Honey - Eggs - Yogurt - Elovera K Kamalat - Article No. 2493

Honey - Eggs - Yogurt - Elovera K Kamalat

شہد،انڈے،دہی اور گھیکوار کے کمالات - تحریر نمبر 2493

یہ چاروں چیزیں جلد کی خوبصورتی بڑھانے میں آپ کی مدد کرے گی

جمعہ 25 دسمبر 2020

شہد
شہد صدیوں سے صحت کے علاوہ حسن افزائی کے لئے بھی استعمال ہو رہا ہے۔شہد میں معدنی اجزاء اور حیاتین(وٹامنز)جلد کے لئے مفید ہوتے ہیں۔اس کے علاوہ شہد میں جلد کی نمی برقرار رکھنے کی بھی بڑی عمدہ صلاحیت ہوتی ہے،یعنی یہ ایک بہترین موئسچرائزر بھی ہے۔ اس میں قدرتی طور پر ایک ایسا جراثیم کش جوہر بھی پایا جاتا ہے،جس کی وجہ سے زخم اور خراش تیزی سے بھر جاتے ہیں۔

صفائی کے لئے
جلد کی صفائی کے لئے 2 چائے کے چمچے شہد میں حیاتین ھ (وٹامن ای) ایک چائے کا چمچہ اور مل جائے تو خوبانی کی گری کا تیل (ہنزہ اور گلگت میں یہ تیل استعمال ہوتا ہے)تین قطرے اور ایک چائے کا چمچہ عرق گلاب اچھی طرح ملا کر چہرے اور گردن پر لگا کر 10 منٹ بعد گرم گیلے کپڑے سے صاف کر لیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ حیاتین ھ سیال صورت میں کیپسولوں میں بند آتی ہے۔

انھیں سوئی سے چھید کر یہ تیل حاصل کیا جا سکتا ہے۔اسی طرح خوبانی کے تیل کی جگہ روغن بادام استعمال کیا جا سکتا ہے،بلکہ روغن کدوئے شیریں(اصلی) بھی ایک عمدہ نعم البدل ثابت ہوتا ہے۔
خشک ہونٹوں کے لئے
کٹے پھٹے یا خشک ہونٹوں کے لئے 2 چمچے شہد میں عرق گلاب ایک چائے کا چمچہ ملا کر شیشی میں بند رکھیں اور صبح و شام ہونٹوں پر لگاتے رہیں۔

خشک جلد کے لئے
خشک جلد کے لئے (خاص طور پر کہنی اور گھٹنوں کی)تھوڑا سا شہد نیم گرم کرکے ملیں اور 10 منٹ بعد دھو کر خشک کر لیں۔
انڈے
انڈے حیاتین،فولاد اور لیسی تھن (Lecithin) کا ایک سستا اور نہایت مفید ذریعہ ہوتے ہیں۔انڈے کی سفیدی چکنی اور داغ دار جلد کے لئے بہت مفید ہوتی ہے۔سفیدی اور زردی دونوں کو پھینٹ کر بالوں میں لگانے سے ان میں نئی جان پڑ جاتی ہے۔
انڈے میں کبھی گرم تیل یا کھولتا پانی نہیں ملانا چاہیے،اس طرح وہ سخت ہو جاتے ہیں۔
خشک جلد کے لئے
انڈے کا ماسک یا لیپ بہت مفید ہوتا ہے۔اس کے لئے انڈے کی زردی میں حیاتین ھ کے پانچ قطرے اور ایک چائے کا چمچہ گرم شہد اچھی طرح ملا کر چہرے پر لگا کر 15-10 منٹ بعد منہ دھو لیں اور موئسچرائزر لگائیں۔
چکنی جلد کے لئے
ایک انڈے کی سفیدی میں تازہ پودینے کے پتوں کا رس آدھا چائے کا چمچہ اور لیموں کا رس ایک چائے کا چمچہ ملا کر چہرے اور گردن پر ملیں۔
10 منٹ بعد دھو کر موئسچرائزر لگا لیں۔
خشک بالوں کے لئے
دو انڈے آدھی پیالی نیم گرم پانی میں ڈال کر خوب پھینٹیں اور بالوں میں خوب اچھی طرح لگا کر 10 منٹ بعد اچھی طرح دھولیں۔
خشکی کے لئے
بالوں کی خشکی دور کرنے کے لئے چائے کے دو چمچے شہد گرم کریں۔ایک پیالے میں ایک انڈے کی زردی پھینٹیں اور انگور یا گنے کا خالص سرکہ دو چائے کے چمچے اس میں ملائیں۔
گرم شہد اس میں خوب ملا لیں اور بالوں میں لگا کر پلاسٹک کی ٹوپی،تھیلی یا گرم تولیے سے ایک گھنٹے تک بال ڈھکنے کے بعد شیمپو سے دھوئیں۔
دہی
دہی حسن کی بحالی اور برقراری میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔اسے چہرے اور جسم کے علاوہ بالوں میں بھی لگایا جا سکتا ہے۔اس مقصد کے لئے تازہ دہی استعمال کرنا چاہیے۔چکنی جلد کے لئے بغیر بالائی کا دہی مناسب ہوتا ہے۔
دہی میں جراثیم کشی کی صلاحیت ہوتی ہے،اس لئے اس کے استعمال سے کیلوں کی شکایت دور ہو جاتی ہے۔
کیلوں کے لئے
ایک انڈے کی سفیدی پھینٹ کر اس میں چار چائے کے چمچے دہی اور جئی(اوٹس)پسا ہوا،اتنا ملا لیں کہ گاڑھا لیپ بن جائے۔اسے چہرے اور گردن پر لیپ کرکے 15 منٹ بعد گرم پانی سے دھو لیں۔
جھلسی جلد کے لئے
دھوپ سے جھلسی جلد کے لئے دہی میں عرق گلاب ملا کر لگانے سے بہت فائدہ ہوتا ہے۔
اسے آنکھوں پر نہیں لگانا چاہیے۔
چکنے بالوں کے لئے
آدھی پیالی دہی میں ایک انڈا اُبال کر پھینٹیں اور بالوں میں اچھی طرح مل کر 10 منٹ بعد اچھی طرح دھو لیں۔بالوں کی چکنائی دور ہو جائے گی اور وہ اچھی طرح جمیں گے بھی۔
پیر کی بھدی جلد کے لئے
پیر اور ان کی جلد بد رنگ اور بھدی لگے تو آدھی پیالی دہی میں گنے کا سرکہ خوب پھینٹ کر پیر پر اچھی طرح ملیں اور 10 منٹ بعد اچھی طرح دھو لیں۔

گھیکوار
گھیکوار کو گوار پاٹھا،کنوار اور کنوار بوٹی بھی کہتے ہیں۔یہ انگریزی میں ”ایلوویرا“ (Aloe Vera) کہلاتا ہے اور اب اسے صابنوں کے علاوہ آرائش اور افزائش حسن کی اشیاء اور شیمپووٴں میں بھی شامل کیا جا رہا ہے۔اس کا خشک رس”ایلوا“ کہلاتا ہے۔اس کے موٹے پتوں کا گودا اور رس حسن افزائی کے علاوہ کئی امراض کا علاج ہوتا ہے۔
اس کا گودا،ایک چائے کا چمچہ روزانہ نگلنے سے جگر،معدے اور آنتوں کا فعل تیز ہو جاتا ہے،صاف خون بنتا اور رنگت نکھرتی ہے۔کٹی پھٹی جلد،زخموں،کھرنڈ،اور کیلوں پر لگانے سے فائدہ ہوتا ہے۔یہ جھریاں بھی دور کرتا ہے۔اس میں جراثیم مارنے کی صلاحیت ہوتی ہے۔
کیلوں کے لئے
چہرے پر اس کا گودا اچھی طرح پیس کر لگائیں اور 10 منٹ بعد دھو لیں۔
شروع میں اس سے جلد خشک ہو گی،لیکن بعد میں ٹھیک ہو جائے گی۔
جلدی ٹانک
گھیکوار بہترین جلدی ٹانک ہوتا ہے۔اس کے پتوں کا رس جو زرد رنگ کا ہوتا ہے،15 منٹ تک چہرے پر لگانے کے بعد پانی سے دھو لیں ۔جلد نرم و شاداب ہو جائے گی۔
ہونٹوں کے لئے
کٹے پھٹے اور خشک ہونٹوں پر اس کا گودا لگانا مفید ثابت ہوتا ہے۔

جلد کی جلن کے لئے
خشک جلد میں جلن کی شکایت ہو تو اس کا تازہ گودا لگائیں،اس سے جلن ختم ہو جائے گی اور آرام آجائے گا۔
زخم اور خراش کے لئے
خاص طور پر ڈاڑھی بنانے کی وجہ سے زخمی چہرے اور تکلیف دہ خراشوں کے لئے گھیکوار کا گودا بہترین علاج ثابت ہوتا ہے۔ڈاڑھی بنانے کے بعد اس کے لگاتے رہنے سے رنگ بھی نکھرتا ہے اور جلد بھی صحت مند رہتی ہے۔

Browse More New Trends of Beauty

Special New Trends of Beauty article for women, read "Honey - Eggs - Yogurt - Elovera K Kamalat" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.