Nikhri Shadab Jild Qudrati Ashiya K Zirye - Article No. 2437

Nikhri Shadab Jild Qudrati Ashiya K Zirye

نکھری شاداب جلد قدرتی اشیاء کے ذریعے - تحریر نمبر 2437

تمام مصنوعات اپنی جگہ لیکن گھریلو نسخوں اور تراکیب کی افادیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا

بدھ 7 اکتوبر 2020

خوبصورتی ہر شے میں موجود ہے۔خاص طور سے خواتین میں خوب سے خوب تر کی خواہش کا اضافہ ہوتا رہتا ہے۔مہنگی کاسمیٹکس اور اسکن کیئر مصنوعات ہر کسی کی پہنچ میں نہیں ۔اب نباتاتی اجزاء سے تیار کردہ اسکن مصنوعات بھی بازار میں ہیں یہ تبدیلی اچھی ہے۔یہ تمام مصنوعات اپنی جگہ لیکن گھریلو نسخوں اور تراکیب کی افادیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔
یہ آسان بھی ہے۔قدرتی اجزاء مثلاً پھل اور سبزیوں وغیرہ کی مدد سے با آسانی جلد کے بہت سے مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
سیاہ حلقے
آنکھیں جھیل سی گہری ہوں یا روشن و چمک دار،سیاہ حلقے ان کی خوبصورتی پر حاوی ہو جاتے ہیں۔یہ کوئی مرض نہیں بلکہ ناک کے بعض مسائل اور نیند کی کمی کا نتیجہ ہوتے ہیں۔کچے آلو کو کچل کر ململ کے کپڑے میں پوٹلی کی شکل میں باندھ کر چند منٹ تک آنکھوں پر رکھیں۔

(جاری ہے)

خصوصاً سوتے وقت لگانے سے بہتر نتائج حاصل ہوں گے۔
ہوم میڈ فیشل ماسک چکنی جلد کے لئے
ایک کھانے کا چمچ شہد میں ایک انڈے کی سفیدی ملا کر چہرے اور گردن پر ماسک کی طرح خشک ہونے تک لگائیے۔ دو کھانے کے چمچ پپیتے کے گودے میں دس قطرے لیمن جوس تقریباً بیس منٹ تک لگائیں پھر چہرے کو ٹھنڈے پانی سے دھو لیجیے۔گھر میں موجود کسی پھل جیسے نارنگی،تربوز یا پپیتے کا رس چہرے پر کچھ دیر لگائیے۔
یہ کلینزنگ،کھلے مسامات بند کرنے اور خون کی گردش کو بڑھانے کے لئے ذود اثر مانا جاتا ہے۔
خشک جلد کے لئے
ایک کھانے کا چمچ شہد میں پندرہ قطرے اورنج جوس(رس)اور ایک کھانے کا چمچ اراروٹ یا کارن فلور ملا کر چہرے پر لگائیں۔دس منٹ بعد پانی سے صاف کر لیجیے۔
ہنی فیشل ماسک
شہد میں بے شمار فوائد ہیں۔
اس کی تاثیر سے ہر کوئی واقف ہے۔زخموں کو بھرنے سے لے کر جلد کی قدرتی رعنائی کو بحال کرنے کے لئے اسے کئی سکن کیئر پروڈکٹس میں شامل کیا جاتا ہے۔ململ کے کپڑے کا صاف ٹکڑا لیجیے۔اب اسے گرم پانی میں بھگو کر ہلکے سے نچوڑ لیں تھوڑا پانی کپڑے میں باقی رہنا چاہیے۔اب اسے چہرے پر پھیرئیے دو مرتبہ یہ عمل دوہرائیے۔شہد کو چہرے پر لگائیں اور پندرہ سے تیس منٹ کے لئے آنکھیں بند کرکے پر سکون ماحول میں لیٹ جائیے۔
اسے صاف کرنے کے لئے نیم گرم پانی استعمال کریں،پھر ٹھنڈے پانی سے چہرے کو اچھی طرح دھو لیں۔مسامات کھلنے سے ان میں موجود میل اور گرد و غبار صاف ہو جاتا ہے۔اس عمل کو مہینے میں دو مرتبہ دوہرایا جا سکتا ہے۔
کھیرے کا فیشل
کھیرا ایک عدد،لیموں کا رس آدھا چائے کا چمچ،ایک انڈے کی سفیدی کو الیکٹرک بیٹر میں پھینٹ لیں اور جھاگ تیار کرلیں۔
کھیرے کو بلینڈ کر لیں تمام اجزاء کو ملا کر پندرہ سے پچیس منٹ تک چہرے پر لگا رہنے دیں۔اس سے جلد صاف بھی ہو گی اور عضلات توانا بھی ہوں گے۔ اس سے جھریاں یا ڈھلکی ہوئی جلد ٹائٹ ہو کر قدرتی جگہ پر آجاتی ہے۔
نارنگی اور دہی کا ماسک
ایک کھانے کا چمچ سادہ دہی،نارنگی کا رس تقریباً پون کپ۔دونوں اجزاء کو ملا کر انگلیوں کی مدد سے چہرے پر اچھی طرح نرمی سے مساج کرکے کچھ دیر کے لئے لگا رہنے دیں۔
پانچ سے دس منٹ بعد پانی سے صاف کر لیجیے۔دہی میں موجود سٹرک ایسڈ جلد کی گہرائی تک صفائی اور نشوونما جبکہ نارنگی وٹامن سی سے بھرپور ہوتا ہے جو جلد کے لئے ناگزیر ہے۔
آڑو کا ماسک
آڑو نرم پکا ہوا ایک عدد،انڈے کی سفیدی ایک عدد،کلینزنگ کے بعد ان دونوں اشیاء کو Blendکر لیں اور چہرے پر لیپ کر دیں۔تیس منٹ کے بعد پانی سے چہرہ دھو لیں۔
چہرے کو وٹامنز اور منرلز بھی مل جائیں گے تو جلد میں قدرتی چمک کیسے پیدا نہ ہو گی۔اس عمل سے ڈھلکنے والی جلد واپس صحیح حالت میں لوٹ آتی ہے اور صفائی کے ساتھ ساتھ قدرتی نکھار بھی مل جاتا ہے۔
ٹماٹر کا ماسک
سرخ پکا ہوا ٹماٹر ایک عدد،لیموں کا رس ایک چائے کا چمچ ،جئی کا پسا ہوا دلیہ ایک چائے کا چمچ۔ٹماٹر اور دلیے کا یہ ماسک رخساروں،ماتھے اور ٹھوڑی کے داغ دھبے دور کرنے کے لئے مفید ہو سکتا ہے۔
پسے ہوئے دلیے میں یہ اشیاء باہم ملا کر ابٹن کی طرح رگڑئیے اور پھر دس منٹ کے لئے چہرے ہی پر سوکھنے دیں۔اس کے بعد نیم گرم پانی سے چہرہ دھو لیں۔نرم ململ کا کپڑا کنکنے پانی میں ڈبو کر ماسک اتارا جائے تو زیادہ بہتر ہے۔
سیب کا ماسک(نارمل جلد کے لئے)
نرم سیب ایک عدد،شہد دو چمچ۔پہلے سیب کو چھلکے سمیت Blendکر لیں،شہد ملا کر فریج میں رکھ دیں دس منٹ بعد چہرہ دھو کر ماسک لگا لیں تیس منٹ لگا رہنے دیں اور نرمی سے چہرہ دھو لیں۔

جھائیاں اور انگوروں کا ماسک
سبز انگور لیجیے انہیں درمیان سے دو ٹکڑے کرکے چہرے اور گردن پر ملیے۔کم از کم بیس منٹ تک لگا رہنے دیجیے۔یہ عمل باقاعدگی سے دوہرانا ہو گا۔اس کے ساتھ مکمل نیند،کم از کم آٹھ گلاس پانی اور وٹامن اے سے بھرپور سبزیاں بھی غذاکا حصہ بنانی چاہئیں۔
سمندری نمک
خشک،روکھی جلد سے مردہ خلیات دور کرنے کے لئے سمندری نمک معاون ہے۔
چہرے یا جسم کے کسی بھی حصے کو جہاں یہ شکایت موجود ہوں گیلا کر لیں۔دو چمچ سمندری نمک لے کر آہستگی سے ململ کے گیلے کپڑے یا انگلیوں کی مدد سے مساج کیجیے۔آنکھوں کے اردگرد کے حصوں پر مساج کیجیے۔ایک سے دو منٹ بعد ٹھنڈے پانی سے وہ حصہ دھو لیجیے تاکہ جلد کے مسام مضبوط اور کھنچ جائیں۔ہفتے میں ایک سے دو مرتبہ اس گھریلو ترکیب کو آزمایا جا سکتا ہے۔

Browse More Skin Care

Special Skin Care article for women, read "Nikhri Shadab Jild Qudrati Ashiya K Zirye" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.