Sard Hawaye Aur Jild Ki Nami - Article No. 1940

Sard Hawaye Aur Jild Ki Nami

سرد ہوائیں اور جِلد کی نمی - تحریر نمبر 1940

آگ برساتی گرمیوں کے اختتام پر فضاسے معدوم ہوتی نمی کے ساتھ خشک ہواؤں کے تندوتیز جھکڑ سردیوں کے آغاز کا گویا اعلان کرتے محسوس ہوتے ہیں

جمعہ 14 دسمبر 2018

سردیوں کی آمد کی نوید دیتا موسمِ خزاں

جہاں گرمیوں کی شدت سے ستائے ہوئے لوگوں کے مزاج پر خوش گوار اثرات مرتّب کرتا ہے ،وہیں موسم سرما کی سرد ہواوٴں کا سب سے آسان نشانہ بننے والی ہماری جِلد ہوتی ہے۔
یہ درست ہے کہ موسمِ سرما میں غسل یا ہاتھ منھ دھونے کی غرض سے نلکے کے سادے پانی کے بجائے گرم پانی کا استعمال کرنا زیادہ سکون بخش ثابت ہوتا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ سردیوں میں نیم گرم پانی سے بھرے باتھ ٹب میں تھوڑی دیر بیٹھ کر سکون ملتا ہے اور تھکن دْور ہوجاتی ہے۔شدید سردیوں میں اکڑ جانے والے پّٹھوں کو نرم کرنے کے لیے انھیں گرم پانی میں کچھ دیر بھگوئے رکھنے سے آرام ملتا ہے ،لیکن یہ بھی درست ہے کہ باقاعدگی سے اس عمل کو جاری رکھنے سے جِلد پر خراب اثر پڑتا ہے۔

(جاری ہے)


اصل میں تیز گرم پانی جِلد کو شدید نقصان پہنچانے کا سبب بنتا ہے۔

گرم پانی کے مضراثرات جب جِلد پر پڑتے ہیں تو وہ خشک ہونے لگتی ہے۔جِلد کی قدرتی نمی اور تروتازگی موسم سرما میں یوں بھی زیادہ متاثر ہوتی ہے۔جسم کا کوئی حصہ مسلسل گرم پانی سے دھونے یا جسم کو دیر تک گر م پانی میں بھگوئے رکھنے سے نہ صرف جِلد کی قدرتی نمی ودل کشی معدوم ہوجاتی ہے ،بلکہ وہ انتہائی خشک و بے رونق بھی ہوجاتی ہے ،کیوں کہ گرم پانی جِلد کی قدرتی نمی اور چکنائی کو تیزی سے جذب کرکے اسے بہت زیادہ خشک کردیتا ہے اور اس طرح ہماری جِلد کو نقصان پہنچتا ہے۔
گرم پانی سے جِلد کے مسامات کھْل جاتے ہیں ،جس کی وجہ سے جِلدی امراض کا خطرہ ہوتا ہے۔
موسم سرما میں اگر آپ اپنی جِلد کی قدرتی نمی اور تروتازگی کو بر قرار رکھنا چاہتی ہیں تو اس بات کو ممکن بنائیں کہ غسل اور منھ ہاتھ دھونے کے لیے بے شک گرم پانی استعمال کریں ،مگر پانی تیز گرم نہ ہو ،نیم گرم پانی استعمال کریں ،خاص طور پر گرم پانی سے بھرے ہوئے باتھ ٹب میں زیادہ دیر تک بیٹھنے سے گریز کریں۔
سردیوں میں تیز گرم پانی سے غسل کرنے یا منھ ہاتھ دھونے سے کافی سکون ملتا ہے ،لیکن یہ سکون وقتی ہوتا ہے ،بعد میں جِلد پر اس کے مضراثرات پڑتے ہیں ،اس لیے سردیوں میں تیز گرم پانی کے استعمال سے اجتناب کریں تو بہتر ہے۔
سردیوں میں فضا میں نمی کے خاتمے سے سب سے زیادہ ہماری جِلد متاثر ہوتی ہے ،کیوں کہ خشک و سردہوائیں ہماری جِلد کی قدرتی نمی اور دل کشی کو روکھا،بے رونق ،پڑمردہ اور انتہائی خشک بناتے ہوئے جِلد کو کئی طرح کی پیچیدگیوں سے دو چار کرتی اور شدید نقصان پہنچانے کا سبب بنتی ہیں۔
نمی کاخاتمہ ہونا ہی جِلد کی شگفتگی و تروتازگی کو ختم کرنے اور اسے ان گنت مسائل میں مبتلا کرنے کا آغاز قرار دیا جا سکتا ہے۔
موسمِ سرما جِلد کی خصوصی نگہ داشت کا موسم ہے ،اس لیے اس موسم کے باقاعدہ آغاز سے قبل ہی اپنی جِلد کی نمی وتروتازگی کو برقرار رکھنے کے لیے مو?ثر اقدامات کرنے کی ضرورت ہوتی ہے ،بصورتِ دیگر موسم کی وجہ سے خشکی وپڑمردگی کا شکار ہوتی جِلد شکستگی سے دوچار ہو کر پھٹنے اور چٹخنے لگتی ہے ،جو انتہائی تکلیف دہ صورت حال ہوتی ہے۔

موسم سرما میں ہماری جِلد کو نقصان پہنچانے کی اصل ذمے دار سرد ہوائیں ہی نہیں ،بلکہ اندرونِ خانہ ماحول بھی ہوتا ہے۔جسم کو گرم رکھنے کی غرض سے ہیڑ کا استعمال،تیز گرم پانی سے غسل اور جِلد کی قدرتی چکنائی کو ختم کرنے والے کیمیائی اجزا سے تیار کردہ صابن اور فیس واش وغیرہ کا استعمال بھی جِلد کو بے رونق اور روکھا بنادیتے ہیں۔
یوں تو موسم سرما میں جِلد کو نم آلود اور تروتازہ رکھنے کے لیے بے شمار مفید اثرات کے حامل موئسچرائزر،لوشنز اور کریمیں وغیرہ دستیاب ہیں ،مگر ان کا استعمال بھی اْسی وقت جِلد کی رعنائی ودل کشی کے لیے سود مند یامو?ثر ثابت ہوتا ہے ،جب آپ اپنی جِلد کو موسم سرما کی تباہ کاریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے مو?ثر حکمتِ عملی ترتیب دے کر اس پر عمل پیرا ہوں ،اس لیے سردیوں کے موسم میں اپنی جِلد کی قدرتی نمی اور تروتازگی کو بر قرار رکھنے اور اس کی رعنائی ودل کشی کو محفوظ رکھنے کے لیے درج ذیل ہدایات پر عمل کریں:
جِلد کی صفائی کے ساتھ ساتھ اس کی قدرتی نمی کو محفوظ رکھنے کے لیے موئسچرائز نگ نہایت بہترین عمل ہے۔
موئسچرائزر کی مدد سے جِلد کی قدرتی نمی اور تروتازگی کو بر قرار رکھنے کا صحیح وقت وہ ہے ،جب جِلد کو پانی سے دھویا جائے۔نم آلود جِلد پر موئسچرائزر لگانے کا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ یہ نم آلودہ جِلد پر نہ صرف یکساں انداز میں پھیل جاتا ہے ،بلکہ نمی کے ساتھ مل کر جِلدی مسامات میں جذب ہو کر جِلد کو تادیر نرم وملائم اور تروتازہ رکھنے میں معاونت کرتا ہے۔

موسم سرما میں اس بات کا خصوصی اہتمام کریں کہ رات کو سونے سے پہلے روغنِ بادام ،روغن ناریل یاروغنِ زیتون سے جِلد کا مساج کریں۔اس طرح جِلد کی قدرتی نمی بر قرار رہتی ہے۔پھر دن میں جب بھی ہاتھ منھ دھوئیں یا غسل کریں تو تیز گرم پانی کے بجائے سادے پانی کا استعمال کریں اور فوراً ہی موئسچرائزرلگائیں۔اس موسم میں ہر وقت موئسچرائزر گھر میں رکھیں ،تاکہ جِلد کو پانی سے دھونے کے بعد اسے تادیر نم آلودہ حالت میں رکھنے کے لیے فوری طور پر اس کا استعمال کیا جا سکے۔اس طرح سرد ہواوٴں کے مضر اثرات سے جِلد کو محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔مندرجہ بالاحسن افزا ہدایات پر عمل کرکے خواتین سردیوں میں اپنی جِلد کی قدرتی تروتازگی اور دل کشی ورعنائی بر قرار رکھ سکتی ہیں۔

Browse More Skin Care

Special Skin Care article for women, read "Sard Hawaye Aur Jild Ki Nami" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.