Korea Reality Show Let Me In - Article No. 2288

Korea Reality Show Let Me In

کوریا کاریالٹی شو”لیٹ می ان“ - تحریر نمبر 2288

غریب اور نادار لڑکیوں کا چہرہ پلاسٹک سر جریز سے بدلنے کا رجحان

ہفتہ 15 فروری 2020

غلام زہرا
چہرہ انسانی جسم کا بہت اہم حصہ ہے، انسان کا چہرہ ہی اس کی شخصیت کا آئینہ ہوتاہے ۔چہرے ہی سے خوبصورتی اور کم حسن کا پتہ چلتاہے۔ چہرے ہی کے تاثرات سے انسان کو دوسرے انسان کے مزاج کا اندازہ ہو جاتاہے۔حسین چہرے کو کبھی چاند سے تشبیہ دی جاتی ہے تو کبھی کتابی اور گلابی کہا جاتاہے ،اسی لئے مصنف نازک اسے سنوارنے میں کئی جتن کرتی اور لگاتی ہیں ،چہرے کے روپ کو کیسے نکھارنا ہے، اس کے لئے آزمائے جاتے ہیں قسم قسم کے دیسی اور گھریلو ٹوٹکے،وقت بدلا،انداز بدلے اور ٹیکنالوجی نے قدم جمائے تو چہرے کے نقش ونگار من پسند بنانے کے طریقے بھی بدلے۔

ہونٹ موٹے ہیں ،ناک اچھی نہیں لگتی ،کوئی مسئلہ نہیں ،بس پیسے لگائیں اور جادو دیکھیں،جی جناب ہم بات کر رہے ہیں پلاسٹک سر جری کی ،حسن وجمال میں اضافے کیلئے بیوٹی پارلرز،مساج سینٹرز اور ان گنت دوائیں مقبول رہی ہیں لیکن اب ان کی جگہ لیزر کا سمیٹک کلینک اور پلاسٹک سرجری کے مراکز لیتے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

دیگر بہت سے ممالک کی طرح مگر جنوبی کوریا میں تو پلاسٹک سرجری کا جنون ہے یہاں ایک پروگرام بہت مقبول ہو رہا ہے جس میں انتہائی غریب لڑکیوں اور خواتین کا چہرہ کئی سر جریوں سے تبدیل کرکے انہیں اس طرح پیش کیا جاتا ہے کہ وہ پہچانی ہی نہیں جاتیں۔

تاہم ناقدین نے اس روش پر شدید تنقید کی ہے ۔اس پروگرام میں معمولی صورت ،چہرے کے نقائص اور دیگر اقسام کی کمی کی حامل انتہائی غریب خواتین کو شامل کیا جاتاہے ۔ان کی سر جری محض گوری رنگت یا ناک سیدھی کرنے تک محدودنہیں ہوتی بلکہ جبڑے کے پیچیدہ آپریشن کرکے اسے خاص شکلوں یا سمٹری میں لایا جاتاہے جو عام حسن کی علامت ہے ۔اس طرح آپریشن سے پہلے اور بعد میں خاتون کا چہرہ یکسر بدل جاتاہے۔

اس پروگرام کا نام ’لیٹ می ان‘ہے جس میں شامل خواتین کا جبڑا،چہرہ ،دانتوں کی سیدھ کو اس طرح بدلا جاتاہے کہ وہ ایک دم خوبصورت اور پر کشش دکھائی دیتی ہیں۔یہ پروگرام گزشتہ 10برس سے چل رہا ہے ۔ایک جانب اسے ناظرین سراہتے ہیں ۔دوسری جانب ناقدین نے کہا ہے کہ یہ پروگرام بقیہ خواتین میں احساس محرومی پیدا کرتے ہوئے انہیں بھی پلاسٹک سر جری کے مہنگے ترین آپریشن کی طرف لبھا رہا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ فی کس آبادی میں پلاسٹک سر جری میں جنوبی کوریا پہلے نمبر پر ہے اور گویا پلاسٹک سرجنوں کا جمعہ بازار کھلا ہے یہاں تک کے کالج اور جامعات کی لڑکیوں میں ناک،ہونٹ اور آنکھیں بڑی کرانے والے آپریشن عام ہیں۔”لیٹ می ان“آپریشن سے پہلے اور بعد میں آنے والی خواتین کو بسا اوقات پہچاننا بھی مشکل ہو جاتاہے ۔اس پروگرام میں کسی بھی نقص والی خاتون کو بار بار یہ احساس دلایا ہے کہ سر جری کے بغیر اس کی زندگی ادھوری ہے اور اس طرح قدرتی نقوش والی خواتین کو ان کی کمی کا احساس دلایا جاتاہے۔

کوریا میں خواتین کے حقوق کی ایک تنظیم نے الزام عائد کیا ہے کہ یہ ٹی وی شوکا سمیٹک سر جری کو فروغ دے رہا ہے ۔اس کے علاوہ آپریشن سے قبل خواتین کو بہت عجیب وغریب ناموں سے پکارا جاتاہے جو عام چہرے والے انسانوں کی توہین ہے۔قابل ذکر امریہ ہے کہ مختلف ممالک میں پلاسٹک سرجری کے خوفناک نتائج بھی سامنے آئے ہیں،پلاسٹک سرجری کے 100سے زائد آپریشن کروا کے دنیا بھر میں شہرت پانے والی کینیڈا کی مشہور ماڈل کرسٹینا مارٹیلی آخر کار جان سے گئی۔امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق کئی خواتین پلاسٹک سرجری کے باعث کینسر جیسے موذی مرض کا بھی شکار ہوئی ہیں۔

Browse More New Trends of Beauty

Special New Trends of Beauty article for women, read "Korea Reality Show Let Me In" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.