Gota Jewelry - New Trends Of Beauty

گوٹہ جیولری - خوبصورتی کے نئے انداز

ہفتہ 17 اپریل 2021

Gota Jewelry
برصغیر ہندو پاک کی رسموں ریتوں کا اپنا ہی منفرد انداز ہے۔ہمارے یہاں شادی سے پہلے کی تقریبات مایوں،مہندی اور اب تو ڈھولکیوں کی تقریب بھی شاندار طریقے سے منعقد کی جاتی ہے۔ان تقریبات میں دلہن تو تیار ہوتی ہی ہے اس کی سکھی سہیلیاں اور رشتے دار بہنیں اور بھائی بھی اسی اہتمام سے تیار ہوتے ہیں۔زندگی پُر آشوب نہیں تو مصروف ضرور ہو گئی ہے ایسے میں اگر شادی سے پندرہ بیس روز پہلے سے ہلا گلا کرکے لطف اندوز ہوا جائے تو کیا بُرا ہے اسی طرح تو رشتوں کی مٹھاس اور لگاؤ بڑھتا ہے۔


اب مہندی کے روز گوٹے کناری والے لباس پہننا فیشن میں ہے ویسے کامدار جوڑے بھی پہنے جا رہے ہیں مگر گوٹے کی شان ہی کچھ اور ہوتی ہے۔اب گوٹہ جیولری بھی مارکیٹ میں آچکی ہے یہ مختلف رنگوں میں بنائی جاتی ہے تاکہ آپ اپنے مختلف رنگوں کے کپڑوں کے ساتھ انہیں پہن سکیں۔

(جاری ہے)

ڈیزائنرز جیولری کی قیمت عموماً زیادہ ہی ہوتی ہے لیکن وہ ہوتی ہی اس قدر خوبصورت ہے کہ آپ اسی کا انتخاب کر لیتی ہیں۔


اس جیولری میں گوٹے کے ساتھ چھوٹے چھوٹے منقش آئینے،ربن سے بنے پھول اور ہرے پتے اور سلور یا گولڈن گوٹہ استعمال کیا جاتا ہے جب ہی تو اس جیولری کی شان بڑھ جاتی ہے۔اس کے علاوہ کچھ ڈیزائنرز اس میں موتی،ستارے اور Beads بھی لگا رہی ہیں۔
اس گوٹہ جیولری کے سیٹ میں آپ کو کنگن،ہار،بالیاں یا جھمکے،چوڑیاں،ٹیکا،ماتھا پٹی اور انگوٹھی یعنی ہر زیور دستیاب ہو جاتا ہے۔

ہار اور جھومر کی بھی خاصی ورائٹی نظر آرہی ہے۔اب آپ چاہیں تو گوٹہ جیولری کو شادی کے کسی اور فنکشن یعنی بارات اور ولیمے کے لباس کے ساتھ بھی پہن سکتی ہیں کم از کم چوڑیاں تو پہن سکتی ہیں کیونکہ یہ انتہائی منفرد نظر آتی ہیں۔اس گوٹہ جیولری سیٹ میں انگوٹھیاں خاص توجہ کا مرکز بنتی ہیں۔ انگوٹھی کے وسطی حصے میں بڑا سا دائرہ نما شیشہ لگایا جاتا ہے اور بقیہ Ring پر گوٹے کی پٹی لگا کر اس پر پھول پتیاں لگائی جاتی ہیں۔

یوں اس نازک سی انگوٹھی میں کیا کچھ نہیں سما جاتا۔
کچھ زیور پر پھولوں کو سلائی کی مدد سے جوڑا جاتا ہے اور کچھ پر Glue کی مدد سے پھول پتیاں چپکا دی جاتی ہیں اور کچھ ڈیزائنرز اس جیولری کو مچھلی کے تار سے بنا رہے ہیں تاکہ زیور پر لگائے جانے والے موتی اپنی جگہ پر قائم رہیں یہ جیولری ملٹی کلر میں خریدنے کا فائدہ یہ ہو گا کہ آپ ہر رنگ کے لباس کے ساتھ اسے پہن سکیں گی اور یہ خاص خیال رہے کہ اسے پہن کر پانی والے کام نہیں کئے جا سکتے جبکہ دھاتی زیور کو آپ پہنے رہنے ہاتھ سے کپڑے دھویئے یا برتن اس پر فوری طور پر خراب اثرات ظاہر نہیں ہوتے۔


دلہن سیٹ کی گوٹہ جیولری خوبصورت سے مخمل کے ڈبے میں پیک دستیاب ہوتی ہے بالکل جیسے سونا چاندی اور دوسرے آرٹیفیشل زیورات فروخت کے لئے پیش کئے جاتے ہیں۔ایک اچھی بات یہ ہے کہ گوٹہ جیولری وزن میں بہت ہلکی ہے رات گئے جاری رہنے والے فنکشنز میں آپ پہنے رہنے سے تھکاوٹ کا احساس نہیں ہوتا۔آپ چاہیں تو گوٹے سے بازو بند،کمر بند،پازیب بھی بنوا سکتی ہیں اس پازیب کی جھنکار یا جلترنگ تو چاندی کی پازیب جیسی نہیں ہو گی تاہم رنگوں کی برکھا نگاہ کو بھائے گی اور دل کے تار ضرور چھیڑ دے گی۔
تاریخ اشاعت: 2021-04-17

Your Thoughts and Comments

Special New Trends Of Beauty article for women, read "Gota Jewelry" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.