Kajol Or Lipstick Ka Istemal - Article No. 2320

Kajol Or Lipstick Ka Istemal

کاجل اور لپ اسٹک کا استعمال - تحریر نمبر 2320

خواتین اور لڑکیاں پیوٹوں پر تو بہت زیادہ توجہ دیتی ہیں مگر نچلی پلکوں میں چھپے ہوئے پیوٹوں کو نظر انداز کر دیتی ہیں ۔

بدھ 1 اپریل 2020

رابعہ گل
ہمارے ہاں اکثر ایسا ہوتاہے کہ بہت سی خواتین اور لڑکیاں پیوٹوں پر تو بہت زیادہ توجہ دیتی ہیں مگر نچلی پلکوں میں چھپے ہوئے پیوٹوں کو نظر انداز کر دیتی ہیں ۔کاجل مشرقی حسن کو مرتکز کرنے میں مدد دے گا۔اور آئی میک اپ کے تاثر کو زیادہ دیر تک بر قرار رکھنے کے لئے سانولی رنگت والی لڑکی کو پہلے کریم کلر یامحلولی آئی شیڈو استعمال کرنا چاہیے اور پھر اس سے سنگت کے لئے نرم خشک پاؤڈر والے آئی شیڈو لگائیں ۔

لپ اسٹک
خواتین کی ایک بڑی تعداد ایسی ہے جو اپنے بیگ میں ہر وقت لپ اسٹک ضرور رکھتی ہے ،چہرے کی خوبصورت اور دلکشی کے لئے ہونٹوں کا میک اپ بھی بڑی اہمیت رکھتا ہے اس لئے ہونٹوں کا میک اپ آپ کو اپنی رنگت اور جلد کے مطابق کرنا ہو گا۔

(جاری ہے)

بہت زیادہ سانولی رنگت والی جلد پر گہرے رنگ کی لپ اسٹک بہت بدنما اور بہت زیادہ تیز دکھائی دے سکتی ہے ،اور ایسی جلد کے لئے کم چمک والی میٹ(Matte) رنگ والی لپ اسٹک جو آپ کے ہونٹوں کی قدرتی رنگت سے مناسبت رکھتی ہو اسے استعمال کریں اور دن بھر کے لئے ایک شفاف بے رنگ لپ اسٹک بہترین ہے اور شام کے لئے ایک گہرے میرون رنگ والی لپ اسٹک خوبصورت حسن نظر عطا کرے گی۔


کوئی سا گلابی یا کافی کلر سانولی رنگتوں پر استعمال کرنے سے گریز کریں ،ایسی خواتین جن کے ہونٹ گہرے براؤن یا سیاہ ہوں ان کے لئے کیکٹس کلینرز اور بادام لینو لین والی کریم کا چھ تا آٹھ ماہ کے لئے استعمال نرم ملائمت بھرا اثر پیدا کرے گا ۔یہ بات بھی بہت اہم ہے کہ لپ اسٹک کے نیچے بھی فاؤنڈیشن ضرور استعمال کریں ۔بے شمار ایسی خواتین بھی ہیں جو لپ اسٹک کے استعمال کے بارے نہیں جانتی اور اس لئے ان کے چہروں پر لپ اسٹک تھوپی ہوئی نظر آئے گی ۔
آپ کو چاہیے کہ لپ اسٹک لگانے سے پہلے اپنے ہونٹوں کی بناوٹ پر غور کریں اور مناسب طریقے سے لپ پنسل کی مدد سے ہونٹوں کی آؤٹ لائن بنائیں اور اس بات کا خیال رکھیں کہ آؤٹ لائن ہونٹوں سے باہر نہ ہو ورنہ ہونٹ موٹے موٹے لگیں گے اس کے بعد آؤٹ لائن میں کپڑوں کی میچنگ کے لحاظ سے لپ اسٹک کا شیڈ اب برش کی مدد سے بھر دیں ۔یہ بات بھی ذہن میں رکھیں کہ لپ برش سے لپ اسٹک ہمیشہ بہتر انداز میں لگتی ہے ۔
آپ ہونٹوں کے درمیان ٹشو پیپر رکھ کر اپنے دونوں ہونٹوں کو ملائیں اور پھر دوبارہ لپ اسٹک لگائیں ۔اس طرح لپ اسٹک بہترین اور زیادہ دیر تک لگی رہتی ہے ۔آخر میں لپ گلوس نچلے ہونٹ کے درمیان والے حصہ میں لگا لیں ،اس طرح لپ اسٹک چمکنے لگے گی اور آپ کے حسن میں مزید نکھار آئے گا۔
لپ اسٹک دیر تک قائم رکھنے کا طریقہ
لمبے سفر کے دوران میں خواتین کی خواہش ہوتی ہے کہ اُن کی لپ اسٹک دیر تک قائم رہے ایسی خواتین کو چاہیے کہ آؤٹ لائن لگا کر لپ اسٹک لگانے کے بعد ٹیلکم پاؤڈر لگائیں ۔
اب دونوں ہونٹوں کو آپس میں ملائیں ۔اس کے بعد پھر لپ اسٹک کی تہہ جمائیں اس طرح کرنے سے سارا دن آپ کے ہونٹوں سے لپ اسٹک نہیں اترے گی اور اس کی چمک بھی قائم رہے گی ۔اس کے علاوہ آپ لپ اسٹک زیادہ دیر تک قائم رکھنے کے لئے اور ہونٹوں کی قدرتی رنگت بحال رکھنے کے لئے درج ذیل طریقہ بھی اپنا سکتی ہیں۔سب سے پہلے ہونٹوں پر فاؤنڈیشن لگائیے ا۔س پر فیس پاؤڈر لگا کر زائد پاؤڈر صاف کر دیجئے پھر لپ اسٹک لگائیے ،زائد لپ اسٹک اتارنے کے لئے ٹشو پیپر ہونٹوں کے درمیان رکھ کر ہلکا سا دبائیے اس طرح لپ اسٹک کے پھیلنے یا خراب ہونے کا امکان نہیں رہتا۔
لپ اسٹک کے سلسلے میں یہ بات ہمیشہ یاد رہے کہ موٹے ہونٹوں پر صرف ہلکے اور ڈم یا دھیمے کلرز استعمال کیجئے۔
پھٹے ہوئے ہونٹ
اکثر خواتین اور لڑکیوں کو اپنے ہونٹ کاٹنے کی عادت ہوتی ہے جس وجہ سے ان کے ہونٹ خوبصورتی اور جاذبیت کھودیتے ہیں ۔ایسی خواتین کے لئے ایک کار آمد نسخہ پیش خدمت ہے ۔تازہ سرخ گلاب کی پتیاں پیس کر تھورے سے گھر کے مکھن میں مکس کرلیں اور رات کو سوتے وقت ہونٹوں پر اچھی طرح لیپ کردیں۔
صبح اُٹھ کر تازہ پانی سے ہونٹ دھو ڈالیں ۔انشاء اللہ ہونٹوں کی رنگت بھی قدرتی طور پر اچھی ہو جائے گی اور کٹ بھی درست ہو جائیں گے ۔کٹے اور کھردرے ہونٹوں پر لپ اسٹک لگانے سے ایک گھنٹہ پہلے ویزلین یا عمدہ قسم کی کوئی کریم لگا کر اس کے بعد کسی صاف تولیے یا کھردرے کپڑے کی مدد سے صاف کرکے نم کئے بغیر ہونٹوں پر لپ اسٹک لگائیں ۔لپ اسٹک کے استعمال سے بعض حساس ہونٹ کالے ہو جاتے ہیں ۔
اس حالت میں رات کو سونے سے قبل زیتون کا تیل لیموں اور لیموں کا عرق ملا کر لگانے سے کالے ہوتے ہوئے ہونٹ دوبارہ دلکش ہو جائیں گے ۔اگر ہونٹ چہرے کی نسبتاً زیادہ موٹے نظر آئیں تو مازو پھل کو کوٹ کر پیس لیں اس کے بعد برادہ سا بنا کر کپڑے سے چھان لیں اور پھر پانی مکس کرکے گاڑھا سا لیپ بنالیں ۔رات کو سوتے وقت روزانہ لگائیں اور صبح اُٹھ کر صاف کرلیں ضرور فائدہ ہو گا۔

موٹے ،کھردرے اور سیاہی مائل ہونٹ
ہونٹوں کا موٹے ہونا کوئی بُری بات نہیں، بے شمار لوگوں کے ہونٹ موٹے نظر آئیں گے لیکن چہرہ اگر کمزور اور چھوٹا ہوتو ہونٹ کچھ زیادہ ہی موٹے محسوس ہوتے ہیں اس کے لئے سب سے پہلے چہرے کی تندرستی کی طرف خاص توجہ دینی چاہیے اگر ہونٹ کھردرے ہو جائیں اور ان پر پیڑیاں سی جم جائیں تو تھوڑی سی بالائی میں لیموں کا عرق ملا کر ہونٹوں پر لگائیں اور بغیر دھوئے سو جائیں ۔

ہونٹوں کا پھٹنا
سردی کے موسم میں اکثر خواتین کے ہونٹ پھٹ جاتے ہیں اور سارے چہرے میں بدنما لگتے ہیں ۔موسم بدلتے ہی تازہ کچا دودھ ہونٹوں پر روزانہ لگانے سے ہونٹ نہیں پھٹیں گے بلکہ آپ کے ہونٹ پہلے سے زیادہ نرم اور خوبصورت بھی لگیں گے ۔
ہونٹ خوبصورت بنائیے
تھوڑی سی بالائی لیجئے اس میں تھوڑا سا لیموں کا عرق ملائیے اور ہونٹوں پر لگا دیجئے۔ چند دن لگا تار یہ نسخہ آزمائیے ہونٹ قدرتی سرخ ہو جائیں گے ۔کالے ہونٹ رکھنے والی خواتین خشک میووں سے سختی سے پرہیز کریں۔

Browse More New Trends of Beauty

Special New Trends of Beauty article for women, read "Kajol Or Lipstick Ka Istemal" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.