Hont Hain K Pankhuri Ik Gulab Si - Article No. 2266

Hont Hain K Pankhuri Ik Gulab Si

ہونٹ ہیں کہ پنکھڑی اک گلاب سی - تحریر نمبر 2266

ہونٹوں کی خوبصورتی بر قرار رکھنے اور ان پر ایک نیا نکھار لانے کے لئے ضروری ہے کہ لپ اسٹک لگانے سے پہلے لپ ٹریٹمنٹ کرکے ہونٹوں کو نر م وہموار بنائیں

بدھ 22 جنوری 2020

ریحانہ عرفان
شمائلہ اپنے دن بھر کے روٹین اور گھریلو کام کاج سے فراغت کے بعد باتھ لے کر فریش ہو چکی تھی۔آئینے کے سامنے کھڑے ہو کر اپنے بالوں کو سلجھاتے سلجھاتے نہ جانے شمائلہ کے جی میں کیا سمائی کہ سامنے سنگھار میز پر موجود لپ اسٹک اُٹھا کر اس نے ہونٹوں پر لپ اسٹک کی اک تہہ جمالی‘لپ اسٹک کے خوبصورت رنگ نے اس کے سادہ سے چہرے پر اک نیا نکھار پیدا کر دیا۔
ابھی وہ اپنے چہرے کو دیکھ ہی رہی تھی کہ دفتر سے میاں جی کی آمد ہو گئی۔”اوہو!آج تو بڑی تیاریاں ہیں‘خیر تو ہے کہیں جانے کا ارادہ ہے کیا؟“میاں جی کی نگاہوں میں ستائش کارنگ نمایاں تھا۔
اب شمائلہ کیا جواب دیتی کہ یہ تمام نکھار محض ایک لپ اسٹک کا ہی مرہون منت ہے سو اس نے خاموشی میں ہی عافیت جانی اور مسکراتے ہوئے کہا ”میں آپ کے لئے چائے لاتی ہوں۔

(جاری ہے)

“ابھی شمائلہ کچن میں داخل ہوئی ہی تھی کہ اس کا سامنا اپنی چھوٹی نند سے ہوا۔”ارے بھابھی!کیا آپ کہیں جارہی ہیں؟“ نند نے بڑی حیرانی سے پوچھا ارے نہیں بھئی شمائلہ بے اختیار ہنس پڑی‘یونہی ڈریسنگ ٹیبل پر نظر پڑی تو سو چالپ اسٹک کے اس رنگ کو آزمایا جائے‘کیسا لگ رہا ہے؟اب کہ شمائلہ نے بے حد اشتیاق سے اپنی نند سے پوچھا۔ونڈر فل بھابھی‘اس رنگ نے تو جیسے آپ کی پوری شخصیت کو ہی بدل دیا ہے۔
اب شمائلہ کی خوشی دیدنی تھی۔
جی ہاں !لپ اسٹک خواتین کے سنگھار کا ایک ایسا اہم سنگھاری جز ہے کہ اگر آپ کچھ اور نہ بھی لگائیں اور صرف اپنی جلد کی رنگت کو نکھارتا ہوا خوبصورت سا لپ کلر استعمال کرلیں تومحسوس یوں ہو گا جیسے آپ کی تمام تیاری مکمل ہے‘لیکن ہونٹوں پر کیسی اور کس رنگ کی لپ اسٹک لگائی جائے اور کن اجزاء پر مشتمل لپ اسٹک بہترین ہوتی ہے؟ان سب سوالوں کے جوابات زیر نظر مضمون میں بیان کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
دراصل بہترین لپ اسٹک وہ ہوتی ہے جو دیر تک ہونٹوں پر قائم رہے‘جس کا رنگ بہترین ہو اور وہ ایسے اجزاء سے تیار کی گئی ہو جو آپ کے چہرے کو خوبصورت بنانے کے ساتھ ساتھ ہونٹوں کی صحت کو بھی بہتر بنا سکے‘لپ اسٹک کا وہ رنگ بہترین ہوتاہے جو آپ کی جلد کی رنگت میں اک نکھار لے آئے۔آج ہم آپ کو اس جادوئی سنگھار کے بارے میں ایسی ٹپس دے رہے ہیں جو نہ صرف آپ کے ہونٹوں کو نرم وملائم اور چہرے کو خوبصورت بنانے کے لئے ہیں بلکہ انہیں اپنا کر آپ اپنے چہرے پر ایک نیا نکھار محسوس کر سکیں گی۔

لپ اسٹک سے بہترین نتائج حاصل کرنے کے لئے یہ ضروری ہے کہ اپنے ہونٹوں پرکسی بھی لپ کلر اور گلوس کے استعمال سے پہلے ہونٹوں کو اس کے لئے تیار کیجیے تاکہ ہونٹوں کا نرم تاثر اور ان پر لپ اسٹک کا رنگ بر قرار رہے۔اگر آپ کے ہونٹ خشک ‘کٹے پھٹے اور چٹخے ہوئے ہیں تو پھر ان پر لگی ہوئی لپ اسٹک بھی نا ہموار ہو گی یہ نہ صرف تیزی سے ہونٹوں پر سے غائب ہو جائے گی بلکہ دیکھنے والوں پر بھی نا خوشگوار تاثر چھوڑے گی۔
ہونٹوں کے گرد موجود باریک لکیریں ہونٹوں پر موجود لپ اسٹک کا تاثر خراب کر دیتی ہیں اور ہونٹوں سے لپ اسٹک کے بہنے کا سبب بھی بنتی ہیں جو کہ دیکھنے میں انتہائی نا گوار محسوس ہوتاہے۔
کٹے پھٹے‘خشک ہونٹوں کو نرم وگداز بنانے کے لئے ہونٹوں کے لپ ٹریٹمنٹ کا اہتمام کیجیے‘جو آپ کے خشک ہونٹوں کو نمی پہنچائے گا اور چٹخے ہوئے ہونٹوں کو ہموار بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔
لپ اسٹک لگانے سے پیشتر ہونٹوں پر لپ بام کا استعمال ایک ہموار بیس کا کام دے گا۔ہونٹوں کو نرم وہموار بنانے کے لئے آپ ایزنشل آئل کی مدد سے لپ ٹریٹمنٹ لے سکتی ہیں۔سویٹ مار جورم‘لیونڈر اور ٹیرا گون ان میں سے کوئی بھی ایک نیم گرم کرکے ہونٹوں پر لگائیں یہ خشک اور کٹے پھٹے ہونٹوں کے زخموں کو مندمل کر دیں گے۔لپ ٹریٹمنٹ کے بعد نرم وخوبصورت ہونٹوں کے ساتھ آپ جو بھی کلر استعمال کریں گی اپنے آپ کو ہمیشہ سے کہیں زیادہ بہتر محسوس کریں گی۔

لپ اسٹک کے رنگوں کا انتخاب!
انتخاب کے لئے بے شمار رنگ موجود ہیں لیکن ان میں سے لپ اسٹک کے درست اور موزوں رنگ کا انتخاب میک اپ کے چیلنجز میں سب سے بڑا چیلنج ہے‘کچھ خواتین اپنی لپ اسٹک کے رنگوں کا انتخاب اپنی وارڈ روب کے مطابق کرتی ہیں اور یہی ان کی غلطی ہوتی ہے۔خواتین اپنی لپ اسٹک کا انتخاب اپنی جلد کی رنگت کو مد نظر رکھتے ہوئے کریں نہ کہ اپنے ڈریس کے رنگ کے مطابق۔

آپ اپنی اسکن ٹون کے بارے میں جاننے کے بعد اپنی جلد سے میلان رکھنے والی کلر فیملی میں سے کسی بھی لپ کلر کے انتخاب میں آزاد ہیں لیکن اس کا ہر گز یہ مطلب نہیں ہے کہ آپ محض لپ اسٹک کا کوئی سا بھی ایک شیڈ اپنے لئے منتخب کرکے صرف اور صرف اسی پر اکتفا کرلیں بلکہ آپ اپنی کلر فیملی میں سے کئی شیڈ منتخب کر سکتی ہیں۔وارم کلرز میں آپ کو رل’پیچ‘رسٹ‘براؤن‘سرخ اور اورنج جیسے کلرز کا بخوشی انتخاب کر سکتی ہیں جبکہ پر سکون وٹھنڈے رنگوں کی رینج میں سے پنک‘چیری‘لیونڈر‘روز‘اسٹرابیری اور سرخ جیسے رنگ منتخب کیے جا سکتے ہیں۔

وارم اسکن کلر ٹون کی خواتین نارنجی مائل سرخ اور سرخی مائل براؤن جیسے رنگوں کا انتخاب کر سکتی ہیں۔ جب ایک مرتبہ آپ اپنی اسکن ٹون کو سمجھ جائیں گی تب آپ خوبصورت ناموں والے ایسے برانڈز کی طرف نہیں لپکیں گی جو آپ کی جلد کی رنگت میں نکھار لانے کے بجائے اسے ماند کر دیتے ہیں‘لپ اسٹک بنانے والے ادارے خواتین کی دکھتی رگ سے واقفیت رکھتے ہیں۔
اس لئے کسی بھی برانڈ کے خوبصورت نام سے دھوکہ نہ کھائیں بلکہ بہت محتاط ہو کر لپ اسٹک کے رنگ کا انتخاب کریں کوئی بھی مخصوص برانڈ خریدنے پر فوکس کرنے کے بجائے لپ اسٹک کے موزوں رنگ اور معیار پر زیادہ دھیان دیں۔
اگر آپ لپ اسٹک کے بہت سارے شیڈز حاصل کرنا چاہتی ہیں تو سب سے بہترین یہ ہے کہ لپ کلرز کی پلیٹ خرید لیں لیکن عا م طور پر لپ اسٹک پلیٹ میں موجود کلرز میں سے محض 2یا 3کلرز ہی کام کرتے ہیں اور بقیہ تمام کلرز یونہی رکھے رکھے خراب ہو جاتے ہیں‘اگر آپ نے اس سے قبل لپ اسٹک پلیٹ خریدی ہے تو آپ یقینا جانتی ہوں گی کہ درحقیقت ہوتاکیا ہے؟آپ بہت سے کلرز استعمال کرنا چاہتی ہیں اور اسی مقصد کے لئے آپ نے لپ پلیٹ خریدی ہے لیکن ہوتا کچھ یوں ہے کہ ان میں سے محض ایک یادو کلرز چند مہینوں میں ہی ختم ہو چکے ہوتے ہیں اور بقیہ کلرز اسی طرح ان چھوئے رہ جاتے ہیں۔
وہ کلرز جو آپ استعمال کرنا چاہتی ہیں اور کر نہیں پاتیں،ان کی جگہ پھر آپ کی سنگھار میز کی دراز ہوتی ہے۔”میں ان کے بارے میں بعد میں سوچوں گی“آپ اپنے آپ سے کہتی ہیں اور پھر وہ اسی طرح بنا استعمال کے کسی ڈھیر کی صورت آپ کی دراز میں جمع ہوتی چلی جاتی ہیں کیا ہی اچھا ہو کہ آپ ایسی لپ کلر پلیٹ حاصل کرلیں جس کے تمام کلرز آپ استعمال کرسکیں۔
آپ لپ پلیٹ میں موجود کلرز کو الگ الگ اپنے ہونٹوں پر لگا کر دیکھیں کہ کونسا رنگ آپ کے چہرے کو زیادہ خوبصورت بنا رہا ہے آپ کسی بھی دو یا تین رنگوں کو خوبصورتی سے بلینڈ کرکے لگا سکتی ہیں یہ جاننے کے لئے کہ کون سا کلر آپ کے چہرے کی خوبصورتی کو زیادہ نمایاں کررہا ہے آپ بہت اعتماد کے ساتھ ان کلرز کو استعمال کر سکتی ہیں کیونکہ یہ ایک ہی کلر فیملی سے تعلق رکھتے ہیں۔
اگر آپ چاہیں تو تھوڑی سی پریکٹس کے بعد لپ اسٹک کے دو تین شیڈز کو ملا کر من پسند شیڈ تخلیق کرسکتی ہیں۔
ہونٹوں پر لپ کلر استعمال کرنے سے پہلے لپ پنسل یا لائنر کا استعمال کریں اگر آپ اپنے ہونٹوں کی قدرتی بناوٹ سے بہت زیادہ دور نہیں جانا چاہتیں تو اپنے ہونٹوں کی قدرتی لپ لائن پر لپ پنسل سے آؤٹ لائن سے قدرے اندر کی طرف لپ پنسل کا استعمال کرتے ہوئے آؤٹ لائن بنائیں بھرے بھرے ہونٹ بنانے کے لئے اوپر کے ہونٹ پر لگائے گئے لپ کلر سے دو ٹون ہلکا شیڈ نیچے والے ہونٹ پر استعمال کریں۔
اگر آپ جولیا رابرٹس جیسے بھرے بھرے گداز ہونٹ پانے کی خواہش مند ہیں تو لپ پنسل کی مدد سے اوپری ہونٹ پر گہری آؤٹ لائن بنا کر چھوٹی انگلی کی مدد سے اسے ہلکے سے اندر کی طرف پھیلائیں اب اپنی لپ اسٹک کو ہونٹوں کی قدرتی لائن کے آخر تک لگائیں۔اگر آپ اپنے ہونٹوں کی قدرتی بناوٹ کو کم یا زیادہ کرنا چاہتی ہیں تو آپ کی میک اپ کٹ میں لپ پنسل کے کئی کلرز ہو نے چاہئیں صرف ایک لپ پنسل سے یہ ممکن نہیں ہوگا‘آپ ہلکے اور گہرے شیڈز کی لپ پنسل کی مدد سے اپنے ہونٹوں کی بناوٹ کو تبدیل کر سکتی ہیں۔

Browse More New Trends of Beauty

Special New Trends of Beauty article for women, read "Hont Hain K Pankhuri Ik Gulab Si" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.