Husn O Dilkashi Mein Izafe Ke Liye Ghizai Ashya Bataur Cosmetics - Article No. 3121

Husn O Dilkashi Mein Izafe Ke Liye Ghizai Ashya Bataur Cosmetics

حسن و دلکشی میں اضافے کے لئے غذائی اشیاء بطور کاسمیٹکس - تحریر نمبر 3121

بعض غذائیں نہ صرف صحت کے لئے مفید ہیں بلکہ ان سے حسن میں اضافہ بھی ہوتا ہے

بدھ 26 اپریل 2023

عارفہ خان
خواتین کی خواہش یہ ہوتی ہے کہ وہ اچھی اور دلکش نظر آئیں۔خواتین اس مقصد کے لئے بہت کوششیں بھی کرتی ہیں۔بعض غذائیں نہ صرف صحت کے لئے مفید ہیں بلکہ ان سے حسن میں اضافہ بھی ہوتا ہے۔غذا کا صحت اور دلکشی سے گہرا تعلق ہے۔اس لئے ہمیشہ اچھی اور صحت مند غذا لیں۔کئی غذائی اشیاء کو ہم کاسمیٹکس کے طور پر بھی استعمال کر سکتے ہیں۔
انہیں ہم ”کچن کاسمیٹکس“ کا نام دے سکتے ہیں۔یہ اشیاء کم قیمت ہوتی ہیں اور ان کے مضر اثرات بھی نہیں ہوتے۔
مردہ خلیوں سے جلد کی حفاظت
جلد کی چمک اور خوبصورتی کے لئے اسے مردہ خلیوں سے پاک کرنا ضروری ہے۔چاول،دہی،دلیہ،بادام اور شہد اس کام کے لئے بہت مفید ہیں۔چاولوں کا پاؤڈر،شہد اور دہی لے کر اس کا پیسٹ یا لئی بنا لیں۔

(جاری ہے)

نم جلد پر اس پیسٹ Paste کو آہستگی کے ساتھ رگڑ کر ملیں۔اس طرح جلد سے مردہ خلیے دور کرنے میں مدد ملتی ہے۔ہفتہ میں دو مرتبہ یہ عمل جلد پر رونق لاتا ہے۔چکنی جلد کے لئے اوپر بتائے گئے مکسچر میں تھوڑا سا دلیہ بھی شامل کر لیں۔خشک،حساس اور جھائیوں والی جلد کے لئے دہی کی جگہ کریم کا جبکہ چاولوں کے بجائے بادام کا استعمال کیا جائے۔
نوٹ:اس عمل سے پہلے ہمیشہ چہرہ یا جسم کی جلد کو نم کر لیں۔
اب جلد کی اچھی طرح صفائی کا نمبر آتا ہے۔
جلد کی رونق کے لئے
ٹماٹر،بادام،ہلدی،نشاستہ،لیموں بھی جلد کے لئے مفید ہیں۔جلد سانولی،ناہموار،جھائیوں یا داغ دھبوں والی ہو تو ہر دوسرے روز اس پر ایک ماسک کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔یہ ماسک آپ گھر میں تیار کر سکتی ہیں۔ٹماٹر کا گودا دو کھانے کے چمچ لے کر اس میں بادام کا پاؤڈر اور ایک چٹکی ہلدی کا پاؤڈر ملا لیں۔
آدھا چائے کا چمچ اس میں لیموں کا رس ڈال لیں۔ان سب اشیاء کا پیسٹ بنا کر اس کو جلد پر لگا کر آدھے گھنٹے کے لئے چھوڑ دیں۔اگر جلد خشک اور حساس ہے تو لیموں کا رس نہ ملائیں۔ایسی جلد جس پر دانے یا دھبے ہوں،اس کو روزانہ اس عمل سے گزارنا چاہیے۔گاڑھا نشاستہ لے کر اس میں ایک چٹکی ہلدی اور دو قطرے لیموں کے رس ملا دیں۔اب اس پیسٹ کو جلد پر لگا کر آدھے گھنٹے کے لئے چھوڑ دیں۔
اب ٹھنڈے پانی سے دھو ڈالیں۔کھلے ہوئے مساموں کا علاج روزانہ کرنا چاہیے۔اس کے لئے ماسک تیار کرنے کے لئے ایک کھانے کا چمچ ٹماٹر کا رس،آدھا چائے کا چمچ چھاچھ اور ایک چوتھائی چائے کا چمچ لیموں کا رس ملا لیں۔اس کو جلد پر تھپتھپا کر لگا لیں اور بیس منٹ لگا کر چھوڑ دیں تاکہ خشک ہو جائے۔اگر جلد خشک ہو تو لیموں کا رس نہ ملائیں۔بہت زیادہ چکنی جلد کے لئے لیموں کا رس پانی میں ملا کر چہرہ پر اس کے چھپکے ماریں اور بیس منٹ تک اس کو خشک ہونے کے لئے چھوڑ دیں۔
اب سادہ ٹھنڈے پانی سے دھو ڈالیں۔ایسی جلد جس پر رونق بحال کرنے کی ضرورت ہو اس کے لئے انڈے کی سفیدی پھینٹ کر آدھا چائے کا چمچ شہد کے ساتھ ملا کر لگائیں۔اس ماسک کو ہر تیسرے روز استعمال کرنا چاہیے۔ماسک اتارنے کے لئے ٹھنڈے پانی سے دھو لیں۔
خشک جلد کے لئے ماسک
کھانے کا ایک چمچ کریم لے کر اس میں چائے کا ایک چمچ شہد اور ایک انڈے کی زردی ملا لیں۔
اس ماسک کو ہر دوسرے روز استعمال کرنا چاہیے اور ٹھنڈے پانی سے چہرہ دھو لیں۔یہ عمل پورے جسم کی جلد پر بھی کیا جا سکتا ہے۔شہد کو گاجر کے رس یا گودے کے ساتھ ملا کر بھی جلد کی چمک اور تازگی کے لئے ایک اچھا ماسک تیار ہو سکتا ہے۔ایک کھانے کا چمچ شہد ایک چائے کا چمچ گاجر کے پھوک کے ساتھ ملا کر لگائیں۔یہ روزانہ استعمال کریں اور بیس منٹ چہرہ پر لگا کر چھوڑ دیں۔
کچھ دیر بعد ٹھنڈے پانی سے دھو ڈالیں۔جس جلد پر ٹوننگ Toning کی یا چمک لانے کی ضرورت ہو یا ایسی جلد جس پر مسام کھلے ہوں،ایک کھانے کا چمچ ٹماٹر کا گودا،ایک چائے کا چمچ کدوکش کیا ہوا سیب اور ایک چائے کا چمچ کدوکش کیا گیا کھیرا ملا لیں۔یہ ماسک جلد کو نرمی دیتا اور چکنائی کی زیادتی میں کمی لاتا ہے۔اگر جلد بہت زیادہ چکنی ہو تو اس ماسک میں ایک کھانے کا چمچ انڈے کی سفیدی اور پاؤڈر والے دودھ کا ملا لیں اچھی طرح چہرہ پر لگا کر بیس سے تیس منٹ کے لئے چھوڑ دیں۔
پھر ٹھنڈے پانی سے دھو ڈالیں۔
آنکھیں
صرف حسن کے لئے ہی نہیں بلکہ صحت کے لئے بھی آنکھوں کو خصوصی توجہ کی ضرورت ہوتی ہے۔پپوٹے بہت زیادہ خشک ہوں یا آنکھ کے نچلے حصہ میں جھریاں ہوں تو ایواکاڈو Avocado استعمال کرنا چاہیے۔آنکھ کے بیرونی کناروں پر پڑنے والی جھریوں،جن کو عرف عام میں کروز فیٹ Crows Feet بھی کہا جاتا ہے،کے لئے مالٹے کا رس اچھا ہوتا ہے۔
یہ آنکھوں کی تھکاوٹ بھی دور کرتا ہے۔اگر آنکھوں کے گرد سوجن ہو تو استعمال کے بعد فریج میں رکھ کر ٹھنڈے کیے گئے ٹی بیگ Tea Bags باری باری آنکھ کے پپوٹوں پر رکھنے سے آرام ملتا ہے۔
بال
بالوں کو رونق بخشنے کے لئے نہانے سے قبل ان کو پروٹین ٹریٹمنٹ دینا مفید ہوتا ہے۔اس کا ایک طریقہ یہ ہے کہ دو انڈے لے کر ان میں ایک کھانے کا چمچ میتھی کا پاؤڈر ملا لیں۔
اب اس پیسٹ کو کھوپڑی کی جلد پر آہستہ آہستہ ملیں۔ایک گھنٹے کے لئے چھوڑ دیں،پھر کسی اچھے شیمپو سے دھو ڈالیں۔پانی سے بھرے ڈونگے میں دو چائے کے چمچ سرکہ ملا کر بالوں میں کنگھے سے پھیلا لیں۔چند منٹ بعد پانی سے اچھی طرح دھو ڈالیں۔اس طرح بالوں کی کنڈیشننگ ہوتی ہے،ان میں چمک پیدا ہوتی ہے اور ان کو سنبھالنا آسان ہوتا ہے۔
بالوں کی کنڈیشننگ
مہندی کا پاؤڈر لے کر اس کو سیاہ چائے کے ساتھ ملائیں۔
رات بھر بھیگا چھوڑ دیں۔صبح اس مکسچر والے برتن کو گرم پانی میں رکھ دیں۔اس میں دو کھانے کے چمچ زیتون کا تیل اور دو عدد انڈے ملا دیں۔اس مکسچر کو بالوں پر لگا کر اس کے گرد شاور کیپ لپیٹ کر اس کو تین گھنٹے کے لئے چھوڑ دیں۔اس طرح بالوں کا رنگ بھی گہرا ہو گا اور ان کی کنڈیشننگ بھی ہو گی۔بالوں کی خشکی دور کرنے کے لئے تین انڈے لے کر ان میں ڈیڑھ چائے کا چمچ میتھی کا پاؤڈر اور ایک کھانے کا چمچ لیموں کا رس ملا لیں۔
اس کو سر کی کھال میں اچھی طرح مل کر ایک گھنٹے کے لئے چھوڑ دیں۔شیمپو کرنے سے قبل اس کو سرکہ ملے پانی سے دھو دیں۔
ہاتھ اور پیر
اچھا نظر آنے کے لئے ہاتھ پیروں کی اہمیت مسلمہ ہے۔رات سونے سے قبل نیم گرم تیل لے کر ہاتھوں اور پیروں کی انگلیوں پر ملیں اور ناخنوں کی کنارے کی جھلی کو آہستگی سے پیچھے ہٹائیں۔وقفے وقفے سے ماہر حسن سے ہاتھ پیروں کی خوبصورتی کے لئے مینی کیور اور پیڈی کیور بھی کرواتی رہا کریں۔

Browse More New Trends of Beauty

Special New Trends of Beauty article for women, read "Husn O Dilkashi Mein Izafe Ke Liye Ghizai Ashya Bataur Cosmetics" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.