Saardiyon Main Jild Ki Hifazat - Article No. 2516

Saardiyon Main Jild Ki Hifazat

سردیوں میں جلد کی حفاظت - تحریر نمبر 2516

جلد کو لکیروں و جھریوں سے بچانے کے لئے دودھ سے حاصل کردہ پروٹین اور شہد بہترین اور قدرتی موئسچرائزر ہیں‘وٹامن A کا استعمال آپ کی جلد کو تروتازہ اور خشکی سے محفوظ رکھتا ہے

جمعہ 22 جنوری 2021

حراتمکین
عام طور پر یہ خیال کیا جاتا ہے کہ صرف گرمی کا موسم ہی آپ کی جلد کے لئے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے‘ایسی بات نہیں ہے!سردی کے موسم میں بھی آپ کو اپنی جلد کی بہت زیادہ حفاظت کرنی پڑتی ہے۔ہم میں سے اکثر کو جلد پر اس موسم کی تباہ کاریوں کا علم تو ہوتا ہے لیکن دوسری طرف ہم اپنے چہرے‘ٹانگوں اور ہاتھوں کی حفاظت سے غافل ہو جاتے ہیں۔
سرد موسم آپ کی جلد کے ساتھ ساتھ آپ کے ناخنوں اور آپ کے بالوں پر بھی اپنے منفی اثرات مرتب کر سکتا ہے۔لہٰذا اب وہ وقت آگیا ہے کہ آپ بہت پہلے سے سردی کے بے رحم موسم کے اثرات کا مقابلہ کرنے کے لئے خود کو ذہنی طور پر تیار کر لیں۔اس موسم میں جلد خشک اور خارش زدہ ہو جاتی ہے۔خشک جلد بہت جلد سورج کی تمازت کا اثر قبول کرتی ہے اور سیاہ ہو جاتی ہے‘اس لئے اس موسم میں آپ کو اپنی جلد کی حفاظت کچھ زیادہ کرنی پڑتی ہے۔

(جاری ہے)

ایسا بھی نہیں ہے کہ آپ کو اس احتیاط کے لئے بہت زیادہ بندوبست کرنا پڑے‘بلکہ روٹین میں تھوڑی سی تبدیلی کے ساتھ آپ با آسانی اس موسم میں اپنی جلد کی حفاظت کر سکتی ہیں۔
سردیوں میں جلد کی حفاظت
اپنا کلینزر تبدیل کر لیں۔اس موسم میں جلد کا خشک ہونا ایک اور مسئلہ ہے جس کی طرف آپ کو دھیان دینا ہے اور اس سلسلے میں آپ کو اپنے صابن اور ڈٹرجنٹ پر توجہ دینی ہے۔
یعنی یہ دیکھنا ہے کہ آپ کس قسم کی مصنوعات استعمال کر رہی ہیں۔وہ کلینزر جن میں Salicylic Acid اور Benzoyl Peroxide شامل ہوں۔جلد کو خشک کر دیتا ہے۔خاص طور پر اس وقت جب آپ اس قسم کا کلینزر مہاسوں اور داغ دھبوں کے لئے کسی دوسری کریم یا لوشن کے ساتھ استعمال کر رہی ہوں۔ان کی جگہ آپ کوئی نرم سا فیس واش موئسچرائزر کے ساتھ استعمال کریں یا ایسا فیس واش تلاش کریں جس میں Aloe Vera شامل ہو۔
ٹونر بھی بہت ہلکا ہونا چاہئے۔گہرے قسم کا ٹونر جلد کو اور زیادہ خشک کر دیتا ہے۔اس موسم میں آپ کو نہانے کا دورانیہ بھی کم کرنا پڑے گا،یعنی 24 گھنٹوں میں 1 بار اور وہ بھی صرف دس منٹ کے لئے‘اس سے زیادہ نہیں۔بالغوں کے لئے باتھ سے زیادہ شاور زیادہ فائدہ مند ہوتا ہے۔سردیوں میں گرم پانی میں زیادہ دیر تک نہاتے رہنا ممکن ہے کہ جسم کو آرام اور سکون پہنچاتا ہو‘لیکن اس کے ساتھ ہی یہ جلد کی فطری رطوبت کو برباد کرکے جلد کو خشک بھی کر دیتا ہے ۔
آپ چاہے باتھ لے رہی ہوں یا شاور۔پانی کو گرم نہیں‘بلکہ نیم گرم ہونا چاہئے۔صابن کا استعمال کم سے کم ہونا چاہئے اور وہ بھی صرف ان مقامات پر جہاں آپ ضروری محسوس کریں۔
Moisturise
موئسچرائزنگ اس موسم کے لئے وہ واحد طریقہ کار ہے جس کے ذریعے آپ جلد کو خشک ہونے سے محفوظ رکھ سکتی ہیں۔گرم پانی سے نہانے اور موئسچرائزر استعمال کرنے کے بعد آپ اس سرد موسم کی بے رحمی سے بہت حد تک سارے دن کے لئے محفوظ رہ سکتی ہیں۔
بہترین قسم کے موئسچرائزر وہ ہوتے ہیں جن میں روغن کی آمیزش ہوتی ہے۔کیونکہ اس موسم میں آپ کی جلد روغن کی پروڈکشن بہت کم کر دیتی ہے اور اس کمی کو موئسچرائزر پوری کر دیتا ہے جلد میں جذب ہونے اور جلد کو خشکی سے محفوظ رکھنے کے لئے لینولین (Lanolin)‘وٹامن E والے اور Avocado Oil والے موئسچرائزر بہترین ہوتے ہیں۔جلد کو نرم رکھنے اور لکیروں اور جھریوں سے بچانے کے لئے دودھ کا پروٹین کمال کی خاصیت رکھتا ہے۔
اس موسم کے لئے شہد بہترین اور قدرتی موئسچرائزر ہے اور سردی سے چٹخی ہوئی جلد کے لئے اس کا استعمال انتہائی سود مند ہے اور خاص طور پر جلد پر لکیریں اور نشانات وغیرہ اس موسم میں نمایاں ہونے لگیں تو اس وقت شہد کا استعمال بہترین ہوتا ہے۔ خوبصورت اور صاف جلد کیلئے موئسچرائزر کو دن میں 3 بار استعمال کیا کریں۔ موئسچرائزر کے استعمال کا سب سے بہتر وقت ہے نہانے کے بعد۔
اس طرح جسم سے نکلنے والا روغن ضائع نہیں ہو پاتا‘وہ جلد ہی میں رہتا ہے‘جس کی وجہ سے جلد خشک نہیں ہو پاتی اور نرم اور چکنی رہتی ہے۔یاد رکھیں کہ موئسچرائزر کا استعمال ایسی جگہوں پر ضرور ہو‘جہاں آئل کے گلینڈز موجود نہیں ہیں۔جیسے ٹخنوں‘گھٹنوں‘کہنیوں اور ایڑھیوں وغیرہ پر۔اگر تلوے اور ایڑھیاں پھٹی ہوئی ہیں تو باڈی لوشن سے مالش کریں اور رات کو سونے سے پہلے ایڑھیوں پر ڈھیر سارا باڈی لوشن مل کر موزے پہن کر بستر پر جائیں۔
صبح کو آپ کی ایڑھیاں خوبصورت اور نرم دکھائی دیں گی۔
Exfoliate پرت ریزی
سردی وہ موسم ہے جب مردہ اور خشک جلد بہت تیزی سے پرت ریزی کرنے لگتی ہے۔اس لئے ضرورت ہے کہ آپ کے پورے جسم کو اس عمل سے گزارا جائے۔Exfoliate کے عمل سے جلد زیادہ سے زیادہ نمی کو جذب کرنے کے قابل ہو جاتی ہے اور اس نمی کو بہت دیر تک برقرار بھی رکھتی ہے۔
اس موسم میں غدود زیادہ رطوبت پیدا نہیں کر پاتے۔اس کی وجہ یہ ہوتی ہے کہ باہر کا درجہ حرارت کم ہو تا ہے۔ایسی صورت میں جلد سے نمی کا اخراج زیادہ ہوتا ہے اور وقت سے پہلے جلد پر شکنیں نمودار ہو جاتی ہیں۔یہ تمام صورت حال Skin Exfoliation کے ذریعے کنٹرول کی جا سکتی ہے۔لیکن ہفتے میں صرف ایک بار اس سے زیادہ نہیں۔
حفاظت
سورج کی شعاعیں سردیوں کے موسم میں بھی آپ کی جلد کو براہ راست نقصان پہنچا سکتی ہیں۔
اس لئے سن اسکرین کا استعمال ضرور کیا کریں ۔چونکہ آپ اس موسم میں خود کو کپڑوں سے لپیٹے رہتی ہیں۔اس لئے پورے بدن پر سن اسکرین کی ضرورت نہیں ہے‘بلکہ صرف وہی حصے جو کھلے ہوئے ہوں۔سردیوں کے پورے موسم میں ایسا موئسچرائزر استعمال کرنے کی کوشش کریں جس میں SPF15 کی شمولیت ہو۔
سردیوں میں ہونٹوں کی حفاظت
سردیوں کے موسم میں ہونٹ خشک ہو کر پھٹ جاتے ہیں اور بعض موقعوں پر ان سے خون رسنا شروع ہو جاتا ہے اور ہونٹ تکلیف دینے لگتے ہیں۔
اس کے علاوہ یہ بدنما بھی دکھائی دیتے ہیں۔آپ ہونٹوں کی بدنمائی چھپانے کے لئے لپ اسٹک استعمال کرتی ہیں۔تب اوپر سے تو شاید یہ ٹھیک لگتے ہوں‘لیکن اندر سے یہ اسی طرح پھٹے رہتے ہیں۔ان کے لئے روغن بادام بہت زبردست چیز ہے۔آسان طریقہ یہ ہے کہ رات کو سونے سے پہلے ہونٹوں پر روغن بادام لگا لیا کریں۔ہونٹوں پر زبان پھیرنے سے پرہیز کریں اور دانتوں سے دبانے کی عادت ترک کر دیں۔
آج کل بازار میں ہونٹوں پر لگانے کے لئے بام دستیاب ہیں۔چند میں SPF بھی شامل ہوتا ہے‘جو ہونٹوں کو پھٹنے سے بچانے کے ساتھ ساتھ سن اسکرین کا کام بھی دیتا ہے۔آخر میں یہ بتانا ضروری ہے کہ اس موسم میں ایسی لپ اسٹک سے گریز کریں جس کے بارے میں یہ دعویٰ کیا جاتا ہے کہ وہ دیر تک قائم رہتی ہے۔ایسی لپ اسٹک عام طور پر ہونٹوں کو خشک کر دیتی ہے اور اوپر سے سرد موسم سونے پر سہاگے کا کام دیتا ہے۔
لہٰذا ایسی لپ اسٹک استعمال کریں جس میں کریم موجود ہو۔
سردیوں میں بالوں کی حفاظت
جلد کی طرح اس موسم میں بالوں کی حفاظت بھی ضروری ہے۔اس موسم میں مائلڈ قسم کا شیمپو استعمال کریں اور شیمپو بہت زیادہ نہ استعمال کریں۔اس سے قدرتی روغن یا نمی کے راستے بند ہو جائیں گے اور سر کی جلد خشک ہو جائے گی۔سر کی جلد میں نہ صرف خشکی پیدا ہو جا ئے گی‘بلکہ بال بھی کمزور ہو کر گرنے لگیں گے۔
اس کے علاوہ یہ احتیاط بھی ضروری ہے کہ آپ بالوں کو گرم پانی سے نہیں دھوئیں‘بلکہ ہلکے گرم پانی کا استعمال کریں۔انتہائی گرم پانی بالوں کو خشک کر دیتا ہے۔اگر گرم پانی کے استعمال سے بال خشک ہو گئے ہیں تو ہیئر کنڈیشنر استعمال کریں۔یاد رکھیں کہ خاص طور پر خشک اور موٹے بالوں کے لئے ہر باتھ کے بعد کنڈیشنر کا استعمال بہت ضروری ہے۔چونکہ اس موسم نے آپ کے بالوں کو خشک کر دیا ہے‘اس لئے کچھ دیر تک اپنے بالوں میں Aloe Vera جوس کی مالش ضرور کیا کریں۔
اس سے بالوں کی نرمی برقرار رہتی ہے۔اس کے علاوہ آپ اپنے بالوں میں ہفتے میں 1 یا 2 بار کسی روغن سے مالش ضرور کر سکتی ہیں۔خاص طور پر زیتون کا تیل اس سلسلے میں بہت حیرت انگیز ثابت ہو سکتا ہے۔اپنے بالوں کو مسلسل کلر کرنے سے بچائیں یا ان کو سیدھا کرنے کے لئے گرم آلہ وغیرہ زیادہ استعمال نہ کریں۔اس سے آپ کے بالوں میں موجود قدرتی نمی ختم ہو جائے گی اور آپ کے بال خشک ہو جائیں گے۔

صحیح خوراک
قطع نظر موسم کے‘پانی کا استعمال بہت اہم ہے‘لیکن سردیوں میں اس کی ضرورت اور بڑھ جاتی ہے۔آپ پانی کی شکل میں دن بھر میں بہت کچھ پی سکتی ہیں۔جیسے لائم‘لیمن جوس‘ناریل کا پانی یا دوسرے پھلوں کے جوس۔کیونکہ اس موسم کی سرد ہواؤں نے آپ کی جلد کی نمی ختم کرکے اُسے خشک کر دیا ہے۔پانی کے استعمال کے علاوہ اس موسم میں رات کی گہری اور پُرسکون نیند بھی بہت ضروری ہے۔
قدرت کا نظام ہے کہ جب آپ گہری اور پُرسکون نیند لے رہی ہوتی ہیں‘اس وقت آپ کا جسم آنے والے دن کے لئے خود کو تیار کر رہا ہوتا ہے۔ چاہے موسم گرم ہو یا سرد۔اگر آپ کو گہری اور مناسب نیند نہیں آتی ہے تو آپ کا جسم بھی تھکا ہوا رہے گا اور آپ کی جلد بھی مرجھائی ہوئی دکھائی دے گی۔اس موسم میں بھوک زیادہ لگتی ہے۔اس لئے عام طور پر ہم دوسرے موسموں سے زیادہ کھایا کرتے ہیں۔
یہ اس وقت بالکل صحیح ہے‘ جب تک ہم درست اور صحت مند خوراک لے رہے ہیں۔آپ کو ایسے موسم میں ایسی چیزیں زیادہ سے زیادہ استعمال کرنی چاہئیں‘جن میں Full Antioxidants ہوں‘جو آپ کی جلد کو موسم کے بے رحم اثرات سے بچانے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔سبز چائے اور ایسی غذائیں جن میں اومیگا 3 شامل ہوں‘بہت مفید ہیں۔ان میں بھرپور Antioxidants شامل ہوتی ہیں۔
اس کے علاوہ اس موسم میں اگر آپ کوئی ملٹی وٹامن استعمال کرتی ہیں تو اس کے بھی فوائد ہوتے ہیں۔جن کی جلد خشک اور کٹی پھٹی ہوتی ہے۔ان کے لئے اپنی خوراک میں وٹامن A بہت ضروری ہے۔وٹامن A آپ کا گاجر‘پپیتے‘پالک‘ڈرم اسٹک‘کدو وغیرہ سے مل سکتا ہے۔اس کے علاوہ جانوروں سے حاصل کردہ چیزیں بھی وٹامن A سے بھرپور ہوتی ہیں۔جیسے مکھن‘دہی‘انڈے کی زردی‘جگر‘مچھلی‘مچھلی کا لیور آئل وغیرہ۔
کیپسول کی شکل میں پرائم روز آئل بھی دستیاب ہے۔اس کا استعمال جلد کی اوپری سطح کی صحت کے لئے بہت مفید ہے۔اس سے جلد کی نمی بھی محفوظ رہتی ہے۔آخر میں ایک بات کہ اگر آپ کو جلد کی کوئی بیماری لاحق ہے‘جیسے خارش‘ایگزیما وغیرہ تو خود سے علاج کرنے سے بہتر ہے کہ فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کریں۔

Browse More Skin Care

Special Skin Care article for women, read "Saardiyon Main Jild Ki Hifazat" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.