Keel Mahasay Ab Nahi - Article No. 2353

Keel Mahasay Ab Nahi

کیل مہاسے اب نہیں - تحریر نمبر 2353

چند اشیاء سے چہرہ خوبصورت بنائیے

جمعرات 14 مئی 2020

چہرے کے داغ دھبوں اور دانوں سے پریشان لڑکیاں مختلف کریموں کا سہارا لیتی نظر آتی ہیں ۔اس سے انہیں وقتی طور پر تو آرام مل جاتا ہے ،لیکن مستقل اس سے پیچھا نہیں چھڑایا جا سکتا ،کئی مہنگی اور قیمتی مصنوعات نہ صرف جیب پر بھاری پڑتی ہیں ،بلکہ اکثر کا دیرپا اثر بھی نہیں ہوتا ،بعض خواتین کا کہنا ہوتا ہے کہ قدرتی اشیاء سے استفادہ کرنا ایک زحمت طلب کام ہے ۔
آئیے دیکھتے ہیں کہ وہ کون سی ایسی قدرتی اشیاء ہیں ،جو ہماری جلد کے لئے مفید ہو سکتی ہیں ۔ماہرین کے مطابق یہ ہر موسم اور ہر قسم کی جلد کے لئے سود مند ہوتی ہیں۔
باسل Basil
یہ ایک جراثیم کش جڑی بوٹی ہے ۔چہرے پر اس کا استعمال کیل مہاسوں اور دانوں سے محفوظ رکھتا ہے ۔دوران خون بہتر ہوتا ہے اور چہرے پر نکھار آتا ہے ۔

(جاری ہے)

باسل کے چند پتوں کو پانی میں پندرہ منٹ تک ابال لیں اور پھر اسے ٹھنڈا کرکے فریج میں رکھ دیں۔ کاٹن ،ٹشو پیپر یا روئی کی مدد سے اسے دن میں دو مرتبہ چہرے پر لگائیں ،بہت کم عرصے میں چہرے پر اس کے نتائج دیکھیں گے۔
نیم
نیم کے بے شمار فوائد ہیں ،یہ چہرے کے لئے بھی کئی لحاظ سے مفید ہے ۔نیم چہرے کے داغ دھبے اور دانوں کو ختم کرنے میں مدد دیتا ہے۔
کیل مہاسوں سے چھٹکارا پانے کے لئے نیم کے چند خشک پتوں کو پیس کر پاؤڈر کی شکل دے لیں ،پھر اس میں عرق گلاب یا پانی ملا کر چہرے پر لگائیں اور چند منٹ کے بعد ٹھنڈے پانی سے دھولیں ۔چند قطرے نیم کا تیل روزانہ رات کو اپنے چہرے پر لگائیں اور آدھے گھنٹے بعد ٹھنڈے پانی سے منہ دھولیں تو جلد ہی اس کے مثبت نتائج محسوس ہوں گے ۔
لیونڈر Lavender
لینونڈر کا شمار خوشبودار نباتات میں ہوتا ہے۔
اس کا تیل مختلف اقسام کے دانوں کے لئے فائدہ مند ہے ۔چند قطرے لیونڈر کا تیل عرق گلاب کے ساتھ ملا کر روزانہ لگانے سے چہرے پر سرخ اور سفید دانوں کے ساتھ ان کے نشانات بھی ختم ہو جاتے ہیں ۔ایک بات یاد رکھیں کہ لیونڈر تیل کے تیز اثرات کو معتدل بنانے کے لئے اس میں ،پانی یا پھر عرق گلاب ملانا مفید ہے ۔لیونڈر آئل کے چند قطرے اگر روزانہ کے موئسچرائزر میں شامل کرلیں ،تو اس کا جلد پر اچھا اثر پڑے گا۔

ہرادھنیا
ایک اور قدرتی جڑی بوٹی ہے ،جو چہرے کے دانوں کے ساتھ بلیک ہیڈز صاف کرنے میں مفید بتائی جاتی ہے ۔دھنیے کی چند پتیوں کو ہاتھوں کی مدد سے پیس لیں اور اس کا رس چہرے پر لگائیں ۔چند قطرے لیموں کا عرق بھی شامل کیا جا سکتاہے۔یہ آمیزہ دانوں کے لئے مفید ہے۔ دھنیے کو اُبال لیں اور ٹھنڈا ہونے پر اسے پیس کر چہرے پر لگائیں۔
دس سے پندرہ منٹ کے بعد ٹھنڈے پانی سے چہرہ دھولیں۔
ایلوویرا
جلد اور زیبائشی اشیاء کے حوالے سے گھیکوار خاصہ مفید ہے ۔ایلوویرا چہرے کی جلد کو صحت مند رکھتا ہے اور دانوں اور مہاسوں کے نشانات بھی مٹا دیتا ہے ۔ایلوویرا کے پتوں کو درمیان سے کاٹ کر اس کا گودا نکال لیں اور چہرے پر پندرہ منٹ تک لگائے رکھیں پھر ہلکے یا نیم گرم پانی سے دھولیں ۔
ایلوویرا کا رس یا جیل بازار میں با آسانی دستیاب ہے۔
سبز چائے
سبز چائے کا روزانہ استعمال مختلف بیماریوں سے ہی محفوظ نہیں رکھتا، بلکہ جلد پر اس کے مفید اثرات مرتب ہوتے ہیں ۔سبز چائے کے استعمال شدہ ”ٹی بیگز“ کو ٹھنڈا ہونے کے بعد چہرے کے دانوں پر لگائے رکھیں اور دس سے پندرہ منٹ تک متاثرہ جگہ کا مساج کرنا بھی جلد کے لئے مفید بتایا جا تاہے۔

سنگترہ
سنگترے کے چھلکے بھی بعض ادویہ میں استعمال کیے جاتے ہیں ،کیل مہاسوں اور چہرے کے داغ دھبوں کے لئے یہ مفید ہیں۔سنگترے کا چھلکا کسی سایہ دار صاف مقام پر رکھ کر خشک کرلیں ،ان خشک چھلکوں کو باریک پیس لیں ۔رات کے وقت سونے سے قبل اس پاؤڈر کی مناسب مقدار لے کر پانی میں ملائیں اور اسے چہرے پر لیپ کرلیں ۔خشک ہونے پر چہرہ تازہ پانی سے دھولیں ،چند دن ایسا کرنے سے چہرہ نکھر جاتا ہے اور داغ دھبے ختم ہوجاتے ہیں۔

لیموں
لیموں کا بیرونی استعمال جلد کو نکھار کر حسن بخشتا ہے اور اندرونی استعمال خون کے خراب مادے ختم کرنے میں معاونت کرتا ہے ۔لیموں جلد پر موجود کیل مہاسوں اور پھوڑے پھنسیوں کو ختم کرتا ہے اور داغ دھبوں کو صاف کرتاہے ۔صبح نہار منہ ایک گلاس پانی میں لیموں کا رس شامل کرکے استعمال کیجیے اور دن بھر جس قدر ہو سکے پانی پئیں ۔
مصالحہ جات اور گرم اشیاء سے گریز کریں ۔کیل مہاسے ختم ہو جائیں گے۔
اگر یہ کیل مہاسے خشکی کی وجہ سے ہیں تو رات کو سونے سے قبل چہرے پر دودھ کی ملائی لگائیں اور لیموں کے ساتھ 70گرام اُبلے ہوئے دودھ میں ایک لیموں کا رس ملا کر تہہ میں جمنے دیں ۔گاڑھا ہونے پر رات کو سونے سے قبل چہرے پر لگائیں ۔جلد ہی چہرہ حسین ہو جائے گا۔
بیکنگ سوڈا
بیکنگ کے لئے استعمال کیا جانے والا سوڈا جلد کے لئے بھی مفید ہے ۔بیکنگ سوڈا کو ماسک کے طور پر لگایا جائے ،تو جھریوں سے محفوظ رہا جا سکتا ہے اور جلد چمک دار اور تنی ہوئی دکھائی دیتی ہے ۔اسے کلینزنگ کے لئے بھی استعمال کیا جا سکتاہے۔

Browse More New Trends of Beauty

Special New Trends of Beauty article for women, read "Keel Mahasay Ab Nahi" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.