے باعث چہرے پر پھیلتی جھریوں پر دہی میں لیموں کا رس ملا کر لگانا مفید ہے۔

Browse More Skin Care

Special Skin Care article for women, read "Lemon" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.