Mosaam E Garma Main Khobsorat Nazar Ayeen - Skin Care

موسم گرما میں خوبصورت نظر آئیں - جلد کی حفاظت

پیر اکتوبر

Mosaam E Garma Main Khobsorat Nazar Ayeen
انسانی جلد بیرونی ماحول سے بہت جلد متاثر ہوتی ہے۔اسی طرح موسموں کی شدت بھی جلد کو براہ راست متاثر کرنے کا سبب بنتی ہے۔لہٰذا یہ بہت ضروری ہے کہ آپ موسم کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنی جلد کی دیکھ بھال کریں سب سے پہلے تو اس بات کا خیال رکھیں کہ موسم سرما اور موسم گرما میں جو بیوٹی مصنوعات استعمال کرتے ہیں مختلف ہونی چاہئیں یعنی سردیوں کی پروڈکٹ گرمیوں میں اور گرمیوں کی پروڈکٹ سردیوں میں استعمال نہ کریں کسی بھی مصنوعات کو استعمال کرتے وقت اپنے ماحول اور جلد کی نوعیت کا خیا ل رکھیں تاکہ جو مصنوعات استعمال کریں وہ جلد سے مل جائے اور آہستہ آہستہ سے اثرات مرتب کرے۔

زیادہ تر لوگ خوبصورتی حاصل کرنے کے طریقے استعمال کرتے ہیں چاہے وہ برانڈ کی مصنوعات ہوں یا قدرتی اجزاء سے حاصل کردہ ہو۔

(جاری ہے)

وہ اپنی جلد کی نوعیت اور موسم کے بارے میں نہیں سوچتے۔حالانکہ خوبصورتی حاصل کرنے میں ہماری جلد اور موسم اہمیت رکھتے ہیں۔یہاں ہم بات کریں گے موسم گرما میں خوبصورت نظر آنے کے حوالے سے خوبصورتی کے کئی طریقے پیش ہیں جن میں بہت عمدہ اور موثر خوبصورتی حاصل کرنے کے لئے قدرتی مصنوعات کے استعمال کی وضاحت کی گئی ہے۔


دھوپ سے بچیں
نمی‘حرارت اور تیز دھوپ آپ کی قیمتی جلد کو متاثر کرتی ہے۔اسے سخت اور کھردار بناسکتی ہے۔دراصل سورج کی شعاعوں میں بہت خطر ناک تابکاری شعاعیں ہیں جو آپ کی جلد کو کئی طرح سے تباہ کر سکتی ہیں۔موسم گرما میں زیادہ تر لوگ جلد کی پریشانیوں کا شکار ہو جاتے ہیں۔ وجہ اس کی دھوپ ہے کیونکہ جلد جسم کا بیرونی حصہ ہے جو دھوپ سے زیادہ متاثر ہوتا ہے لہٰذا گرمی کے موسم میں گھر سے باہر نکلتے ہوئے گرمی سے بچنے کی کوشش کریں۔

کوشش کریں تیز دھو پ میں باہر نہ نکلیں اگر باہر جانا ضروری ہو تو چھتری کا استعمال کریں یہ آپ کو دھوپ سے بچائے گی۔
جلدی مسائل
جلد کی تین اقسام ہوتی ہیں۔روغنی‘خشک اور نارمل زیادہ تر خواتین کی جلد روغنی اور خشک ہوتی ہیں اور گرمی کے موسم میں ان کا دلکش نظر آنا اور تروتازہ رہنا مشکل ہوتا ہے لہٰذا ان کے لئے یہ بہت ضروری ہے کہ وہ سورج کے سامنے آنے سے پہلے تیار رہیں کیونکہ سورج کی تیز شعاعیں جلدی مسائل میں مبتلا کر دیتی ہیں۔

جن میں سے ایک خارش ہے۔جو عموماً خشک جلد کا سبب بنتی ہے اور اگر اس کا فوری علاج نہ کیا جائے تو جلد خراب ہو جاتی ہے اور بعض اوقات یہ جلد کے کینسر اور جلد کے دیگر انفیکشن کا سبب بھی بن سکتی ہے۔اس سے بچنے کے لئے ضروری ہے کہ سورج کی براہ راست شعاعوں سے خود کو بچائیں۔باہر نکلتے ہوئے سن اسکرین کا استعمال کریں باہر سے آنے کے فوراً بعد ہاتھ منہ دھولیں۔

ہلکا پھلکا اور آرام دہ لباس پہنیں صبح شام غسل کریں۔ٹھنڈی جگہ میں رہیں اور اپنی جلد کو صاف رکھیں۔
دانے اور مہاسے
گرمی کے موسم میں دانوں اور مہاسوں کا عام مسئلہ سامنے آتا ہے۔جس کا اکثر خواتین کو سامنا کرنا پڑتا ہے۔روغنی جلد کی مالک خواتین دانوں اور مہاسوں کا زیادہ شکار نظر آتی ہیں۔نمی اور گرمی کی شدت مساموں کے لئے مضر اثرات کا سبب بن سکتی ہے۔

گرمیوں میں پسینہ آنے سے جسم پر گرمی کا اثر پڑتا ہے اور اگر آپ کی جلد روغنی ہے تو پھر آپ کو زیادہ خرابی کا سامنا ہو گا کیونکہ روغنی جلد میں مہاسے ہوتے ہیں اور گرمیوں میں ان سے چھٹکارا پانا بہت مشکل ہوتا ہے۔ضروری ہے کہ روغنی جلد والی خواتین سخت یا بھاری میک اپ سے پرہیز کریں کیونکہ میک اپ مصنوعات مساموں کو روکتی یعنی بند کرتی ہیں اور یوں پسینہ اپنا راستہ نکالنے میں ناکام رہتا ہے اور مہاسوں اور دانوں کا سبب بنتا ہے لہٰذا گرمیوں میں بہت ہلکا میک اپ کریں اور گھر آتے ہی صاف کرکے چہرہ دھو لیں۔


خود کو ٹھنڈا رکھیں
گرمی کے اثرات سے خود کو محفوظ رکھنے کا آسان طریقہ پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال ہے۔گرمی میں کافی مقدار میں پانی پئیں تاکہ اپنے آپ کو اندر سے ہائیڈریٹ رکھا جا سکے۔دن بھر میں کم از کم 8-10گلاس پانی پئیں۔گھر سے نکلتے ہوئے ایک گلاس پانی پی لیں اور پانی کی بوتل ساتھ رکھیں۔گرمیوں میں جلد کو شاداب رکھنے کے لئے یہ نسخہ آزمائیں۔

ایک کھیرا لیں اور اسے گرینڈر میں گرینڈ کرلیں اور اپنے چہرے پر لگا لیں۔جب یہ خشک ہو جائے تو ہلکے ہلکے مسل کر اُتار لیں اور سادے پانی سے چہرہ دھولیں۔گرمیوں کے موسم میں یہ ماسک چہرے کی جلد کو ٹھنڈا اور تروتازہ رکھنے میں بہت مددگار ثابت ہو گا۔گرمیوں میں میک اپ مصنوعات کم سے کم اور صرف پانی پر مبنی استعمال کریں کیونکہ گرمی میں جلد کو پانی ہی کی ضرورت ہوتی ہے۔موئسچرائزر لگائیں جن کی گرمیوں میں کم از کم SPF-15حفاظت ہو۔گرمی کے موسم میں خوبصورت نظر آنے کے لئے موسم کا مقابلہ کریں۔
تاریخ اشاعت: 2020-10-12

Your Thoughts and Comments

Special Skin Care article for women, read "Mosaam E Garma Main Khobsorat Nazar Ayeen" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.