Mask Ka Istemal - Article No. 2243

Mask Ka Istemal

ماسک کا استعمال - تحریر نمبر 2243

خوبصورت نظر آنے کی خواہش ہر انسان میں موجود ہوتی ہے اور ہر کسی کی یہ کوشش ہوتی ہے کہ وہ دوسروں سے زیادہ پر کشش باوقار اور جاذب نظر دکھائی دے۔

منگل 24 دسمبر 2019

خوبصورت نظر آنے کی خواہش ہر انسان میں موجود ہوتی ہے اور ہر کسی کی یہ کوشش ہوتی ہے کہ وہ دوسروں سے زیادہ پر کشش باوقار اور جاذب نظر دکھائی دے ،اپنی اسی خواہش کی تکمیل کے لیے وہ طرح طرح کے جتن کرتا ہے۔خواتین ،خاص طور پر لڑکیوں میں تو اس کی خواہش بہت ہی شدید ہوتی ہے۔لیکن یہ بات یاد رکھنے کی ہے کہ ہر لڑکی کی جلد مختلف ہوتی ہے۔معمول کی یعنی نارمل جلد کی خوبصورتی کے لیے انڈے کا ماسک مفید رہتاہے۔

بنانے کا طریقہ
ایک عدد انڈہ لیں اور اس میں سے سفیدی اور زردی کو الگ کردیں۔سردیوں میں زردی میں چند قطرے لیموں کا رس ملائیے اور گرمیوں میں سفیدی میں آدھے لیموں کارس ملا کر اچھی طرح پھینٹ لیں ،ماسک تیار ہے۔اب اسے پورے چہرے پر آنکھیں چھوڑ کر لگائیں۔

(جاری ہے)

اگر بچ جائے تو دوسری مرتبہ بھی لگائیں،گردن کو نہ بھولیں،یہ ماسک گردن تک لگنا چاہیے۔

آدھ گھنٹے کے بعد گرمیوں میں ٹھنڈے پانی سے اور سردیوں میں نیم گرم پانی سے چہرے کو اچھی طرح دھولیں اور کسی اچھی کمپنی کا سکن فریشز روئی کی مدد سے چہرے پر لگائیں۔
انسانی جلد میں ایسے غدود موجود ہوتے ہیں جو مخصوص رطوبت خارج کرتے ہیں جس سے جلد کو مناسب چکنائی ملتی رہتی ہے لیکن بعض اوقات چند وجہ کی بنا پر زیادہ غدود زیادہ رطوبت خارج کرتے ہیں،ایسا عام طور پر نوجوانی کے دور میں ہوتاہے کیونکہ اس وقت ہارمونوں میں تبدیلی ہورہی ہوتی ہے۔

زیادہ رطوبت خارج ہونے کی وجہ سے جلد چکنی ہوجاتی ہے اور گردوغباروغیرہ جلد جذب کر لیتی ہے جس کی وجہ سے جلد میں چھوت (انفیکشن)پھیل جاتی ہے اور کیل مہاسے نکل آتے ہیں ۔ان لوگوں کو چاہیے کہ زیادہ سے زیادہ صابن سے چہرے کو دھوئیں اور وہی صابن استعمال کریں جو ان کی جلد کے لیے مناسب ہو۔ان لوگوں کو ملتانی مٹی کا ماسک استعمال کرنا چاہیے،یہ ماسک دانوں والی اور چکنی جلد کے لیے بہترین ہے اور چہرے سے زائد چکنائی کو جذب کرلیتا ہے ،یوں کافی دنوں تک چہرہ تروتازہ رہتاہے۔

ملتانی مٹی کا ماسک بنانے کا طریقہ
ملتانی مٹی چار بڑے چمچے۔لیموں کا رس ایک بڑا چمچہ۔ہلدی ایک چھوٹی چمچی۔انڈے کی سفیدی دو بڑے چمچے۔
ان تمام اشیاء کو ملا کر آمیزہ بنالیں اور چہرے پر لیپ کردیں۔اب آنکھوں پر کھیرے کی قاشیں کاٹ کر رکھیں اور ایک گھنٹہ تک اسے سوکھنے دیں،جب اچھی طرح سوکھ جائیں تو سادے پانی سے چہرہ دھولیں ۔
اس کے بعد چہرے پر سکن فریشز لگائیں۔
خشک جلد کے لیے شہد کا ماسک
خشک جلد پر جھریاں جلد پڑجاتی ہیں،اس لیے اس کو چکنائی کی ضرورت ہوتی ہے۔ایسی جلد کے لیے شہد کا ماسک مفید ہے جس کے بنانے کا طریقہ یہ ہے:
شہد ایک بڑا چمچہ۔زیتون کا تیل ایک بڑا چمچہ۔لیموں کا رس چند قطرے۔
ان تینوں چیزوں کو ملا کر اچھی طرح پھینٹیں اور پھر پورے چہرے پر ایک لیپ کر دیں ۔اگر مواد بچ جائے تو دوسرا لیپ بھی کردیں،یہ کم از کم ایک منٹ تک آپ کے چہرے پر لگا رہنا چاہیے پھر نیم گرم پانی سے دھولیں اور سکن فریشز لگائیں۔یہ عمل آپ کو ہر ہفتہ کرنا ہے،یوں خشک جلد تازہ نظر آتی ہے۔مندرجہ بالا ماسکوں میں قدرتی اشیاء استعمال ہوتی ہیں لہٰذا انسانی جلد کو ان سے کوئی خطرہ نہیں۔

Browse More New Trends of Beauty

Special New Trends of Beauty article for women, read "Mask Ka Istemal" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.