Moisturizer - Har Mosaam Ki Zarorat Hai - Article No. 2410

Moisturizer - Har Mosaam Ki Zarorat Hai

موئسچرائزر ․․․ ہر موسم کی ضرورت ہے - تحریر نمبر 2410

یہ جلد کی نمی کو رکھتا ہے برقرار

ہفتہ 29 اگست 2020

جویریہ ملک
آج کل موئسچرائزر کم و بیش تمام خواتین کے وینٹی بکس کا حصہ ہوتا ہے تاہم ان میں سے اکثریت اب بھی اس بات سے لا علم ہے کہ موئسچرائزر دراصل ہوتا کیا ہے؟اس کی کتنی اقسام ہیں؟کونسی قسم کس طرح کی جلد کے لئے موزوں ہے اور ہماری اسکن کیئر روٹین میں اس کی کیا اہمیت ہے۔ماہرین جلد کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس آنے والی کئی خواتین کا یہی سوال ہوتا ہے کہ کیا ہمیں موئسچرائزر کا استعمال کرنے کی ضرورت ہے؟جن میں سے اکثریت کے لئے جواب جی ہاں ہی ہوتاہے۔
موئسچرائزر دراصل ایسی کریم،آئل یا لوشن کو کہتے ہیں جو جلد میں کسی بھی سبب ہونے والی خشکی کو دور کرکے اسے نمی بہم پہنچاتا ہے اور کچھ عرصے کے لئے جلد میں محفوظ کر دیتا ہے۔موئسچرائزر کا استعمال جلد کی اوپری سطح پر نمی کا تناسب بڑھاتے ہوئے اسے خشکی کے سبب ہونے والے مسائل سے محفوظ رکھتا ہے تاہم ایسے موئسچرائزر جن میں سن اسکرین بھی شامل کیا جاتا ہے وہ سورج کی بنفشی شعاعوں سے ہونے والے نقصانات سے بھی حفاظت کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ جلد میں پانی، Lipid اور پروٹین کے تناسب کو متوازن سطح پر برقرار رکھتی ہے۔
اقسام
موئسچرائزر کی تین نمایاں اقسام ہیں جن کی بنیاد اس میں پائے جانے والے اجزاء ہیں۔خریدنے سے قبل ان اقسام سے متعلق معلومات کا ہونا لازم ہے کیونکہ ان اجزاء کی کارکردگی کی بنیاد پر انہیں وقت استعمال،جلد کی اقسام اور جسم کے حصوں کے مطابق تقسیم کیا جاتا ہے۔

Humecants
Humecantsان اجزاء کو کہا جا تاہے جو ماحول میں موجود نمی کو جلد کی اندرونی سے بیرونی تہہ تک جذب کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ یہ موئسچرائزر کا اہم جزو مانا جاتا ہے۔علاوہ ازیں یہ جلد پر سے مردہ خلیات کی پرت کو زائل کرنے میں بھی معاون ثابت ہوتے ہیں۔ اس میں فوری جذب ہونے کی صلاحیت بھی پائی جاتی ہے۔یہ ہلکے فارمولے پر مشتمل ہوتے ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ یہ (Gel) جیل کی ساخت رکھنے والی اشیاء میں استعمال کئے جاتے ہیں۔Humecants دو طرح کے ہوتے ہیں۔ایک قدرتی طور پر پائے جانے والے یعنی وہ Humecantsجو قدرتی ذرائع سے حاصل ہوں جیسے ایلوویرا،شہد،Hyaluronic Acid,Seaweed اور Alpha Hydroxy Acid۔جبکہ دوسری قسم مختلف کیمیائی عمل کے ذریعے انڈسٹری میں تیار کی جاتی ہے جیسے گلیسرین،یوریا،Sodium LactateاورSorbitolوغیرہ۔
چونکہ یہ پانی پر مشتمل ہوتے ہیں تو تمام اقسام خصوصاً چکنی جلد کے لئے انتہائی موزوں تصور کئے جاتے ہیں۔
Occlusive
Occlusive موئسچرائزر کے ایسے اجزاء کو کہا جاتا ہے جو جلد پر آئل اور Lipid کی ایک تہہ بنا کر جلد سے نمی کو ضائع ہونے سے بچاتے ہیں۔یہ عموماً Humectantکے ساتھ بھی استعمال کئے جاتے ہیں۔یہ انتہائی بھاری فارمولے پر مشتمل ہوتے ہیں جس کے سبب یہ بام اور گاڑھی ساخت رکھنے والی کریمز میں پائے جاتے ہیں۔
چونکہ یہ انتہائی موثر ہوتے ہیں اس لئے ضروری ہے کہ اس کے استعمال سے قبل جلد کو اچھی طرح صاف کر لیا جائے۔بصورت دیگر یہ جلد پر پہلے سے موجود چکنائی اور گرد و غبار کو بھی جلد پر محفوظ کرکے کیل مہاسوں کا سبب بن سکتے ہیں۔پیٹرولیم،شیالبٹر،زیتون کے تیل،ویزلین،Rosehip،اخروٹ کے تیل میں پائے جاتے ہیں۔یہ خشک جلد رکھنے والی خواتین کے لئے مثالی ہے۔

Emotient
Emotient ان اجزاء کو کہا جاتا ہے جو جلد کے خلیات کے درمیان موجود خلاء کو موئسچرائزرنگ Lipids کے ذریعے پر کرتے ہیں جس کے باعث جلد نرم و ملائم اور ہموار ہو جاتی ہے۔یہ نباتات اور معدنیات کے ذریعے حاصل کئے جاتے ہیں۔جو کہ Cocoaبٹر،کولاجن، Elastin،شیابٹر،Ceramidesوغیرہ میں استعمال کئے جاتے ہیں۔یہ کریمی فارمولے پر مشتمل ہوتے ہیں جو ہلکے درجے کی کریمز اور لوشنز کی شکل میں پائے جاتے ہیں۔
ایسی خواتین جن کی جلد پر جھریاں،جھائیاں اور نمایاں لکیریں واضح طور پر نظر آتی ہیں ان کے لئے ان اجزاء پر مشتمل موئسچرائزر مثالی ثابت ہوتا ہے۔اس سے تیار کئے جانے والے موئسچرائزر خشک اور ملی جلی طرز کی جلد کے لئے موزوں ہے۔
جلد کی قسم کے مطابق موئسچرائزر
موئسچرائزر کا انتخاب کرتے وقت بہتر ہے کہ جلد کی قسم سے مطابقت رکھتے پراڈکٹ کا ہی استعمال کریں تاکہ یہ موٴثر انداز سے اپنا کام کر سکیں۔
چکنی جلد رکھنے والی خواتین کے لئے ایسے موئسچرائزر تیار کئے جاتے ہیں جن میں چکنائی کی مقدار کم یا نہ ہونے کے برابر ہو۔یہ عموماً پانی پر مشتمل موئسچرائزر ہوتے ہیں۔چکنی اورکیل مہاسوں کا شکار جلد کے لئے ہلکے درجے کے جیل (Gel) یا سیرم کی شکل میں دستیاب موئسچرائزر مثالی ثابت ہوتے ہیں۔خشک جلد کی مالک خواتین کے لئے ایسے موئسچرائزر کا انتخاب بہترین ہے جن کے اجزاء میں بنیادی جزو آئل(چکنائی) اور Lipidہو۔
خشک جلد رکھنے والوں کو موئسچرائزر خریدتے وقت اس بات کا دھیان رکھنا چاہئے کہ اس میں خوشبو اور Ethanol شامل نہ ہوں کیونکہ یہ جلد کو مزید خشک بنا سکتے ہیں۔ہلکے درجے کے کریمز اور لوشنز اس ضمن میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ حساس جلد رکھنے والی خواتین کے لئے ضروری ہے کہ موئسچرائزر کا انتخاب کرتے وقت اس بات کو یقینی بنائیں کہ اس کے اجزاء میں گلیسرین شامل ہو کیونکہ دیگر اجزاء جلد پر سوزش یا الرجی کا سبب بن سکتے ہیں۔

احتیاطی تدابیر اور موئسچرائزر کے استعمال کے اوقات
یوں تو آپ اپنی ضرورت کے مطابق کسی بھی وقت موئسچرائزر کا استعمال کر سکتی ہیں تاہم خصوصاً صبح اور رات کو سونے سے قبل اس کا استعمال آپ کی اسکن کیئر روٹین کا حصہ ہونا لازم ہے۔صبح اور رات دونوں اوقات میں جلد کی صفائی کے بعد موئسچرائزر لگانا ضروری ہے البتہ دونوں اوقات کے لئے دو مختلف اقسام کے موئسچرائزر استعمال کئے جاتے ہیں۔صبح کے لئے مخصوص موئسچرائزر میں سن اسکرین کا ہونا لازم ہے جبکہ رات کے لئے مخصوص موئسچرائزر میں جلد کو نمی پہنچانے والے موئسچرائزر مثالی ہیں۔

Browse More Skin Care

Special Skin Care article for women, read "Moisturizer - Har Mosaam Ki Zarorat Hai" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.