Mausam Garma Hai Jild Ka Rakhain Khas Khayal - Article No. 2609

Mausam Garma Hai Jild Ka Rakhain Khas Khayal

موسم گرما ہے جلد کا رکھیں خاص خیال - تحریر نمبر 2609

جھریوں کی سب سے پہلی وجہ سورج کی مضر شعاعیں ہی ہوتی ہیں لہٰذا سن اسکرین کا استعمال ابتدائی عمر سے شروع کر دینا چاہیے

ہفتہ 5 جون 2021

راحیلہ مغل
موسم گرما میں جلد کی حفاظت موسم سرما کے مقابلے میں نسبتاً مشکل ہے،کیونکہ جلد کو پانی کی کمی کے ساتھ ساتھ سورج کی حدت، روشنی اور تیز شعاعوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے،جس کے باعث اس کی نمی ختم ہو جاتی ہے اور تروتازگی حاصل کرنے کے لئے بار بار تگ ودو کرنی پڑتی ہے۔ ماہرین حسن اکثر موسم گرما میں سن اسکرین کے استعمال کا مشورہ دیتے ہیں کیونکہ جھریوں کی سب سے پہلی وجہ سورج کی مضر شعاعیں ہی ہوتی ہیں لہٰذا سن اسکرین کا استعمال ابتدائی عمر سے شروع کر دینا چاہیے۔
اس کے استعمال سے غفلت نہیں برتنی چاہیے۔
یہی وجہ ہے موسم ابر آلود ہو یا چلچلاتی دھوپ،ماہرین حسن ہر طرح کے موسم میں سن اسکرین کے استعمال کا مشورہ دیتے ہیں۔سن اسکرین سورج کی براہ راست الٹرا وائلٹ شعاعوں سے جلد کو محفوظ رکھتا ہے۔

(جاری ہے)

یہ شعاعیں جلد کے لئے نقصان دہ ثابت ہوتی ہیں۔الٹرا وائلٹ شعاعیں جلد کے کینسر کے خطرات کو بڑھا دیتی ہیں۔

سن اسکرین کا استعمال کینسرکے خطرات کو کافی حد تک کم کر دیتا ہے۔مستقل دھوپ میں رہنے سے جلد پر جھریاں نمودار ہو سکتی ہیں۔سن اسکرین جلد کو جھریوں سے محفوظ رکھ کر قبل ازوقت بوڑھا ہونے سے بچاتا ہے۔ اس میں موجود پروٹین،کیراٹن اور ایلاسٹن جلد کی حفاظت کرتے ہیں۔یہ پروٹین جلد کو نرم و ملائم اور صحت مند بنانے کے لئے اہم ہیں۔یہ چہرے کی رنگت کو دھوپ سے متاثر ہونے سے بچانے کے لئے بھی ضروری ہے۔
سورج کی شعاعوں سے اسکن ٹون تبدیل ہو جاتی ہے اور بعض اوقات جلد پر براؤن دھبے پڑ جاتے ہیں۔جلد کو ان مسائل سے بچانے کے لئے سن اسکرین کا استعمال کرنا ضروری ہے۔
سن اسکرین کا استعمال آپ کی اسکن کیئر روٹین کا ایک اہم جزو ہے۔سن اسکرین کئی اقسام میں مارکیٹ میں دستیاب ہیں،جیسے لوشن،جیل، اسٹک وغیرہ۔SPF سن اسکرین ان کے علاوہ ہے۔اتنی ساری اقسام کا جان کر بہت ساری خواتین کا سر چکرا سکتا ہے،لیکن اگر آپ کو خود سے اور اپنی جلد سے پیار ہے،تو پھر آپ کے لئے یہ بات کوئی مسئلہ نہیں ہونی چاہیے۔
سن اسکرین کا مقصد،آپ کی جلد کو بہترین حفاظت فراہم کرنا ہوتا ہے۔لیکن کیا آپ کی سن اسکرین،آپ کی جلد کو بہترین تحفظ فراہم کر رہی ہے؟اس آرٹیکل میں آج ہم یہی جاننے کی کوشش کریں گے۔
سورج سے نکلنے والی الٹرا وائلٹ کرنوں کی دو اقسام ہوتی ہیں،UVB اور UVA۔اگر ہم UVB کی بات کریں تو اس سے تحفظ کے لئے سن اسکرین کی SPF ریٹنگ کو جانچا جاتا ہے۔اگر پاکستان کے ماحول اور یہاں کی گرمی کو مدنظر رکھا جائے تو SPF 30 اچھی اور موزوں ریٹنگ سمجھی جاتی ہے۔
یہ جاننے کے بعد،کچھ خواتین یہ شکایت بھی کر سکتی ہیں کہ درست ریٹنگ کی ایس پی ایف سن اسکرین استعمال کرنے کے باوجود انھیں مطلوبہ تحفظ نہیں مل پاتا۔اس کی ایک وجہ یہ ہو سکتی ہے کہ آپ ایس پی ایف سن اسکرین کا انتخاب مطلوبہ مقدار میں نہیں کر رہیں۔مقدار کے سلسلے میں تو ہم آپ کی فوری رہنمائی کر سکتے ہیں اور اس لئے رائج معیار یہ ہے کہ عمومی طور پر آپ کی وہ جلد جو سورج کی کرنوں سے براہ راست متاثر ہوتی ہے،وہاں ایک اونس کے مساوی سن اسکرین استعمال کرنا کافی رہتا ہے جیسے منہ،ہاتھ،بازو،گردن وغیرہ۔

ایسی صورت حال میں آپ کو یا تو 30 سے زیادہ ریٹنگ والی ایس پی ایف سن اسکرین استعمال کریں یا پھر موجودہ ریٹنگ کی سن اسکرین کی مقدار بڑھا دیں۔مزید برآں،UVA کرنوں سے تحفظ کے لئے سن اسکرین پر PA ریٹنگ درج ہوتی ہے۔PA کے آگے جتنے زیادہ + سائن درج ہونگے ،وہ سن اسکرین آپ کی جلد کو اتنی ہی زیادہ بہتر پروٹیکشن فراہم کرے گی۔
اسپرے اور پاؤڈر کی شکل میں بھی سن اسکرین دستیاب ہوتی ہے،تاہم آپ کو ہمیشہ کریمی مواد سے تیار شدہ سن اسکرین کا ہی انتخاب کرنا چاہیے۔
اسپرے اور پاؤڈر والی سن اسکرین میں کچھ ایسے نینوپارٹیکلز (Nanoparticles) ہوتے ہیں،جو آپ کی جلد اور خون کی شریانوں میں جذب ہو کر آپ کی صحبت کے لئے مسائل پیدا کر سکتے ہیں۔اس کے علاوہ،اگر آپ چہل قدمی اور سوئمنگ کے لئے سن اسکرین کا استعمال کر رہی ہیں تو اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کی سن اسکرین میں پانی اور پسینے سے مقابلہ کرنے کی صلاحیت ہو۔

سن اسکرین خریدنے سے پہلے اس کے اجزائے ترکیبی پر ایک نظر ضرور ڈالیں۔سن اسکرین میں اکثر ٹائیٹینیم ڈائی آکسائیڈ یا زنک آکسائیڈ شامل کیا جاتا ہے،یہ اجزاء انسانی جلد کو سورج کی کرنوں سے تحفظ فراہم کرتے ہیں،تاہم تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ یہ دونوں اجزاء درحقیقت انسانی جلد کے لئے نقصان دہ ہیں،زیادہ استعمال سے یہ آپ کی جلد کی رنگت اور اس کی ٹون میں ایسی تبدیلی پیدا کرتے ہیں،جو خوشگوار نہیں ہوتی۔

اگر آپ کی جلد آئلی ہے یا پھر آپ کی جلد پر ایکنی ہو جاتی ہے تو ایسی جلد کے لئے پانی کے فارمولا پر تیار کردہ سن اسکرین کا استعمال مناسب اور درست رہتا ہے۔آئلی اور ایکنی جلد پر پانی کے فارمولے والی سن اسکرین کا ایک بڑا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ یہ آپ کی جلد پر فائن لائنز نمودار ہونے اور جلد کو ٹوٹنے نہیں دیتی۔
ڈرائی اسکن کے لئے موئسچرائزنگ سن اسکرین بہتر رہتی ہے۔
Lanolin،مختلف آئلز اور Silicone جیسے اجزاء والی سن اسکرین اس اسکن ٹائپ کے لئے بہتر رہتی ہے۔
اہم ٹپس
گھر سے نکلنے سے 30 منٹ پہلے سن اسکرین لگا لیں۔
آپ سن اسکرین لگا کر اس کے اوپر میک اپ کر سکتی ہیں۔
باہر جانے کے لئے کاٹن کے کپڑے پہنیں۔ان کپڑوں میں فطری طور پر ایس پی ایف شامل ہوتا ہے۔
دوپہر اور سہ پہر کے وقت سورج کی کرنیں اپنے عروج پر اور انتہائی تیز ہوتی ہیں،ان اوقات میں گھر سے باہر نکلنے سے بچیں۔
گھر سے باہر نکلتے وقت سن گلاسز ضرور پہنیں۔

Browse More Skin Care

Special Skin Care article for women, read "Mausam Garma Hai Jild Ka Rakhain Khas Khayal" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.