Lemon - Husn O Sehat Ka Zaamin - Article No. 2285

Lemon - Husn O Sehat Ka Zaamin

لیموں۔حسن وصحت کا ضامن - تحریر نمبر 2285

قدرت نے ہمیں بے شمار غذائی نعمتیں عطا کی ہیں،جن کا استعمال نہ صرف صحت کے لئے مفید ہے بلکہ بیرونی جلد بھی ان اجزاء کے استعمال سے نکھر اٹھتی ہے

بدھ 12 فروری 2020

رابعہ گل
قدرت نے ہمیں بے شمار غذائی نعمتیں عطا کی ہیں،جن کا استعمال نہ صرف صحت کے لئے مفید ہے بلکہ بیرونی جلد بھی ان اجزاء کے استعمال سے نکھر اٹھتی ہے، لیموں بھی ان غذائی نعمتوں میں سے ایک ہے جو اپنے اندر لا تعداد خوبیاں سموئے ہوئے ہے، یعنی یہ ننھا منا سا پھل اپنی جسامت کے بر خلاف اپنے اندر بے پناہ خوبیاں رکھتاہے۔
لیموں غذائی اہمیت کے علاوہ اپنے جمالیاتی اہمیت بھی رکھتاہے اس میں حیاتین اے،بی،سی سب پھلوں زیادہ مقدار میں پائے جاتے ہیں ،وٹامن اے خفیف مقدار میں اور وٹا من بی کافی مقدار میں اور وٹامن سی سب سے زیادہ مقدار میں ہے اور یہی وٹامن سب سے افضل ہے۔
افزائش حسن کے لئے لیموں کا استعمال صدیوں سے ہوتا آرہا ہے یہی وجہ ہے کہ لیموں کو حسن وصحت کا قدرتی خزانہ بھی کہا جاتاہے ۔

(جاری ہے)

چہرے کا حسن بڑھانے کی بہت سی مصنوعات اس سے بنائی جاتی ہیں،جلد ،بالوں ،ہاتھوں،پیروں اور چہرے کے لا تعداد کا سمیٹکس بنانے میں یہ استعمال ہوتاہے اور یہ ان مصنوعات کا اہم جز ہے،لیموں میں وٹامن سی وافر مقدار میں ہونے کی وجہ سے یہ جلد کی بیماریوں اور مسوڑھوں کے لئے مفید ہے زخموں کی بھی جلد مند مل کرتا ہے وٹامن سی نزلے زکام میں بھی بہت فائدہ کرتاہے۔

صحت کے لئے
روزانہ سلاد میں لیموں نچوڑ کر کھانا نظام ہضم کے لئے مفید ہے ،اس کا باقاعدہ استعمال دوران خون کو بہتر کرتاہے ،جگر صاف کرتاہے دل کو مضبوط کرتاہے حضرے اور آنتوں میں حرکت پیدا کرتاہے ،اس چھوٹے سے پھل میں گلوکوز ،معدنیاتی نمک اور فولاد وافر مقدار میں ہوتے ہیں ،جس کی وجہ سے یہ ایک صحت مند غذا ہے ،اگر آپ اپنا وزن کم کرنا چاہتے ہیں تو صبح کے وقت ایک گلاس پانی میں لیموں کا عرق اور شہد ملا کر پی لیجئے ،اس سے معدہ بھی صاف ہو جاتاہے اور چہرہ بھی تروتازہ نظر آتاہے ہائی بلڈ پریشر کے مریضوں کے لئے بھی لیموں بے حد فائدہ مند ہے نمک یا شکر ملا کر روزانہ ایک عدد لیموں کا رس پینے سے بدن میں چستی اور مستعدی آجاتی ہے۔

حسن کے لئے
چکنی جلد کی حامل خواتین جلد کے مسائل سے ہمہ وقت دو چار رہتی ہیں ،چہرے پر موجود چکنائی کے باعث ان کے لئے میک اپ کرنا اور اسے چند گھنٹوں تک بر قرار رکھنا،مشکل ہو جاتاہے چکنی جلد کی حامل خواتین کو چاہئے کہ وہ دن میں ایک مرتبہ کسی لیمن کلینزر سے کلینزنگ کریں۔اس کے علاوہ میک اپ کرنے سے قبل کھیرے کے رس میں ایک چیخ لیموں کا رس ملا کر چہرے پر اس آمیزے کا ماسک لگائیں،پھر ٹھنڈے پانی سے منہ دھو کر اسٹروجنٹ لگائیں،اب اپنے چہرے پر فیس پاؤڈر لگا کر میک اپ کی ابتداء کر سکتی ہیں ۔
اس نسخے پر ہفتے میں تین مرتبہ عمل کرنے سے چہرے پر سے غیر ضروری چکنائی ختم ہو سکتی ہے روزانہ ایک لیموں کا رس پینا بھی مفید ہے۔
جو خواتین عینک لگاتی ہیں اور عینک سے ان کی آنکھوں کے گرد حلقے پڑ جاتے ہیں ان کو چاہئے کہ لیموں کے چھلکے باریک پیس کر نیو یا کریم کے ساتھ ملا کر آنکھوں کے حلقوں کے گرد لگائیں،حلقے دور ہو جائیں گے ،کیل مہاسوں کے خاتمے کے لئے لیموں کا ماسک بے حد مفید ہے سب سے پہلے چہرے کو کسی اچھے صابن یا ڈیٹول سوپ سے دھو کر نرم تولئے سے خشک کر لیں پھرلیموں کا ماسک(جسے آپ پسے ہوئے لیموں کے چھلکے اور گلیسرین میں ملا کر تیار کر سکتی ہیں)صاف اسفنج کے ٹکڑے کی مدد سے چہرے پر لگائیں اور تقریباً دس منٹ بعد منہ دھولیں ،فرق آپ خود محسوس کریں گی۔
لیموں کا عرق،گلیسرین اور عرق گلاب ملا کر بوتل میں رکھ لیں،عمدہ قسم کا موئسچرائزر تیارہے۔
چہرے کی چھائیاں دور کرنے کے لئے یہ نسخہ استعمال کریں ،لیموں آدھا ،ہلدی آدھا چمچ اور بیسن دو چمچے ملا کر پیسٹ بنا لیں اور اس کا ماسک چہرے پر لگائیں،دو تین بار ماسک کرنے سے چہرے کی چھائیاں دور ہو جاتی ہیں جلد کو نرم وملائم رکھنے کے لئے روزانہ رات کوزیتون کے تیل میں لیموں کا رس ملا کر چہرے اور گردن کی مالش کریں اور صبح منہ دھولیں،لیموں کا عرق ہاتھوں،پیروں ،گھٹنوں ،کہنیوں اور پیر کے تلوؤں پر بھی میل صاف کرنے کے لئے لگایا جاتا ہے کچھ دیر کے لئے لیموں کے کٹے ٹکڑوں سے عرق لگا دیں اور پھر صاف پانی سے دھولیں لیموں کے عرق سے کھال کی قدرتی تیزابیت قائم رہتی ہے جس کی وجہ سے بیکٹیریاں پیدا ہو کر کھال پر چٹے نہیں پڑ تیں،کھردرے تلوؤں کی صفائی کے لئے تلوؤں پر کچھ دیر کے لئے گلیسرین میں لیموں کا عرق ملا کر چھوڑ دیں،پھر پیروں کو دس منٹ کے لئے گرم پانی میں ڈبوئے رکھیں،اس کے بعد تلوؤں کو جھانوے سے رگڑ کر صاف کرلیں اگر تھکن کی وجہ سے پیروں پر سوجن آگئی ہوتو غسل کے بعد پیروں پر لیموں کا عرق مل دیں۔
بعض خواتین کے ناخن ٹوٹتے ہیں ان کو چاہیے کہ وہ لیموں کا رس پئیں،ناخن جسم میں کیلشیئم کی کمی سے بھی ٹوٹتے ہیں،لیموں کے عرق میں پھٹکری ملا کر اس محلول کو روئی کے ساتھ ناخنوں پر لگائیں،پندرہ منٹ بعد ہاتھ دھوکر لیمن کریم لگائیں،اس سے ناخن صاف اور ملائم ہو جاتے ہیں اور ناخنوں کی قدرتی چمک بھی قائم رہتی ہے۔ گلاب کے عرق میں لیموں نچوڑ کر غرارے کرنے سے دانت چمکدار ہوجاتے ہیں ،لیموں کے چھلکے کو گردن، ہاتھوں اور دانتوں پر ملنے سے رنگ نکھرتا ہے ،اور دانت چمکتے ہیں۔

جوان چہروں کے لئے لیموں کی کریم بھی بنائی جا سکتی ہے ۔اس کے لئے لیموں کے عرق کو ایک پیالی دودھ کی بالائی میں ملا لیں اور خوب پھینٹ لیں۔اس میں ایک چٹکی املی کا پاؤڈر اور ایک بڑا چمچ بیسن ملا کر پیسٹ بنا لیں۔اس پیسٹ کو روزانہ چہرے اور گردن پر لگا لیں اور سوکھنے دیں۔تھوڑی دیر بعد ٹھنڈے پانی کے چھینٹے چہرے پر مار کر دھولیں۔اس سے چہرے کی جلد ملائم اور شفاف بھی رہتی ہے۔
اگر چہرے پر بہت سا تیل نظر آئے تو ایک لیموں چہرے پر مل لیجئے جلد صاف نظر آئے گی۔لیموں کا عرق چہرے کی جلد کو سکوڑتا بھی ہے جس سے جھریاں نہیں پڑتیں۔چہرے کی جلد صاف کرنے کے لئے ایک کپ دہی میں ایک چمچ لیموں کا عرق ملا لیجئے۔اسے چہرے اور گردن پر لگا کر پندرہ منٹ کے لئے سوکھنے دیجئے۔ اس کے بعد اسے ایک ملائم ٹشو سے پونچھ لیجئے اور پھر پانی سے دھولیجئے۔
اگر آپ کی نارمل جلد ہے تو غسل سے پہلے چہرے پر لیموں کا عرق،کچھ چاول کے آٹے میں ملا کر چہرے پر مل لیجئے۔ یہ جلد صاف کرنے کا ایک آسان اور موٴثر نسخہ ہے۔
کلینزنگ لوشن
ایک نہایت اچھا کلینزنگ لوشن ایک لیموں کے عرق میں برابر حصہ دودھ اور کھیرے کا رس ملا کر گھر پر بھی بنایا جا سکتاہے۔ اس لوشن کے لگانے سے چہرے پر سے گردو غبار صاف ہو جاتاہے اور جلد کے مسامات کھل جاتے ہیں۔
جس سے ان میں ہوا کا گزر ممکن ہو جاتاہے۔اگر چہرے پر پھنسیوں کے داغ ہوں تو آدھے کپ گرم دودھ میں چند قطرے لیموں کا عرق ملا کر دن میں دوبار ان داغوں پر لگالیں۔ہر مرتبہ دس منٹ لگا رہنے دیں پھر صاف پانی سے دھولیں۔ اگر چہرے پر کالی پھنسیاں نکل آئی ہوں تو ان پر آدھے لیموں کا عرق ایک انڈے کی سفیدی میں ملا کر دن میں اسے ہلکا سا گرم کرلیں۔ جب وہ گاڑھی ہو جائے تو پھنسیوں پر لگا کر اسے سوکھنے دیں۔
جب سوکھ جائے تو ٹھنڈے پانی سے دھولیں۔اگر چہرے پر بڑے بڑے مسامات ہیں تو ایک پھریری سے بڑے مسامات کی جگہ پر لیموں کا عرق لگا دیجئے۔ لیموں کا عرق چہرے پر سے داغ صاف کرنے کے لئے بہت مفید ہوتاہے۔اگر چہرے پر چیچک یا مہاسوں کے دانے ہیں تو کھٹے لیموں کا عرق ،گاجر کا رس،کینو کا رس اور دودھ کی بالائی برابر برابر مقدار میں ملا کر داغوں پر پابندی سے کچھ دن لگائیے۔
اس سے داغ صاف ہو جائیں گے۔
لیموں کے عرق سے سر کی خشکی کا علاج بھی ہو سکتاہے ۔دو چمچ زیتون یا ناریل کے تیل میں دو چمچ لیموں کا عرق ملا لیجئے اور اس کو سر پر اچھی طرح ملئے۔اس کو ایک گھنٹہ لگا رہنے دیجئے اور پھر گرم پانی سے دھولیجئے۔ خشکی کے علاج کے لئے بالوں کی جڑوں میں خالص لیموں کا عرق بھی لگایا جاتاہے۔گرمیوں میں لیموں کا شربت بہت تازگی بخش ہوتاہے اور پیاس کو بھی بجھاتاہے۔
لیموں کے چھلکوں کو کاٹ کر ان میں کچھ نمک مرچ سرسوں کا پاؤڈر مل دیجئے اور ایک بوتل میں اس سب کو سر کے کے ساتھ کچھ دنوں دھوپ میں رکھیئے۔ایک ہفتے میں اس کا بہت لذیذ اچار بن جائے گا۔لیموں سے عرق نکالنے کے بعد اس کی قاشوں سے المونیم اور پیتل کے برتن اور دھاتوں کے بنے سجاوٹ کے کھلونے بھی صاف کیے جاتے ہیں۔ لیموں کے چھلکے سکھا کر اس کا پاؤڈر پیس لیجئے۔
یہ پاؤڈر پانی کے ساتھ منہ پر ملنے کے بھی کام آتاہے اور بہت سے کھانوں میں خوشبو کے لئے بھی استعمال کیا جاتاہے ۔صابن کے بجائے اس پاؤڈر سے منہ دھویا جا سکتاہے صنعتی پیمانے پر یہ سائٹرک ایسڈ لیموں کا تیل بنانے کے کام آتاہے۔مختصر یہ کہ لیموں حالانکہ ایک چھوٹا سا پھل ہے لیکن اس کے لا تعداد فائدے ہیں جو سب کے سب ہماری صحت ،تندرستی اور چہرے کے نکھار کے لئے کسی نعمت سے کم نہیں۔

Browse More Skin Care

Special Skin Care article for women, read "Lemon - Husn O Sehat Ka Zaamin" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.