Aankh Ko Husn Ka Unwan Banain - Article No. 2945

Aankh Ko Husn Ka Unwan Banain

آنکھ کو حُسن کا عُنوان بنائیں - تحریر نمبر 2945

کاجل کے مختلف انداز

بدھ 10 اگست 2022

راحیلہ مغل
آج پھر حسنِ دل آرا کی وہی دھج ہو گی
وہی خوابیدہ سی آنکھیں،وہی کاجل کی لکیر
آنکھیں۔۔۔۔خدا کی قدرت ہیں،انمول تحفہ ہیں،آنکھیں نہ ہوتیں تو دنیا کا حسن اور قدرت کے شاہکار تعریف سے محروم رہ جاتے۔آنکھیں نہ ہوتیں تو حُسن کی تکمیل نہ ہوتی اور اگر آپ کی آنکھیں نہ ہوتیں تو آپ یہ آرٹیکل پڑھنے کے بجائے شاید کسی سے سن رہے ہوتے!!!آنکھوں کی بات ہو اور آنکھوں میں حسین کاجل کی بات نہ ہو تو بات ادھوری رہ جاتی ہے،کیونکہ آنکھوں کو رعنائی بخشتا،جاذب نظر،دلکش،شفاف اور خوشنما بناتا کاجل اکیسویں صدی میں ہی نہیں بلکہ ہر زمانے میں خواتین کا انتخاب رہا ہے۔
آنکھوں میں کاجل کے ذریعے موٹی دھاریاں یا لکیریں انہیں مزید نمایاں کرتی ہیں۔

(جاری ہے)

قدیم تہذیبوں میں اس کا ذکر ملنے کے باعث وہاں سے بھی کیا جاتا ہے۔
بالی ووڈ ہو یا لالی ووڈ،ماضی ہو یا حال کاجل کا استعمال ہیروئنوں میں بھی دیکھا گیا ہے۔اس کی اہمیت اس وقت زیادہ بڑھ جاتی ہے جب خواتین کے حسن کے لئے مختص سولہ سنگھار میں بھی آنکھ کا کاجل دیکھنے کو ملتا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ عرصہ دراز سے کاجل خواتین میں مقبول رہا ہے یہ آنکھوں کو شفاف رکھنے،جاذب نظر اور پُرکشش بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔کاجل نہ صرف قدرتی حسن یا آنکھوں کی خوبصورتی بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے بلکہ مختلف امراض کے علاج کے لئے بھی ضروری سمجھا جاتا ہے۔
جہاں کاجل اتنا اہم ہے وہیں اکثر لوگ اس کے استعمال سے کتراتے نظر آتے ہیں ان کے مطابق کاجل کا زیادہ استعمال آنکھوں کے لئے نقصان دہ ثابت ہوتا ہے۔
لیکن یہ تاثر غلط ہے کیونکہ اگر آپ مارکیٹ میں موجود مختلف برانڈز میں سے معیاری کاجل کی پہچان رکھتے ہیں تو کاجل ضرور لگائیں۔غیر معیاری اور سستا کاجل قطعاً استعمال نہیں کرنا چاہیے کیونکہ اس سے آئی انفیکشن کا خطرہ رہتا ہے۔ماہرین کاجل لگانے سے پہلے مختلف قسم کی ہدایات دیتے نظر آتے ہیں ان کا کہنا ہے کہ کاجل لگانے سے قبل آنکھوں کو ٹھنڈے پانی سے دھویا جائے تاکہ پلکوں اور آنکھوں کے اطراف گرد صاف ہو جائے آنکھوں کے اطراف جلد خشک ہے تو آپ موئسچرائزنگ لوشن لگائیں یا اس لوشن کا آنکھوں کے اطراف ہلکا مساج کریں۔
اس کے برخلاف آپ کی جلد روغنی ہے تو اس شکایت کو دور کرنے کیلئے پاؤڈر بھی استعمال کر سکتی ہیں۔
دوسری جانب ماہرین چشم سستے کاجل کی خریداری سے بھی منع کرتے نظر آتے ہیں ان کے مطابق سستے کاجل عموماً لیڈ سلفائیڈ سے تیار کیے جاتے ہیں جو آپ کی آنکھوں کو کجرارا تو بنا سکتے ہیں لیکن اس کا مستقل استعمال آنکھوں کے لئے سخت نقصان دہ بھی ثابت ہو سکتا ہے اس لئے ضروری ہے کہ کاجل ہمیشہ معیاری استعمال کریں اس کے ذریعے آنکھیں نرم تاثر دیں گی بلکہ چہرہ بھی خوشنما دکھائی دینے لگے گا تاہم اگر آپ کاجل سازی کے طریقہ سے واقف نہیں ہیں تو کاجل لگانے کا منصوبہ ترک کر دیں۔

ماضی میں گھر کی ضعیف العمر خواتین نیم‘لہسن سے کاجل تیار کرنے کا فن جانا کرتی تھیں جو آنکھوں کے لئے مناسب سمجھا جاتا تھا کیونکہ نیم کے پھولوں سے تیار کردہ کاجل آنکھوں کی صحت کیلئے فائدہ مند تسلیم کیا جاتا ہے۔اگر آپ کاجل سازی کے طریقہ سے واقف نہیں ہیں تو یہ خیال ترک کر دیں۔
آج کل خواتین میں مختلف قسم کے آئی میک اپ کا استعمال بہت مقبول ہو رہا ہے اور ان کی خوبصورتی بڑھانے کے لئے نت نئے میک اپ ٹولز اور مصنوعات مارکیٹ میں موجود ہوتی ہیں جن کے باعث اکثر خواتین کی آنکھوں کی خوبصورتی ماند پڑتی جاتی ہے لیکن کیا آپ جانتی ہیں کاجل کے ذریعے بھی آنکھوں کی خوبصورتی میں اضافہ کیا جا سکتا ہے چونکہ آج کل لائٹ میک اپ کا رواج عام ہے۔

لڑکیاں لائٹ میک اپ کے ساتھ کاجل کو اس انداز سے لگاتی ہیں کہ ان کا میک اپ ایک دم نمایاں نظر آتا ہے۔آئیے پھر آج بات کرتے ہیں میک اپ کے ان اسٹائل پر جن کے ذریعے آنکھوں کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کیا جا سکتا ہے۔
بیسک کاجل اسٹائل
کاجل کا وہ اسٹائل جس میں اوپر اور نیچے ایک ہی گولائی یا لکیر میں کاجل لگایا جائے تو اس اسٹائل کو بیسک کاجل اسٹائل کہا جاتا ہے۔
اگر آپ جلدی کسی تقریب میں جانا چاہتی ہیں تو بیسک کاجل اسٹائل لگائیں یہ باآسانی دو منٹ میں آپ کی آنکھوں کی خوبصورتی میں اضافہ کر دے گا۔
اسموکی آئی اسٹائل کاجل
اگر آپ اسموکی آئی اسٹائل کاجل لگانا چاہتے ہیں تو آنکھوں کی لیش لائن پر کاجل لگائیں کچھ دیر تھوڑی سی مقدار میں پٹرولیم جیلی لے کر آنکھوں کو ہلکے ہاتھ سے رگڑیں جس سے کاجل اسموکی اسٹائل کا لُک دے گا۔

مصری کاجل اسٹائل
منفرد نظر آنے کی خواہشمند خواتین مصری اسٹائل سے ہی کاجل لگاتی ہیں۔آنکھوں کے پپوٹوں پر پلکوں سے لے کر بھنوؤں کی ہڈی تک کوئی میٹلک شیلڈ لگا لیں۔اب آنکھ کے نچلے حصے پر گہری لائن بنائیں لائن کا آغاز آنکھ کے اندرونی گوشے سے کریں اور اس کا اختتام آنکھ کے بیرونی کونے پر کریں۔بیرونی گوشے کی جانب کاجل قدرے بڑھا کر اس طرح لگائیں کہ یہ اوپر والی لائن سے مل جائے اور آنکھوں کے گرد ایک حاشیہ سا بنائیں۔
بس یہی ہے کلاسیکی مصری اسٹائل کاجل،اب کوئی وجہ نہیں کہ آپ کسی بھی تقریب میں ایسا کاجل لگا کر جائیں اور منفرد نظر نہ آئیں۔
سنگل اور ڈبل ونگ کاجل
اس اسٹائل کو اپنانے کیلئے ہمیں آنکھ کے اوپر لگائے گئے کاجل کی لکیر (لائن) قدرے اوپر اُٹھا کر اس طرح بنانی ہو گی جیسے کسی محو پرواز پرندے کا پر ہوتا ہے۔ڈبل ونگ اسٹائل کیلئے آنکھوں کے اوپر والے حصے پر خوبصورت سا ونگ بنایا جاتا ہے پھر نچلی سطح (یعنی پلکوں تلے) کاجل کو اس طرح بڑھا کر لگائیں کہ ایک اور ونگ بن جائے اس کا رُخ نیچے کی جانب ایک قوس بناتا ہوا نظر آئے۔ڈبل ونگ اسٹائل یہ کاجل تقریبات کیلئے موزوں انتخاب ہے۔

Browse More Makeup Tips, Suggestions & Tutorials

Special Makeup Tips, Suggestions & Tutorials article for women, read "Aankh Ko Husn Ka Unwan Banain" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.