Lemon Se Husn Ki Hifazat Kijye - Article No. 2307

Lemon Se Husn Ki Hifazat Kijye

لیموں سے حسن کی حفاظت کیجیے - تحریر نمبر 2307

خوب صورتی میں اضافے کے لئے مختلف پروڈکٹس اور نسخوں وطریقوں کا سہارا لیا جاتا ہے ۔

منگل 17 مارچ 2020

صحت اور خوب صورتی کا چولی دامن کا ساتھ ہے ۔خوب صورتی میں اضافے کے لئے مختلف پروڈکٹس اور نسخوں وطریقوں کا سہارا لیا جاتا ہے ۔ایک نیچرل پروڈکٹ ایسی ہے جو ناصرف حسن کے نکھار میں بلکہ صحت کی حفاظت میں بھی مفید ہے ۔یہ قدرتی چیز تازگی بھرے لیموں ہیں۔ لیموں کا شمار ان بہترین نیچرل بیوٹی پروڈکٹس میں ہوتاہے جنہیں صدیوں سے حسن وخوبصورتی میں اضافے کے ساتھ ساتھ صحت کی نگہداشت کے لئے استعمال کیا جاتا رہا ہے ۔
یہ ہر موسم میں دستیاب ایک سستا پھل ہے۔
لیموں کی حسن افزاء خصوصیات
پکے ہوئے کیلے کو میش کرکے اس میں آدھے لیموں کا رس نچوڑ لیں اس مکسچر کو کھردری وخشک جلد کو نرم وملائم بنانے کے لئے استعمال کیا جا سکتاہے۔ چہرے پر مردہ خلیات کی پرتوں کو صاف کرنے کے لئے شکر میں لیموں کے رس کو نچوڑ کر اس مکسچر سے جلد پر نرمی سے مساج کرنے سے نہ صرف جلد پر سے مردہ خلیات کی پرتیں صاف ہو جاتی ہیں بلکہ جلد کی رنگت بھی (کچھ دنوں کے استعمال سے ) نکھری نکھری محسوس ہونے لگے گی۔

(جاری ہے)

لیموں کے رس میں شہد ملا کر ایک بہترین ہوم میڈ نیچرل موئسچرائزر تیار کیا جا سکتاہے ۔کہنیوں اور گٹوں وگھٹنوں کی سیاہی دور کرنے کے لئے رس نچڑے ہوئے لیموں کے خالی چھلکوں کو ان سیاہی مائل حصوں پر پانچ سے دس منٹ تک رگڑیں اس کے بعد سادے پانی سے جلد دھو کر صاف کرلیں روزانہ اس عمل کو دہراتے رہنے سے ان حصوں کو جلد صاف ہو ۔
بالوں کے مسلسل جھڑنے سے پریشان افراد اگر لیموں کے رس میں آملہ پاؤڈر مکس کرکے اسے بالوں میں لگائیں اور بیس پچیس منٹ کے بعد سردھولیں تو بالوں کا جھڑنارک جائے گا۔
لیموں کے رس میں ایک انڈے کی سفیدی ملا کر پھینٹیں اور اسے سر کی جلد پر لگا کر پچیس سے تیس منٹ تک چھوڑ دیں ۔اس کے بعد نارمل پانی سے سر دھولیں ۔خارش اور خشکی کے لئے یہ نسخہ مفید ہے۔ اگر شیمپو کے بعد چائے اور لیموں کے رس کے مکسچر کو بالوں پر سے گزار دیا جائے تو بالوں کی لچک اور چمک میں اضافہ ہو جاتاہے۔ لیموں کے رس ،بالائی اور شہد گاڑھے مکسچر سے پھٹے ہونٹوں کو دلکش اور نرم وملائم بنایا جا سکتاہے ۔
لیموں کا رس ،بادام کے پاؤڈر اور شہد کا مکسچر جلد کے لئے بہترین اسکرب ہے اور جلد کو جھریوں زدہ ہونے سے محفوظ رکھتاہے۔ایک کھانے کا چمچ لیموں کا رس ایک کھانے کا چمچ ٹماٹر کا رس اور ایک کھانے کا چمچ دودھ میں مکس کرکے اسے چہرے گردن اور ہاتھوں پیروں پر لگائیں یہ ایک قدرتی بلیچ کا کام کرے گا۔ کیل مہاسوں اور داغ دھبوں کے علاوہ سورج کی تمازت سے جھلس جانے والی جلد کے لئے لیموں کے رس کو ایک کپ دودھ میں مکس کریں ۔
اس میں ایک چائے کا چمچ گلیسرین مکس کرکے اسے جلد پر لگائیں ۔عمر رسیدگی کے باعث چہرے پر پھیلتی جھریوں پر دہی میں لیموں کا رس ملا کر لگانا مفید ہے۔
لیموں صحت کے لئے مفید ہے
صبح نہار منہ نیم گرم پانی میں شہد اور لیموں کے رس کا مکسچر پینے سے پیٹ صاف رہتاہے یہ مکسچر خون صاف کرنے میں بھی مفید کردار ادا کرتا ہے ۔اس مکسچر کے باقاعدہ استعمال سے وزن میں بھی کمی ہوتی ہے ۔
لیموں کے رس میں پانی اور ایک چٹکی کھانے کا سوڈا ملا کر استعمال کرنے سے تیزابیت سے نجات ملتی ہے ۔ایک چائے کے چمچ میں دو چائے کے چمچ لیموں کا رس اور ایک چٹکی کالا نمک ملا کر کھانے سے ہچکیاں بند ہو جاتی ہیں ۔کیڑے مکوڑوں نے اگر جلد کے کسی حصے پر کاٹ لیا ہوتو فوری طور پر اس جگہ پر لیموں کاٹ کر لگانے سے زہر کے اثرات دور ہو جاتے ہیں ۔تاہم یہ ایک بطور فرسٹ ایڈ دی جانے والی یامفید ٹپ ہے ۔
کیڑے مکوڑوں کے کاٹنے پر فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے ۔اس کے علاوہ لیموں کئی امراض میں بھی مفید بتایا جاتا ہے ۔جدید تحقیق نے یہ ثابت کیا ہے کہ جسم کے لئے وٹامنز کی بڑی اہمیت ہے ۔ان کی کمی سے انسانی جسم مختلف بیماریوں میں مبتلا ہوجاتاہے ۔دانتوں،مسوڑھوں کی تکلیف اور صفراوی بخار سمیت دیگر امراض میں لیموں کا استعمال مفید پایا گیا ہے ۔
اگر منہ کڑوارہتا ہوتو ایک گلاس پانی میں ایک لیموں نچوڑ کر اور دو چمچ شکر ملا کر پلانے سے بہت فائدہ دیتاہے۔ متلی اور قے میں بھی بہت فائدہ دیتاہے ۔لیموں ،یرقان ،ہائی بلڈ پریشر ،موٹاپا کم کرنے ،لو بلڈ پریشر،قبض ،لو لگنے ،ہیضہ جیسے امراض میں شفاء کے اثرات رکھتاہے ۔برسات کے موسم میں پیدا ہونے والی بہت سی بیماریوں سے محفوظ رکھتاہے ۔تیز بخار ،پیاس کی شدت میں شربت لیموں کا استعمال تسکین دیتاہے۔ ملیریا کے بخار میں لیموں ،نمک،کالی مرچ کا استعمال کرنے سے محفوظ رہا جا سکتاہے۔ لیموں کے چھلکے کا مربہ بھوک کی کمی دور کرتاہے ۔معدہ کی گیس کا خاتمہ کرتاہے ۔لیموں کے چھلکوں کا منجن دانتوں کو چمکانے، منہ کی بو ختم کرنے ، پائیوریا،مسوڑھوں کے امراض میں مفید ہے۔

Browse More New Trends of Beauty

Special New Trends of Beauty article for women, read "Lemon Se Husn Ki Hifazat Kijye" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.